حافظ سمیع اللہ آفاقی
محفلین
کچھ عرصہ پہلے جناب شمزا فطامی صاحب نے ایک دھاگہ بعنوان ‘‘آپ اردو بولیے یہ سافٹ وئر لکھتا جائے گا’’ کے نام سے شروع کیا تھا، اس کی کافی پذیرائی ہوئی اور محفل کے اکثر دوستوں نے اپنے تاثرات اور اپنی آراء پیش کیں۔ دھاگہ طویل ہونے کی بناء پر محترم جناب شاکر القادری صاحب نے اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک اور دھاگہ بعنوان ‘‘اردوحروف والفاظ کے رومن متبادل تجویز کریں’’ شروع کیا، اس پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی مگر کسی نتجے پر پہنچنے سے پہلے ہی یہ دونوں دھاگے بند ہوگئے اور ان کے آگے ‘‘منتقلی مکمل’’ لکھا ہوا نظر آنے لگا۔ چونکہ بحث کسی نتیجہ پر نہیں پہنچی تھی، لہذا ایک نیا دھاگہ ‘‘اردو حروف والفاظ کے رومن متبادل بنانے میں اپنا حصہ ڈالیے’’ کے نام سے شروع کر رہا ہوں۔احقر کی ناقص عقل کے مطابق یہ ایک بہت اہم پروجیکٹ ہے، اس سے بہت ساری کتابیں یونی کوڈ میں منتقل ہوسکتی ہیں، اور اردو کا ایک بہت بڑا ذخیرہ یونی کوڈ کی شکل میں آسکتا ہے جو ٹائپنگ کی مشقت سے بچنے کے لیے اب تک یونی کوڈ میں منتقل نہیں کیا جاسکا۔اس لیے میں محفل کے تمام دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اس پروجیکٹ پر کام کرنے کے لیے اپنا نام پیش کریں اور منتظمین سے درخواست ہے محفل پر ایک گوشہ اس کے لیے اس طرح مخصوص کردیا جائے کہ محفل کے تمام ساتھی اس پر کام کریں، اور اسے اپ ڈیٹ کرتے رہیں، ایک بار اردو ڈکشنری کے مطابق رومن الفاظ کی تمام فہرست مکمل ہوجائے گی تو بعد میں دوسرے مرحلہ میں اختلافی الفاظ پر بحث ہوسکتی ہے جن کی طرف محترم جناب شاکر القادری صاحب نے توجہ دلائی تھی۔ اس سلسلہ میں کام کرنے کے لیے سب سے پہلے میں اپنا نام پیش کرتا ہوں، منتظمین اس سلسلہ میں میرے ذمہ جو بھی کام تفویض کرنا چاہیں، احقر اسے اپنا اعزار سمجھ کر قبول کرے گا اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تو توانائیاں بروئے کار لائے گا۔