ایک تازہ غزل آپ کی باذوق بصارتوں کی نظر

مغزل

محفلین
یہ قحطِ سماعت ہے کہ بے وقت صدا ہوں
یا میں کسی مجذوب کی چوکھٹ پہ کھڑا ہوں

اک شورِ ملامت ہے کہ لکھّا نہیں جاتا
اک سوزِ دروں ہے کہ مٹانے پہ تلا ہوں

رونے کوئی آتا نہیں، ملتی نہیں فرصت
مدّت سے میں اس عہد کے لاشے پہ کھڑا ہوں

آ ! تُو ہی سنبھال آ کے مجھے فرصت ِ انکار
میں دار و رسن کے لیے تیّار کھڑا ہوں

سایہ بھی جھلستا ہوا پانی کی طرف جائے
کیا میں کوئی سورج لیے کاندھوں پہ کھڑا ہوں

دو راہا اگر ہوتا، کوئی بات تھی محمود
میں جبر کے گرداب میں صدیوں سے پھنسا ہوں

محمد محمود مغل
 

گرو جی

محفلین
واہ کیا کلام ہے
یہ میں نے وطیرہ بنا لیا ہے جب سے میری تنقید احباب کو بری لگنا شروع ہوئی ہے
 

جیا راؤ

محفلین
رونے کوئی آتا نہیں، ملتی نہیں فرصت
مدّت سے میں اس عہد کے لاشے پہ کھڑا ہوں

بہت خوب !
 

مغزل

محفلین
واہ کیا کلام ہے
یہ میں نے وطیرہ بنا لیا ہے جب سے میری تنقید احباب کو بری لگنا شروع ہوئی ہے

عدنان صابری بھیا
یہ میرے ساتھ ناانصافی ہے ۔۔
دیگر کسی معاملے کا مجھ پر اطلاق مت کیجئے۔۔
یہاں پیش کرنے کا مقصد ہی نقد و نظر ہے۔۔
دگر کچھ بھی نہیں۔۔ کیونکہ :

داد و دہش کی ہم کو تمنا نہیں مغل
کرتے رہیں گے مشقِ سخن تندہی سے ہم
 

جیہ

لائبریرین
واہ مغل بھائی، اچھی غزل ہے۔۔۔۔ خاص کر مطلع ۔
مگر ہم تو بقول غالب

کیوں نہ چیخوں کہ یاد کرتے ہیں
میری آواز گر نہیں آتی
 

مغزل

محفلین
واہ مغل بھائی، اچھی غزل ہے۔۔۔۔ خاص کر مطلع ۔
مگر ہم تو بقول غالب

کیوں نہ چیخوں کہ یاد کرتے ہیں
میری آواز گر نہیں آتی


ارے ارے ارے۔۔
زہے نصیب جیہ جی جی ۔۔
وہ آئے ہماری پرسشِ احوال کو مگر۔۔۔۔۔۔ لگتا نہیں ہے تھوڑی سی تاخیر ہوگئی ؟؟
خیر ۔۔۔ بہت بہت شکریہ جی جی ۔۔ آپ نے بندے کا سیروں خون بڑھا دیا ہے۔۔
ملطع کی پسندیدگی کیلئے بالخصوص ممنون ہوں۔۔
اور چچا کی کیا بات ہے ۔۔۔ واہ
 

مغزل

محفلین
پوری غزل ہی بہت شاندار ہے، سبحان اللہ مغل صاحب!

بہت بہت شکریہ فہد بھائی۔۔
یہ محض اللہ کا کرم ہے بندہ اس قابل نہیں کہ کچھ اچھا لکھ سکے
ہر آنے والا خیال اور لفظ اللہ ہی کی عطا ہے ۔۔
شکر ہے پروردگار کا
آپ کی محبتوں کیلئے ممنون و مشکور ہوں۔۔
ایک بار پھر شکریہ
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ واہ مغل بھائی کیا کہنے !

اس قدر دلفریب اور مرصع غزل پیش کی ہے آپ نے پڑھ کر دل خوش ہو گیا۔ ہر شعر ایک سے بڑھ کر ایک اور لاجواب کردینے والا ہے۔

اور سب سے بڑھ کر یہ شعر تو بہت ہی عمدہ ہے۔

رونے کوئی آتا نہیں، ملتی نہیں فرصت
مدّت سے میں اس عہد کے لاشے پہ کھڑا ہوں


ناچیز کی جانب سے نذرانہء تحسین پیشِ خدمت ہے۔ قبول فرمایئے۔

مخلص
محمد احمد
 

مغزل

محفلین
بہت اچھی غزل ہے مغل صاحب، لا جواب

بہت بہت شکریہ وارث صاحب
محبت ہے آپ کی ۔۔
حوصلہ افزائی کیلئے ممنون ہوں
۔۔۔ایک گزارش کہ آپ اور الف عین سے مجھے یہ توقع رہی کہ آپ اس پر کچھ بات کریں گے ۔نہ کہ مبارکباد اور ستائشی جملے ادا کرتے ہوئے حوصلہ بڑھائیں گے۔ میں یہاں کلام محض داد و تحسین سمیٹنے کیلئے نہیں پیش کرتا ۔ ۔۔ چونکہ میں ہنوز طفلِ مکتب ہوں ۔۔۔ اس لیئے چاہتا ہوں کہ اس پر بات کی جائے ۔۔۔ تاکہ میں کچھ سیکھ سکوں ۔۔سو امید ہے کہ آپ اور اعجاز صاحب غزل پر پوری طرح نشتر زنی فرمائیں گے ۔۔
باقی احباب کو بھی اجازت کی ضرورت نہیں۔۔۔۔۔۔ صلائے عام ہے یارانِ نکتہ داں کیلئے۔۔
 

ایم اے راجا

محفلین
بہت خوب محمود بھائی، بہت خوب غزل ہے خاص طور پر یہ اشعار جو دل کو چھو گئے،

اک شورِ ملامت ہے کہ لکھّا نہیں جاتا
اک سوزِ دروں ہے کہ مٹانے پہ تلا ہوں

رونے کوئی آتا نہیں، ملتی نہیں فرصت
مدّت سے میں اس عہد کے لاشے پہ کھڑا ہوں

واہ واہ، حقیقت کو کیا ہی جامہءِ الفاظ دیا ہے واہ واہ
 
Top