ذکراس پری وش کا......

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
استادِ محترم کے اشعارناواقف لوگوں کیلئے بے شک صرف اشعار ہوتے ہیں ، مگر محمد وارث مرزا جیسے جی داروں کیلئے دیوانِ غالبؔ کا ہر شعر ایک حیرت کدہ ہے ۔ سمجھ تو خیر میری بھی پوری سوری ہے مگر جو تھوڑی بہت آتی ہے وہ مجھے حال سے بے حال کرنے کو کافی ہوتی ہے ۔ پھر جو غالبؔ کے شعر میں ڈبکیاں لگانا شروع کرتا ہوں ، تو غوطے کھاتا کھاتا ڈوب جاتا ہوں ، مگراس ڈوبنےکا مزہ ایسا ہے کہ باز آنے کو دل نہیں مانتا۔ایسا ہی ایک حیرت کدہ یہ بھی ہے۔۔:۔​
ذکر اس پری وش کا اور پھر بیاں اپنا​
بن گیا رقیب آخر جو تھا راز داں اپنا​
میں پہلے ہی بتا دوں کہ میں یہ جو کچھ لکھ رہا ہوں ، اس حیرت کدے میں بیٹھ کر لکھ رہا ہوں اور یہ جانچنے کیلئے لکھ رہا ہوں کہ کیا یہ واقعی سچ بھی ہے یا نہیں ۔ اس لیے تحریر کے پڑھنے سے پیش آمدہ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات ، یا مابعد ضمنی اثرات کا فدوی ہر گز ہرگز ذمہ دار نہ ہوگا۔​
آنسہ محترمہ تعبیر صاحبہ (زاد عمرہ)​
اگر آپ اردو محفل پر نئے ہوں اور آپ کو کوئی محترمہ ایک ہاتھ میں مائیک اور ایک ہاتھ میں سوالوں کی شیطان کی آنت جتنی لمبی سوالوں کی فہرست تھامے ، عشرت ثاقب جیسی صورت بنائے اور زبان کے معاملے میں مہربخاری کو پیچھے چھوڑتی ہوئی نظر آئیں ، تو ہر گز گھبرائیے مت ، آپ جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے سٹوڈیوز میں غلطی سے نہیں جا گھسے ، آپ ٹھیک جگہ ہی آئے ہیں ، اسی کہکشاں کو اردو محفل کہا جاتا ہے ، اور ان سے ملیے یہی تو ہیں اردو محفل کی ہر دلعزیز ترین محفلین محترمہ تعبیر صاحبہ۔ بے شک آپ کو ان سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے مگر اس غلط فہمی سے نکل آئیے کہ ان کو بھی آپ سے مل کر اچھا لگا ۔ ہاں اگر آپ کے پاس کچھ یادگار ، اور دھانسو قسم کی تصویریں ہیں ، تو محفل پر پوسٹ کر دیں،اور امیدِ بہار رکھ۔​
ان سے پنگا لینا دنیا کا سب سے خطرناک کام ہے ، اس سے بہتر ہے بندہ چنگ چی پر بیٹھ کر برمودا ٹرائی اینگل چلا جائے ۔ جس کو یہ زعم ہو کہ مجھے کوئی لاجواب نہیں کر سکتا ، وہ مجھے تعبیر میڈم کا سامنا کر کے دکھائے ، لگ پتا جائے گا۔ایک دن میری جو شامت آئی ان کا نام پوچھ لیا ، جواب میں فرمایا :۔" مورکھ اگر نام ہی بتانا ہوتا تو بھلا تعبیر کیوں لکھتی ۔۔۔۔ "اور میں اپنا سا منہ لے کر رہ گیا ۔​
کمال کی حسِ مزاح پائی ہے ، سونے پہ سہاگہ ان کی حاضر جوابی ۔ ادھار رکھنے کی ہر گز قائل نہیں ہیں ۔ کہتے ہیں گیدڑ کی جب شامت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے ۔ مگر خدا جھوٹ نہ بلوائے جب کسی "شوخے" کی شامت آئے تو وہ تعبیر سے پنگا لے لیتا ہے ۔ ایسے ہی کسی بد قسمت کی جب شامت تشریف لائے تو پھر اسے اللہ ہی بچائے تو بچائے ورنہ میڈم اس کے وہ لتے لیں گی ، کہ اسے نہ صرف چھٹی ، ساتویں ، بلکہ پانچویں ، چوتھی ، تیسری، دوسری ، پریپ ، نرسری کا اور بعض صورتوں میں توپلے گروپ کا بھی دودھ یاد آ جاتا ہے ۔​
علی پور کا ایلی کی شہزاد سے اگر آپ واقف ہیں ، تو بتائیے شہزاد اور تعبیر میں کتنے فیصد مماثلت ہے؟؟؟ اگر آپ نے پائریٹس آف دی کیربین آن سٹرینجر ٹائیڈز دیکھی ہے تو آپ کو وہ خطرناک جل پریاں یاد ہونگی ، جو کیپٹن باربروسہ ، اور بلیک بئیرڈ کے ملاحوں کا حشر نشر کر دیتی ہیں ۔ مجھے شک نہیں پکا یقین ہے کہ تعبیر بھی جل پری ہے ۔ اس سے پہلے کہ میری شامت آئے ،اور تعبیر میڈم آدم بو ۔۔۔۔ آدم بو ۔۔۔۔ آدم بو کرتی یہاں آ دھمکیں میں تو پتلی گلی سے نکل لیتا ہوں ، آپ بھی جتنی جلدی ہو سکے یہاں سے کھسکنے کی کوشش کریں ۔ تعبیر سے کچھ بعید نہیں۔۔۔۔۔​
آنسہ محترمہ سارہ خان صاحبہ​
پرانے وقتوں کی بات ہے جب پاک صاف اردو محفل کی آبادی کم تھی اور یہاں صرف بااخلاق محفلین ہی پائے جاتے تھے ، سنا ہے تب محفل پر سارہ جی کا طوطی بولتا تھا ۔ اب شاید"مضمحل ہو گئے قویٰ غالبؔ "والی صورتحال در پیش ہے ، وگرنہ ان جیسی فعال ترین محفلین کا یوں چپ سادھ لینا اور ہفتوں بلکہ مہینوں کوئی تھریڈ پوسٹ نہ کرنا آسانی سے ہضم ہونے والی بات نہیں ۔​
وارث بھائی کے بعد یہ دوسری محفلین ہیں جن پر مجھے شک نہیں بلکہ پکا یقین ہے کہ یہ آرڈر پر تیار شدہ ہیں ۔ اتنی لمبی قطار تو نادرا کے دفتر کے باہر ، یا یوٹیلٹی سٹورز کے سامنے بھی نہیں ہوتی ، جتنی قطار اندر قطار ان میں خوبیاں ہیں ، وہ کونسی خوبی ہے جو ان میں نہیں پائی جاتی ہے۔ ذہانت تو ان پر ختم ہے (حالانکہ مشہور ہے کہ خواتین کم عقل ہوتی ہیں ، ان کو دیکھنے کے بعد یہ بات ایک پُر تعصب بکواس لگتی ہے )سونے پہ سہاگہ ان کی انتہائی اعلیٰ حس مزاح ، نہ صرف بہترین مذاق کر تی ہیں ، بلکہ دیگر سڑیل قسم کی لڑکیوں کے بر عکس مذاق برداشت بھی کرتی ہیں ، لیکن ان کا جوابی حملہ مقابل کو چاروں شانے چت کرنے میں دیر نہیں لگاتا۔"کھیل ہی کھیل میں" والے زمرے میں ذہانت آزمائیے والے سارے کھیل انہی کے ہاتھوں معرض ِ تھریڈ ہوئے ہیں۔ اس سب کے علاوہ حیران کن بات ان کی سادہ مزاجی ہے ۔ نہایت ہی سادہ دل اور نہایت ہی سادہ مزاج واقع ہوئی ہیں ۔ محفل پر کسی کو مدد کی ضرورت ہو یا کسی مفید مشورے کی تو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ، سارہ خان ہیں نا!!!!​
شعر و ادب کا نہایت اعلیٰ ذوق پایا ہے ، عام لڑکیوں کی طرح پروین شاکر ، نوشی گیلانی کی بجائے کلاسیکی اردو ادب پڑھنے کی شوقین ہیں ۔ ڈپٹی نذیر احمد کی تمیز دار بہو یعنی اصغری میڈم ان کے سامنے پانی بھرتی نظر آتی ہیں ۔ فارغ بیٹھنا تو شاید ان کی فطرت میں نہیں ، کچن تو خیر سے جاگیر ہی خواتین کی ہے ، مگر ماشاءاللہ آپ استانی جی بھی ہیں ، اور جہاں تک میرا اندازہ ہے یہ بچوں کی پسندیدہ ترین اور آئیڈیل ٹیچر ہونگی ۔​
ننھی منی بچیوں سے جب والدین پوچھتے ہونگے کہ:۔ گڑیا آپ بڑی ہو کر کیا بنو گی ۔ تو جواب ملتا ہوگا :۔ مس سارہ جیسی ٹیچر بنوں گی۔​
سکول سے چھٹی کے بعد جہاں لیپ ٹاپ کی شامت آتی ہے وہیں ان کے ایک ہاتھ میں شعاع، پاکیزہ ، کرن یا خواتین ڈائجسٹ میں سے کوئی ایک رسالہ بھی ہوتا ہے۔ موئے نیٹ کا کیا معلوم کب سست پڑ جائے ، اب اتنی دیر سارہ جی فارغ تو نہیں نا بیٹھ سکتیں ، اس لیے فرحت اشتیاق ، رخسانہ نگار، فائزہ افتخار ، عمیرہ احمد کی خبر لینے لگ جاتی ہیں ۔​
آنسہ محترمہ فرحت کیانی صاحبہ​
جتنا شاعرانہ ان کا نام ہے اتنی ہی با رعب ان کی شخصیت ہے، یہ اردو محفل کی واحد محفلین ہیں جن پر لکھتے ہوئے میری انگلیاں کانپ رہی ہیں ۔اب ایسا بھی نہیں کہ میں کیا نیوں سے واقف نہیں ، حدیقہ کیانی تب سے میری پسندیدہ گلوکارہ ہیں ، جب وہ پی ٹی وی پر بچوں کے ایک پروگرام میں آتی تھیں ۔ اشفاق کیانی صاحب تو پاکستان کے سپہ سالار ہوئےنا ،بقول ملکہ ترنم :۔ میرا کرنیل نی، میرا جرنیل نی"اور اسی سلسلے کا اگلا سنگ میل آپ محترمہ ہیں ، یعنی کہ میری پسندیدہ محفلین کی لسٹ میں شامل ہیں ۔البتہ اس کے پیچھے ایک کہانی ہے ۔۔۔۔۔​
ایک دو تین دفعہ کا ذکر ہے پاک صاف اردو محفل پر ایک بد اخلاق محفلین نیا نیا آیا ، ایک مرتبہ جب اسے مدد کی ضرورت تھی ، تو وہ مدد کی تلاش میں پیاسے کوے کی طرح ادھر ادھر اڑا ، آخر اسے ایک باغ میں فرحت کیانی بیٹھی نظر آئیں ، ان کے سر پہ لائبریرین ہونے کا تاج جگمگا رہا تھا۔ یہ دیکھ کر بد اخلاق محفلین کو اطمینان ہوا کہ چلو اب مدد حاصل ہو جائے گی ، مگر فرحت جی نے جو ایک اجنبی کو یوں منہ اٹھائے آتے دیکھا ، تو سخت بد مزہ ہوئیں ۔ بداخلاق محفلین نے منمنا کے صورتحال بیان کی اور رہنمائی کا چندہ مانگا۔ انہوں نےماتھے پہ تیوری ڈال کے کہا :۔" میری امی نے مجھے اجنبی لڑکوں سے بات کرنے سے سختی سے منع کیا ہوا ہے ۔ چلو اب یہاں سے چلتے پھرتے نظر آؤ "، بے چارے نے کہا :۔ "کم از کم ورکنگ زون تک تو رہنمائی کر دیں "۔ مگر پرنالہ وہیں کا وہیں رہا:۔" کہا تو ہے میں اجنبی لڑکوں سے بات نہیں کرتی ، اب جاتے ہو، یا بلاؤں جلادوں کو؟"۔ بداخلاق محفلین تو ویسے ہی بی بی لوگوں سے دور رہنے میں عافیت جانتا تھا اب جو یہ سلوک پایا تو آئندہ کیلئے توبہ کر لی۔ پھر جب کافی عرصے (یعنی چھ مہینے) بعدجو ایک تھریڈ پر تبادلہ خیالات ہوا تو ان پر واضح ہوا کہ یہ اتنا بھی بد اخلاق اور خبطی نہیں جتنا اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے ، اور مجھ پر بھی واضح ہوا کہ یہ اتنی بھی ڈراؤنی نہیں ہیں جتنا میں نے انہیں سمجھ لیا تھا۔​
خواتین کی چلتی زبان تو ضرب المثل ہے ، مگر ان کا کم بولنا ضرب المثل ہے ۔ان پر " غالبؔ ندیم دوست سے آتی ہے بوئے دوست"والا مصرعہ بے حد و بے حساب فٹ آتا ہے ، اس سے پہلے کہ کوئی مجھے بھی مہمل گو کہے ، اس بات کا بھی پسِ منظر بتاتا چلوں ۔ خیر سے آپ شگفتہ شگفتہ آپی کی سہیلی واقع ہوئی ہیں ، اور یہی بات قبلہ غالبؔ کا مصرعہ کہتا ہے کہ جتنی اچھی میری آپی ہیں اتنی ہی اچھی ان یہ سہیلی ہیں۔​
ایک بار شگفتہ شگفتہ آپی کے گھر جانا ہوا ، کافی دیر تک بھی جب آپی نے کوئی چائے پانی نہیں پوچھا تو ڈھیٹ بن کے مجھے ہی کہنا پڑا :۔ آپی! مانا کہ کنجوسی میں مس ورلڈ کا ٹائٹل آپ کے پاس ہے ، مگر بھائی کو تو ایک کپ چائے پلا دیں ۔ جواب میں شگفتہ شگفتہ آپی جی نے انکشاف فرمایا کہ چائے نہ سپریم کی نہ لپٹن کی ، چائے صرف اور صرف فرحت کے ہاتھ کی۔میں سمجھا آپی ایک کپ بچانے کے چکر میں مبالغہ آرائی کر رہی ہیں ۔ اور دل ہی دل میں دعا مانگی :۔ یا اللہ جیسے ملکہ بلقیس کو تخت سمیت حضرت سلیمان علیہ السلام کے دربار میں پہنچا دیا گیا تھا ، ویسی ہی کوئی مہربانی کر دے ، کم از کم ان کے دل میں شگفتہ شگفتہ آپی کے گھر آنے کا ہی خیال ڈال دے ،تاکہ ابھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ، گھڑی شاید نہیں یقیناً قبولیت کی تھی ، اچانک ملکہ بلقیس وہاں آ پہنچیں ۔ میں نے موقع غنیمت جان کر چائے کا ذکر چھیڑ دیا ، اور ان سے اس مزے دار چائے کی ریسیپی کریدنے کی کوشش کی جس کی تعریف میں شگفتہ شگفتہ آپی بھی رطب اللسان تھیں ۔ اس مزے دار چائے کا راز تو نہیں کھلا ، البتہ چائے پلانے کا ایک مبہم سا وعدہ کر لیا گیا ۔ اب بقول قبلہ استاد محترم عرض کیا ہے :۔ ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن۔ خاک ہو جائیں گے ہم تم کو خبر ہونے تک​
آنسہ محترمہ مدیحہ گیلانی صاحبہ​
آپ پاک صاف اردو محفل کے ان چند محفلین میں سے ایک ہیں جنہیں میں نے دیکھا ہوا ہے ۔معلوم نہیں کس کا مصرعہ ہے مگر بلا مبالغہ ان پر صادق آتا ہے :۔"وہ چاند چہرہ ، ستارہ آنکھیں "۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام شامل ہے ، کیونکہ یہ دنیا کی واحد موئنث ہیں جو کم گوئی میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں ۔ دو سال سے اردو محفل پر موجود ہیں مگر مجال ہے جو کبھی بات کی ہو ۔ ہاں البتہ کبھی کبھار اطلاع ناموں کی فہرست میں ایک اطلاع یہ بھی شامل ہوتی تھی کہ مدیحہ گیلانی نامی محفلین نے آپ کی فلاں پوسٹ کو سراہا ہے ۔ وہ تو بھلا ہو فاتح کا جس نے ایک دن ان کی سلیمانی ٹوپی اتار کے ان کا تعارف پیش کر دیا اور یوں انہوں نے تقریباً ڈیڑھ سال بعد اردو محفل پر کوئی مراسلہ پوسٹ کیا ۔ مجھے توان سے مل کر بہت خوشی ہوئی ، ارے بھئی اپنے وسیب سے جو ہیں ۔​
سرائیکی زبان ویسے تو میٹھی ہے ہی ، مگر ان کے "ویڑھا " میں پوسٹ کیے گئے تبصرے پڑھ کے شوگر کو بھی شوگر ہو جائے ۔ ایک افواہ کے مطابق ان کا ایک ،ماسٹرز خراب ہو گیا تھا ، تو انہوں نے دوسرا ماسٹرز کر کے نہ صرف وسیب بلکہ پاکستان کی لڑکیوں کیلئے ایک روشن مثال قائم کی ، بلکہ اس پراپیگنڈے کا بھی منہ چڑایا کہ پاکستان میں صرف لڑکے ہی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوتے ہیں ۔ سننے میں تو یہ بھی آیا ہے کہ ایم فل اور پھر پی ایچ ڈی کیلئے بھی زادِ سفر باندھ رکھا ہے ،(دروغ بر گردن راوی) کیا معلوم کب ڈاکٹریٹ کی ڈگری کی شامت آ جائےاور یہ اسے بھی فتح کر کے دم لیں ۔​
کچھ کچھ غصے کی تیز ہیں ، خیر اب اتنا نک چڑھا تو بندہ بی اے پاس کر کے بھی ہو جاتا ہے یہ تو خیر سے ڈبل ڈگریوں پر قابض ہیں ۔ اپنے لہجے سے تو بہاولپور کی لگتی ہیں ، مگر یہ صرف اندازہ ہی ہے ، کہیں میری ہم ضلع ہی نہ ہوں ۔ان کے جو چند گنے چنے تبصرے اردومحفل پر پوسٹ ہوئے ان کو پڑھ کر تو کوئی کوڑھ مغز بھی سمجھ سکتا ہے کہ ان شعری اور ادبی ذوق بے حد اعلیٰ ہے۔ وسیب کو اپنی اس بیٹی پر فخر اور ناز ہے ۔​
آنسہ محترمہ تبسم فاطمہ صاحبہ​
ان کے بارے میں تو بااخلاق محفلین بھی سوائے ان کے نام کے کچھ نہیں جانتے تو بھلا بد اخلاق محفلین کیسے جانتا ہوگا ۔ مجھے تو کافی عرصہ معلوم ہی نہیں تھا کہ تبو جی بھی یہاں ہوتی ہیں ، وہ تو ایک دن محفل کی سالگرہ کے زمرے میں انہوں نے بد اخلاق محفلین کو بہترین مزاح نگار کے ایوارڈ کیلئے نامزد کر دیا۔ میں حیران پریشان بالکل نیوٹن والی کیفیت میں مبتلا سوچنے لگا یااللہ خیر ! آج کس بلا نے خانہ ءِ انوری کو نزول کیلئے تاک لیا ۔ زندگی میں پہلی بار کسی نے اتنی عزت سے مخاطب کیا تھا ، حیرانی تو ہونی ہی تھی ۔لیکن افسوس اتنا سوچنے کے بعد بھی میں نیوٹن کی طرح سائنس کیلئے کوئی نئی تھیوری دریافت نہیں کر پایا ۔​
اردو ایسے لکھتی ہیں جیسے کوئی پانچویں جماعت کی بچی املا لکھ رہی ہو۔یا تو یہ کبھی کبھار آن لائن ہوتی ہیں ، یا پھر گپ شپ کے علاقے سے باہر کم ہی جاتی ہیں ۔ اس لیے ان سے آمنا سامنا بہت کم ہوتا ہے (کم ا ز کم میرا)۔ امید تو یہی ہے کہ مزاح کو مزاح ہی سمجھتی ہونگی ۔ نہیں تو پھر سوری کر لیں گے​
فرہنگ:۔​
عشرت ثاقب :۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی نیوز کاسٹر۔​
مہر بخاری:۔ نجی نیوز ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ہیں ، اور الفاظ اگلنے والی مشین کےنام سے مشہور ہیں۔​
چنگ چی :۔ چین سے درآمد شدہ موٹر سائیکلز سے پاکستان میں موٹر رکشا تیار کر لیے گئے ، عرفِ عام میں انہیں چاند گاڑی بھی کہا جاتا ہے۔​
نادرا:۔ پاکستان کا وفاقی ادارہ ہے جو قومی شناختی کارڈز جاری کرتا ہے ۔​
(اس ترتیب کو نمبرنگ نہ سمجھا جائے ، حروف تہجی کے حساب سے یہی ترتیب بنتی تھی)​
 

مہ جبین

محفلین
بہت اعلیٰ ، بہت عمدہ اور بہت زبردست
میرے پاس تو تمہارے اس کارنامے کی تعریف کے لئے الفاظ ہی نہیں ہیں
اتنا اچھا کیسے لکھ لیتے ہو اویس۔۔۔۔۔۔۔۔؟
اس قدر انفرادیت اور اتنا عمدہ مزاح ہوتا ہے چھوٹاغالبؔ کی ہر تحریر میں کہ کوئی بھی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتا بے
جو لوگ دوسروں کو عزت دیتے ہیں اور انکی خوبیوں کی کھل کر تعریف کرتے ہیں بے شک وہ بڑے ظرف کے لوگ ہوتے ہیں بے شک اویس کی ہر تحریر ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ تعصب کی عینک ہٹا کر دوسروں کی خوبیوں کو داد اور تحسین سے نوازنا ہی اصل انسانیت ہے
اور جو لوگ اس خوبی سے محروم ہوتے ہیں وہ کبھی لوگوں کی خوبیوں پر نظر نہیں رکھ سکتے
بڑائی تو صرف اللہ کو ہی زیبا ہے۔ خود کو گھٹا کر دوسروں کو اونچا کرنےوالے ہمیشہ اونچی پرواز کرتے ہیں ۔
تو آج ہم اویس سے یہ سبق سیکھتے ہیں کہ

خود کو گھٹاؤ ، دوسروں کو بڑھاؤ
عزت دو تو عزت لو
بے شک رہے نام اللہ کا

جیتے رہو اویس
اللہ تم کو عزتوں اور رفعتوں سے مالامال فرمائے آمین
 

یوسف-2

محفلین
کمال کی حسِ مزاح پائی ہے ، سونے پہ سہاگہ ان کی حاضر جوابی ۔ ادھار رکھنے کی ہر گز قائل نہیں ہیں ۔ کہتے ہیں گیدڑ کی جب شامت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے ۔ مگر خدا جھوٹ نہ بلوائے جب کسی "شوخے" کی شامت آئے تو وہ تعبیر سے پنگا لے لیتا ہے ۔ ۔ ۔ اس سے پہلے کہ میری شامت آئے ،اور تعبیر میڈم آدم بو ۔۔۔ ۔ آدم بو ۔۔۔ ۔ آدم بو کرتی یہاں آ دھمکیں میں تو پتلی گلی سے نکل لیتا ہوں
زبر دست :good:

سونے پہ سہاگہ ان کی انتہائی اعلیٰ حس مزاح ، نہ صرف بہترین مذاق کر تی ہیں ، بلکہ دیگر سڑیل قسم کی لڑکیوں کے بر عکس مذاق برداشت بھی کرتی ہیں ، لیکن ان کا جوابی حملہ مقابل کو چاروں شانے چت کرنے میں دیر نہیں لگاتا :good:

سرائیکی زبان ویسے تو میٹھی ہے ہی ، مگر ان کے "ویڑھا " میں پوسٹ کیے گئے تبصرے پڑھ کے شوگر کو بھی شوگر ہو جائے :good:
 

تعبیر

محفلین
:ROFLMAO::ROFLMAO::ROFLMAO:
اففففففففف​
:applause::applause::applause:
بھئی یہ پوسٹ تو پرمزاح بھی ہے​
ویسے غالب مجھے آپ کی پوسٹ "ماؤ بہنو" نے بہت ہرٹ کیا تھا ان الفاظ نے​
میں بطور جوگی ذاتی طور پر عورت ذات کا منکر ہوں ، میں صرف خواتین کو ماں اور بہنوں کے روپ میں خاتون سمجھتا ہوں ، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔
آپ مجھے بلکہ کچھ خواتین کو نا ماں کہتے ہیں اور نا بہن تو مجھے ایسا لگا جیسے خیر جانے دیں​
اب کوئی گلہ نہیں ہے :)
آپ کی اس کے بعد کی پوسٹس دیکھ کر میں ناک بھوں چڑھا کر گزر جاتی تھی کہ جب آپ ہمیں کچھ سمجھتے ہی نہیں تو ہمیں بھی آپ کی کوئی پرواہ نہیں بقول آپ کے "​
ادھار رکھنے کی ہر گز قائل نہیں ہیں​
":p:p:p
خود کو دوسروں کی نظر سے دیکھنا اچھا لگتا ہے چلیں اچھا لگا کہ آپ نے مجھے خطرناک وغیرہ وغیرہ لکھا جبکہ بچپن سے اس کوشش میں تھی کہ چالاک اور خطرناک ہو جاؤں کسی طرح :p
ہممممممممم تو آپ نے لکھا ہے​
آنسہ محترمہ تعبیر صاحبہ (زاد عمرہ)​
اب یہ (زاد عمرہ) کیا ہے ؟؟؟​
اگر آپ اردو محفل پر نئے ہوں اور آپ کو کوئی محترمہ ایک ہاتھ میں مائیک اور ایک ہاتھ میں سوالوں کی شیطان کی آنت جتنی لمبی سوالوں کی فہرست تھامے ، عشرت ثاقب جیسی صورت بنائے اور زبان کے معاملے میں مہربخاری کو پیچھے چھوڑتی ہوئی نظر آئیں ، تو ہر گز گھبرائیے مت ، آپ جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے سٹوڈیوز میں غلطی سے نہیں جا گھسے ، آپ ٹھیک جگہ ہی آئے ہیں ، اسی کہکشاں کو اردو محفل کہا جاتا ہے ، اور ان سے ملیے یہی تو ہیں اردو محفل کی ہر دلعزیز ترین محفلین محترمہ تعبیر صاحبہ۔ بے شک آپ کو ان سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے مگر اس غلط فہمی سے نکل آئیے کہ ان کو بھی آپ سے مل کر اچھا لگا ۔ ہاں اگر آپ کے پاس کچھ یادگار ، اور دھانسو قسم کی تصویریں ہیں ، تو محفل پر پوسٹ کر دیں،اور امیدِ بہار رکھ۔
ہاہاہا
پوچھنے والی تھی کہ عشرت اور مہر کون ہیں لیکن آپ نے پہلے سے بتا دیا
یعنی آپ کو پہلے سے پتہ تھا میری نالائقی کا :)
کیا کروں چند گنے چنے زمروں میں ہی جانا ہوتا ہے نا اور سب سے زیادہ دلچسپی تصویروں سے ہے اس لیے نئے ممبراں سے عموماً وہیں ہی ملاقات ہوتی ہے

ان سے پنگا لینا دنیا کا سب سے خطرناک کام ہے ، اس سے بہتر ہے بندہ چنگ چی پر بیٹھ کر برمودا ٹرائی اینگل چلا جائے ۔ جس کو یہ زعم ہو کہ مجھے کوئی لاجواب نہیں کر سکتا ، وہ مجھے تعبیر میڈم کا سامنا کر کے دکھائے ، لگ پتا جائے گا۔ایک دن میری جو شامت آئی ان کا نام پوچھ لیا ، جواب میں فرمایا :۔" مورکھ اگر نام ہی بتانا ہوتا تو بھلا تعبیر کیوں لکھتی ۔۔۔ ۔ "اور میں اپنا سا منہ لے کر رہ گیا ۔
واہ جی واہ میں اتنی ی ی کچھ ہوں اور مجھے پتہ ہی نہیں :)

ہاہاہا
بالکل یہی الفاظ تھے میرے لیکن لکھتی نہیں بلکہ رکھتی کہا تھا

کمال کی حسِ مزاح پائی ہے ، سونے پہ سہاگہ ان کی حاضر جوابی ۔ ادھار رکھنے کی ہر گز قائل نہیں ہیں ۔ کہتے ہیں گیدڑ کی جب شامت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے ۔ مگر خدا جھوٹ نہ بلوائے جب کسی "شوخے" کی شامت آئے تو وہ تعبیر سے پنگا لے لیتا ہے ۔ ایسے ہی کسی بد قسمت کی جب شامت تشریف لائے تو پھر اسے اللہ ہی بچائے تو بچائے ورنہ میڈم اس کے وہ لتے لیں گی ، کہ اسے نہ صرف چھٹی ، ساتویں ، بلکہ پانچویں ، چوتھی ، تیسری، دوسری ، پریپ ، نرسری کا اور بعض صورتوں میں توپلے گروپ کا بھی دودھ یاد آ جاتا ہے ۔
بھئی میں اچھوں کے ساتھ بہت اچھی ہوں اور بروں کے ساتھ بہت بری
آب آپ خود اندازہ کر لیں کہ آپ کیا ہیں اور میں آپ کے ساتھ کیسی ہوں:p

علی پور کا ایلی کی شہزاد سے اگر آپ واقف ہیں ، تو بتائیے شہزاد اور تعبیر میں کتنے فیصد مماثلت ہے؟؟؟
آں ہاں تو مجھ میں مردانہ صفات زیادہ ہیں اسکا مطلب ہے
افسوس کہ میں نے یہ نہیں پڑھی اب تو پڑھنا پڑے گا
کسی کے پاس لنک ہو تو مجھے عنایت کر دے پلیزززززز :)

اگر آپ نے پائریٹس آف دی کیربین آن سٹرینجر ٹائیڈز دیکھی ہے تو آپ کو وہ خطرناک جل پریاں یاد ہونگی ، جو کیپٹن باربروسہ ، اور بلیک بئیرڈ کے ملاحوں کا حشر نشر کر دیتی ہیں ۔ مجھے شک نہیں پکا یقین ہے کہ تعبیر بھی جل پری ہے ۔ اس سے پہلے کہ میری شامت آئے ،اور تعبیر میڈم آدم بو ۔۔۔ ۔ آدم بو ۔۔۔ ۔ آدم بو کرتی یہاں آ دھمکیں میں تو پتلی گلی سے نکل لیتا ہوں ، آپ بھی جتنی جلدی ہو سکے یہاں سے کھسکنے کی کوشش کریں ۔ تعبیر سے کچھ بعید نہیں۔۔۔ ۔۔​
تعبیر کیا آدم بو آدم پکارے گی کہ اب تو آپکی بو ہی نہیں آتی محفل پر​
بلکہ اب تو یہاں آتے ہی میں یہ کہتی ہوں کہ "ایک تھا غالب "​
باقیوں پر بھی بہت خوب لکھا ہے خاص کر سارہ خان پر تو ایک دم فٹ لکھا ہے​
بہت بہت شکریہ مجھے یاد رکھنے اور اتنا دلچسپ لکھنے پر​
 

شمشاد

لائبریرین
بہت ہی اچھا لکھا ہے اویس، لیکن اتنا کم کیوں لکھا ہے؟ ابھی تو بہت ساری خواتین باقی ہیں۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
جس کو یہ زعم ہو کہ مجھے کوئی لاجواب نہیں کر سکتا ، وہ مجھے تعبیر میڈم کا سامنا کر کے دکھائے ، لگ پتا جائے گا۔ایک دن میری جو شامت آئی ان کا نام پوچھ لیا ، جواب میں فرمایا :۔" مورکھ اگر نام ہی بتانا ہوتا تو بھلا تعبیر کیوں لکھتی ۔۔۔ ۔ "اور میں اپنا سا منہ لے کر رہ گیا ۔

:jokingly: ہٹ شاٹ تعبیر !​
 

یوسف-2

محفلین
مزا آ گیا اویس۔ شمشاد کی بات درست ہے، اب کسی کو چاہئے کہ اویس پر کوئی خاکہ لکھا جائے۔@یوسف ثانی یا محمد خلیل الرحمٰن!!
جزوی متفق :)
اویس قرنی پر خاکہ ضرور لکھا جانا چاہئے ۔ لیکن اس کے لئے محمد خلیل الرحمٰن کا نام نہایت مناسب و موزوں ہے۔ کیونکہ لکھا جس کا میں نے خاکہ، اُس نے شکایت ضرور کی۔ :D لہٰذا اب میں اس ”کام“ سے تائب ہوچکا ہوں۔ ایک خاکہ
ویسے جب عصمت چغتائی نے اپنے بڑے بھائی اور ممتاز مزاح نگار مرزا عظیم بیگ چغتائی کی وفات پر اُن کا خاکہ ”دوزخی“ لکھا تھا تو سعادت حسن منٹو نے کہا تھا کہ اگر کوئی مجھ پر ایسا خاکہ لکھنے کی ضمانت دے تو میں ابھی مرنے کو تیار ہوں :)

 

فرحت کیانی

لائبریرین
سب سے پہلے تو بہت بہت شکریہ۔ مجھے اپنا نام یہاں دیکھ کر واقعی حیرت ہوئی۔


جتنا شاعرانہ ان کا نام ہے اتنی ہی با رعب ان کی شخصیت ہے، یہ اردو محفل کی واحد محفلین ہیں جن پر لکھتے ہوئے میری انگلیاں کانپ رہی ہیں ۔

حیرت در حیرت۔ چلیں اگر سچ میں میرا اتنا رعب ہے کسی پر تو میری ایک دیرینہ خواہش پوری ہوئی۔


اسی سلسلے کا اگلا سنگ میل آپ محترمہ ہیں ، یعنی کہ میری پسندیدہ محفلین کی لسٹ میں شامل ہیں ۔البتہ اس کے پیچھے ایک کہانی ہے ۔۔۔ ۔۔

بہت شکریہ۔ کہانی والی بات مشکوک لگ رہی ہے۔ :thinking:

ایک دو تین دفعہ کا ذکر ہے پاک صاف اردو محفل پر ایک بد اخلاق محفلین نیا نیا آیا ، ایک مرتبہ جب اسے مدد کی ضرورت تھی ، تو وہ مدد کی تلاش میں پیاسے کوے کی طرح ادھر ادھر اڑا ، آخر اسے ایک باغ میں فرحت کیانی بیٹھی نظر آئیں ، ان کے سر پہ لائبریرین ہونے کا تاج جگمگا رہا تھا۔ یہ دیکھ کر بد اخلاق محفلین کو اطمینان ہوا کہ چلو اب مدد حاصل ہو جائے گی ، مگر فرحت جی نے جو ایک اجنبی کو یوں منہ اٹھائے آتے دیکھا ، تو سخت بد مزہ ہوئیں ۔ بداخلاق محفلین نے منمنا کے صورتحال بیان کی اور رہنمائی کا چندہ مانگا۔ انہوں نےماتھے پہ تیوری ڈال کے کہا :۔" میری امی نے مجھے اجنبی لڑکوں سے بات کرنے سے سختی سے منع کیا ہوا ہے ۔ چلو اب یہاں سے چلتے پھرتے نظر آؤ "، بے چارے نے کہا :۔ "کم از کم ورکنگ زون تک تو رہنمائی کر دیں "۔ مگر پرنالہ وہیں کا وہیں رہا:۔" کہا تو ہے میں اجنبی لڑکوں سے بات نہیں کرتی ، اب جاتے ہو، یا بلاؤں جلادوں کو؟"۔ بداخلاق محفلین تو ویسے ہی بی بی لوگوں سے دور رہنے میں عافیت جانتا تھا اب جو یہ سلوک پایا تو آئندہ کیلئے توبہ کر لی۔
ہاہاہاہاہا اچھا لکھا۔ :)
دیکھیں جی ایک بات تو یہ کہ آپ کو معلوم ہونا چاہئیے باغ میں بیٹھے لوگ گیان میں گم ہوتے ہیں اور ان کو ڈسٹرب کرنا کافی خطرناک ہوتا ہے۔ اور اگر اتفاق سے وہ میرے جیسی لائبریری ٹیم ممبر ہو تو مراقبہ کافی طویل بھی ہوسکتا ہے (جیسے ابھی بھی صبح سے یہ دھاگہ کُھلا ہوا ہے لیکن جواب لکھنے کا وقت نہیں مل رہا)۔ دوسری بات یہ کہ آپ کی اتنی بڑی کالی عینک دیکھ کر مجھے واقعی امی کی بات یاد آئی کہ اجنبیوں سے بات نہیں کرنی چاہئیے۔ :roll:
ورکنگ زون کا بتایا تو تھا کہ
ماہِ لائبریری کے زمرہ میں چیک کیجئے۔

پھر جب کافی عرصے (یعنی چھ مہینے) بعدجو ایک تھریڈ پر تبادلہ خیالات ہوا تو ان پر واضح ہوا کہ یہ اتنا بھی بد اخلاق اور خبطی نہیں جتنا اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے ، اور مجھ پر بھی واضح ہوا کہ یہ اتنی بھی ڈراؤنی نہیں ہیں جتنا میں نے انہیں سمجھ لیا تھا۔
نہیں جی۔ میں نے نہ تو کوئی پراپیگنڈہ ہوتے دیکھا نہ سُنا۔ مزید یہ کہ میں عموماً لوگوں کے بارے میں رائے قائم نہیں کرتی۔ نہ اچھی نہ بری۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ میری نئے لوگوں کے ساتھ بات چیت بہت کم ہوتی ہے۔ اگر آپ کو ایسا کچھ محسوس ہوا تو بہت معذرت۔
اور میں نے ابھی باتیں بھی نہیں کیں اور ڈراؤنی لگ گئی اگر بولتے دیکھ لیتے تو کیا ہوتا؟ :shock:

اور یہی بات قبلہ غالبؔ کا مصرعہ کہتا ہے کہ جتنی اچھی میری آپی ہیں اتنی ہی اچھی ان یہ سہیلی ہیں۔
اس میں واقعی کوئی شک نہیں کہ آپ کی آپی بہت اچھی ہیں :)
ایک بار شگفتہ شگفتہ آپی کے گھر جانا ہوا ، کافی دیر تک بھی جب آپی نے کوئی چائے پانی نہیں پوچھا تو ڈھیٹ بن کے مجھے ہی کہنا پڑا :۔ آپی! مانا کہ کنجوسی میں مس ورلڈ کا ٹائٹل آپ کے پاس ہے ، مگر بھائی کو تو ایک کپ چائے پلا دیں ۔ جواب میں شگفتہ شگفتہ آپی جی نے انکشاف فرمایا کہ چائے نہ سپریم کی نہ لپٹن کی ، چائے صرف اور صرف فرحت کے ہاتھ کی۔میں سمجھا آپی ایک کپ بچانے کے چکر میں مبالغہ آرائی کر رہی ہیں ۔ اور دل ہی دل میں دعا مانگی :۔ یا اللہ جیسے ملکہ بلقیس کو تخت سمیت حضرت سلیمان علیہ السلام کے دربار میں پہنچا دیا گیا تھا ، ویسی ہی کوئی مہربانی کر دے ، کم از کم ان کے دل میں شگفتہ شگفتہ آپی کے گھر آنے کا ہی خیال ڈال دے ،تاکہ ابھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ، گھڑی شاید نہیں یقیناً قبولیت کی تھی ، اچانک ملکہ بلقیس وہاں آ پہنچیں ۔ میں نے موقع غنیمت جان کر چائے کا ذکر چھیڑ دیا ، اور ان سے اس مزے دار چائے کی ریسیپی کریدنے کی کوشش کی جس کی تعریف میں شگفتہ شگفتہ آپی بھی رطب اللسان تھیں ۔ اس مزے دار چائے کا راز تو نہیں کھلا ، البتہ چائے پلانے کا ایک مبہم سا وعدہ کر لیا گیا ۔ اب بقول قبلہ استاد محترم عرض کیا ہے :۔ ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن۔ خاک ہو جائیں گے ہم تم کو خبر ہونے تک
دیکھیں جی اصل بات یہ ہے کہ آپ سیدہ شگفتہ کی 'رمز بھری' بات کا مطلب نہیں سمجھے۔ میں چونکہ جانتی ہوں کہ میری چائے کی تعریف کس زاویے سے ہو رہی تھی اور انسانی ہمدردی بھی کے ناتے بھی میں چائے بنا کر پلانے کا پکا وعدہ نہیں کر سکتی تھی ۔ ہاں جس دن آپ کا ارادہ چائے کی عادت چھوڑنے کا ہوا تو مجھے بتائیے گا۔ رہی چائے کی ترکیب کی بات تو ماہرینِ خانہ داری اپنی ترکیب ہمیشہ راز میں رکھا کرتے ہیں۔ :cool2:
آپ کی پوسٹ کا بہت بہت شکریہ۔ کسی کے ساتھ کچھ دیر بات کرنے یا لکھنے کے لئے وقت نکالنا بہت بڑی بات ہے۔ محفل کے باسیوں کے لئے آپ اکثر اپنا وقت نکالتے ہیں جو فورم سے آپ کے لگاؤ کا ثبوت ہے۔​
خوش رہیں۔ :)
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
مزا آ گیا اویس۔ شمشاد کی بات درست ہے، اب کسی کو چاہئے کہ اویس پر کوئی خاکہ لکھا جائے۔@یوسف ثانی یا محمد خلیل الرحمٰن!!
جناب شفقت کرنی ہی تو خود ہی کیجئے
میں چاہتا ہوں کہ آپ ہی کچھ لکھیں مجھ پر
میں پرنٹ آؤٹ نکال کے اسے لیمینشن کروا لوں گا، اور۔۔۔۔۔۔
ایڈوانس میں جزاک اللہ "ٹھپی" کے طور پر قبول فرمائیں

ٹھپی :۔ زر بیعانہ
 
جناب شفقت کرنی ہی تو خود ہی کیجئے
میں چاہتا ہوں کہ آپ ہی کچھ لکھیں مجھ پر
میں پرنٹ آؤٹ نکال کے اسے لیمینشن کروا لوں گا، اور۔۔۔ ۔۔۔
ایڈوانس میں جزاک اللہ "ٹھپی" کے طور پر قبول فرمائیں

ٹھپی :۔ زر بیعانہ
متفق! :p :p
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
:cool2:
آپ کی پوسٹ کا بہت بہت شکریہ۔ کسی کے ساتھ کچھ دیر بات کرنے یا لکھنے کے لئے وقت نکالنا بہت بڑی بات ہے۔ محفل کے باسیوں کے لئے آپ اکثر اپنا وقت نکالتے ہیں جو فورم سے آپ کے لگاؤ کا ثبوت ہے۔​
خوش رہیں۔ :)
اتنے اچھے تبصرے کے بعد اس قدر رسمی جملے؟؟؟؟؟:brokenheart2:

خیر شکر ہے آپ کو تحریر پسند آئی ، کیا میں اسے کچھ اور لکھنے کی اجازت سمجھوں؟؟؟؟:grin:
آپ پر بہت پہلے ہی لکھا جا چکا ہوتا لیکن وجہ تو آپ پڑھ ہی چکی ہیں
یہ سب لکھنے سے پہلے میں نے باقاعدہ مہ جبین آپی سے ضمانت لی تھی کہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں وہی بچائیں گی:grin:
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top