شاعری سیکھیں (سترھویں قسط) ۔ چوبیس مشہور بحریں

تمام قسطیں یہاں ملاحظہ فرمائیں۔

سترھویں قسط:
محترم قارئین کرام! آپ نے اس سلسلے میں اب تک یہ تو سمجھ ہی لیا ہوگا کہ بحر کسے کہتے ہیں، جی ہاں، اشعار کے مختلف اوزان کو بحور کہا جاتا ہے۔
بحور اور ان کے اوزان ہر زبان میں الگ الگ ہوتے ہیں۔
اردو زبان استعمال ہونے والی بحور کی تعداد سو سے بھی متجاوز ہے، ان میں سےرباعی اور مثنوی کے علاوہ نظم کی تمام قسموں میں سارے ہی اوزان استعمال کیے جاسکتے ہیں، مگر رباعی کے لیے چوبیس اور مثنوی کے لیے تقریبا سات اوزان مخصوص ہیں۔
تمام بحور کو یہاں ذکر کرنا تو مشکل ہے، البتہ مشہور مشہور چوبیس بحروں کو آسان مثالی فقروں کے ساتھ یہاں ذکر کیا جاتا ہے:

1۔ بحر متقارب مثمن سالم ۔۔۔ فعولن فعولن فعولن فعولن ۔۔۔ بھلا ہے بھلا ہے بھلا ہے بھلا ہے
2۔ بحر متقارب مثمن محذوف ۔۔۔ فعولن فعولن فعولن فعَل ۔۔۔ بھلا ہے بھلا ہے بھلا ہے بھلا
3۔ بحر متدارک مثمن سالم ۔۔۔ فاعلن فاعلن فاعلن فاعلن ۔۔۔ خوب ہے خوب ہے خوب ہے خوب ہے
4۔ بحر ہزج مثمن سالم ۔۔۔ مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن ۔۔۔ بہت بہتر بہت بہتر بہت بہتر بہت بہتر
5۔ بحر ہزج مسدس سالم ۔۔۔ مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن ۔۔۔ بہت بہتر بہت بہتر بہت بہتر
6۔ بحر ہزج مسدس محذوف ۔۔۔ مفاعیلن مفاعیلن فعولن ۔۔۔ بہت بہتر بہت بہتر بھلا ہے
7۔ بحر ہزج مثمن مقبوض ۔۔۔ مفاعلن مفاعلن مفاعلن مفاعلن ۔۔۔ کمال ہے کمال ہے کمال ہے کمال ہے
8۔ بحر ہزج مثمن اشتر ۔۔۔ فاعلن مفاعیلن فاعلن مفاعیلن ۔۔۔ خوب ہے بہت بہتر خوب ہے بہت بہتر
9۔ بحر ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف ۔۔۔ مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن ۔۔۔ کیا خوب بہت خوب بہت خوب بھلا ہے
10۔ بحر ہزج مثمن اخرب سالم ۔۔۔ مفعولُ مفاعیلن مفعولُ مفاعیلن ۔۔۔ کیا خوب بہت بہترکیا خوب بہت بہتر
11۔ بحر رجز مثمن سالم ۔۔۔ مستفعلن مستفعلن مستفعلن مستفعلن ۔۔۔ کیا خوب ہے کیا خوب ہے کیا خوب ہے کیا خوب ہے
12- بحر رجز مثمن مطوی مخبون ۔۔۔ مفتعلن مفاعلن مفتعلن مفاعلن ۔۔۔ خوب بھلا کمال ہے خوب بھلا کمال ہے
13۔ بحر رمل مثمن محذوف ۔۔۔ فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن ۔۔۔ خوب عمدہ خوب عمدہ خوب عمدہ خوب ہے
14۔ بحر رمل مسدس محذوف ۔۔۔ فاعلاتن فاعلاتن فاعلن ۔۔۔ خوب عمدہ خوب عمدہ خوب ہے
15۔ بحر رمل مثمن مخبون محذوف ۔۔۔ فاعلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعِلن/ فعْلن ۔۔۔ خوب پیارا دل و جاں سے دل و جاں سے پیارا
۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ فعِلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعِلن/ فعْلن ۔۔۔ دل و جاں سے دل و جاں سے دل و جاں سے پیارا
16۔ بحر رمل مثمن مشکول مسکّن ۔۔۔ مفعول فاعلاتن مفعول فاعلاتن ۔۔۔ کیا خوب عمدگی ہے کیا خوب عمدگی ہے
17۔ بحر رمل مثمن مشکول ۔۔۔ فعِلاتُ فاعلاتن فعِلاتُ فاعلاتن ۔۔۔ دل و جان ہیں نچھاور دل و جان ہیں نچھاور
18۔ بحر متدارک مثمن مخبون مسکن ۔۔۔ فعْلن فعْلن فعْلن فعْلن ۔۔۔ بے حد عمدہ بے حد عمدہ
19۔ بحر کامل مثمن سالم ۔۔۔ متفاعلن متفاعلن متفاعلن متفاعلن ۔۔۔ دل و جان سے وہ عزیز ہے دل و جان سے وہ عزیز ہے
20۔ بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف ۔۔۔ مفعول فاعلاتُ مفاعیل فاعلن ۔۔۔ کیا خوب بہترین مضارع کی بحرہے
21۔ بحر مجتث مثمن مخبون محذوف ۔۔۔ مفاعلن فعلاتن مفاعلن فعِلن/ فعْلن ۔۔۔ عزیز ہے دل و جاں سے عزیز ہےبے حد
22۔ بحر منسرح مثمن مطوی مکسوف ۔۔۔ مفتعلن فاعلن مفتعلن فاعلن ۔۔۔ خوب بھلا خوب ہےخوب بھلا خوب ہے
23۔ بحر مدید مثمن سالم ۔۔۔ فاعلاتن فاعلن فاعلاتن فاعلن ۔۔۔ بہتریں ہے خوب ہے بہتریں ہے خوب ہے
24۔ بحر جمیل مثمن سالم ۔۔۔ مفاعلاتن مفاعلاتن مفاعلاتن مفاعلاتن ۔۔۔ بہت مناسب بہت مناسب بہت مناسب بہت مناسب

وضاحت: تمام اوزان کے آخری رکن کے آگے ایک حرف ساکن کے اضافے کی عام اجازت ہے، مثلاً اگر کسی وزن کا آخری رکن مفاعیلن ہے تو اسے مفاعیلان، مستفعلن کو مستفعلان، فعولن کو فعولان، مفعولن کو مفعولان ، فاعلن کو فاعلان، فعِلُن کو فعِلان، فعْلن کو فعْلان، فعَل کو فعول، فع کو فاع وغیرہ کرنے کی عام اجازت ہے۔

فن شاعری میں خوب سے خوب تر نکھار لانے کے لیے ہمارے لیے اس فن کی کتب کا گہرائی سے مطالعہ کرنا اور انھیں ذہن نشین کرنا از حد ضرور ہے۔
مزید مفید کتب کا مطالعہ کرنے، بڑے شعرا کا کلام پڑھنے، اردو میں مروج تمام بحور سے آگاہی پانے، اپنے اشعار کا درست وزن معلوم کرنے اور بہت سی مفید معلومات حاصل کرنے کے لیے یہ ویب سائٹ بہت کار آمد ہے: www.aruuz.com

الحمدللہ بندۂ ناچیز کی کتاب "آؤ ، شاعری سیکھیں" کتابی شکل میں شائع ہوگئی ہے۔

اگلی قسط
 
آخری تدوین:

ساقی۔

محفلین
آپ نے لکھا کہ اردو میں بحروں کی تعداد سو سے بھی زیادہ ہے۔
میں نے یہاں پوسٹ نمبر دس کی لائن نمبر گیارہ میں پڑھا تھا کہ:
اردو میں بحریں عربی اور فارسی سے آئیں ہیں۔ عربی میں انکی تعداد سولہ ہے۔ اردو نے تین بحریں فارسی زبان سے لی ہیں۔ اسطرح اردو میں اُنیس بحریں ہیں جس میں سے عام طور پرگیارہ استعمال ہوتی ہیں۔

آپ کیا کہتے ہیں؟
 
آپ نے لکھا کہ اردو میں بحروں کی تعداد سو سے بھی زیادہ ہے۔میں نے یہاں پوسٹ نمبر دس کی لائن نمبر گیارہ میں پڑھا تھا کہ:
اردو میں بحریں عربی اور فارسی سے آئیں ہیں۔ عربی میں انکی تعداد سولہ ہے۔ اردو نے تین بحریں فارسی زبان سے لی ہیں۔ اسطرح اردو میں اُنیس بحریں ہیں جس میں سے عام طور پرگیارہ استعمال ہوتی ہیں۔آپ کیا کہتے ہیں؟
آپ نے بہت اچھا سوال کیا ہے۔

اس سے مراد سالم بحریں ہیں ، اور جہاں سو سے زائد کہا گیا ہے وہاں سالم اور مزاحف ساری بحریں مراد ہے۔
مثال کے طور پر ایک بحر ہے ”بحر ہزج مثمن سالم“ یہ ان گیارہ یا انیس میں سے ایک ہے جن کا آپ نے لنک دیا ہے۔

اس کے ارکان ہیں: مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن

پھر اسی بحر ہزج میں سے چودہ بحریں نکلتی ہیں جو اردو میں مروج ہیں:
  1. مثمن محذوف: مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن فعولن
  2. مثمن مقبوض: مفاعلن مفاعلن مفاعلن مفاعلن
  3. مثمن اشتر: فاعلن مفاعیلن فاعلن مفاعیلن
  4. مثمن مقبوض سالم: مفاعلن مفاعیلن مفاعلن مفاعیلن
  5. مثمن اخرب مکفوف سالم: مفعولُ مفاعیل مفاعیل مفاعیلن
  6. مثمن اخرب سالم: مفعولُ مفاعیلن مفعولُ مفاعیلن
  7. مثمن اخرب مکفوف محذوف: مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن
  8. مسدس سالم: مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
  9. مسدس محذوف: مفاعیلن مفاعیلن فعولن
  10. مسدس اخرب مقبوض محذوف: مفعول مفاعلن فعولن
  11. مسدس اخرم اشتر محذوف: مفعولن فاعلن فعولن
  12. مربع اشتر مقبوض مضاعف: فاعلن مفاعلن فاعلن مفاعلن
  13. مربع محذوف: مفاعیلن فعولن
  14. مربع محذوف مضاعف: مفاعیلن فعولن مفاعیلن فعولن
 
آخری تدوین:

ساقی۔

محفلین
آپ نے بہت اچھا سوال کیا ہے۔

اس سے مراد سالم بحریں ہیں ، اور جہاں سو سے زائد کہا گیا ہے وہاں سالم اور مزاحف ساری بحریں مراد ہے۔
مثال کے طور پر ایک بحر ہے ”بحر ہزج مثمن سالم“ یہ ان گیارہ یا انیس میں سے ایک ہے جن کا آپ نے لنک دیا ہے۔

اس کے ارکان ہیں: مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن

پھر اسی بحر ہزج میں سے چودہ بحریں نکلتی ہیں جو اردو میں مروج ہیں:
  1. مثمن محذوف: مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن فعولن
  2. مثمن مقبوض: مفاعلن مفاعلن مفاعلن مفاعلن
  3. مثمن اشتر: فاعلن مفاعیلن فاعلن مفاعیلن
  4. مثمن مقبوض سالم: مفاعلن مفاعیلن مفاعلن مفاعیلن
  5. مثمن اخرب مکفوف سالم: مفعولُ مفاعیل مفاعیل مفاعیلن
  6. مثمن اخرب سالم: مفعولُ مفاعیلن مفعولُ مفاعیلن
  7. مثمن اخرب مکفوف محذوف: مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن
  8. مسدس سالم: مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
  9. مسدس محذوف: مفاعیلن مفاعیلن فعولن
  10. مسدس اخرب مقبوض محذوف: مفعول مفاعلن فعولن
  11. مسدس اخرم اشتر محذوف: مفعولن فاعلن فعولن
  12. مربع اشتر مقبوض مضاعف: فاعلن مفاعلن فاعلن مفاعلن
  13. مربع محذوف: مفاعیلن فعولن
  14. مربع محذوف مضاعف: مفاعیلن فعولن مفاعیلن فعولن

بہت شکریہ ۔
تو یہ چکر تھا۔ انیس کا پڑھ کر تو دل باغ باغ ہو گیا تھا کہ جلد ہی کنارے لگ جاوں گا مگر آپ نے ایک بحر سے چودہ مزید بچونگڑے پیدا کر کے دل کے باغیچے پر پانی پھیر دیا۔:yawn:
 

ساقی۔

محفلین
ماشاءاللہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ آپ بہت توجہ اور گہرائی سے عروض کی کتابوں کا مطالعہ کرنے لگے ہیں۔
اللہم زد فزد۔
نیک خواہشات کا بہت شکریہ۔
مطالعہ تو کر رہا ہوں مگر کتنے دن ہو گئے کچھ لکھ نہیں پا رہا ہوں ۔ ذہن پر جیسے تالا لگ گیا ہے۔ جب بھی لکھنے بیٹھتا ہوں ذہن کورے کاغذ کی طرح ہو جاتا ہے۔
 
Top