آٹھویں سالگرہ محفل فورم کی آٹھویں سالگرہ کے موقعے پر

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستان محفل، السلام علیکم

محفل فورم کی آٹھویں سالگرہ کے موقعے پرآپ سب کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی کے فضل سے اردو ویب اور محفل فورم کے قیام کو آٹھ سال کا عرصہ ہو گیا ہے اور اردو کا یہ کارواں ہنوز مصروف سفر ہے۔ ہر سال محفل فورم کی سالگرہ پر گزشتہ برسوں کے واقعات ذہن سے گزرتے ہیں تو کئی شیریں اور تلخ یادیں تازہ ہو جاتی ہیں۔ آج سے آٹھ سال قبل کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کا استعمال نہ ہونے کے برابر تھا۔ آج انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اردو کو جو مقام حاصل ہے اس میں اردو ویب کا نمایاں حصہ شامل ہے۔ اردو ویب اور اردو محفل فورم کا نظام چلانا جہاں ایک بڑا تکنیکی چیلنج تھا وہاں ایک اور چیلنج انسانی رویوں کی صورت میں بھی ہمارے سامنے آیا جو کہ کم از کم میرے لیے قدرے غیر متوقع تھا۔ نیٹ پر اگرچہ ہم ایک دوسرے کو محض ایک دوسرے کے یوزر نیم یا آئی ڈی کے حوالے سے جانتے ہیں لیکن ان آئی ڈیز کے پیچھے جیتے جاگتے حساس لوگ ہوتے ہیں اور ان میں سے اکثر پر لکھے گئے لفظ گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ ہمیں ایک جانب مختلف سوفٹویر میں یونیکوڈ سپورٹ شامل کرنے جیسے مسائل کا سامنا تھا، دوسری جانب ہمارے سامنے وہ تنازعات بھی آتے رہے جو لوگوں کے جذباتی رویوں، جلد بازی یا غلط فہمی کی بنیاد پر کھڑے ہوتے رہے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو سے متعلقہ بنیادی تکنیکی مسائل کافی حد تک حل ہو گئے ہیں اور ہر سوفٹویر میں اردو لکھنا ممکن ہو گیا ہے۔ لیکن انسانی رویوں کا معاملہ مختلف ہے۔ بلکہ یوں معلوم ہوتا ہے کہ یہ معاملات وقت کے ساتھ پیچیدہ تر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ :)

گزشتہ سال کا ایک اہم واقعہ محفل فورم پر ایک ملین پیغامات کا ہدف عبور کرنا ہے۔ یہ اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ اس طرح اب ایک خالص اردو فورم بھی انٹرنیٹ کی بڑی چوپالوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے۔ مجھے وہ وقت یاد ہے جب ہم نے فورم پر ایک لاکھ پیغامات مکمل ہونے کی خوشی منائی تھی۔ اب تقریباً ہر تین مہینے میں محفل فورم پر ایک لاکھ مراسلات کا اضافہ ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس محفل کی رونق اسی طرح قائم رہے اور اس میں اضافہ ہوتا رہے۔ آمین۔ کچھ ماہ قبل محفل فورم پر چلنے والے سوفٹویر زین فورو تیار کرنے والی کمپنی کی بھی ایک بڑے مقدمے سے جان چھوٹی ہے۔ اس سے ہمیں بھی اطمینان ہوا ہے کہ اب زین فورو کی ڈیویلپمنٹ آگے بڑھتی رہے گی اور محفل فورم کے تکنیکی ارتقاء کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

اردو ویب پر سوفٹویر پراجیکٹس میں وہ پرانی سرگرمی تو نظر نہیں آتی البتہ پس پردہ کئی پراجیکٹس پر انفرادی اور اجتماعی کاوشیں جاری ہیں۔ تاج نستعلیق جیسے بڑے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ محفل فورم پر پائتھون پروگرامنگ سکھانے کے حوالے سے بھی سرگرمی نظر آتی رہی ہے۔ فورم کی سالگرہ آئی ٹی کے ٹیوٹوریل اور پروگرامنگ کے اسباق پیش کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ احباب اس کام میں بھرپور شرکت کریں گے۔ میری بھی کوشش ہوگی کہ اس موقعے پر اس کام میں حصہ ڈال سکوں۔

میں نے یہ مراسلہ لکھنے سے پہلے متعلقہ زمرے میں نظر ڈالی تو معلوم ہوا کہ سب سے زیادہ موضوعات محفل فورم کی ساتویں سالگرہ سے متعلق ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس مرتبہ ہم فورم کی سالگرہ پر کتنی سرگرمی دکھائی جائے گی۔ آپ میں سے جو دوست گزشہ سالوں میں محفل فورم کی سالگرہ کے مواقع پر شریک رہ چکے ہیں وہ اس موقعے کے لوازمات سے بھی واقف ہوں گے۔ محفل فورم کی سالگرہ ایک جانب تجدید عہد کا موقعہ ہوتا ہے اور اس موقعے پر تعمیری سرگرمیوں کا آغاز کیا جاتا ہے، وہاں اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے مسکراہٹیں بکھیرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جاتا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ اس مرتبہ بھی آپ دوست سالگرہ کے اس موقعے پر رونقوں کو دوبالا کرتے رہیں گے۔


محفل فورم کی گزشتہ سالگرہوں کے مواقع پر میری خصوصی تحاریر کے روابط ذیل میں ہیں۔

محفل فورم کی ساتویں سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی چھٹی سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی پانچویں سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی چوتھی سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر!
محفل فورم کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد!
آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک
 
بہت بہت مبارک ہو نبیل بھیا اس سنگ میل کو عبور کرنے پر
اللہ آپ کو اسی طرح ہمت و طاقت سے نوازتا رہےاور آپ یونہی اردو محفل کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔آمین
 
میری طرف سے آپ کو اور تمام محفلین کو آٹھویں سالگرہ مبارک :)
اللہ آپ کو اور محفل کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے آمین
 

محمداحمد

لائبریرین
ماشاءاللہ ۔۔۔۔۔!

نبیل بھائی! اردو محفل کی کیا بات ہے۔ اللہ تعالیٰ آباد رکھے اس پیاری محفل کو ۔ آپ کو اور اُن تمام دوستوں کو دلی مبارکباد کہ جنہوں نے اس فورم کو شبانہ روز محنت سے باقاعدہ جیتی جاگتی محفل بنا دیا ہے۔
 
Top