اردو محفل فورم پر آج یہ پیغام نظر آرہا ہے
عبدالرزاق قادری،
آپ کی تاریخ پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر تمام محفلین کی نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں!
واہ بھئی بڑی ٹور ہے آپ کی۔
آپ کی سالگرہ کو محفل نے یاد رکھا ہوا ہے بلکہ دن گن گن کے انتظار ہورہا تھا کہ کب رزاق بھائی سالگرہ آئے اور انہیں مبارکباد دی جائے۔ بلکہ منتظمین میں شائد اس بات پر جھگڑا بھی ہوا ہو کہ یہ مبارکباد محفل کی طرف سے کون دے گا اور لگتا ہے کہ جھگڑا کچھ اتنا بڑھ گیا ہو گا کہ آخر فیصلہ ہوا کہ سب کی جانب سے اجتماعی مبارکباد دے دی جائے۔ دوسرا مجھے فورم کی دھونس دھاندلی پر اعتراض ہے کہ بھئی اگر ہم نے اپنی کچھ چیزیں جیسے "تمنا" وغیرہ فورم کے لاکر میں رکھوائی ہوئی ہیں تو اسکا یہ مطلب ہے کہ آپ انہیں بغیر اجازت دوسروں میں بانٹتے پھریں۔
اب بھلا بتاؤ فورم نے یہ کیوں کہا کہ تمام محفلین کی نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ تمام میں تو میں بھی شامل ہوں اور میں نے تو آج صبح کی تاریخ تک کوئی نیک تمنا نہیں بھیجی تھی۔ میری اجازت کے بغیر ہی میری تمنا آپ کی طرف روانہ کردی گئی۔
یہ جرم ناقابل معافی ہے۔ اس پر ہتک تمنا کا کیس کیا جائے گا۔ بس ذرا سپریم کورٹ تھوڑی سی فارغ ہوجائے کہ آج کل اس کے پاس کام کچھ اتنا زوروں کا ہے ہتک تمنا کی ابتدائی سماعتوں میں ہی تمناؤں کا خون ہوسکتا ہے۔ لیکن پھر خیال آتا ہے کہ چلو یار میری نیک تمنائیں اگر آپ کے پاس بغیر اجازت بھیج ہی دی گئی ہیں تو ہم بھی شہیدوں میں نام لکھوا لیتے ہیں۔
تو جناب میری بھی نیک تمنائیں (جو پہلے ہی آپ کے پاس بغیر اجازت پہنچ چکی ہیں) اب پوری رضامندی سے آپ کے ساتھ ہیں کہ زندگی کا نیا سال آپ کے لئے خوشیوں بھرا پیغام لائے اور آپ کے لئے مبارک ثابت ہو۔