چار یا پانچ دن گلگت ہنزہ کے لئے ناکافی ہیں اس لئے مختصر عرصے کے لئے کاغان ہی مناسب ہے۔
کاغان میں رہنے کے لئے دو جگہیں ہیں، شوگراں اور ناران۔ ویسے تو کاغان گاؤں اور دوسری جگہیں بھی ہیں لیکن یہ دونوں دیگر سہولیات کی وجہ سے بہتر ہیں۔ ناراں میں پی ٹی ڈی سی موٹل موجود ہے۔
http://www.tourism.gov.pk/tariff_motels.htm پر ریزرویشن آفس کے نمبر اور کمروں کے کرائے موجود ہیں۔
شوگراں میں پائن پارک بڑا ہوٹل ہے، اس کے علاوہ لالہزار ہوٹل اور آفاق ہوٹل بھی ہیں۔ پائن پارک کی سائٹ:
http://pineparkhotels.com/
شوگراں سے سری اور پائے جیپ پر جا سکتے ہیں۔ پائے سے مکڑا پہاڑ کی چوٹی تک پانچ گھنٹے کے اندر پہنچ سکتے ہیں۔ میں خود چوٹی پر نہیں گیا ہوں اس لئے درست اونچائی یا وقت نہیں بتا سکتا۔ گوگل ارتھ پر یہ چوٹی "Makra" کے نام سے شوگراں، سری اور پائے کے جنوب میں ہے، "Makra Peak" کا نام قریب ہی ایک اور چوٹی پر لکھا ہے لیکن وہ غلط ہے۔ اگر دھوپ نکلی ہو تو آسانی سے چوٹی تک پہنچ سکتے ہیں لیکن یہاں اکثر بادل آ جاتے ہیں اور اس وقت چڑھائی مشکل اور اترنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ شوگراں سے پورے دن کے لئے جیپ اور گائڈ مل جاتے ہیں۔ جون میں گائڈ کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن برسات میں احتیاط بہتر ہے۔
ناران میں ٹھہر کر جھیل سیف الملوک، لالہزار، جھیل لولوسر، بابوسر ٹوپ اور نوری ٹوپ جا سکتے ہیں۔ جھیل سیف الملوک تقریباً آٹھ یا نو کلومیٹر دور ہے اور ہائک کر کے تین گھنٹے میں اس تک پہنچا جا سکتا ہے۔ پہلے ایک مختصر پیدل راستہ بھی موجود تھا لیکن سڑک کی تعمیر اور مرمت کے دوران پھینکے جانے والے ملبے تلے دب گیا تھا۔
جھیل لولوسر، بابوسر ٹوپ کے راستے میں ہے اور جیپ پر ایک دن میں دونوں جگہیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہاں سڑک بن رہی ہے لیکن کار پر یہ سفر کرنا ظلم ہو گا۔
نوری ٹوپ جائیں تو راستے میں رک کر N35 E74 کونفلوئنس پر ہائک کر کے جا سکتے ہیں۔ فاصلہ تو تھوڑا ہے لیکن چڑھائی کافی زیادہ ہے۔
اگلے سال بھی رمضان جولائی میں پڑے گا، میں مشورہ دوں گا کہ کاغان یا تو جولائی کے پہلے ہفتے میں جائیں یا آخری تین چار دنوں میں۔ عید اور اس سے پہلے اور بعد ایک ایک ہفتہ وہاں کا سفر نہ کریں۔ بالاکوٹ ناران روڈ پانچ گھنٹے کے ٹریفک جام میں ناقابلِ برداشت ہو جاتی ہے۔
کاغان کے لئے ڈرائیور کے بغیر رینٹل کار ملنا مشکل ہو گی، لوگ کار کو جیپ ٹریکس پر لے جا کر اس کا برا حال کرتے ہیں۔ اگر آپ شوگراں جائیں تو کار کیوائی میں پارک کریں اور جیپ پر جائیں۔