السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
گوکہ یہ لڑی اُردو الفاظ کی دُرست ادائیگی اور املا کے حوالہ سے ہے تاہم محفل کے ایک انتہائی معزز ومحترم رکن کی شفقت آمیز ہدایت کے بموجب اس علمی اختلاف کے سلسلہ میں وضاحت پیش کر رہی ہوں جس کا اشکال انگریزی الفاظ کی اُردو املا کے سلسلہ میں مجھے درپیش ہوا تھا۔ اشکال کی اجمالی تفصیل یہ ہے کہ آیا انگریزی کے وہ الفاظ جن کی صوتی ادائیگی واؤ کے ساتھ ہوتی ہے انہیں اُردو میں الف کے ساتھ لکھنا درست ہے یا واؤ کے ساتھ۔ مثلاً ’’آفس، آڈیو، بلاگ‘‘ درست ہے یا ’’اوفس، اوڈیو، بلوگ‘‘ وغیرہ۔ اس ضمن میں مَیں اپنی ناقص عقل کے مطابق جو دُرست سمجھتی ہوں، اسے حوالہ محفل کررہی ہوں جس میں زیادہ احتمال اس بات کا ہے کہ میرا مفروضہ غلط ہی ہوگا لیکن اسے یہاں پیش کرنے کا مقصد ہی یہی ہے کہ میرے اس مفروضے کو سمجھ کر اس کی اصلاح کی جائے۔
دوسری درخواست منتظمین سے ہے کہ اس کے لئے اگر یہ لڑی مناسب نہ ہو تو اسے کسی مناسب زمرہ میں منتقل فرمادیں۔
اس سلسلہ میں پہلے انگریزی کے اُن الفاظ کی تھوڑی سی وضاحت ہوجائے جو ’’سین ساکن‘‘ سے شروع ہوتے ہیں اور اُردو میں املا لکھتے وقت ایسے الفاظ کے شروع میں ’’الف وصلی‘‘ لگا دیا جاتا ہے۔
مثلاً: ’’سکول کو اسکول، سٹوڈنٹ کو اسٹوڈنٹ، سٹیشن کو اسٹیشن، سکائی کو اسکائی، سٹار کو اسٹار، سٹون کو اسٹون، سٹیم کو اسٹیم، سپیڈ کو اسپیڈ، سپین کو اسپین‘‘ وغیرہ۔
ایسے فرنگی الفاظ اُردو میں دونوں طرح سے لکھے جاتے ہیں یعنی ’’سین ساکن‘‘ سے بھی اور ابتدا میں ہمزہ یا الف وصلی لگا کر بھی۔ صوبہ پنجاب اور خیبر پختون خوا (سابقہ صوبہ سرحد) میں ایسے الفاظ عموماً الف کے بغیر لکھے جاتے ہیں (جیسے ’’سکول، سٹوڈنٹ، سٹیشن‘‘وغیرہ) جبکہ صوبہ سندھ خصوصاًکراچی میں ایسے الفاظ الف کے اضافہ سے لکھے جاتے ہیں(جیسے ’’اسکول، اسٹوڈنٹ، اسٹیشن‘‘وغیرہ) کراچی اور ایسے علاقوں میں جہاں مادری زبان اُردو ہے، وہاں اس طرح لکھنا مجبوری بھی ہے اور اُردو قواعد کے مطابق بھی کیوں کہ اُردو زبان میں ’’سین ساکن‘‘ سے کوئی لفظ شروع نہیں ہوتا اور سین ساکن سے پہلے ایک الف مکسورہ کا اضافہ کرکے اسے سین ساکن سے جوڑا جاتا ہے تاکہ اسے (اُردو قواعد کے مطابق) پڑھا جاسکے۔ برخلاف صوبہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے کہ وہاں بغیر الف کے ایسے الفاظ لکھے جاتے ہیں۔ صوبہ خیبر پختون خوا کی حد تک تو بات کسی قدر سمجھ میں آتی ہے کیوں کہ پشتو زبان میں بھی سین ساکن سے الفاظ شروع ہوتے ہیں مثلاً: ’’ستا نوم سہ دے‘‘ (اُردو ترجمہ: آپ کا نام کیا ہے؟) اس میں ’’ستا‘‘ سین ساکن سے شروع ہوتا ہے، لہٰذا سین ساکن سے شروع ہونے والے فرنگی الفاظ بغیر الف کے لکھنے کے باوجود وہ اسے دُرست پڑھتے ہیں کیوں کہ ان کی مادری زبان میں بھی سین ساکن سے شروع ہونے کا قاعدہ موجود ہے۔ اس کے برخلاف صوبہ پنجاب میں جب ایسے الفاظ بغیر الف کے لکھے جاتے ہیں تو مجھ جیسے کم خواندہ اس کی ادائیگی میں غلطی کربیٹھتے ہیں۔ ایسے کئی الفاظ سننے میں آئے جو لکھے تو (انگریزی کے حوالے سے) بالکل دُرست تھے لیکن چونکہ ان کے ابتدا میں الف موجود نہ تھا اور نہ ان کی زبان میں سین ساکن سے الفاظ شروع ہونے کا قاعدہ موجود ہے، لہٰذا اپنے طور پر وہ سین پر فتحہ کی کی حرکت دے کر اس کی ادائیگی کرتے ہیں۔ مثلاً ’’اسکول کو سہ کول، اسٹوڈنٹ کو سہ ٹوڈنٹ، اسٹیشن کو سہ ٹیشن، اسپرے کو سَپْ رے‘‘ وغیرہ۔
اس احتمالی غلطی سے بچنے کے لئے (میری ناقص عقل کے مطابق) سین ساکن سے شروع ہونے والے انگریزی کے الفاظ کو اُردو میں لکھتے ہوئے ’’الف‘‘ کا اضافہ کیا جاتا ہے۔
(نوٹ: ایسی غلطیاں عموماً انگریزی سے نابلد افراد ہی کرتے ہیں، ورنہ تھوڑی بہت انگلش جاننے والا مذکورہ الفاظ چاہے الف کے ساتھ ہوں یا بغیر الف کے بالکل دُرست پڑھتے ہیں)
نوٹ ۲: یہ ضروری نہیں کہ انگریزی میں سین سے شروع ہونے والے تمام الفاظ سین ساکن سے ہی شروع ہوں بلکہ متحرک سین سے بھی شروع ہوسکتے ہیں جیسے:
سافٹ وئیر، سانتا کلاز، سفاری، سن، سینٹر، سنیٹر، سائنس، ساؤتھ افریقا وغیرہ۔
لیکن یہاں چونکہ اشکال سین ساکن سے شروع ہونے والے الفاظ کے متعلق ہے، لہٰذا ان کا صرف اجمالاً ذکر کردیا ہے۔
اس تمہید کے بعد اب اصل موضوع (انگریزی کے وہ الفاظ جن کی صوتی ادائیگی واؤ کے ساتھ ہوتی ہے، انہیں اُردو میں الف کے ساتھ لکھنا درست ہے یا واؤ کے ساتھ) کی طرف آتے ہیں۔
جس طرح سابقہ قاعدہ میں ذکر ہوا کہ سین ساکن سے شروع ہونے والے انگریزی الفاظ کی اُردو املا الف مکسورہ کے ساتھ لکھنا (میری ناقص عقل کے مطابق) دُرست ہے، اسی طرح یہاں بھی یہی قاعدہ کار فرما ہے۔
انگریزی کے ایسے الفاظ جن کی صوتی ادائیگی واؤ کے ساتھ ہوتی ہے، اس میں اُردو قاعدہ کے مطابق نہ تو فتحہ کی حرکت ہوتی ہے، نہ ضمہ کی بلکہ ان دونوں کے درمیان کی حرکت سے ان کی دُرست ادائیگی ہوتی ہے۔ مثلاً: ’’اس کے جھوٹ کا ’’پَول‘‘ کھل گیا‘‘، ’’اسے ’’پُھول‘‘ بہت پسند ہیں‘‘، رچرڈ اور ’’پال‘‘ (Paul) گہرے دوست ہیں۔‘‘
ان تینوں جملوں میں پہلے جملے کا پول ’’پ‘‘ پر فتحہ (زبر) کی آواز، دوسرے جملے کا پھول ’’پ‘‘ پر ضمہ (پیش) کی آواز جبکہ تیسرے جملے کے انگریزی لفظ پال کے ’’پ‘‘ پر فتحہ اور ضمہ کی درمیانی آواز نکلتی ہے جس کے لئے اُردو کا کوئی قاعدہ موجود نہیں۔ (فرق سمجھنے کے کے لئے اُردو کے پَول اور انگریزی کے پال کی صوتی ادائیگی کرکے محسوس کی جاسکتی ہے۔)
اس صورت میں انگریزی کے ایسے تمام الفاظ جن کی صوتی ادائیگی واؤ ساکن ماقبل مفتوح ومضموم کی درمیانی شکل کی صورت میں ہو، اسے اُردو میں الف کے ساتھ لکھا جاتا ہے۔ جیسے:
اوفس کو آفس، اوسکر کو آسکر، اوکسفورڈ کو آکسفورڈ، اوڈیو کو آڈیو، بوس کو باس، ڈوکٹر کو ڈاکٹر،بوڈی کو باڈی، سوفٹ کو سافٹ، لوٹ کو لاٹ، اوسٹریلیا کو آسٹریلیا وغیرہ۔
علاوہ ازیں انگریزی کے وہ تمام الفاظ جن کا واؤ ساکن ماقبل مفتوح یا مضموم ہو، ایسے الفاظ کی اُردو املا واؤ کے ساتھ ہی لکھی جاتی ہے۔ جیسے واؤ ساکن ماقبل مفتوح کی مثال:
کوٹ، بوٹ (Boat)، نوٹ، ووٹ (بروزن ’’اوٹ‘‘) وغیرہ۔
واؤ ساکن ماقبل مضموم کی مثال:
بُوٹ، سُوٹ، شُوٹ، رُوٹ (بروزن ’’لُوٹ‘‘) وغیرہ۔
انگریزی کے واؤ ساکن ماقبل مفتوح ومضموم کی درمیانی شکل کے صوتی ادائیگی والے الفاظ کو ’’الف‘‘ سے لکھنے کی دوسری اہم وجہ اس احتمالی غلطی سے بچنے کے لئے اختیار کی جاتی ہے جس کا تذکرہ ’’سین ساکن‘‘ والے تمہیدی پیراگراف میں گزر چکا کہ انگریزی سے نابلد افراد اُردو میں پڑھتے ہوئے اس کی ادائیگی میں اس بناء پر غلطی کربیٹھتے ہیں کہ اس کا کوئی قاعدہ (مفتوح ومضموم کی درمیانی حرکت والا) اُردو میں موجود نہیں، لہٰذا یا تو وہ اسے فتحہ کے ساتھ یا ضمہ کے ساتھ پڑھتے ہیں۔ ذیل میں اس کی چند مثالیں درج کی گئی ہیں:
مثلاً انگریزی کا لفظ ’’پال‘‘ یہ تینوں طرح سے ادا ہوتا ہے یعنی فتحہ اور ضمہ کی درمیانی حرکت کے ساتھ، فتحہ کے ساتھ اور ضمہ کے ساتھ۔
انگریزی کے واؤ ساکن ماقبل مفتوح ومضموم کی درمیانی شکل کے صوتی ادائیگی والے الفاظ کو ’’واؤ‘‘ سے لکھنے کی بناء پر ان میں فرق نہیں رہے گا کہ اس سے کونسا پال مراد ہے مثلاً:
پول (Paul) پول (Pole) پول (Pool) (اس میں تفریق نہیں کی جاسکتی کہ کونسا پال یا پول مراد ہے)
پال (Paul) پَول (Pole) پُول (Pool) (فرق صاف ظاہر ہے)
ایسی ہی مثال کال (Call) کَول (Coal) کُول (Cool)
کہ ان تینوں کو کول (Call) کول (Coal) کول (Cool) یعنی واؤ سے لکھنے کی صورت میں مفہوم سمجھنے اور پڑھنےیا بولنے کی غلطی کا احتمال ہے۔
اسی طرح گاگل (Gaugle) اور گوگل (Google) دونوں کو واؤ سے لکھنے کی صورت میں بعض افراد گاگل کو بھی گوگل (Google) پڑھ سکتے ہیں۔
یہی مثال لاء (Law) لو (Low)، شاٹ (Shot) شوٹ (Shoot) اور آنرز (Honors) اونرز (Owners) کی بھی ہے کہ ’’لا کو لو، شاٹ کو شوٹ اورآنرز کو اونرز‘‘ لکھنے کی بناء پر ان کا غلط مفہوم سمجھے جانے کا احتمال ہے۔
اور بات صرف مفہوم ہی کی نہیں بلکہ ان کی ادائیگی میں بھی مجھ ایسے انگریزی سے نابلد افراد غلطی کرسکتے ہیں۔
نوٹ: اوپر ذکر کی گئی باتوں کو قاعدہ کلیہ نہ سمجھا جائے بلکہ یہ ایک مبتدی کا اپنا ناقص خیال ہے جس کا غلط ہونا عین قرین قیاس ہے بلکہ یوں سمجھیے کہ ایک غلط قاعدہ اپنی طرف سے پیش کرکے آپ اہل علم وفن کی خدمت میں اس لئے پیش کیا ہے کہ اس کو علمی دلائل سے ردّ کرکے میری اصلاح فرمائیں۔
جزاکم اللہ احسن الجزاء