ابن سعید
خادم
اردو بلاگنگ کی ترویج و ارتقا میں اردو سیارہ کا نمایاں کردار اولین دنوں سے اردو بلاگستان سے جڑے احباب کی نظروں سے مخفی نہیں ہے۔ اردو بلاگنگ کو جلا بخشنے، فروغ دینے اور ہر خاص و عام تک اس کی رسائی کو یقینی بنانے میں ابتدا سے جن عوامل کا اہم کردار رہا ہے ان میں اردو محفل، اردو سیارہ، اردو ایڈیٹر اور اردو ٹیک سر فہرست ہیں۔ مؤخر الذکر ایک مفت اردو بلاگ ہوسٹنگ خدمت تھی جو وقت کے ساتھ عدم انتظام کا شکار ہو کر دم توڑ گئی اور کئی بلاگران کو ان کے ڈیٹا کے ضیاع کا صدمہ دے گئی۔ لیکن تب تک اردو کمیونٹی کے منہ بلاگنگ کا خون لگ چکا تھا لہٰذا یہ سفر اپنی ارتقا کی منزلیں طے کرتا رہا۔ اس دوران بے شمار خدمات منظر عام پر آئیں اور معدوم ہو گئیں لیکن اس پورے عرصہ میں پورے تسلسل اور استقلال کے ساتھ اردو سیارہ کی خدمات جاری رہیں۔
اردو سیارہ در اصل اردو ویب کے زیر انتظام اردو بلاگوں کے لیے فیڈ ایگریگیٹر کی خدمت ہے جو کسی زمانے میں اردو بلاگران کی آواز کو ایک دوسرے تک پہونچانے کا واحد ذریعہ رہی ہے۔ بعد کے ایام میں سوشل نیٹورک کے رواج پانے کے بعد زیادہ تر بلاگران اپنی تحریروں کی عمومی رسائی کے لیے ان پر تکیہ کرنے لگے اس لیے بعض لوگوں کی نظروں میں اردو سیارہ کی اہمیت شاید اب اتنی نہیں رہی۔ لیکن اب بھی جو لوگ اردو بلاگستان کے ایک بڑے حصے میں شائع ہونے والی تحریروں کو فرداً فرداً پڑھنے کے بجائے ایک جگہ پڑھنا زیادہ سہل گردانتے ہیں ان کے لیے اردو سیارہ کی اہمیت چنداں کم نہیں ہوئی۔
پچھلے کچھ عرصہ سے اردو سیارہ کی ادارت بہت ہی سست روی کا شکار ہے اور لوگوں کی درخواستیں کئی کئی ہفتوں تک شمولیت یا تبدیلی کی منتظر ہوتی ہیں۔ اس کا سب سے بڑا سبب تو اردو ویب کی انتظامیہ کی بڑھی ہوئی مصروفیات ہیں لیکن وہیں اردو بلاگستان میں اردو ویب کے خلاف بعض لوگوں کے بے جا اعتراضات و الزامات بھی اس کے لیے بہت حد تک ذمہ دار ہیں جن کے باعث اردو سیارہ انتظامیہ نے اردو بلاگستان سے حتیٰ المقدور کنارہ کشی اختیار کر لی اور یہ منصوبہ اپنی ترجیح کھو بیٹھا۔ یوں تو اردو ویب نے تنقید کو ہمیشہ ہی خندہ پیشانی سے لیا ہے لیکن اتفاق سے بلاگنگ اس قدر آزاد پلیٹ فارم ہے کہ اس میں شخصی آزادی اظہار رائے کے نام پر کئی دفعہ لوگ زیادتیاں کر جاتے ہیں اور ذرا سی بات اپنے مقاصد کے خلاف پا کر عدم رواداری و عدم برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پر خلوص خدمات پر جانبداری کا الزام لگانے سے نہیں چوکتے۔ بہر کیف اردو ویب نے ویب پر اردو کی ترویج و ترقی کی راہ میں اردو بلاگنگ کو ہمیشہ سے ایک اہم سنگ میل گردانا ہے اور اس کے لیے راہیں ہموار کی ہیں نیز یہ سلسلہ اب بھی پورے خلوص سے جاری ہے۔
سیارہ کی ادارت کو فعال کرنے کی غرض سے ہم اردو بلاگستان سے جڑے فعال احباب میں سے کسی کو رضاکارانہ طور پر یہ ذمہ داری سونپنا چاہیں گے کہ وہ شمولیت و تبدیلی کی درخواستوں پر اردو سیارہ کے اصولوں کے تحت بر وقت جانچ پڑتال کر کے کاروائی کریں۔
اردو سیارہ کا ویب انٹرفیس بہت قدیم ہے جو نئے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔ اس کی تجدید کا منصوبہ تیار ہو چکا ہے۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں احباب اس کو زیادہ بہتر شکل میں پائیں کے۔ اس مقصد کو ذہن میں رکھ کر ماورائی فیڈر وجود میں آیا تھا جس کو احباب نے کافی سراہا اور اس سے مستفید ہوتے آئے ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ماورائی فیڈر کی خصوصیات کو اردو سیارہ میں شامل کر دیا جائے۔ نیز ایک عدد گوگل کروم ایپلیکیشن کی تیاری بھی نئے منصوبے کا حصہ ہے۔
سیارہ کی رسائی اینڈرائڈ و آئی او ایس کے اسمارٹ فون و ٹیبلیٹ تک یقینی بنانے کی غرض سے امسال یکم جنوری کو اسے گوگل کرنٹس میں شامل کر دیا گیا ہے۔ گوگل کرنٹس ایک بہت ہی عمدہ نیوز ایگریگیٹر ایپلیکیشن ہے جو اینڈرائڈ فون و ٹیبلیٹ کے ساتھ ساتھ آئی فون و آئی پیڈ وغیرہ کے لیے بھی دستیاب ہے۔ سیارہ کو اس میں پڑھنے کے لیے اس ربط پر سبسکرائب کیا جا سکتا ہے۔ احباب کی ٹائپنگ کی سہولت کے خیال سے اس کا ایک مختصر یو آر ایل (http://bit.ly/YIVqTf) بھی تیار کیا گیا ہے جسے فون یا ٹیبلٹ کے براؤزر میں ٹائپ کر کے براہ راست سیارہ کو سبسکرائب کیا جا سکتا ہے۔