تعارف تعارف

زیک

مسافر
اعجاز اختر صاحب کا کہنا ہے کہ اردو ویب کے پیچھے جن جادوگروں کا ہاتھ ہے ان کا تعارف ہونا چاہئے۔ کہتے تو وہ صحیح ہیں مگر اگر یہ لوگ Wizard of Oz کی طرح نکلے تو کیا ہو گا؟

خیر میں نے سوچا کہ کیوں نہ اردو محفل میں شامل تمام افراد اپنے متعلق کچھ لکھیں۔ یہی اس thread کا مقصد ہے۔ آپ چاہیں تو میری طرح اپنی تعریف میں صفحے لکھ دیں یا ایک مختصر سا پیرا تحریر کریں مگر اس میں حصہ ضرور لیں۔

اس تعارف کا آغاز میں اگلی پوسٹ میں اپنے بارے میں لکھ کر کرتا ہوں۔

اگر کوئی ایڈمن یہ پڑھے تو اس موضوع کو sticky کر دے۔
 

منہاجین

محفلین
جادوگروں کا ہاتھ

اردو محفل میں شامل تمام افراد تو جادوگر نہیں، ان میں سے بیشتر تو میرے جیسے سحر زدہ ہوں گے، پھر سب کا تعارف کیوں؟ بات کچھ سمجھ میں نہیں آئی۔ خیر! زکریا نے اٹلانٹا میں جادوگری کی تعلیم حاصل کی ہے۔ وڈے وڈے ملک، وڈیاں وڈیاں گلاں۔ ہم نے تو مصر کے سامری بارے سنا تھا جو زکریا نہیں موسیؑ کے مقابلے میں آیا تھا۔ اٹلانٹا میں شاید کوئی اور قسم کے جادوگر بستے ہیں۔ حقیقت تو زکریا کا تعارف سامنے آنے پر ہی کھلے گی۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میرا خیال ہے کہ میں اپنے تعارف سے ابتدا کروں۔ تو جناب اس حقیر، فقیر، پرتقصیر، حامل عقل قلیل کو نبیل کہتے ہیں۔ بندہ پیشے کے اعتبار سے سوفٹویر انجینیر ہے۔ شخصیت کے اعتبار سے مجھ پر مشتاق احمد یوسفی کا یہ جملہ ثابت آتا ہے کہ “جسم تتیے جیسا اور مزاج بھی ایضاً“۔ جہاں تک اس فورم کو سیٹ اپ کرنے کا تعلق ہے تو اس بارے میں میں یہی عرض کروں گا:
ہم ہیں اہل کمال کہتے ہیں
اسے قحط الرجال کہتے ہیں
 

منہاجین

محفلین
سامنے ان کے حال کہتے ہیں

.

سامنے ان کے حال کہتے ہیں
یہ بھی ہم بے مثال کہتے ہیں

ان کو جو مہ جمال کہتے ہیں
اپنی آنکھوں کا حال کہتے ہیں

.
 

زیک

مسافر
اپنا تعارف کرانے میں کچھ دیر ہو گئی۔ میرا نام زکریا اجمل ہے اور میں اٹلانٹا (امریکہ) میں پی ایچ ڈی مکمل کر رہا ہوں۔ میری ریسرچ computer vision اور image and video processing میں ہے۔ اٹلانٹا اور امریکہ میں رہتے ہوئے مجھے سات سال سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

بلاگنگ کے بارے میں مجھے 2001 میں پتہ چلا جب میں نے امریکی سیاست پر بلاگ پڑھنے شروع کئے (سیاست کا میں کافی شوقین ہوں)۔ اپنا بلاگ جون 2002 میں بلاگسپاٹ پر شروع کیا۔ مئی 2003 میں اسے اپنی سائٹ پر موویبل ٹائپ پر منتقل کر لیا۔

پچھلے سال فروری میں مجھے اپنے بلاگ پر اردو لکھنے کا جذبہ آیا۔ اس وقت تک میں نے کمپیوٹر پر کبھی اردو نہیں لکھی تھی۔ صحیح یاد نہیں پڑتا کہ یہ خیال کہاں سے آیا۔ اس وقت میں عمیر اور جلال کے اردو بلاگوں سے واقف تھا۔ اس کے علاوہ انہی دنوں میرے roommate نے فارسی میں بلاگ شروع کیا تھا۔ خیر اردو میں لکھنا شروع کیا۔ اس کے لئے کئی جتن کرنے پڑے۔ ان کا حال اور کچھ معلومات اپنے بلاگ پر لکھیں۔ پھر خیال آیا کہ کیوں نہ اردو بلاگز کی فہرست تیار کی جائے۔ یہ تین بلاگز سے شروع ہو کر اب 35 تک پہنچ چکی ہے۔

اس سال جنوری میں آصف سے مشورہ کیا کہ اردو میں بلاگنگ کو مقبول کرنے کے لئے کچھ کام کیا جائے۔ ساتھ نبیل اور دانیال بھی شامل ہو گئے۔ میں باتیں بناتا گیا اور یہ لوگ کام کرتے گئے۔ اردو وکی، اردو بلاگ، اردو سیارہ سب تیار ہوئے تو پھر خیال آیا کہ ان کو ایک سائٹ پر یکجا کیا جائے۔ اس طرح اردو ویب کا آغاز پچھلے ماہ ہوا۔ سائٹ کو آن لائن لانے میں قدیر کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے۔

اب دیکھیں اردو ویب کو ہم سب کہاں لے جاتے ہیں۔ میں ابھی بھی زیادہ بلاگنگ انگریزی میں کرتا ہوں اور اس سائٹ کے لئے اپنے منصوبوں پر کام کرنے کا وقت مشکل سے ملتا ہے۔
 

منہاجین

محفلین
قصہ چہار درویش

اپنے تعارف کے ساتھ ساتھ آپ نے تو اس چوپال کی تاریخ بھی بیان کر دی۔ سچ ہے کہ انسان جب عزم و ہمت سے کام لیتا ہے تو کامیابی اس کے قدم چوم لیتی ہے۔

آپ کے اس تعارف میں چار عظیم شخصیات کا ذکرِ خیر بھی ملا: آصف، نبیل، دانیال، قدیر۔ اب ان چار درویشوں کا قصہ کون سنائے گا؟ بہتر ہو گا کہ یہ خود ہی بول پڑیں ورنہ ہمیں ان کی منتیں بھی کرنی پڑ سکتی ہیں۔

ویسے آپس کی بات ہے کیا آپ پنج تنوں کے علاوہ اور بھی کوئی احباب اس پنج سالہ منصوبے میں شامل ہیں یا چھٹی سیٹ ابھی خالی ہے؟
 
G

Guest

مہمان
قصہ چہار درویش ؟

جناب منہاجین صاحب آپ قصہ چہار درویش میں کچھ زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں شاید ۔ پہلے تو یہ بتائیں کہ آپ ہمارے متعلق کس قسم کا تعارف چاہتے ہیں ۔ کیا یہ ہماری زندگی سے متعلق ہو یا اردو ویب کی ؟
 

منہاجین

محفلین
مان نہ مان میں تیرا مہمان ۔ ۔ ۔

مان نہ مان میں تیرا مہمان ۔ ۔ ۔

مہمان صاحب! آپ سے میں کیا تعارف مانگوں! آپ تو اپنا نام بتانا بھی بھول گئے۔ لگتا ہے آپ کا ان ویب ساز درویشوں سے دور کا بھی کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، جن سے ہم تعارف کے لئے ملتجی ہیں۔

پتہ پتہ بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے
جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے

اردو ویب کی تعمیر و تزئین میں جن ویب سازوں نے جس قسم کا بھی کام کیا ہے وہ ذرا خود ہی منظر عام پر آ جائیں تو اسی میں ان کی بھلائی ہے، ورنہ ہم انہیں زبردستی بھی سامنے لا سکتے ہیں۔ اور پھر وہ اپنے اگلے پچھلے تمام "جرائم" کا اقبال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
 

منہاجین

محفلین
ایک مجرم تو پکڑا گیا۔

اس سے ملئے، یہ ہے قدیر ۔ ۔ ۔

دراصل مجھے ویب ٹیکنالوجی بہت پسند ہے۔ میں نے تقریباً دو سال پہلے کمپیوٹر خریدا۔ جب میں نے کمپیوٹر خریدا تو مجھے کلک کرنے اور اور فولڈر یا فائلیں کھولنے کے سوا کچھ نہیں آتا تھا۔ چنانچہ میں نے کمپیوٹر سیکھنے کو اپنا نصب العین بنا لیا۔ نتیجتاً تقریباً ایک ماہ میں میں نے پوری ونڈوز کھنگال ڈالی اور کمپیوٹر میں " چیتا " ہو گیا۔ اس کا ایک اور نتیجہ یہ نکلا کہ میں ایف ایس سی میں صرف ساٹھ فیصد نمبر لے سکا اور انجینیرنگ یونیورسٹی والوں نے میرے پاؤں پکڑے، کہ بھائی آپ گھر میں آرام کریں، یہاں یونیورسٹی میں خوامخواہ آپ کی ٹیکنیکل صلاحیتوں کو زنگ لگ جائے گا۔ میں کمپیوٹر تو بخوبی سیکھ گیا، مگر دوسری طرف ذرا نقصان ہوگیا۔

اب دلِ ناتواں نے سوچا کہ یار! انجینیرنگ میں کیا رکھا ہے، خوامخواہ مشینوں کے ساتھ طبع آزمائی کرنی پڑتی ہے۔ چھوڑو اس کو اور بی ایس سی کر لو۔ چنانچہ میں نے بی ایس سی میں داخلہ لے لیا اور زور و شور، لگن اور تندہی کے ساتھ کمپیوٹر کی فیلڈ میں مزید ہاتھ پاؤں مارنے شروع کر دیے۔ جب کمپیوٹر سیکھا تو انٹرنیٹ کیا مشکل تھا۔ اس کو تو ویسے ہی کامن سینس نے لتاڑ دیا۔ ایک بات میں واضح کردوں، میں نے یہ تمام خرابہ کسی سے نہیں سیکھا صرف کامن سینس استعمال کی۔ ہاں کچھ کچھ باتیں کہیں کہیں سے معلوم ہوتی گئیں۔

ایک دن میں نے اپنے دوست عمیر خان سے پوچھا کہ یار، یہ ویبسائٹیں کیسے بنتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے ویب پیج بنانے پڑتے ہیں جن کے لیے ایچ ٹی ایم ایل کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ ایک زبان ہے اور یہ تم جیسے عقل کے اندھے کی سمجھ میں نہیں آنے کی۔ میں نے ان سے بہت کہا کہ مجھے بھی سمجھائیے یہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ میرا سر نہ کھاؤ ، یہ تمہیں پسند نہیں آئے گا۔

مگر بندہِ ناچیز نے بھی ہمت نہ ہاری۔ میں نے یہ کیا کہ جو ویب پیج بھی کھولتا اس کا سورس کوڈ نوٹ پیڈ میں دیکھنا شروع کردیتا، پھر اس کا کچھ حصہ ڈیلیٹ کر کے دیکھتا کہ کیا فرق پڑا ہے۔ اس طرح کرتے کرتے میں نے ایک ماہ میں ایچ ٹی ایم ایل سیکھ لی۔ اس کے بعد مجھے اس سے متعلق ایک کتاب ملی، چنانچہ میں نے کچھ اپنا سر پِیٹا اور کچھ کتاب کو بے نقط سنائیں کہ کمبخت! تو نے ابھی ملنا تھا، کچھ دیر پہلے مل جاتی تو کیا بگڑ جاتا۔

چونکہ میں پیدائشی ذہین و فطین اور قابل و عامل تھا ، چنانچہ میں نے آہستہ آہستہ ویب سے متعلق دوسری ٹیکنالوجیز سے بھی روشنائی حاصل کرلی۔ پھر میں نے کسی پپّو قسم کے ویب ہوسٹ کی تلاش شروع کردی جو مفت جگہ اور پروگرامنگ لینگوئج کے لیے آب و ہوا فراہم کرے۔ مگر کوئی بھی میرے معیارِ بے شمار پر نہ اتر سکا بلکہ جو پہلے موجود تھے ، وہ بھی اڑ گئے۔

چونکہ مجھے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ وغیرہا سیکھنے میں بہت مشکل پیش آئی تھی ، اس لیے میں نے سوچا کہ نو آموزوں کے لیے ویب سے متعلق مضامین اردو میں پیش کرنے چاہییں تا کہ وہ بچے بلونگڑے جو اپنا وقت انڑنیٹ پر لچر بکواس دیکھنے میں گزارتے ہیں اور کوئی ذریعہ و منبعِ علم نہیں پاتے ، ان کو مدد فراہم ہو۔
 

اجنبی

محفلین
ارے یار کیا کر دیا ۔ یہ تو میری کافی سنسر ایبل تحریر ہے جسے میں ختم کرنے والا تھا ۔ اس میں میری نالائقیوں اور نااہلیوں کی ایک داستانِ ہوشربا ہے ۔ ہائے ہائے ری قسمت ۔۔۔ اور آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ اوپر جن صاحب کو آپ نے مان نہ مان کہا ہے وہ مابدولت ہی ہیں
 

منہاجین

محفلین
قدیر کے بعد

بہت خوب، مگر اب قدیر کے بعد باقی مجرموں کی باری بھی آ سکتی ہے۔ آخر بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔ ابھی کچھ ہی وقت میں سب کے سب لائن حاضر کر دیئے جاؤ گے، ہاں :lol:
 

قمر

محفلین
قمر

اسلام عیکم
قمر نام ہے اردو میں چاند بھی کہہ سکتے ہیں-بی ایس کمپیوٹر میں کیا یے آج کل ایم ایس میں مغز ماری ہو رہی ہے - لاہور سے تعلق ہے- پیشے کے اعتبار سے سوفٹ وئیر کا مستری ہوں(Software Engineer)- اور بس :wink:
 
قمر صاحب کو خوش آمدید
میں کیا دیکھتا ہوں کہ ادھر تو اردو ویب کی بڑی بڑی اور نابغہّ روزگار شخصیات موجود ہیں جن کی موجودگی میں مجھے اپنا آپ چھوٹا نظر آتا ہے ، بہر حال مجھے دلی مسرت ہے کہ اردو ویب کے بانیوں کے واقفیت کا شرف حاصل ہوا ہے

باقی کے جو جن کڈ رہ گئے ہیں برائے مہربانی وہ بھی آپنا تعارف کروادیں نہیں تو ان کے گھر ایف آئی اے کو بھیجنا پڑے گا، امریکہ بہادر اجکل اس کام میں خوش رہتا ہے۔
 
جی بس کیا بتلاوں اپنے بارے میں کہ جناب اکبر آلہ آبادی کا یہ شعر صادق آتا ہے
ع۔
کیا کہیں احباب کیا کارِنمایاں کر گئے
بی اے کیا نوکر ہوئے پنشن ملی مرگئے
 
Top