کلیات حبیب جالب سے ۔۔۔

حق بات پہ کوڑے اور زنداں
باطل کے شکنجے میں ہے یہ جاں
انساں ہیں کہ سہمے بیٹھے ہیں
خوں خوار درندے ہیں رقصاں

ہر شام یہاں شام ویراں
آسیب زدہ رستے گلیاں
جس شہر کی دھن میں نکلے تھے
وہ شہر دل برباد کہاں

صحرا کو چمن
بن کو گلشن
بادل کو ردا کیا لکھنا

اے میرے وطن کے فن کاروں
ظلمت پہ نہ اپنا فن وارو
یہ محل سروں کے باسی
قاتل ہیں سبھی اپنے یاروں

ورثے میں ہمیں یہ غم ہے ملا
اس غم کو نیا کیا لکھنا

صر صر کو صبا ظلمت کو ضیا،
بندے کو خدا کیا لکھنا
اس ظلم و ستم کو لطف و کرم
اس دکھ کو دوا کیا لکھنا
 
دیپ جس کا محلات ہی میں جلے
چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے
وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے
ایسے دستور کو، صبح بے نور کو
میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا
میں بھی خائف نہیں تختہ دار سے
میں بھی منصور ہوں کہہ دو اغیار سے
کیوں ڈراتے ہو زنداں کی دیوار سے
ظلم کی بات کو، جہل کی رات کو
میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا
پھول شاخوں پہ کھلنے لگے، تم کہو
جام رندوں کو ملنے لگے، تم کہو
چاک سینوں کے سلنے لگے، تم کہو
اس کھلے جھوٹ کو، ذہن کی لوٹ کو
میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا
تم نے لوٹا ہے صدیوں ہمارا سکوں
اب نہ ہم پر چلے گا تمہارا فسوں
چارہ گر میں تمہیں کس طرح سے کہوں
تم نہیں چارہ گر، کوئی مانے، مگر
میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا
 

الف عین

لائبریرین
کئی تخلیقات یہاں پوسٹ ہو چکی ہیں۔ ذرا دیکھ لیا کریں پوسٹ کرنے سے پہلے۔ اگر نیا کلام ٹائپ کیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا، جو انٹر نیٹ پر ہی کہیں نہ ہو۔ گوگل کر لیا کریں۔ اور بالکل نیا کلام ٹائپ کیا کریں تو یہ واضح کر دیں۔ اگر کلیات مکمل ٹائپ کرنے کا ارادہ ہے تو میری ای بک بھی دیکھ لیں۔ میری کتابوں میں شامل ہے ایک آدھ کتاب تو
 
کئی تخلیقات یہاں پوسٹ ہو چکی ہیں۔ ذرا دیکھ لیا کریں پوسٹ کرنے سے پہلے۔ اگر نیا کلام ٹائپ کیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا، جو انٹر نیٹ پر ہی کہیں نہ ہو۔ گوگل کر لیا کریں۔ اور بالکل نیا کلام ٹائپ کیا کریں تو یہ واضح کر دیں۔ اگر کلیات مکمل ٹائپ کرنے کا ارادہ ہے تو میری ای بک بھی دیکھ لیں۔ میری کتابوں میں شامل ہے ایک آدھ کتاب تو

بہت شکریہ ! عام طور پر میں گوگل تلاش کر ہی لیتا ہوں، اور اس وقت میر ارادہ مشہور اقتباسات میں سے ہی کچھ حصّہ ڈالنے کا تھا ( نیا یا مکمل ٹائپ کرنے کا نہیں) اس لئے کچھ زیادہ تردد نہیں کیا، بلا شبہ یہ دونوں نظمیں آپکی لائبریری میں حبیب جالب کی کتاب (BandayDoc.zip BandayTxt.zip) میں شامل ہیں۔ (ابھی تلاش کرنے پر معلوم ہوا)، اور ان میں سے ایک محفل میں پوسٹ بھی ہو چکی ہے۔

مکمل ٹائپ کرنے کے لیئے بہت سا وقت اور محنت درکار ہوتی ہے، دیگر مصروفیات کی بنا پر کمٹمنٹ نہیں کر سکتا، لیکن کوشش ضرور کروں گا کہ نیا مواد شامل کروں، یعنی پہلے ٹائپ نہ ہوا ہو
 
پاکستان کا مطلب کیا

روٹی، کپڑا اور دوا
گھر رہنے کو چھوٹا سا
مفت مجھے تعلیم دلا
میں بھی مسلماں ہوں واللہ
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ

امریکا سے مانگ نہ بھیک
مت کر لوگوں کی تضحیک
روک نہ جمہوری تحریک
چھوڑ نہ آزادی کی راہ
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ

کھیت وڈیروں سے لے لو
ملیں لٹیروں سے لے لو
ملک اندھیروں سے لے لو
رہے نہ کوئی عالی جاہ
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ

سرحد، سندھ، بلوچستان
تینوں ہیں پنجاب کی جان
اور بنگال ہے سب کی آن
آئے نہ ان کے لب پر آہ
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ

بات یہی ہے بنیادی
لوگوں کو ہو آزادی
غاصب کی ہو بربادی
حق کہتے ہیں حق آگاہ
پاکستان کا مطلب کیا
لا الہ الا اللہ
 
Top