ہمارا مقصد
ہم چاہتے ہیں کہ اردو انٹرنیٹ پر مقبول ہو اور ویب پر موجود بڑی زبانوں میں سے ایک بن جائے۔ چونکہ اس وقت اردو ویب پر تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے اس ارادے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کافی محنت کی ضرورت ہے۔ اردوویب انہی مقاصد کے لئے بنایا گیا ہے۔
- اردو سے محبت کرنے والوں کی ایک کمیونٹی بنائی جائے۔
- اردو میں مواد کو آنلائن لایا جائے اور نیا مواد تخلیق کیا جائے۔
- آزاد مصدر اردو سافٹویر بنائی جائے۔
- ویب اور ذاتی کمپیوٹر پر استعمال ہونے والی سافٹویر کو اردو میں مقامیانے پر کام کیا جائے۔
- ان تمام حوالوں سے اردو میں مضامین لکھے جائیں اور لوگوں کی مدد کی جائے۔
مارچ 2005 میں ہم نے اردو بلاگز کو ایک سائٹ پر اکٹھا کرنا شروع کیا۔ اس وقت اردو سیارہ پر صرف چند بلاگ تھے۔ آج اردو بلاگز کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔
ہماری اردو محفل ایک آنلائن اردو کمیونٹی کی طرف پہلی پیشرفت ہے۔ یہ جون 2005 میں شروع کی گئی اور اردو تحریر استعمال کرنے والی پہلی فورم تھی۔ ایک سال سے بھی کم عرصے میں اس کے ارکان کی تعداد 500 سے بھی بڑھ گئی ہے۔ محفل کے ارکان نہ صرف اردو سے محبت کرتے ہیں اور ہمارے پراجیکٹس میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ کئی پراجیکٹ ان کی تجویز پر شروع کئے گئے ہیں۔
انہی تجاویز میں سے ایک اہم تجویز ایک آنلائن اردو لائبریری کا قیام ہے جسے ہم مستقبل میں اردو کا پراجیکٹ گٹنبرگ دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری اس لائبریری کا مقصد اردو کے مشہور و معروف ادبپاروں کو آنلائن لانا ہے جو کاپیرائٹ سے آزاد ہوں اور جنہیں ہم بالکل مفت صارفین کو دستیاب کر سکیں۔ اردو کتب کو ڈیجٹل حالت میں کرنے کا کام کچھ مہینوں سے جاری ہے اور ہم جلد کئی کتابیں قارئین کے سامنے پیش کریں گے۔
نئے آپریٹنگ سسٹم اردو کو سپورٹ کرتے ہیں مگر پاکستان اور انڈیا میں بہت سے لوگ ابھی تک ونڈوز 98 استعمال کر رہے ہیں جس میں اردو اور یونیکوڈ کی سپورٹ نہیں ہے۔ ہم ان صارفین کو بھی اردو کی ترقی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اس کے لئے ہماری سافٹویر ٹیم نے ایک جاواسکرپٹ پروگرام (اردو ویبپیڈ) بنایا ہے جو کسی بھی ویب سائٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح صارفین اپنا انگریزی کیبورڈ استعمال کرتے ہوئے اس ویب سائٹ پر اردو لکھ سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے صارف کو اپنے کمپیوٹر پر اردو سپورٹ نصب کرنے کی ضرورت نہیں رہتی اور وہ اس کے بغیر ہی اردو ویب سائٹس پر لکھ سکتا ہے۔ ہم نے یہ ویبپیڈ اردوویب پر نصب کیا ہوا ہے۔
ایک اور اہم کام آزاد مصدر سافٹویر کا اردو میں ترجمہ کرنے کا ہے تاکہ اس سافٹویر کو استعمال کرنے والوں کو سب کچھ اردو میں ملے۔ ہماری مقامیانے کی ٹیم نے یہ کام ہمارے فورم کی سافٹویر پیایچپیبیبی کو مقامیانے سے شروع کیا۔ اب ہماری یہ کوشش ہم نے عام دستیاب کی ہے تاکہ اور اردو فورم بھی شروع کئے جا سکیں۔ آجکل ہم بلاگ بنانے کی سافٹویر ورڈپریس اور ویب سائٹ کا مواد مینیج کرنے کی سافٹویر جملہ کو مقامیانے پر کام کر رہے ہیں۔
لائبریری کے علاوہ مستقبل قریب میں ہم دو اور نئے پراجیکٹ آپ کے سامنے پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان میں سے ایک آنلائن اردو انگریزی لغت ہے اور دوسرا سائنس، ٹیکنالوجی اور کمپیوٹنگ کے موضوعات پر آنلائن اردو جریدہ۔
ان تمام پراجیکٹس پر کام کرتے ہوئے ہم نے کمپیوٹر اور ویب کی ٹیکنالوجی کے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے۔ یونیکوڈ، پیایچپی، مائیایسقیوایل، پرل، پائتھن، جاواسکرپٹ اور مختلف سافٹویر کے بارے میں کچھ جاننے کا موقع ملا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے کوشش ہے کہ ہم نے جو سیکھا ہے وہ آپ تک بھی پہنچائیں۔ اس سلسلے میں ہم وقتاً فوقتاً اپنے بلاگ، محفل اور وکی پر مضامین لکھتے رہتے ہیں۔
ہم آزاد مصدر سافٹویر میں یقین رکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ آزاد مصدر ہی ہمارے کام کو بہتر طریقے سے پھیلنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اسی لئے ہم اپنی لکھی ہوئی سافٹویر گنو گپل کے تحت بانٹتے ہیں۔