معذرت تجھ سے بے انتہا معذرت۔ فاتح الدین بشیر

فاتح

لائبریرین
اہلِ محفل سے معذرت کے ساتھ ایک تازہ غزل
ساعتِ وصل اور اتِّقا! معذرت
نعمتِ دید پر اکتفا، معذرت

تجھ سے رشتہ فقط روح کا تھا مگر
کھینچ لائی کہاں اشتہا، معذرت

ایک لغزش کا سرنامہ ہے زندگی
آدمیّت کی تھی ابتدا معذرت

ربطِ دائم ہو تعبیر اس خواب کی
دیکھنا گاہ گاہ التجا معذرت

دعوے پندار کے سب دھرے رہ گئے
اُس کے آگے فقط اِدِّعا معذرت

جب کمالِ محبت پہ فائز ہوا
میں ہوا منکرِ ارتقا، معذرت

میرا آنسو تری معذرت کا سبب
معذرت تجھ سے بے انتہا معذرت

تھا حقیقت کشا پھر بھی دبتا گیا
تیرے شکووں تلے اک گلا معذرت

میرے غم خوار نے تجھ سے بارے مرے
باندھے کیا کیا نہیں افترا معذرت

میرا دیوان مجموعہ آلام کا
ہر ورق شکوۂ ابتلا، معذرت

ہم طرفدار غالب کے ہیں، کب ہوئی
شعر میں میر کی اقتدا، معذرت

جانے مرنے میں تاخیر کیوں ہو گئی
جو بھی تھی علّتِ التوا، معذرت

وقتِ مرگ آ گیا، نعرۂ الفراق!
جسم سے روح کا انخلا، معذرت
فاتح الدین بشیرؔ​
 

منصور آفاق

محفلین
بہت خوبصورت غزل ہے ۔ قافیوں کا جوالتزام آپ نے رکھا ہے یا اساتذسخن کے علاوہ کہیں نہیں نظر آتا ۔۔ معذرت جیسی مشکل دریف میں اتنے شاندار اشعار الہامی کیفیت کے حامل دکھائی دیتے ہیں ۔ اللہ تعالی یونہی آپ کے لفظوں میں سوزِ آتش ِ دل کی بہار دکھاتا رہے۔۔ ہر ایک شعر پر دفتر کے دفتر لکھے جاسکتے ہیں ۔۔ کس کس شعر پر داد دوں ۔ہائے کیا کہا ہے ۔۔۔۔
تجھ سے رشتہ فقط روح کا تھا مگر
کھینچ لائی کہاں اشتہا، معذرت
ایسا شعر برسوں میں کہیں ہوتا ہے اور ایسی غزل کسی کسی کے نصیب میں آتی ۔معذرت ۔۔ کہ تبصرے کا حق نہیں ادا ہوسکا۔۔ معذرت ایک پھر معذرت
 

فاتح

لائبریرین
بہت خوبصورت غزل ہے ۔ قافیوں کا جوالتزام آپ نے رکھا ہے یا اساتذسخن کے علاوہ کہیں نہیں نظر آتا ۔۔ معذرت جیسی مشکل دریف میں اتنے شاندار اشعار الہامی کیفیت کے حامل دکھائی دیتے ہیں ۔ اللہ تعالی یونہی آپ کے لفظوں میں سوزِ آتش ِ دل کی بہار دکھاتا رہے۔۔ ہر ایک شعر پر دفتر کے دفتر لکھے جاسکتے ہیں ۔۔ کس کس شعر پر داد دوں ۔ہائے کیا کہا ہے ۔۔۔ ۔
تجھ سے رشتہ فقط روح کا تھا مگر
کھینچ لائی کہاں اشتہا، معذرت
ایسا شعر برسوں میں کہیں ہوتا ہے اور ایسی غزل کسی کسی کے نصیب میں آتی ۔معذرت ۔۔ کہ تبصرے کا حق نہیں ادا ہوسکا۔۔ معذرت ایک پھر معذرت
منصور بھائی! اس قدر خوبصورت اور حوصلہ افزا داد پا کر نہال ہو گیا ہوں۔ غزل کی قیمت وصول ہو گئی۔ ممنون ہوں۔
 
فاتح بھائی مزیدار مزیدار۔

بہت بہت داد قبول فرمائیے۔ واپ کیا ذہنِ رسا پایا ہے۔ کیا خوبصورت قوافی ہیں اور ردیف کے کیا کہنے۔ منصور بھائی کے مراسلے سے صد فیصد متفق۔
 

فاتح

لائبریرین
Top