تعارف آداب عرض ہے

سید رافع

محفلین
ہر شریف انسان کی طرح زبان ساتھ نہیں دیتی کہ کیا کہوں۔ میں کہنا ہے۔

بہرحال اگر آپ نہ مسکرانے اور قبولیت کمالات کا وعدہ کریں تو کچھ دیر کے لیے شرافت کی بلندی سے نیچے اتر آوں۔ میں عروس البلاد کراچی کی نمی سے نم اور دھول سے اٹھا ایک انجینیر ہوں۔ بیس برس ہوئے این ای ڈی سے مشینوں کو چلانے کی سعادت حاصل کی لیکن پچیس برس سے کمپیوٹر پروگرام بنا رہا ہوں۔ 16 برس میں ہوش سنبھالا تو اسلامی کتب کا سیاح بنا اور جماعت اسلامی، تنظیم اسلامی، دعوت اسلامی، منھاج القران، دارالعلوم کراچی اور نہ جانے کس کس کی سن اور مان ڈالی۔ لیکن وہی ڈھاک کے تین پات میں سنجیدہ ہوتے ہوئے بھی زیر لب مسکراتا رہا کہ سنجیدہ کیوں نہیں ہو رہا۔ اللہ نے تاحال شریف ہی رکھا ہے حالانکہ دو دھائیوں میں ہر خشک ملا، ظالم مجاہد اور جاہل صوفی کی کثیر صحبت میسر آئی۔

جس کو چاہا اسکو پا کر کھو دیا، چنانچہ ماہی بے آب ہوں۔ نہ محبت کا ڈھنگ کبھی آیا نہ سنجیدہ چال ہی چلنی آئی سو محبت کے ساتھ ساتھ دولت سے بھی محروم رہا۔ میں نے کئی ملکوں کے سفر کئے جن میں امریکہ، دبئی، ابو ذہبی، قظر اور سعودیہ شامل ہیں۔ لیکن مقدر ہر بار کھینچ کر روشنیوں کے شہر لے آیا۔

زمانہ طالب عملی میں کچھ مضامین یورنیورسٹی میگزین کے لیے لکھے اورکچھ روزنامہ جنگ کے لیے لیکن اب بانجھ پن ہے۔ امید ہے یہاں کچھ اچھے دوست بنانے کا موقعہ ملے گا۔ اللہ آپ کو سدا خوش رکھے۔
 
خوش آمدید، قبلہ!
ہر شریف انسان کی طرح زبان ساتھ نہیں دیتی کہ کیا کہوں۔ میں کہنا ہے۔
شریف آدمیوں کی تو نامساعد حالات میں عموماً ٹانگیں ساتھ نہیں دیتیں۔ خیر، جانے دیا!
بہرحال اگر آپ نہ مسکرانے اور قبولیت کمالات کا وعدہ کریں تو کچھ دیر کے لیے شرافت کی بلندی سے نیچے اتر آوں۔
آپ پہلے تو حقیقی دنیا میں تشریف لائیں۔ شرافت کی بلندی نامی کسی شے سے ابنائے زمان واقف نہیں۔
میں عروس البلاد کراچی کی نمی سے نم اور دھول سے اٹھا ایک انجینیر ہوں۔
آداب۔ ہمارے لیے کراچی کے سبھی علاقے بلاد العروس ہیں!
بیس برس ہوئے این ای ڈی سے مشینوں کو چلانے کی سعادت حاصل کی لیکن پچیس برس سے کمپیوٹر پروگرام بنا رہا ہوں۔
بیس پچیس کے اس چکر پہ بہت غور کرنے کے بعد آخر نظریۂِ اضافت پر ایمان لاتے ہی بنی!
16 برس میں ہوش سنبھالا تو اسلامی کتب کا سیاح بنا اور جماعت اسلامی، تنظیم اسلامی، دعوت اسلامی، منھاج القران، دارالعلوم کراچی اور نہ جانے کس کس کی سن اور مان ڈالی۔ لیکن وہی ڈھاک کے تین پات میں سنجیدہ ہوتے ہوئے بھی زیر لب مسکراتا رہا کہ سنجیدہ کیوں نہیں ہو رہا۔ اللہ نے تاحال شریف ہی رکھا ہے حالانکہ دو دھائیوں میں ہر خشک ملا، ظالم مجاہد اور جاہل صوفی کی کثیر صحبت میسر آئی۔
ہمیں اپنے مرشد یاد آ گئے۔ یہ ٹکڑا آپ کے تعارف میں نہ ہوتا تو آپ بہت عام آدمی ہوتے۔
جس کو چاہا اسکو پا کر کھو دیا، چنانچہ ماہی بے آب ہوں۔ نہ محبت کا ڈھنگ کبھی آیا نہ سنجیدہ چال ہی چلنی آئی سو محبت کے ساتھ ساتھ دولت سے بھی محروم رہا۔
تری چال ٹیڑھی تری بات انوکھی
تجھے میرؔ سمجھا ہے یاں کم کسو نے​
میں نے کئی ملکوں کے سفر کئے جن میں امریکہ، دبئی، ابو ذہبی، قظر اور سعودیہ شامل ہیں۔ لیکن مقدر ہر بار کھینچ کر روشنیوں کے شہر لے آیا۔
دبئی اور ابوظہبی کے الگ الگ ملک بن جانے کا سن کر دکھ ہوا۔
زمانہ طالب عملی میں کچھ مضامین یورنیورسٹی میگزین کے لیے لکھے اورکچھ روزنامہ جنگ کے لیے لیکن اب بانجھ پن ہے۔
روزنامہ جنگ کی حد تک تو ہم متفق ہیں۔ آپ کے بانجھ پن کا البتہ سوال ہی غلط ہے۔
امید ہے یہاں کچھ اچھے دوست بنانے کا موقعہ ملے گا۔
بری صحبت کا مزا اٹھایا ہوتا تو یہ بات نہ کرتے۔
اللہ آپ کو سدا خوش رکھے۔
تاریخ شاہد ہے کہ اتنے وسیع پیمانے پر دی گئی دعاؤں کو اللہ نے کبھی قبول نہیں کیا۔ بہرحال، آمین!
 
عاطف ملک

محفلین
محفل میں خوش آمدید زلفی صاحب!
انشااللہ آپ کو محفل سے اور ہمیں آپ سے استفادہ حاصل کرنے کا بھر پور موقعہ ملے گا۔
ہمیں اپنے مرشد یاد آ گئے۔
مرشدی! آپ کے بھی کوئی مرشد ہیں؟؟؟
مینوں تے لگدا سی تسی بے مرشدے او۔۔۔۔;)
دبئی اور ابوظہبی کے الگ الگ ملک بن جانے کا سن کر دکھ ہوا۔
اگر غور سے دیکھا جائے تو قلم کار نے "ابو ذہبی" کا ذکر کیا ہے جو غالباً کسی پرندے کے نام سے موسوم کسی ریاست کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔فقیر کی رائے یہ ہے کہ "مالٹا" جیسے پھل اور "چلی" جیسی سبزی کے نام سے ملک ہو سکتا تو "ککڑ" یا "مرغ" بھی شاید کسی ملک کا نام ہو :p
تاریخ شاہد ہے کہ اتنے وسیع پیمانے پر دی گئی دعاؤں کو اللہ نے کبھی قبول نہیں کیا۔
ہر بندے نوں اپنے ورگا نہ نہ سمجھیا کرو قبلہ!
قبول کرنے والے کیلیے کچھ بھی ناممکن نہیں :)
 
سید رافع

محفلین
ایسا کون سا آبِ حیات چاہتے ہیں جو اب تک ماہیِ بے آب ہیں؟
آپ نے صحیح سمجھا۔

شریف آدمیوں کی تو نامساعد حالات میں عموماً ٹانگیں ساتھ نہیں دیتیں۔ خیر، جانے دیا!
آپکا شریف آدمی آپکو بھاگنے پر مجبور کرتا ہے جبکہ ہمارا نہ بولنے پر۔

آپ پہلے تو حقیقی دنیا میں تشریف لائیں۔ شرافت کی بلندی نامی کسی شے سے ابنائے زمان واقف نہیں
آپ فرما تو رہے ہیں کہ تشریف لاتے ہی رخصت ہو جاتی ہے۔

آداب۔ ہمارے لیے کراچی کے سبھی علاقے بلاد العروس ہیں!
آپ نے کراچی کو سورج کی طرح دیکھا!

بیس پچیس کے اس چکر پہ بہت غور کرنے کے بعد آخر نظریۂِ اضافت پر ایمان لاتے ہی بنی!
آپ ابھی تک چکرائے ہوئے لگ رہے ہیں!

ہمیں اپنے مرشد یاد آ گئے۔ یہ ٹکڑا آپ کے تعارف میں نہ ہوتا تو آپ بہت عام آدمی ہوتے۔
16 برس میں ہوش سنبھالنا عام سی بات ہے آجکل تو 9 برس میں بھی آ جاتا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی تنظیموں اور مدرسوں کی باتوں پر کان لگانے والوں کو آپ خصوصیت سے یاد فرماتےہیں یا پھر ان کی سننے کے باوجود غیر سنجیدہ رہنے کو! بہرحال اسکی وضاحت تو آپ ہی فرما سکتے ہیں ورنہ دو دھائیوں تک خشک ملا، ظالم مجاہد اور جاہل صوفی کی کثرت صحبت شاعر کی صحبت سے زیادہ بیکار بنانے والی شئے ہے۔
تری چال ٹیڑھی تری بات انوکھی
تجھے میرؔ سمجھا ہے یاں کم کسو نے
ہم کہ سادہ لوح تھے، ہرگام پِٹ جاتے رہے
اور زمانہ؟ واسطہ جس سے رہا، ہُشیار تھا
دبئی اور ابوظہبی کے الگ الگ ملک بن جانے کا سن کر دکھ ہوا۔
شاید آپ نقشے کی لکیروں میں الجھے ہیں جبکہ میں دلوں کے فرق کو برت کر آ رہا ہوں۔ لیجیے آپ کا دکھ دوہرا کر دیا۔

روزنامہ جنگ کی حد تک تو ہم متفق ہیں۔ آپ کے بانجھ پن کا البتہ سوال ہی غلط ہے۔
سنا ہے اردو ویب میں بڑے باکمال طبیب لسان ہیں جن کی باتوں میں بانجھ سے شفاء ہے!

بری صحبت کا مزا اٹھایا ہوتا تو یہ بات نہ کرتے۔
آپ پہلے تو حقیقی دنیا میں تشریف لائیں۔ جی لے آیا۔

تاریخ شاہد ہے کہ اتنے وسیع پیمانے پر دی گئی دعاؤں کو اللہ نے کبھی قبول نہیں کیا۔ بہرحال، آمین!
آپ یہ نہ دیکھیں کہ دعا کس نے دی، یہ دیکھیں کہ آمین کس نے کہی ہے۔ غالب اور میر کی تاریخ سے یہی پتہ چلتا ہے لیکن کلیم اللہ اور حبیب اللہ کی تاریخ کچھ اور بتاتی ہے۔

اگر غور سے دیکھا جائے تو قلم کار نے "ابو ذہبی" کا ذکر کیا ہے جو غالباً کسی پرندے کے نام سے موسوم کسی ریاست کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔فقیر کی رائے یہ ہے کہ "مالٹا" جیسے پھل اور "چلی" جیسی سبزی کے نام سے ملک ہو سکتا تو "ککڑ" یا "مرغ" بھی شاید کسی ملک کا نام ہو :p
ککڑ، پھل، سبزی۔۔۔ کیا فقیر کے نام میں موجود بٹ حذف کر دیا گیا ہے؟:p
 
سید رافع

محفلین
خوش آمدید زلفی صاحب!
آداب محمد وارث صاحب۔

آداب

اُردو محفل میں خوش آمدید محترم
ڈاکٹر صاحب آداب عرض ہے۔

یوسف صاحب آداب

آداب عرض ہے۔

محفل میں خوش آمدید!!
آداب عرض ہے۔
محفل میں خوش آمدید!

آداب عرض ہے۔

اردو محفل پر خوش آمدید.
آداب عرض ہے۔ دعا ہے کہ محفل جمی رہے۔

خوش آمدید محترم زلفی.
آداب عرض ہے۔

ہر بندے نوں اپنے ورگا نہ نہ سمجھیا کرو قبلہ!
قبلہ اپنے جیسا ہی سمجھ لیں تو انکی بڑی مہربانی!

تمکو بھی۔
 
Top