لاہور( عظیم ایم میاں) امریکا نے ایک بار پھر ’’آزاد بلوچستان ‘‘ کی تحریک کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی جغرافیائی سلامتی کی واضح حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بلوچستان کی پاکستان سے علیحدگی اور آزاد بلوچستان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’ امریکا پاکستان کی جغرافیائی سلامتی کا احترام کرتا ہے ، ہماری انتظامیہ ( اوباما ) کی آزادی بلوچستان کی حمایت کی پالیسی نہیں ہے ‘‘۔ حال ہی میں امریکی کانگریس کے رکن لوئی گومرٹ کے بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرکے آزاد بلوچستان قائم کرنے کے حق میں دیئے گئے بیان کے بارے میں امریکی ترجمان نے کہا ’’ ہم رکن کانگریس گومرٹ کے بیان سے واقف ہیں اور اراکین کانگریس مختلف خیالات اور آراء کا اظہار کرتے رہتے ہیں لیکن ایسے بیانات کا مطلب ہر گز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ امریکی حکومت کی ان بیانات کو حمایت حاصل ہے ‘‘۔ امریکی ترجمان کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ بلوچستان میں آزادی کی تحریکوں کو امریکی حکومت کی حمایت حاصل ہونے کا تاثر غلط ہے اور اس بیان کا ایک مقصد بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے کیونکہ ایسی تحریک امریکی عالمی اور علاقائی مفادات کے خلاف ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچستان کے بارے میں اس سوال اور اسکے سرکاری جواب پر مبنی ایک پریس ریلیز بھی جاری کیا ہے ۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=171993
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=171993