آسیب زدہ اسکائیپ

سلمان حمید

محفلین
رات کے گیارہ بجے تھے شاید، یا کچھ منٹ اوپر یا نیچے ہوں گے۔ ٹھیک ٹھیک اس لیے نہیں بتا سکتا کہ کمرے میں گھپ اندھیرا تھا، میرے ایک بازو پر ارحم (سوا دو سالہ بیٹا) لیٹا ہوا تھا اور دوسرا بازو اس کے گرد حمائل تھا۔ موبائیل تین یا چار گز کے فاصلے پر ایک میز کے اوپر پڑا چارج ہو رہا تھا۔ اور میں ارحم کو دس بجے لے کر لیٹا تھا تو اندازے کے مطابق ایک گھنٹہ ہو چکا تھا۔ یہ وہ لمحات ہوتے ہیں جب میں اپنے بیٹے کو ہولے ہولے تھپک رہا ہوتا ہوں بلکہ یوں کہیے کہ ایک گھنٹے سے تھپک تھپک کر تھک چکا ہوتا ہوں اور اس کی آنکھیں ایسے کھلی ہوتی ہیں جیسے وہ گھپ اندھیرے میں چھت یا دیوار پر کسی چیز کو گھور رہا ہو۔ شاید اپنی ماما کی طرح کسی مکڑی کوخوفزدہ آنکھوں سے گھور گھور کر مار دینا چاہتا ہو (واضح رہے کہ اس کی ماما کے لیے مکڑی کو آنکھوں سے گھور گھور کر مار دینے کی اصطلاح اس لیے استعمال کی گئی ہے کیونکہ اس وقت محترمہ کی آواز خوف کے مارے بند ہو چکی ہوتی ہے اور جسم کانپ کانپ کر مزید ہلنے جلنے کی طاقت سے محروم ہو چکا ہوتا ہے) لیکن میں نے کئی بار ارحم کی نظروں کا تعاقب کیا ہے، وہاں دیوار پر کچھ نہیں ہوتا۔
کمرے کی دیوار پر آویزاں گھڑی کی ٹک ٹک ماحول کو مزید پر اسرار بنا رہی تھی، ایسے میں گھبرا کر میں نے ارحم کی آنکھوں پر تقریباً انیسویں بار ہاتھ رکھ دیے اور ہلکی سی آواز میں اسے ڈانٹ کر کہا کہ ارحم، آنکھیں بند کر لو بیٹا تو اس نے آنکھیں موند لیں، لیکن ہمیشہ کی طرح کچھ سیکنڈز کے بعد دوبارہ اس کی آنکھیں کھلی ہوئی تھیں۔
اتنے میں مجھے لگا جیسے ارحم کی آنکھیں بوجھل ہو رہی ہیں۔ میرا دل خوشی سے باغ باغ ہونے لگا۔ یہ رات کا وہ پہر ہوتا ہے جب مجھے سب سے زیادہ خدشہ اپنے موبائیل کے بجنے کا ہوتا ہے۔ موبائیل پڑا بھی میز پر تھا جس کے لرزنے (وایئبریٹ کرنے) کا شور بھی کافی ہونا تھا۔ اسی اثنا میں ایک عجیب و غریب واقعہ ہوا۔ موبائیل سے کسی کو کال ملنے لگی، ٹون، ٹون کی دوسری آواز پر ارحم کے حساس کان کھڑے ہو گئے اور اس نے موبائیل کی طرف انگلی اٹھا کر اوں کی آواز نکالی، میں نے اسے بازو میں بھینچ کر اپنے ساتھ لگا لیا اور اس کی ماما کی طرف دیکھنے لگا کہ شاید اس نے کال ملائی ہو مگر نہیں، وہ تو نیند کی وادیوں میں تھی اور پھر چوتھی ٹون کے بعد میرے لاہور والے کزن نے اسکائیپ پر کال اٹھا لی۔ وہ ابھی طالبعلم ہے جو رات بھر جاگتا ہے اور دن بھر سوتا ہے۔
ہیلو۔۔۔ہیلو۔۔۔ہیلو۔۔۔ہیلو
شاید چار بار ہی ہیلو کہا اس نے اور کال بند کر دی، پھر کچھ سیکنڈز بعد اس کا میسیج آنے پر موبائیل ہلکا سا لرزا۔ خیر آدھ گھنٹے بعد جب میں ارحم کے سو جانے کے بعد بستر سے اٹھا تو اپنے کزن کو (دوبارہ) کال کی لیکن وہ شاید سو چکا تھا۔
اگلے دن یہ واقعہ اپنی بیگم کو بتایا تو وہ یکدم چیخی کہ ایسا ایک بار اس کے ساتھ بھی ہو چکا ہے اور میں اس وقت دوسرے کمرے میں تھا اور میرا موبائیل اسی میز پر پڑا تھا۔ اور اس وقت کال میری بھانجی کو مل گئی تھی اور اس نے اٹھا بھی لی تھی اور بیگم نے مجھے لا کے فون دے دیا تھا لیکن بتانا بھول گئی کہ کال خود ہی مل گئی، وہ سمجھی تھی ک شاید پاس کھیلتے ارحم نے ہاتھ مار دیا ہو گا۔ میری بیگم نے کانپتی ہوئی آواز میں مجھے بتایا کہ مان اس دن بھی موبائیل اسی میز پر پڑا تھا اور ساتھ والی کھڑکی کھلی تھی۔
میں نے اس کی طرف دیکھا اور آواز کو بھاری کر کے کہا، "یعنی کہ کھلی ہوئی کھڑکی سے کسی کا کٹا ہوا ہاتھ آیا ہو گا اندر اور۔۔۔؟" اور دھپ کی آواز کے بعد میں اپنا کندھا سہلاتے ہوئے اپنی بیگم کو منانے میں لگ گیا۔

کیا کسی اور کے پاس ایسا آسیب زدہ اسکائیپ ہے؟ یا کوئی ایسے کسی بابے کو جانتا ہو جس سے میں اپنے اسکائیپ کی ایک دم کال ملنے کے لیےایک دم کروا لوں؟
 
آخری تدوین:

رانا

محفلین
بہت خوب۔ بہت عمدہ منظرکشی کی ہے۔:)
ہماری بھی بڑی خواہش ہے کہ کبھی کسی آسیب زدہ شے سے واسطہ پڑے لیکن آسیب ہمیں گھاس ہی نہیں ڈالتے۔:)
 
ماہی احمد

لائبریرین
سلمان حمید بھیا جی بہت دنوں بعد نظر آئے پر کیا ہی مزے کی بات سنائی:)۔ اور فکر مت کریں ہو سکتا ہے اُس (آسیب یا وٹ ایور) کے موبائل کی بیٹری ڈاون ہو اور کال بہت اہم ہو اس لئیے اس نے آپ کے موبائل سے کال ملانے کی کوشش کر لی:p۔ آخر ان لوگوں کو بھی تو رشتے ناتے نبھانے ہوتے ہیں نا۔ :heehee:
 
قیصرانی

لائبریرین
رات کو سوتے وقت اس طرح کی حرکات سے بچنے کے لئے فون کو میوٹ کر کے وائبریشن بھی آف کر دیں، یا پھر اینڈرائیڈ ہے تو رنگ ٹون رہنے دیں، دیگر تمام نوٹیفیکیشن آف کر دیں یا پھر ایئرپلین موڈ تو کہیں نہیں گیا
جب سے مائیکروسافٹ نے سکائپ خریدا ہے، اب یہ تھوک کے بھاؤ بِکتا اور بَکتا ہے :(
 
قیصرانی

لائبریرین
باقی اگر آسیب کو دم کرانا ہے تو وائی فائی اور ڈیٹا ٹرانسفر آف کر کے سویا کریں۔ یہ میرا صدری نسخہ ہے۔ بڑے سے بڑا آسیب بھی اسے نہیں توڑ سکتا :p
 
نایاب

لائبریرین
سکائپ کانٹیکٹس کو خود بخود سکائپ میسنجر سے کال کا ملنا ۔۔۔۔۔؟
موکلات کو شش جہات میں دوڑانے بھگانے کے بعد یہ مشورہ ملا کہ ۔۔۔۔۔۔
کم از کم اک مرتبہ کامل سورت البقرہ کی با آواز بلند تلاوت " بذات خود یا کوئی دوسرا فرد یا بذریعہ ریکارڈنگ کسی کیسٹ یا سی ڈی پلیئر " احسن عمل ہوگا ۔
ساکنین کو اطمینان و سکون حاصل ہوگا ۔۔۔ ڈر وہم بھاگ جائے گا ۔۔۔۔۔
میز کی ڈائریکشن اور جگہ میں تھوڑی سی تبدیلی بھی اگر کر لی جائے تو کوئی مضائقہ نہیں ۔ ۔۔۔۔۔۔
بہت دعائیں
 
سلمان حمید

محفلین
بہت خوب۔ بہت عمدہ منظرکشی کی ہے۔:)
ہماری بھی بڑی خواہش ہے کہ کبھی کسی آسیب زدہ شے سے واسطہ پڑے لیکن آسیب ہمیں گھاس ہی نہیں ڈالتے۔:)
اجی بھاڑ میں گئی منظر کشی، میری جان نکل گئی تھی :p
آپ کو چاہئے میرا اسکائیپ؟ یا قیصرانی بھائی کے بقول کوئی بھی کر لیں، ایسا ہی نکلے گا انشاءللہ :rollingonthefloor:
 
سلمان حمید

محفلین
سلمان حمید بھیا جی بہت دنوں بعد نظر آئے پر کیا ہی مزے کی بات سنائی:)۔ اور فکر مت کریں ہو سکتا ہے اُس (آسیب یا وٹ ایور) کے موبائل کی بیٹری ڈاون ہو اور کال بہت اہم ہو اس لئیے اس نے آپ کے موبائل سے کال ملانے کی کوشش کر لی:p۔ آخر ان لوگوں کو بھی تو رشتے ناتے نبھانے ہوتے ہیں نا۔ :heehee:
بس پیاری بہنا اسی آسیب نے چکر چلا رکھا تھا اور چلہ کاٹ رہا تھا تبھی دیر سے آیا :p
تو بندہ (آسیب بھائی جان) پوچھ کر کال کر لے، میں نے منع تھوڑی کرنا تھا۔ ہاں لیکن اگر انٹرنیشنل (کوہ کاف) کال کرنے کا پوچھتا تو لازماً منع کر دیتا شاید اسی لیے اسکائیپ استعمال کیا اس نے :confused:
 
سلمان حمید

محفلین
رات کو سوتے وقت اس طرح کی حرکات سے بچنے کے لئے فون کو میوٹ کر کے وائبریشن بھی آف کر دیں، یا پھر اینڈرائیڈ ہے تو رنگ ٹون رہنے دیں، دیگر تمام نوٹیفیکیشن آف کر دیں یا پھر ایئرپلین موڈ تو کہیں نہیں گیا
جب سے مائیکروسافٹ نے سکائپ خریدا ہے، اب یہ تھوک کے بھاؤ بِکتا اور بَکتا ہے :(
وہ کیا ہے کہ یہ واقعہ دن میں بھی پیش آ چکا ہے تو اب میں کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے کی بجائے، آسیب کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتا ہوں۔
جی بالکل ٹھیک سمجھے آپ، اسکائیپ ہی اڑا دیتا ہوں۔ کیا کہتے ہیں :cool:
 
سلمان حمید

محفلین
سکائپ کانٹیکٹس کو خود بخود سکائپ میسنجر سے کال کا ملنا ۔۔۔ ۔۔؟
موکلات کو شش جہات میں دوڑانے بھگانے کے بعد یہ مشورہ ملا کہ ۔۔۔ ۔۔۔
کم از کم اک مرتبہ کامل سورت البقرہ کی با آواز بلند تلاوت " بذات خود یا کوئی دوسرا فرد یا بذریعہ ریکارڈنگ کسی کیسٹ یا سی ڈی پلیئر " احسن عمل ہوگا ۔
ساکنین کو اطمینان و سکون حاصل ہوگا ۔۔۔ ڈر وہم بھاگ جائے گا ۔۔۔ ۔۔
میز کی ڈائریکشن اور جگہ میں تھوڑی سی تبدیلی بھی اگر کر لی جائے تو کوئی مضائقہ نہیں ۔ ۔۔۔ ۔۔۔
بہت دعائیں

آپ کے موکل سچ کہہ رہے ہیں؟ میز تو میں اٹھا کر باہر بھی پھینک سکتا ہوں اگر بھوت اسی پر براجمان ہے۔ لیکن سورہ البقرہ تھوڑی لمبی ہے، کوئی چھوٹی والی بتائیں نا۔ سورہ الناس چلے گی؟
 
سید فصیح احمد

لائبریرین
واہ ،،، کیا کمال منظر کشی ہے سلمان بھائی !! ،،، مُجھے تو لگا میں خود اُس فون کو خود سے رِنگ ہوتے دیکھ رہا ہوں ،،، بلکہ میرے تصوراتی پردے پر تو اُس کا مینو بھی خود ہی گھوم رہا تھا :( ۔۔۔۔۔ سلامت رہیں ،، خیر ہو :) :)
لیکن مزاح کی بابت تو ایک طرف ،، مجھے ایسا کوئی واقعہ سننے کو نہیں ملا مگر اس کی 2 صورتیں ہو سکتی ہیں:

1) یہ کسی قسم کا ہیک اٹیک ہو ( میرا گُمان کسی بیچ فائل کی طرف جاتا ہے ) بیچ فائل بِنا چھیڑے کیسے متحرک ہوئی ؟ تو یہ حرکت برقی گھڑی سے بھی باندھی جا سکتی ہے۔ جیسے ٹروجنز سے بنایا جانے والا وہ وائرس جو اپنے مخصوص وقت پر ہی متحرک ہوتا ہے۔

2) قیصرانی بھائی کی تجویز قابلِ غور ہے ،، مائکرو سافٹ کی پروڈکٹس مستحکم نہیں ،،، جب سے اس نے مداخلت کی اس کے بعد کا یہ کوئی بگ بھی ہو سکتا ہے۔

جو بھی ہے اللہ آپ اور اہلِ خانہ کو اپنی امان میں رکھے، ثُم آمین !!
 
سلمان حمید

محفلین
واہ ،،، کیا کمال منظر کشی ہے سلمان بھائی !! ،،، مُجھے تو لگا میں خود اُس فون کو خود سے رِنگ ہوتے دیکھ رہا ہوں ،،، بلکہ میرے تصوراتی پردے پر تو اُس کا مینو بھی خود ہی گھوم رہا تھا :( ۔۔۔ ۔۔ سلامت رہیں ،، خیر ہو :) :)
لیکن مزاح کی بابت تو ایک طرف ،، مجھے ایسا کوئی واقعہ سننے کو نہیں ملا مگر اس کی 2 صورتیں ہو سکتی ہیں:

1) یہ کسی قسم کا ہیک اٹیک ہو ( میرا گُمان کسی بیچ فائل کی طرف جاتا ہے ) بیچ فائل بِنا چھیڑے کیسے متحرک ہوئی ؟ تو یہ حرکت برقی گھڑی سے بھی باندھی جا سکتی ہے۔ جیسے ٹروجنز سے بنایا جانے والا وہ وائرس جو اپنے مخصوص وقت پر ہی متحرک ہوتا ہے۔

2) قیصرانی بھائی کی تجویز قابلِ غور ہے ،، مائکرو سافٹ کی پروڈکٹس مستحکم نہیں ،،، جب سے اس نے مداخلت کی اس کے بعد کا یہ کوئی بگ بھی ہو سکتا ہے۔

جو بھی ہے اللہ آپ اور اہلِ خانہ کو اپنی امان میں رکھے، ثُم آمین !!
میں آپ کے دونوں نقطوں سے اتفاق کرتا ہوں لیکن اگر ایسا تیسری بار ہوا تو مجھے گھر بدلنا پڑ جائے گا اور ہفتے دو ہفتے میں مکڑی آجانے کے بعد میری بیگم کو قوی بہانہ مل جائے گا گھر بدلنے کے لیے ضد کرنے کا۔
تو اس کا فوری حل؟ اسکائیپ اڑا کے دوبارہ کر لوں؟
 
Top