تبصرہ کتب ابن صفی کے کردار علی عمران کا مفصل تجزیہ(ڈاکٹر حامد حسن، بہاولپور)

شکیب

محفلین
علی عمران...... میری نظر میں!
ڈاکٹر حامد حسن : بہاولپور

مختصر تعارف: علی عمران ایم ایس سی، پی ایچ ڈی (آکسن) چیف آف سکریٹ سروس۔

کرم رحمان، محکمہ خُفیہ(انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ ) کے سربراہ، عمران کے والد گرامی ہیں۔ جس وقت عمران کی پیدائش ہوئی اس وقت رحمان اِسی محکمہ خفیہ میں انسپکٹر تھے۔ بعد میں اپنی محنت کے بل پر ترقی کرتے ہوئے سربراہی تک آن پہنچے۔ آج دنیا انھیں ”کرم رحمان“ سربراہ محکمہ خفیہ (ڈائریکٹر انٹیلیجنس) کی حیثیت سے جانتی ہے(کچھ لوگ عبدالرحمان بھی کہتے ہیں جو کہ غلط ہے)۔ بیٹے کے لئے وہ روائتی جاگیردار ہیں (کیونکہ خاندانی جاگیردار ہی ہیں، سونے پر سہاگہ یہ کہ چنگیزی النسل ہیں) لہٰذا چاہتے ہیں کہ بیٹا ”ملازم“ کی طرح جی حضوری کرتا رہے۔
والدہ کا نام تو شاید صرف رحمان صاحب ہی جانتے ہونگے ورنہ باقی سب بچے اور بڑے انھیں اماں بی اور بڑی بیگم ہی بلاتے ہیں۔ انتہائی محبت کرنے والی اور جذباتی، لیکن صرف خانہ داری کر نے والی خاتون ہیں۔ بیٹے عمران اور بیٹی ثریا سے بہت پیار کرتی ہیں۔ جب عمران کی الٹی سیدھی حرکتوں کو برداشت نہیں کر سکتیں تو اپنا جوتا اتار کر عمران کی (مقدور بھر) خوب پٹائی کرتی ہیں۔
بہن ثریا، بھائی سے پیار تو بہت کرتی ہے لیکن چنگیزی باپ کی چنگیزی بیٹی کسی سے ہار نہ ماننے والی ہے۔ اس لئے بھائی کے ساتھ اکثر جھگڑا ہی کرتی رہتی ہے۔ گھر میں اور بھی دو چار عم زاد بہنیں ہیں جو ثریا کے ساتھ مل کر عمران کو تنگ کرتی رہتی ہیں اور حظ اٹھاتی ہیں۔
عمران کی ایک صلاحیت جو بچپن سے دی گئی وہ یہ کہ اکثر کسی کام کو ایک ہی بار دیکھ کر سیکھ جانا تھی۔ کبھی ہی کچھ ایسا ہوتا جو ایک بار سے زیادہ دیکھنا یا سمجھنا پڑتا۔ مزاجاً عمران بچپن سے ہی خوش اخلاق اور پر مزاح تھا لیکن گھر والوں کی سختی اسے غیر سنجیدگی میں ڈھالنے لگی۔ رحمان صاحب اپنا حکم نافذ کرتے اور گھر والوں پر فرض ہو جاتا کہ عملدرآمد کیا جائے ورنہ سزا ملا کرتی۔ اس سختی کا نتیجہ یہ نکلا کہ عمران رحمان صاحب کے سامنے ان کا غلام بن کر رہتا اور ان کی پیٹھ پیچھے خوب ہلا گلا کرتا۔ اماں بی کی جوتیاں اس روش کو اور پختہ کرنے لگیں۔ پھر سکول جانا ہوا، مشنری سکول۔ والد صاحب نے داخل کرا دیا اور بے فکر ہو رہے کہ بیٹا پڑھ لکھ گیا۔ مشنری سکول میں پڑھائی تو اچھی ہوئی لیکن ایمان پر ضرب پڑی کیونکہ وہاں پڑھایا جاتا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں (نعوذبااللہ) جبکہ اماں بی کہتی تھیں کہ اللہ ایک ہے اس کا کوئی ہمسر نہیں۔ سکول میں اللہ کا ”لم یلد ولم یولد“ ہونا کہتا تو ڈانٹ پڑتی گھر میں حضرت عیسٰی علیہ السلام کا پوچھتا تو اماں بی کا تھپڑ حال پوچھتا۔ رحمان صاحب کا ایمان تھا کہ میں مسلمان ہوں تو میرا بیٹا بھی مسلمان ہی رہے گا۔ لہٰذا بیٹا رہا تو مسلمان لیکن مذہب سے بیگانہ ہو گیا اور آہستہ آہستہ مزاج میں لاپرواہی اترتی چلی گئی۔ جیسے جیسے رحمان صاحب کی ترقی ہوتی گئی ویسے ویسے سختی میں بھی اضافہ ہوا اور عمران کے مزاج میں دوہرا پن پیدا ہوتا گیا۔
رحمان صاحب کے سامنے سیدھا سادھا اور ان کے بعد من موجی۔ ہر بات اور ہر معاملے کو غیر سنجیدہ لینا اور لاپروائی برتنا عمران کی عادت ہو گئی۔ جب دسویں امتیازی حیثیت سے پاس ہو گئی تو والد صاحب کا حکم جاری ہوا کہ ”ولائت سے اعلٰی تعلیم حاصل کی جائے“، لہٰذا جانا پڑا۔
اور پھر انگلستان کی فضاؤں نے عمران کو وہ سب عطا کیا جو کچھ اس کی خواہش تھا۔ حالانکہ رحمان صاحب نے یہاں بھی اپنا رعب جاری رکھنے کے لئے بیٹے کو اپنے ہی ایک دوست کے حوالے کیا تھا جو کہ پولیس چیف تھے۔ لیکن عمران کے لئے اچھا یوں ہوا کہ ”سر ڈیکن“ جاگیردار نہیں بلکہ لارڈ تھے۔ کالج اور یونیورسٹی سے سائنس کی ڈگریاں پھر کیمسٹری میں ڈاکٹریٹ، ان آٹھ سالوں میں انھوں نے جانچ لیا کہ پکا جاسوس کا پٹھا ہے اور جاسوسی کے جراثیم بکثرت ہیں تو جُرمیات (کرِمنالوجی) میں ماسٹرز کرایا، اپنے محکمے کے حل شدہ کیس تجزیہ کراتے رہتے۔عملی مشق کے لئے نئے کیس عمران کے سامنے پیش کر کے حل طلب کرتے اور خوش ہوتے کہ عمران کا دیا گیا مشورہ ہمیشہ کارگر ہوتا۔
یہاں عمران کی ایک اختراع سامنے آتی ہے جو کہ بعد میں عمران کا خطاب یا لقب قرار پائی یعنی ”پرنس آف ڈھمپ“۔ انگلستان کے لارڈ کے گھر کا فرد، شاہانہ رکھ رکھاؤ اور انگریز نوابین کے مابین تقریبات میں اپنا تعارف بحیثیت شہزادے کے کرانا ایک ضرورت تھی۔ بلاشبہ نواب یا جاگیردار خاندان سے تھا۔ لیکن ”پرنس آف ڈھمپ“ کچھ الگ تھا جو سننے والے کو ایک لمحے کے لیے تو ضرور ورطہ حیرت میں ڈال دیتا تھا۔ جب ”ڈھمپ“ کا محلِ وقوع پوچھا جاتا تو جواب ملتا، ”ہمالیہ کی ترائی میں ایک آزاد ریاست ہے جو نہایت کٹھن راہ گزار کی وجہ سے دنیا سے منقطع ہے“۔ لیکن عمران کے نزدیک اس کی ”عمرانیت“ کا عظیم شاہکار ہے۔ مطلب یہ کہ لفظ ”ڈھمپ“ صوتی تاثر کی ایک علامت ہے اور کچھ بھی نہیں۔
”جیسے کوئی بھاری چیز نیچے گرے اور آواز آئے... ڈھمپ!....“
انھیں دنوں سنگ ہی جیسے بین الاقوامی مجرم سے سامنا ہوا اور وہ عمران کو پولیس چیف کے پردے سے باہر کھینچ لایا۔ چونکہ ان دنوں سنگ ہی سے دوستی تھی اس لئے عمران ”چچا بھتیجے“ کا رشتہ استوار کر کے سنگ ہی کا زبردستی کا شاگرد بن بیٹھا۔ پھر دو چار روز میں ہی چچا کو حیران بھی کر دیا۔ سنگ ہی نے عمران کو اپنا جانشین بنانا چاہا تو عمران نے شرط رکھ دی کہ جرائم چھوڑ دیں تو میں حاضر ہوں۔ اس بات پر سنگ ہی نے چیلنج کر دیا اور نے بھی ضد بنا لی پس یہ جنگ آج بھی اسی بات کے لیے جاری ہے۔ اس شاگردی میں عمران کو دو تحفے ملے، ایک پستول کی گولیوں سے بچنے کا فن اور دوسرا جسم کی تمام رگوں کا علم۔ بعد میں سنگ ہی سے چھپنے کے لئے میک اپ کا طریقہ اور پھر جدید فنون حرب۔ بعد ازیں ان سب پہ بہت محنت کر کے عمران نے خود کو پختہ تر کر لیا۔
لندن کے دنوں کا سب سے بڑا تحفہ جو عمران کو ملا وہ تھا ایک حماقتوں سے بھرپور شخصیت کا لبادہ۔ ہر وقت ہر لمحہ حماقتوں کا ظہور لازم و ملزوم ٹھہرا۔ دوست، احباب اور (سر ڈیکن کے علاوہ) تمام گھر والے عمران کو احمق گردانتے اور اس کی حماقتوں سے لطف اندوز ہوتے۔ بہرحال جب عمران واپس آنے لگا تو لندن کے پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنے سب سے بہترین جاسوس و کارکن کو وداع کیا۔ اِدھر پردیس سے واپسی پر محکمہ خفیہ کے سربراہ نے اپنے ”ناکارہ“ بیٹے کا استقبال کیا۔ ناکارہ اس لئے کہ جب والد محترم نے بیٹے کو کہا کہ اب یونیورسٹی میں لیکچرار ہو جاؤ تو بیٹے نے کچھ حماقتوں کے درمیان اس انداز میں انکار کیا کہ ”کرم رحمان“ چراغ پا ہو گئے اور غصے کی شدّت سے کچھ کہہ ہی نہ پائے۔ ”بچے پڑھا لوں گا... بوڑھے مجھ سے نہیں پڑھائے جاتے....“ یہ جملہ ”ہٹلر“ کو ”منہ چڑانے والا“ ہی تھا، تو ہٹلر جیسے والد کہاں برداشت کر سکتے تھے۔ پھر معمول ہی ہو گیا کہ باپ کے سامنے خوب حماقتیں کی جاتیں۔ نتیجتاً ”رحمان صاحب“ کو اپنے بیٹے کے لئے ”ناکارہ“ کے الفاظ ایجاد کرنے پڑے اور عمران پر ”ناکارگی“ کی مہر ثبت ہو گئی۔
گھر میں صورتحال یہ تھی کہ سب کو یقین تھا کہ چھوٹے صاحب کو بہت زیادہ پڑھائی کرنے کی وجہ سے کوئی دماغی خلل واقع ہو گیا ہے اور احمق ہو گئے ہیں۔ ماں بیٹے کو اپنے سامنے پا کر خوش تھی، بہن ثریا بھائی کی حرکتوں سے تنگ رہتی، عم زاد بہنیں حماقتوں سے لطف اندوز ہوتیں اور ملازمین عمران کے بھولپن سے اپنی مطلب براری کرتے۔ رحمان صاحب کو یہ سب پسند نہیں تھا لیکن وہ اماں بی کی وجہ سے چپ ہو جاتے۔ عمران اپنی احمقانہ حرکات سے بہنوں کا ناک میں دم کرتا، بھولپن دکھا کر ملازمین کو ناکوں چنے چبواتا اور گفتگو کے دوران ہکلا ہکلا کر اور غلط الفاظ بول کر مخاطب کو اپنے ہی بال نوچنے پر مجبور کر دیتا۔ ان سب کا مقصد صرف یہ تھا کہ کوئی ان کو کسی کام سے نہ ٹوکے۔
نہ جانے کیسے عمران کو انسپکٹر فیاض کا علم ہوا کہ محکمہ خفیہ میں سفارشی بھرتی شدہ ہے اور کارکردگی میں "روایتی" پولیس والا۔ لہٰذا اس سے دوستی کا تعلق بنا لیا۔ لطیفے، مزاحیہ حرکات اور ہنسی فیاض کو عمران کے پاس کھینچ لائے۔ فیاض جب بور ہوتا یا کبھی دوستوں میں اپنا مقام بنانا ہوتا تو عمران کو ساتھ لے جاتا اور دوستوں میں ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کے بیٹے سے نجی تعلقات کے نہ صرف ثبوت پیش کرتا بلکہ ثابت کرتا کہ رحمان صاحب کا بیٹا اس سے کتنا گھل مل کر رہتا ہے۔ اسی چکر میں جب عمران نے اس کے ایک دو کیس نمٹائے تو اس کی لاٹری نکل پڑی۔ ہر کیس لے کر کوٹھی میں آ دھمکتا۔ عمران پہلے تو ہر طرح سے اس کا ساتھ دیتا رہا پھر اپنی حرکتوں سے زچ بھی کرنا شروع کردیا۔ دو سے چار، چار سے آٹھ اور پھر آٹھ سے نہ جانے کتنے کیس حل ہوئے اور انسپکٹر صاحب ترقی کرنے لگے۔ فیاض افسران کی آنکھوں کا تارا ہوا اور اس کی عمران کے ساتھ دوستی ”مُریدی“ میں بدل گئی۔
افسران کیس فیاض کے حوالے کرتے اور وہ آ کر عمران کے پاؤں پڑ جاتا، ہر طرح سے خوشامد کرتا اور جواب میں ہر قسم کی ذلت برداشت کرتا کیونکہ جانتا تھا کہ پکی پکائی کھیر اس کے حوالے کی جائے گی۔ حل شدہ کیس لے لے کر فیاض انسپکٹر سے کیپٹن کے عہدے تک پہنچ گیا۔ لیکن یہ سلسلہ آخر کب تک چلتا افسران کو شک ہوا اور فیاض پر نظر رکھی جانے لگی۔ محکمہ خارجہ کے سیکرٹری سر سلطان جو نہ صرف رحمان صاحب کے دوست تھے بلکہ خاندانی تعلقات بھی رکھتے تھے عمران کو کسی تقریب میں ملے اور انھیں عمران کے سلسلے میں کوئی اچنبھا ہوا کیونکہ انھیں محکمہ خارجہ کے لئے ایک خفیہ سروس بنانے کا حکم ہوا تھا اور وہ فیاض کی چھان بین میں عمران کا نام سن چکے تھے لیکن ملاقات ہونے پر عمران کے ظاہر نے انھیں مایوس کیا تھا۔ اتفاق سے محکمہ خارجہ کے کچھ کاغذات گم ہوئے جن کی تلاش کا کام محکمہ خفیہ کے کامیاب رکن کیپٹن فیاض کو دیا گیا۔ فیاض نے کونسا خود کچھ کرنا تھا، عمران کو بہ ہزار دقت آگے کیا اور عمران سر سلطان کی نظروں میں بھی آ گیا۔ فیاض کا راز کھُل گیا اور عمران کو سر سلطان اور چند دوسرے ”بڑے“ افسران کے کہنے پر اپنے باپ کے محکمہ میں ہی ”سپیشل آفیسر“ کے طور پر کام کرنے کی حامی بھرنی پڑی اور یہ وہ موقع تھا کہ جس کا رحمان صاحب کو وہم تک نہیں تھا۔ انھیں تو اس وقت بہت زیادہ حیرت ہوئی جب عمران نے حکمنامہ ان کے سامنے رکھا اور کام شروع کر دیا۔ پہلے تو یقین ہی نہ آیا لیکن پھر والد صاحب کو اپنا ناکارہ بیٹا اپنی ملازمت میں ”قبولنا“ پڑا کیونکہ حکم اوپر سے آیا تھا۔
فیاض کی قلعی کیا کھُلی مصیبت در مصیبت یہ ہوئی کہ محکمہ میں عمران ”سوکن“ بن کر وارد ہو گیا۔ اس پر طرہ یہ کہ صرف ڈائریکٹر صاحب کو جوابدہ تھا دوسرا کوئی اسے کچھ نہیں کہہ سکتا تھا۔ پس وہ وہ کیس کھُلنے لگے جو کبھی کے بند پڑے تھے۔ رحمان صاحب پر بیٹے کے جوہر عیاں ہو رہے تھے لیکن دل ماننے کو تیار نہیں تھا۔ پھر ایک کیس ایسا ہوا کہ رحمان نے ڈائریکٹر انٹیلی جنس بن کر اپنے ماتحت کو حکم جاری کردیا کہ استعفی لکھ دو۔
ہوا یہ کہ ایک مجرم کو پکڑنے کے لئے عمران نے بھیس بدل کر ایک لڑکی ”روشی“ کے ساتھ مل کر مجرم کو چیلنج کیا اور اسے اس کے بل سے نکال کر قابو کر لیا۔ ڈائریکٹر صاحب کو طریقہ کار پسند نہ آیا تو بیٹے کو آفس بلا کر استعفی لکھنے کا کہا اور بولے، گھر جاؤ۔ جب پتا چلا کہ روشی بھی عمران کے ساتھ آ گئی ہے تو اسی وقت حکم دیا کہ اپنا ٹھکانہ ڈھونڈ لو تم پر کوٹھی کے دروازے بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔ اماں بی نے خوب احتجاج کیا لیکن اب کی بار چنگیزی خون کا جوش ٹھنڈا نہ ہوا اور کوٹھی کو وداع کرنا پڑا۔ نیا ٹھکانہ بنانا کونسا مشکل تھا۔ فیاض کو پکڑا اور اس کے دو چار ”قبضہ شدہ“ فلیٹس میں سے ایک فلیٹ لے کر رہائش کر لی۔ فیاض نے بھی بخوشی ایک فلیٹ دے دیا کیونکہ محکمے سے عمران رخصت ہو رہا تھا اور اب وہ وہاں کا واحد شیر تھا۔ کوٹھی سے بےشک رابطہ ختم ہو گیا تھا لیکن ایک ملازم سلیمان عمران کو چھوڑنے پر تیار نہیں تھا اس لیے وہ بھی کوٹھی سے فلیٹ میں منتقل ہو گیا۔ ہو سکتا ہے سلیمان اماں بی کی طرف سے عمران کا خیال رکھنے کے لیے بھیجا گیا ہو۔ بہرحال سلیمان وہ شخص ہے جو بظاہر ایکسٹو کے راز سے واقف محسوس ہوتا ہے۔ لیکن درحقیقت وہ صرف ملازم قسم کا سچا انسان ہے جسے اپنے صاحب (مالک) کی ہر چیز کا خیال رکھنا ہے اور بس۔ یہ اور بات ہے کہ وہ عمران کا مزاج آشنا بن چکا ہے اور اس کی ہر قسم کی حماقت کا ساتھ دینا اپنا فرض سمجھتا ہے چاہے اس میں کسی کو تنگ کرنا بھی شامل ہو یہاں میری مراد فیاض سے بھی ہے۔
اب آگے بڑھتے ہیں، سر سلطان ایک مصیبت میں مبتلا ہو گئے۔کسی نے ان کی تحویل میں دئیے گئے کچھ کاغذات چوری کئے نہ صرف یہ بلکہ صورتحال ایسی بنا دی کہ صاف پتا چلتا کہ سر سلطان نے کاغذات خود فروخت کئے ہیں اور راز رکھنے کے لئے ایک قتل بھی فرما چکے ہیں۔ اب یہ اتفاق تھا کہ عمران وہیں موجود تھا اور باقاعدہ تحقیق و سُراغ کے بعد مجرم پکڑ لیا۔ سر سلطان کی جان کیا بچی انھوں نے عمران کے سر محکمہ خارجہ کی خفیہ سروس کی سربراہی تھوپ دی۔ عمران نے دو شرائط رکھیں اور منظور ہونے پر پیشکش قبول کر لی۔ پہلی شرط یہ تھی کہ چیف آفیسر خفیہ رہے گا اور کوئی اس کے نام پتہ سے آگاہ نہیں ہو گا۔ دوسری شرط یہ کہ ٹیم کی سلیکشن عمران یعنی چیف خود کرے گا۔ پس سکریٹ سروس کی بنیاد ڈالی گئی اور دو ممبران جعفری اور ناشاد (جو پہلے ہی فیاض کے سلسلے میں کام کر چکے تھے) کے بعد خاور، نعمانی، چوہان، تنویر اور صدیقی ملٹری سروس سے سکریٹ سروس میں لئے گئے اور جولیا نامی لڑکی کو باہر سے چھان بین کر کے ٹیم میں بطور پی اے شامل کیا گیا۔ یہاں ایک بات کی وضاحت ضروری ہے اور وہ یہ کہ جعفری اور ناشاد کی تحقیق صرف فیاض تک محدود رہی تھی، عمران کا صرف نام سامنے آیا تھا کہ اس کی پشت پر کوئی "علی عمران" ہے۔ سرسلطان کے سامنے تو عمران بعد میں آیا۔ دوسری بات یہ کہ اگر وہ عمران کے سامنے آتے تو کیا عمران ان کی چٹنی مربہ نہ بنا دیتا؟
سکریٹ سروس کا ڈھانچہ عمران نے یہ بنایا تھا کہ آٹھ ممبران کی ٹیم میں سے لڑکی یعنی جولیا بطور سیکرٹری چیف سے ممبران کےرابطے کا کام کرے گی باقی سات ممبران سارا کام کریں گے۔ چیف سے نہ ہی ممبران اور نہ ہی اعلٰی افسران میں سے کوئی واقف ہو گا۔ خود عمران نے کیونکہ روشی کے ساتھ مل کر ایک پرائیویٹ جاسوس کے طور پر کام شروع کیا ہوا تھا اور اسی حیثیت سے مشہور بھی ہو گیا تھا، اس لئے خود کو الگ ہی رکھنا پسند کیا۔ لیکن کچھ ہی دن میں اندازہ ہوا کہ الگ رہنا ممکن نہیں ہو گا۔ کیونکہ ممبران کو ایک لیڈر درکار تھا وہ اکیلے کام کرنے والے نہیں تھے۔ خاص طور پر ناشاد اور جعفری تو پرانے رنگ ڈھنگ کے عادی تھے اور انھیں نئی زندگی اختیار کرنے میں دقت کا سامنا تھا۔ روشی زیادہ وقت عمران کے ساتھ گزارنے کی کوشش کرتی تھی کیونکہ اسے اس قسم کی ہنگامہ پرور زندگی اچھی لگی تھی۔ اس میں ایک امید یہ بھی تھی کہ شاید عمران اس سے متاثر ہو جائے۔ لیکن عمران تو ایسا انسان ہی نہیں تھا۔ اس لئے روشی کو ناکامی ہی ہو رہی تھی۔ ہاں اس ہمہ وقت کے ساتھ نے روشی کو عمران کی چیف آفیسری کا رازدار ضرور بنا دیا تھا اور عمران کے اس اعتماد کو آج تک روشی نے کبھی ٹھیس نہیں پہنچائی۔
بات ہو رہی تھی سکریٹ سروس کی تو صورتحال یہ تھی کہ جب بھی اور جیسے بھی کوئی کیس شروع ہوتا اِدھر عمران، روشی کے ساتھ مل کر کام کرتا اور دوسری طرف سروس کے ممبران کو بھی کام ذمے لگا دیتا۔ جب کیس ختم ہوتا تو مجرم کو یا تو اپنے ہاتھوں سے فیاض کے حوالے کر دیتا یا ممبران کو حکم ہوتا کہ عمران (بلیک میلر) نے مجرم کو پکڑ لیا ہے لہٰذا جا کر اس سے مجرم چھین لایا جائے۔ پس سیکریٹ سروس کے ممبران اپنے انجان چیف کو گھیرتے اور سو طرح سے ذلیل کر کے مجرم چھین لے جاتے لیکن جب فون پر اسی چیف کی آواز سنائی دیتی تو ہر ممبر کا خوف سے بُرا حال ہو جاتا۔ آہستہ آہستہ سکریٹ سروس کا ڈھانچہ تبدیلی کا متقاضی ہو گیا اور عمران کو ایک اور ممبر ٹیم میں شامل کرنا پڑا۔ جسے عمران نے ڈمی چیف آفیسر کے طور پر تیار کرنا شروع کیا اور ”بلیک زیرو“ بطور کوڈ نام تجویز کیا۔ اس تبدیلی کی وجہ یہ تھی کہ عمران اپنا ایک الگ مقام بنا چکا تھا۔ وہ یہ کہ علی عمران ایک مسخرہ پرائیویٹ جاسوس ہے جو بلیک میلر ہے مجرموں کے خلاف ثبوت حاصل کر کے ان کو بلیک میل کرتا ہے اور فائدہ نہ ہونے کی صورت میں قانون کے حوالے کر دیتا ہے۔ یہ ایک ایسا روپ تھا کہ جس سے سیکریٹ سروس کے ممبران نفرت کرتے تھے۔ انھی دنوں ”یورپ کا زلزلہ“ عمران سے ٹکرا گیا اور عمران ایک اور ”تعلق“ میں بندھ گیا۔
تھریسیا بمبل بی آف بوہیمیا یعنی ”ٹی تھری بی“ جسے یورپ کا زلزلہ کہا جاتا تھا، ملک میں وارد ہوئی۔ اب یہ اتفاق تھا یا پھر عمران کا کوئی ذریعہ کہ اسے تھریسیا کی نہ صرف ملک میں آمد کا علم ہو گیا بلکہ وہ اس تک پہنچ بھی گیا۔ ایک احمق (علی عمران) کو سامنے پا کر تھریسیا نے اپنی مطلب براری کے لئے استعمال کرنا چاہا اور ناکامی مقدر ٹھہری۔ بدلہ لینے کے لئے تھریسیا سکریٹ سروس کی نگرانی سے فرار ہوئی اور کچھ سرکاری راز چُرا کر علاقہ غیر میں گھُس گئی۔ سکریٹ سروس پر پہلی ناکامی کی مہر لگی اور اس لاپروائی کے ذمہ دار جعفری اور ناشاد کو سروس سے نکال کر صفدر نامی ممبر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ٹیم کو اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب آٹھویں خالی سیٹ پر عمران کو ”عارضی“ طور پر رکھ لیا گیا۔
ٹیم پہلی بار ایک رہنما کے ساتھ ملک سے باہر تھریسیا کی گرفتاری کے لئے نکلی۔ اس مہم میں تھریسیا گرفتار ہوئی اور اس کا شریک مجرم ”الفانسے“ مارا گیا۔ واپسی پر تھریسیا عمران سے اظہارِ محبت کر کے فرار ہو گئی کہ ”ایک دن تمہیں اپنا بنا کر رہوں گی....!“ اور عمران میاں اپنی پیشانی سہلاتے رہ گئے جہاں وہ اپنا نشان چھوڑ گئی تھی۔ بہرحال اس پہلی مہم کے نتیجے میں ممبران ایسے پریشان ہوئے کہ انھیں واپس ٹھیک ہونے میں کافی عرصہ لگا۔ اس مہم کے دوران جولیا نے ایک ایسا شاندار تجزیہ کیا کہ ایک جگہ عمران کو یہ تک کہہ دیا کہ تم ہی ایکسٹو ہو۔ یہاں عمران کی پیش بندی کام آئی کہ زیرِ تربیت بلیک زیرو بھی ساتھ تھا لہذا اس سے بات کرا کر جولیا کا شک دور ہوا اور اسی ”بلیک زیرو“ کی شہادت اس مہم کا سب سے بڑا نقصان تھا جسے ٹیم کے ممبران تو محسوس نہ کر سکے لیکن عمران کافی رنجیدہ ہوا۔ اب طاہر احمد بطور بلیک زیرو سروس میں شامل کیا گیا۔ ممبران میں سے آہستہ آہستہ سب لوگ عمران کے عادی ہوتے چلے گئے۔
سکریٹ سروس کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر ایک شاندار عمارت دانش منزل کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ایک اور عمارت رانا پیلس کے نام سے لی گئی جہاں عمران ”رانا تہور علی صندوقی“ کے نام سے کبھی کبھی رہنے آتا تھا جبکہ طاہر مستقل سکونت پذیر تھا۔ اس کے علاوہ بھی شہر میں کئی ایسے مقامات تھے جو سیکریٹ سروس کے ہنگامی معاملات کے لئے مخصوص کر لئے گئے تھے۔ روشی عمران سے ناامید ہو کر جدا ہو گئی تھی۔ جولیا کو صرف سیکریٹری کی بجائے بطور ممبر ترقی دینی پڑی، اس کی کئی وجوہات تھیں مثلاً سوئس ہونے کے باوجود یہاں کی شہریت لے لینا کہ ادھر کے لوگ بہت اچھے اور پیار کرنے والے ہیں، چیف ایکسٹو سے دلی لگاؤ، ٹیم ممبران کا آپس کا پیار اور شاید سب سے بڑھ کر ”عمران“ سے خاموش محبت۔ ویسے جہاں تک بات جولیا کی بطور پی اے سروس میں شامل ہونے کی ہے تو ایکسٹو کے احکامات آگے پہنچانے کے لیے ایک خاتون رکھنا عمران کی ”عمرانیت“ تھی صرف اس لیے کہ ممبران کو احساس رہے کہ ان سے اوپر ایک عورت ہے۔ وہ تو جولیا خود اتنی قابل نکلی کہ ٹیم میں بھی شامل ہو گئی۔
ایکسٹو اور عمران سے وقتاً فوقتاً تربیت نے جولیا کو ایک عام لڑکی سے ایک بہت اچھی سکریٹ ایجنٹ بنا دیا تھا۔ شاید اسی تربیت نے ہی اسے عمران کے قریب کر دیا تھا اور یہ قربت تنویر کو اچھی نہیں لگتی تھی کیونکہ وہ خود جولیا سے متاثر تھا۔ حالانکہ سکریٹ سروس کا کام ان خرافات کی اجازت نہیں دیتا لیکن محبت ایک ایسا آفاقی جذبہ ہے جو کسی کو کسی پر بھی فدا کر سکتا ہے۔ عمران اپنی ٹیم کے ہر ممبر اور ان کی دلی واردات سے واقف تھا اس لئے ”واضح“ پذیرائی کبھی نہیں کرتا تھا۔ غیر سنجیدگی اس کی فطرت ثانیہ تھی اور اس سے ہر کوئی نالاں رہا کرتا تھا ما سوائے جوزف کے۔ جوزف ایک حبشی تھا اور ایک مہم کے دوران عمران پر ایسا فدا ہوا کہ زندگی بھر کے لیے چمٹ گیا۔ بلانوش تھا شراب ایسے پیتا جیسے پانی ہو لیکن نشانے کا ایسا سچا کہ اندھیرے میں بھی آواز پر نشانہ لگانے پر قادر تھا۔ عمران نے شراب کی چھ بوتل یومیہ پلانا شروع کیا لیکن شراب چھڑانے کی کوششیں ابھی بھی جاری ہیں۔ آغاز سے ہی جوزف کی حیثیت عمران کے ذاتی ملازم کی تھی جس کا سکریٹ سروس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اور جوزف عمران کا ایسا شیدائی کہ اسے عمران کے علاوہ کچھ سوجھتا ہی نہیں تھا۔ اسے اس سے غرض ہی نہیں رہتی کہ عمران نے کہاں رہنے اور کیا کرنے کا حکم دیا ہے، بس ذہن کے تمام دروازے کھڑکیاں بند کر کے عمران کی غلامی میں مست رہتا تھا۔
اب تذکرہ ہو جائے ان کا جو سکریٹ سروس کا حصہ تو بنے لیکن اب یا تو سروس کا حصہ نہیں اور اگر ہیں تو کسی اور حیثیت سے۔ ان میں پہلے دو کا تذکرہ تو ہو چکا ہے یعنی ناشاد اور جعفری، جن کو ان کی لاپرواہی اور روائتی پولیس جیسے رویے کی بنا پر نکالا گیا۔ ان کے بعد ظفر الملک اور جیمسن کو سروس میں شامل کیا گیا جنھوں نے خاص طور پر تھریسیا کے خلاف عمران اور سروس کی طرف سے کام کیا۔ انھیں کے ہوتے ہوئے تھریسیا دانش منزل کو کافی نقصان پہنچا گئی جس کے باعث ایک ایسے ہیڈ کوارٹر کی ضرورت محسوس کی گئی جو جدید دور کے جدید تقاضوں کو پورا کر سکے۔ اس کے لیے ”ادارہ تحقیقاتِ نفسی“ یعنی ”سائیکو مینشن“ کی داغ بیل ڈالی گئی۔ ظفرالملک اور جیمسن اب سروس کے ذیل میں وزارت داخلہ کے لئے کام کرتے ہیں۔ ان کے بعد، ایک مہم میں تنویر کے شدید زخمی ہو جانے پر نعیم عباس نیمو کو سروس میں شامل کیا گیا۔ سروس میں صرف دو ممبران ہیں جو عمران کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں ایک صفدر اور دوسرا نیمو ورنہ باقی سب صرف مذاق اور ٹھٹھہ سمجھ کر تنگ ہی ہوتے رہتے ہیں۔
فیاض اب کیپٹن ہے اور عمران کے بارے میں باقی سب کی طرح اس کو بھی یہی معلوم ہے کہ ”عمران کا سکریٹ سروس کے چیف ایکسٹو سے کوئی خاص تعلق ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے معاملات میں اکثر عمران کو شامل رکھتا ہے۔ یا دوسرے الفاظ میں سکریٹ سروس کی طرف جانے کا راستہ عمران سے ہی مل سکتا ہے اور کسی سے نہیں کیونکہ عمران کے علاوہ سکریٹ سروس کے ارکان سے کوئی واقف نہیں اور عمران خود کو ایکسٹو کا نمائندہ خصوصی کہا کرتا ہے۔“
تھریسیا اور سنگ ہی جب بھی ملک میں آتے ہیں عمران کے ہاتھوں ہمیشہ نقصان اُٹھاتے ہیں۔ ابھی تک نہ تھریسیا نے ہار مانی ہے، نہ سنگ ہی نے اور نہ ہی عمران نے۔ عمران کے چیف ہونے سے صرف تین لوگ ہی واقف ہیں سر سلطان، روشی، اور طاہر عرف بلیک زیرو۔
یہ سب تو تھا سیکریٹ سروس کا ڈھانچہ اور اس کا ارتقاء جس کے لیے عمران نے روزِ اول سے انتہائی محنت کی تھی۔ عمران کے لئے اگر یہ کہا جائے کہ عمران نے اپنی تعلیم، تجربہ اور اپنی ذہانت، سب کو استعمال کر کے کئی افراد کو ”کارآمد“ بنایا ہے تو بےبنیاد نہیں ہو گا۔ ان میں سکریٹ سروس کے ممبران سے تو سب واقف ہیں، البتہ طاہر خفیہ شاگرد ہے جس پر شاید سب سے زیادہ محنت کی گئی ہے۔
آج کل حالات بہت بہتر ہیں۔ اماں بی کی طبیعت کافی بہتر رہتی ہے، رحمان صاحب بھی زیادہ نہیں بولتے، لیکن عمران کے ساتھ رویہ وہی ہے۔ سکریٹ سروس ہمیشہ تازہ ترین حالات میں کام کرنے کے لیے تیار رہتی ہے، خاص طور پر صفدر اور نیمو۔ جوزف کبھی فلیٹ میں ہوتا ہے تو کبھی رانا پیلس۔ ادھر فیاض کا سلیمان بھی ہر وقت منتظر رہتا ہے کہ وہ کسی بہانے فلیٹ آئے اور سلیمان اپنی زبان کی کھجلی مٹا سکے، ورنہ گلرخ تو اس کی زبان ہی نہیں چلنے دیتی(سلیمان کی شادی گلرخ سے ہو چکی ہے)۔

آخر میں عمران کے چاہنے والوں کے لیے صرف ایک ہی پیغام دوں گا کہ چاہتے رہیں جس کو بھی چاہتے ہیں۔ عمران و ایکسٹو ایسی چیز نہیں کہ جنھیں نہ چاہا جائے۔ آخر کو ہم بھی تو محترم ”ابنِ صفی“ کو چاہتے ہیں اور دل کی گہرائیوں سے ان کو یاد کرتے ہیں۔ اللہ ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین ثم آمین!

ڈاکٹر حامد حسن حامیؔ : بہاولپور
_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_-_
 

شکیب

محفلین
کیا ڈاکٹر حامد نے اس موضوع پر کتاب لکھی ہے؟
نہیں... ابھی پوچھا! شاید متفرق مضامین ہیں کچھ اور بھی یا پھر ان کے مطالعاتی نوٹس وغیرہ.
اگر آپ کا اشارہ لڑی کے زمرے کی طرف ہے تو میں نے دراصل یہ سوچ کر منتخب کیا تھا کہ یہ عمران سیریز کے تمام ناولز کے مطالعے کے بعد خلاصہ ہے... اگر درست نہ ہو تو:) اختیار بدست مختار... منتقل کر دیں! :):):)
 
آخری تدوین:

شکیب

محفلین
ڈاکٹر صاحب۔۔۔بہت اعلیٰ۔۔۔!!!
واقعی بہت تفصیل سے ہر بات بتائی گئی ہے... چونکہ میں ہمیشہ سے فریدی پسند رہا ہوں تو عمران سیریز مکمل پڑھنے کا اتفاق نہیں ہوا، خاص نمبر اور معروف والے ہی ناول پڑھ رکھے ہیں...
کئی نئی باتیں پتہ چلیں. اس پر میرے ذہن میں یہ سوال بھی آیا تھا کہ پہلے والے بلیک زیرو کا کیا نام تھا؟ پتہ چلا کہ
کہیں نہیں بتایا گیا.... درحقیقت اس کی صرف آواز سے ملاقات کرائی گئی ہے یا ایک بار میک اپ میں عمران کو ملا تھا اور بس....

شکیب بھائی، اتنی اچھی کاوش کو ہم تک پہنچانے کا شکریہ۔
آداب
 
السلام علیکم ۔۔۔
محترم دوستو میں یہاں نیا ہوں ابھی ابھی اندراج کیاہے مجھے نہیں معلوم کہ نیا مراسلہ کیسے شروع کیا جاتا ہے اور کسی چیز کے متعلق سوال کرنا ہو تو کیسے کیا جاتا ہے۔۔۔
براہ کرم میری مدد کریں۔شکریہ
 

نور ازل

محفلین
عمران کا کس قدر خوبصورتی سے تجزیہ کیا ہے ڈاکٹر صاحب نے۔ عمران ہمیشہ سے میرا پسندیدہ کردار رہا ہے۔ اور صرف ابن صفی والا عمران۔ ابنِ صفی کے درجات بلند ہوں آمین۔
 
Top