افتخار عارف ابو طالبؑ کے بیٹے (نظم)

منہاج علی

محفلین
جبینِ وقت پر لکھی ہوئی سچائیاں روشن رہی ہیں
تا ابد روشن رہیں گی
خدا شاہد ہے اور وہ ذات شاہد ہے کہ جو وجہِ اساسِ انفُس و آفاق ہے
اور خیر کی تاریخ کا وہ بابِ اوّل ہے
ابد تک جس کا فیضانِ کرم جاری رہے گا
یقیں کے آگہی کے روشنی کے قافلے ہر دور میں آتے رہے ہیں
تا ابد آتے رہیں گے
ابو طالبؑ کے بیٹے حفظِ ناموسِ رسالتؐ کی روایت کے امیں ہیں
جان دینا جانتے تھے
وہ مسلمؑ ہوں کہ وہ عباسؑ ہوں عونؑ و محمدؑ ہوں علی اکبرؑ ہوں قاسمؑ ہوں علی اصغرؑ ہوں
لشکرِ باطل کو کب گردانتے تھے
ابو طالبؑ کے بیٹے سر بریدہ ہوکے بھی اعلانِ حق کرتے رہیں ہیں
ابو طالبؑ کے بیٹے پا بجولاں ہو کے بھی اعلانِ حق کرتے رہیں ہیں
ابو طالبؑ کے بیٹے صَرفِ زنداں ہو کے بھی اعلانِ حق کرتے رہیں ہیں
مدینہ ہو نجف ہو کربلا ہو کاظمین و سامرہ ہو مشہد و بغداد ہو
آلِ ابو طالبؑ کے قدموں کے نشاں
انسانیت کو اس کی منزل کا پتہ دیتے رہے ہیں تا ابد دیتے رہیں گے
ابو طالبؑ کے بیٹوں اور غلامانِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ میں اک نسبت رہی ہے
محبت کی یہ نسبت عمر بھر قائم رہے گی
تا ابد قائم رہے گی

(شاعرِ اہلبیتؑ افتخار عارف)
از کتابِ حرف باریاب
 
Top