طارق شاہ
محفلین
غزل
حیران ہُوں خود کو دیکھ کر مَیں
ایسا تو نہیں تھا عمر بھر مَیں
وہ زِندہ دِلی کہاں گئی ہے
ہنستا تھا اپنے حال پر جب مَیں
آدابِ جُنونِ عاشقی سے
ایسا بھی نہیں تھا بے خبر مَیں
واسوخت کبھی نہ مَیں نے لِکھّی
رویا بھی کبھی جو ٹُوٹ کر مَیں
صیّاد پرست جو بھی سمجھیں
زنداں کو سمجھ سکا نہ گھر مَیں
تھا میرا گُریز بھی تصادم
تھا دامِ عدُو سے باخبر مَیں
یہ میرا چَلَن نہ تھا، کہ رہتا
لب دوختہ و فتادہ سر مَیں
شُعلے کی طرح فصِیلِ شب سے
نِکلا ہُوں، حِصار توڑ کر مَیں
سُقراط نہ تھا، پہ سچ کی خاطر
پِیتا رہا زہر بیشتر مَیں
منصور و مسیح گو نہیں تھا
ہر عہد میں تھا صلیب پر مَیں
گوتم کی طرح رشی نہیں تھا
لیکن نِکلا ہُوں تج کے گھر میں
جب شہر دوکانِ شِیشہ گر تھا
سب سنگ بدست تھے، مگر مَیں
اے شام کے آخری پرِندے!
مَیں بھی تِرے ساتھ ہُوں ٹھہر میں
تُو بھی ہے مِری طرح اکیلا
تنہا سفروں کا ہمسفر مَیں
ٹُوٹا ہُواتِیر ، تیرے دِل میں!
اور اپنے لہُو میں تر بتر مّیں
تُو میری طرح ہے بے نشیمن
اور تیری طرح ہُوں بے شجر مَیں
احمد فراؔز