اردو آپ سے صرف تھوڑا سا وقت مانگتی ہے

بلال

محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم​

السلام علیکم!
ہماری زبان "اردو" آپ سے، آپ کی خوبصوت زندگی سے صرف تھوڑا سا وقت مانگتی ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ جہاں دوسری زبانوں کی طباعت وغیرہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا وہاں ہر دور میں اردو والوں نے بھی طباعت وغیرہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی اپنائی۔ فرق صرف اتنا تھا کہ اردو والے باقیوں سے تھوڑا پیچھے رہے۔
اس جدید دور میں جہاں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی دنیا میں باقی زبانوں والے اپنے کام کرنے کے لئے جدید سافٹ ویئر اور ٹولز بنا رہے ہیں وہاں اردو والے بھی محنت کر رہے ہیں کہ اردو کو بھی باقی زبانوں کے برابر کھڑا کیا جا سکے۔ اس کے لیے ہمارے کئی لوگ دن رات کام کر رہے ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو بنیادی ضروریات کا ایک مکمل ڈھانچہ تیار ہو چکا ہے۔ جیسے ویب سائیٹ یا کوئی سافٹ ویئر اردو میں بنانے کے لئے ہر قسم کا امدادی سامان موجود ہے۔
اس تیز ترین دنیا میں اب وہ وقت آ چکا ہے کہ ہر کسی کو بنیادی کمپیوٹر سیکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمارے زیادہ تر لوگ کمپیوٹر سے ناآشنا ہیں اور جو جانتے بھی ہیں تو ان کی بہت کم تعداد ایسی ہے جو جدید ٹیکنالوجی (یونیکوڈ) کو استعمال کرتے ہوئے اردو لکھنا جانتی ہے۔ اردو کو ترقی دینے کے لئے ہمیں ایسے لوگوں کو جو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ تو استعمال کرتے ہیں لیکن کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنا نہیں جانتے اس طرف لانا ہو گا۔ ہمارے کالج اور یونیورسٹیوں میں کمپیوٹر سائنس کے بہت سے طالب علم ایسے ہیں جن کو اردو کمپیوٹنگ کی الف ب تک نہیں پتہ۔ اس کے علاوہ دیگر مضامین کے بھی بے شمار طالب علم ہیں جو کمپیوٹر تو استعمال کرتے ہیں لیکن اردو لکھنا نہیں جانتے۔
اردو لکھنا اور پڑھنا جاننے والے لوگ جو کمپیوٹر تو استعمال کرتے ہیں لیکن اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اگر ایسے لوگ اردو کمپیوٹنگ کی طرف آ جائیں تو ایک بہت بڑی کمی پوری ہو جائے گی۔
اب ہمیں اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہو گا کہ ایسے لوگوں کو اردو کمپیوٹنگ کی طرف کس طرح لایا جائے۔ ایک مکمل لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس طرف آئیں۔ جب زیادہ لوگ اردو کمپیوٹنگ کی طرف آئیں گے تو اس سے ایک تو انٹرنیٹ پر اردو مواد تیزی سے بڑھے گا اور کمپیوٹر سائنس کے طالب علموں کی وجہ سے اردو کمپیوٹنگ کے لئے مزید ٹیکنیکل لوگ ہوں گے تو دوسری طرف ہمارے ایسے لوگ جو انگریزی نہیں جانتے ان کے لئے کمپیوٹر کی دنیا کی راہیں کھلیں گی۔
جو لوگ ٹیکنیکل کام کر رہے ہیں وہ وہی کریں اور مزید کام کریں لیکن مجھ جیسے جو صرف ان کے ٹیکنیکل کام سے مدد لیتے ہیں وہ اردو کمپیوٹنگ کی آواز گلی گلی، محلہ محلہ اور شہر شہر پھیلائیں۔
میں نے اس بارے میں کچھ سوچا ہے۔ جو آپ لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہوں۔
سب سے پہلے ہمیں اردو کمپیوٹنگ کے بارے میں ایک مکمل تقریر، مفید کتابچہ اور ایک سی ڈی تیار کرنی ہو گی جس سے ہم آسانی سے اپنا پیغام دوسروں تک پہنچا سکیں۔
اس کے بعد ہم میں سے جو لوگ جہاں جہاں جسے جسے یہ پیغام پہنچا سکے پہنچائے۔ جس کے لئے ہم مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تھوڑا سا وقت لے کر اردو کمپیوٹنگ پر تقریر (پریزنٹیشن) کریں۔ کمپیوٹر سائنس کے طالب علموں میں سی ڈیز تقسیم کریں، دیگر طالب علموں میں کتابچہ تقسیم کریں۔ ان سب کے اخراجات ہم اپنی انفرادی کوشش سے کریں گے۔ یعنی جو جتنا کر سکتا ہے وہ اتنا ہی کرے۔ اخراجات اکٹھے کرنے کے لئے کوئی کمیٹی نہیں ہو گی۔ نہ کمیٹی ہو گی نہ کسی پر پیسے کھانے کا الزام لگے گا۔ ویسے اگر کوئی ذاتی طور پر کسی سے امداد لے تو یہ اس کی اپنی مرضی یہاں محفل پر اس کام سے گریز ہی کیا جائے تو میرے خیال میں بہتر ہو گا۔
تقریر، کتابچہ اور سی ڈی بنانے کے لئے میں نے دھاگے کھولے ہیں۔ وہاں پر آپ اپنی طرف سے جو جو چیز داخل کرنی چاہیں وہ پیش کر سکتے ہیں۔ اس دھاگہ میں آپ ان سب پر اپنی رائے دیں تاکہ اس کام کو مزید پھیلایا جا سکے۔
اب اردو کو آپ کے ساتھ کی سخت ضرورت ہے۔
تقریر کے لیے دھاگہ
کتابچہ کے لئے دھاگہ
سی ڈی کے لئے دھاگہ
والسلام
 

بلال

محفلین
اردو کمپیوٹنگ کا نصاب
عربی کمپیوٹنگ کا نصاب

اردو کمپیوٹنگ کے نصاب کے ضمن میں مرکزِ فضیلت برائے اردو اطلاعیات کی پیش رفت!
دیکھیے :

urdu Informatics Curriculum
By: Dr. Attash Durrani

urdu Informatics Course Outlines
By: Curriculum Development Team (ceui)

شکریہ الف نظامی بھائی۔۔۔ میں انہیں دیکھتا ہوں پھر مزید بات کرتے ہیں۔
 

جیسبادی

محفلین
اصل رکاوٹ لوگوں کا اردو کلیدی تختہ سے ناواقفیت ہے۔ اگر اس کی مشق ہو جائے تو پھر ہی لوگ اردو کی طرف ترغیب پائیں گے۔ اس کے لیے ایسی workshops شروع کریں جہاں انھیں تختہ کی مشق کروائی جاوے۔ یہ کام سکول/مدرسہ کی سطح پر کیا جا سکتا ہے۔
 

بلال

محفلین
اصل رکاوٹ لوگوں کا اردو کلیدی تختہ سے ناواقفیت ہے۔ اگر اس کی مشق ہو جائے تو پھر ہی لوگ اردو کی طرف ترغیب پائیں گے۔ اس کے لیے ایسی Workshops شروع کریں جہاں انھیں تختہ کی مشق کروائی جاوے۔ یہ کام سکول/مدرسہ کی سطح پر کیا جا سکتا ہے۔

ہمارے ہاں کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کی اکثریت اردو کی طرف اس لئے نہیں آتی کہ انہیں لگتا ہے صرف چند ایک سافٹ ویئرز کے علاوہ ہر جگہ اردو لکھی نہیں جا سکتی۔ اب ہمیں لوگوں کو یہ بتانا ہو گا کہ جیسے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر انگریزی لکھی جا سکتی ہے ویسے ہی اردو بھی لکھی جا سکتی ہے۔ باقی جہاں لوگ انگریزی کلیدی تختہ کی مشق کرتے ہیں وہاں اردو کی بھی کر لیں گے اور ہمیں یقینا یہ کام سکول/ مدرسہ کی سطح پر یہ کام کرنا ہو گا۔ اسی لئے تو میں نے یہ دھاگہ کھولا ہے کہ آؤ یہ کام کریں۔۔۔
 

arifkarim

معطل
ہمارے ہاں کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کی اکثریت اردو کی طرف اس لئے نہیں آتی کہ انہیں لگتا ہے صرف چند ایک سافٹ ویئرز کے علاوہ ہر جگہ اردو لکھی نہیں جا سکتی۔ اب ہمیں لوگوں کو یہ بتانا ہو گا کہ جیسے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر انگریزی لکھی جا سکتی ہے ویسے ہی اردو بھی لکھی جا سکتی ہے۔ باقی جہاں لوگ انگریزی کلیدی تختہ کی مشق کرتے ہیں وہاں اردو کی بھی کر لیں گے اور ہمیں یقینا یہ کام سکول/ مدرسہ کی سطح پر یہ کام کرنا ہو گا۔ اسی لئے تو میں نے یہ دھاگہ کھولا ہے کہ آؤ یہ کام کریں۔۔۔

سب لوگوں کو اردو محفل کا جمیل نوری نستعلیق اور علوی لاہوری نستعلیق کا نمونہ دکھائیں۔ امید ہے لوگ متاثر ہوں گے!
 

بلال

محفلین
سب لوگوں کو اردو محفل کا جمیل نوری نستعلیق اور علوی لاہوری نستعلیق کا نمونہ دکھائیں۔ امید ہے لوگ متاثر ہوں گے!

جی بالکل آپ کی بات بالکل ٹھیک ہے۔ ایک بہت بڑی کمی تھی جس کی وجہ سے اکثر لوگ یونیکوڈ اردو کی طرف نہیں آ رہے تھے۔ نستعلیق فانٹ بننے کی وجہ سے وہ بھی پوری ہو گئی ہے۔ اب امید تو یہی ہے کہ جس جس کو پتہ چلتا جائے گا وہ اس طرف آتا جائے گا۔۔۔ لیکن اب ہمارے کام ہے کہ سب کو یہ پیغام پہنچائیں۔۔۔
 
Top