ابن سعید
خادم
اردو ویب ایک ایسے نظریے اور پلیٹ فارم کا نام ہے جو ڈیجیٹل تکنیک و ترقی کے اس دور میں اردو زبان کی بقا و ارتقا کو یقینی بنانے کے مقصد کو لے کر معرض وجود میں آیا۔ اس کی مختصر سی تاریخ کو پیش نظر رکھا جائے تو اردو ویب کی افادیت، کارناموں اور خدمات سے ناقدین کو بھی انکار نہ ہوگا۔ نیز یہ اردو ویب کا افتخار رہا ہے کہ اس پلیٹ فارم کو ہمیشہ ایک سے زائد ایسے افراد دستیاب رہے ہیں جو اجتماعی و انفرادی حیثیت کے ساتھ مسلکی یا قومی حصار سے مطلق اردو زبان کی بے لوث خدمت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں و وسائل سمیت کوشاں رہے ہیں۔
اردو ویب نے اردو کی خدمت کی نیت لے کر اٹھنے والے ہر داخلی و خارجی منصوبے کی پذیرائی کی ہے اور ہر ممکنہ وسائل و مشوروں سے پر خلوص تعاون کیا ہے۔ ڈوبتے منصوبوں کو افرادی قوت و دیگر وسائل فراہم کر کے جلا بخشنا یا بعض منصوبوں کی وسعت بڑھ جانے پر ان کو علیحدہ شناخت دے کر مطلق منصوبوں کی شکل دینا اردو ویب کا کردار رہا ہے۔ آج اسی نوعیت کی ایک اور تاریخ مرتب کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ جی ہاں ہم اردو انسائکلو پیڈیا کو اردو ویب کے پلیٹ فارم پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اردو انسائکلو پیڈیا مشہور زمانہ اردو وکیپیڈیا نہیں بلکہ ایک محفلین محترم ذوہیب احمد المعروف hackerspk صاحب کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس میں موجود مواد کے حقوق محفوظ ہیں ۔ اس سے براہ راست استفادہ کرنے کی مکمل آزادی ہے لیکن اس کے مواد کو اخذ کر کے اس کو کسی اور طریقے سے استعمال کرنے یا کہیں اور شائع کرنے کے لیے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ جبکہ اردو ویب کے دیگر منصوبوں کو اس سے استفادہ کرنے کے لیے خصوصی اجازت حاصل ہے۔ یہ انسائکلو پیڈیا عمومی معلومات کا ذخیرہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی لغات پر بھی مشتمل ہے جس میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس سے اردو ویب کی لغت و لائبریری سمیت دیگر کئی منصوبوں کو خاصی رسد فراہم ہو سکے گی۔
اس انضمام کے بعد اردو انسائیکلو پیڈیا، اردو ویب کے زیر انتظام کئی بڑے منصوبوں میں شامل ہو گیا ہے۔ جس کے تحت اس منصوبے کو اردو ویب کے پلیٹ فارم، افرادی قوت، وسائل و اخراجات پر جاری رکھا جائے گا۔ کل اردو ویب کے وسائل میں کی گئی توسیع اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی جس میں دیگر محرکات بھی بہر کیف شامل حال تھے۔ اس منصوبے کی قیادت و نظامت محترم ذوہیب احمد کے ہاتھوں میں ہی رہے گی تا حال کہ وہ اس کام میں اپنے لیے کوئی معاون یا قائم مقام نہ منتخب کر لیں۔
عام صارفین کے لیے یہ تبدیلی پوری طرح غامض ہوگی یعنی ان کو کوئی بھی فرق محسوس نہیں ہوگا۔ سائٹ کا پتہ یا ڈومین نیم بدستور قائم رہے گا نیز فوری طور پر سائٹ کی ساخت یا مواد میں بھی کوئی غیر معمولی تبدیلی نہیں ہو گی۔