مضمون اردو اور لاٹیک (Latex)

سبط الحسین

لائبریرین
400px-LaTeX_cover.svg.png

دراصل میں اس دھاگے کا موضوع اردو کتب کی تدوین اور لاٹیک رکھنے والا تھا۔ لیکن پھر خیال آیا کہ لاٹیک تو ایک بہت ہی جنیرک سافٹ وئیر ہے اور اس میں آپ کتب کی تدوین سے لے کر مکالمے، سائنسی اور تحقیقی مقالے،پوسٹرز، پریزینٹشنز اور دیگر مختلف اقسام کی ڈاکومنٹس وغیرہ تیار کر سکتے ہیں تو پھر اس کو کسی خاص صنف کے لیے مختص کرنا سراسر زیادتی ہو گی۔ لیکن جہاں تک اس مراسلے کا تعلق ہے تو ہم یہاں لاٹیک کو اردو کتب کی تدوین کے لیے ہی استعمال کریں گے۔

اب ان تمام دوستوں کے لیے جو لاٹیک کے متعلق بالکل نہیں جانتے تو لاٹیک عام الفاظ میں دستا ویزت تیار کرنے کا ایک سسٹم ہے جو کہ ایک بہت ہی سادہ سی مارک اپ زبان استعمال کرتے ہوئے آپ کے متن کو بہت عمدہ اور اعلی کوالٹی (عموما) پی ڈی ایف فائل میں تبدیل کر دیتا ہے ۔ یہ سسٹم 1985 سے بہت کامیابی کے ساتھ مختلف قسم کی اعلی معیار کی دستاویزات تیار کرنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔ خاص طور پر تعلیمی اور تحقیقی اداروں میں یہ بہت ہی وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

لاٹیک کا جہاں سب سےبڑا فائدہ یہ ہے کہ کوئی بھی دستاویز تیار کرتے ہوئے آپ اس کی فارمیٹنگ (ابواب ، فہرست مضامین ، حوالہ جات وغیرہ) کے متعلق پریشان ہوئے بغیر آپ اس کے متن پر توجہ دے سکتےہیں اور فارمیٹنگ کا ذمہ آپ لاٹیک کے حوالے کرسکتے ہیں وہا ں اس کا ا ایک چھوٹا سا کمزور پہلویہ بھی ہے کہ شروع میں اس کو سیکھنے کے لیے آپ کو تھوڑی بہت محنت کرنا پڑھتی ہے ۔ مگرایک بار آپ نے لاٹیک کے ذریعے سے چند سادہ ڈاکومنٹس تیار کر لیں تو بعد میں مختلف قسم کی دستاویزات بنا نا آپ کے لیے کافی آسان ہو جاتا ہےاور پھر آپ پہلے سے موجود سینکڑوں سانچوں کو استعمال کرتے ہوئے بہت عمدہ کوالٹی کی دستاویزات بغیر کسی دقت کےتیار کر سکتے ہیں۔ مزید براں یہ کہ آپ (میرے ذاتی خیال میں ) ورڈ اور ان پیج جیسے سافٹ وئیرز سے بھی چٹھکارا حاصل کرسکتے ہیں۔ اور اگر آپ کا تعلق تحقیق و تدریس سے ہے یا آپ کے پیشے میں لکھنے لکھانے کا کام زیادہ ہے تو میرے خیال میں لاٹیک خاص طور پر آپ کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔ اگر آپ لاٹیک سیکھنا چاہتے ہیں تو انٹرنیٹ پر اس کو سیکھنے کے لیے بہت ہی عمدہ مواد دستیاب ہے۔ مثلا یہاں، یہاں اور یہاں۔ کیونکہ یہاں پر میرا مقصد یہ دکھانا ہے کہ ہم لاٹیک کو استعما ل کرتے ہوئے مختلف قسم کی اردو دستاویزات کیسے تیار کر سکتے ہیں نہ کہ لاٹیک سکھانا اس لیے لاٹیک سیکھنے کے لیے آپ کو اوپر دیے گئے کسی لنک کو یا پھر کسی کتاب سے رجوع کرنا ہو گا۔

لاٹیک سے ملتا جلتا ہی پروگرام زیٹک (xetex) ہے جس کہ اندر لاٹیک کی (قریباً) تمام خصوصیات تو موجو د ہیں ہی مگر اس کی علاوہ اس کی خاص خوبی یہ ہے کہ یہ خاص طور پر یونی کوڈ (انکوڈنگ UTF-8 ) پر مشتمل ڈاکومنٹس کو تیار کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ زیٹک کسی بھی ترتیب کے بغیر آپریٹنگ سسٹم میں انسٹال فونٹ کو ان کی جدید ترین ٹائپوگرافک خصوصیات کے ساتھ براہ راست ڈاکومنٹس میں استعمال کر نے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یہاں ہم زیٹک کی انہیں خصوصیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے اردو کتب کی تدوین کے لیے استعمال کریں گے اور عمدہ کوالٹی کی دیدہ زیب کتب حاصل کریں گے :)۔

لاٹیک میں کوئی بھی دستاویز لکھنے کے لیے ( عام الفاظ میں) آپ ایک سانچے کا استعمال کرتے ہیں۔ اس سانچے میں آپ خاص طور پر اپنی دستاویز کی فارمیٹنگ سے متعلق تمام خصوصیات کی تعریف کرتے ہیں ۔ مثلاً یہ کہ اس دستاویز کے لیے آپ فونٹ کو نسا استعمال کرنا چاہتے ہیں ، الفاظ اور لکیروں کے درمیان، درمیانی فاصلہ کتنا رکھنا چاہتے ہیں ، لکھائی جفت صفحے سے شروع کرنا چاہتے ہیں یا طاق پرسے ، اوپر، نیچے، دائیں ، بائیں مارجن کتنا رکھنا چاہتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔ غرض آپ اپنی دستاویز کی فارمیٹنگ سے متعلق ہر چیز کو کسٹمائز کرسکتے ہیں۔ اس مرحلے کا سب سے آسان حل یہ ہوتا ہے کہ آپ پہلے سے سینکڑوں کی تعداد میں موجود میں سے کسی ایک سانچے کا تعین کر لیتے ہیں اور پھر اس میں اپنی ضرورت یا خواہش کے مطابق تبدیلیاں لے آتے ہیں۔ ایک بار اپ نے سانچہ منتخب اور کسٹمائز کر لیا تو آپ کی دستاویز کی فارمیٹنگ کا بڑا حصہ مکمل ہو جاتا ہے اور باقی کام صرف متن کی ٹائپنگ کا رہ جاتا ہے۔

ہم یہاں اردو کی کتب کی تدوین کے لیے لاٹیک کا مشہور زمانہ بُک ٹیمپلیٹ یا سانچہ استعمال کریں گے جبکہ اس کے علاوہ زیٹک میں اردو کو استعمال کرنے کے لیے ہمیں جن پیکجز یا کمانڈز کی ضرورت پڑے گی اُن کی تفصیل ذیل میں دی گئی ہے ۔ خاص طور پر زیٹک میں اردو لکھنے کے لیے ہم polyglossia پیکج کا استعمال کریں گے کیونکہ یہ پیکج نہ صرف اردو کو پہچانتا ہے بلکہ تمام جملہ لوازمات مثلاً آج کی تاریخ، فہرست مضامین ، وغیرہ ہمارے کہنے پر خودبخود ہی ہماری دستاویزات میں اردو زبان میں شامل کردیتاہے ۔
کوڈ:
\usepackage{polyglossia}  %IMPORTANT. Allows using multiple languages in document. Knows about Urdu
مگر polyglossia پیکج کے ساتھ اردو لکھنے کی شرط یہ ہے کہ ہمیں اس کو کم از کم ایک سسٹم انسٹالڈ اردو فونٹ (urdufont) کے متعلق بتانا پڑھتا ہے ۔ یہاں پر ہم جمیل نوری نستعلیق فونٹ کو دستاویزات کے میجر فونٹ کے طور پر استعمال کریں گے ۔ اور اس فونٹ کی تعریف ہم fontspec پیکج کی کمانڈ newfontfamily\ کے ذریعے سے کریں گے ۔
کوڈ:
%\newfontfamily<font-identifier>[options]{font name}
\newfontfamily\urdufont[Script=Arabic,Scale=1,WordSpace=1]{Jameel Noori Nastaleeq}  % Main document font, urdu option polyglossia requires you to define a font name with urdufont.
فونٹ کی تعریف کرتے وقت ہم فونٹ کے استعمال سے متعلق مختلف آپشنز کا استعمال کرتے ہوئے مختلف فارمیٹنگ کے ساتھ دستاویزات تیار کر سکتے ہیں ۔ ان مختلف اقسام کی آپشنز کے بارے میں تمام تفصیلات تو fontspec پیکج کی ڈاکومنٹیشن میں ہی پڑھی جا سکتی ہیں ۔ مگر یہاں ہماری ضرورت کے حساب سے دو نہایت ہی کارآمد آپشنز فونٹ سائز یعنی scale اور حروف کے درمیانی فاصلے یعنی wordspace کی ہیں ۔ مثال کے طور پر اگر ہم الفاظ کا درمیانی فاصلہ زیادہ رکھنا چاہتے ہیں تو wordspace آپشن کو بڑی ویلیو کے ساتھ استعمال کریں گے ۔ اسی طرح بڑے فونٹ سائز کے لیے ہم بڑی اسکیل ویلیو کا استعمال کریں گے ۔ دو مختلف wordspace ویلیوز کے ساتھ تیار کی گئی کتب کی مثالیں ملاحظہ کریں۔
سنگل wordspace کی ایک مثال۔
ab-W1-S15.png


ڈبل wordspace کی ایک مثال۔
ab-W2-S15.png


اس کے علاوہ نیو فونٹ فیملی کمانڈ کے ذریعے سے ہم دوسرے اور تیسرے درجے کے فونٹز کی بھی تعریف کر سکتے ہیں ۔ مثال کے طور پر ہم اپنی کتا ب میں جمیل نوری نستعلیق کشیدہ فونٹ کا استعمال ابواب کے نام کے لیے استعمال کریں گے ۔ پس ہم اس کی بھی تعریف کیے دیتے ہیں۔
کوڈ:
\newfontfamily\nast[Script=Arabic,Scale=1.2,WordSpace=1]{Jameel Noori Nastaleeq Kasheeda}  % or Nafees 2nd level font used for chapter and section headings

لیں جناب! اس تمام محنت کے بعد ہمارا سانچہ مکمل ہے ۔جس کی شکل کچھ اس طرح کی ہے۔
کوڈ:
\documentclass{book}
\usepackage[margin=1in]{geometry}  % set all margins (left, right, top, bottom) to 1 inch
\usepackage{polyglossia}  %IMPORTANT. Allows using multiple languages in document. Knows about Urdu
\setmainlanguage[numerals=eastern]{urdu}  % main language for the document will be urdu with eastern numerals
% Now define the fonts that will be used by the document
\newfontfamily\urdufont[Script=Arabic,Scale=1,WordSpace=1]{Jameel Noori Nastaleeq}  % Main document font,
\newfontfamily\nast[Script=Arabic,Scale=1.2,WordSpace=1]{Jameel Noori Nastaleeq Kasheeda}  %  2nd level font used for chapter and section headings
\rightfootnoterule  % force footnote separator rule to appear at right
% title of book
\title{فردوس بریں} % title page of the document
\author{مولانا عبد الحلیم شرر}
\date{\today} % insert date of today on the title page
\begin{document} % your main document start from here
\begin{urdu} % start typing your document.
\maketitle % Create a title page
\tableofcontents % also generate table of contents
\chapter{{ پریوں کا غول}} % start first chapter here and after that start typing the content of chapter.
اب تو سنہ ٦٥٠ ہجری ہے،  مگر اس سے ڈیڑھ سو سال پیشتر سے سیاحوں اور  خاصۃً  حاجیوں کے لئے وہ کچی اور اونچی نیچی سڑک نہایت ہی اندیشہ ناک اور  پرخطر ہے جو بحر حزر (کیسپین سی) کے جنوبی ساحل سے شروع ہو ئی ہے اور شہر  آمل میں ہو کے شاہنامے کے قدیم دیوستان یعنی ملک ماژندران اور علاقہ رودبار  سے گزرتی اور کوہسار طالقان کو شمالاً و جنوباً قطع کرتی ہوئی شہر قزوان  کو نکل گئی ہے۔ مدتوں سے اس سڑک کا یہ حال ہے کہ دن دہاڑے بڑے بڑے قافلے لٹ  جاتے ہیں اور بے گناہوں کی لاشوں کو برف اور سردی  مظلومی و قتل و غارت کی  یادگار بنا کے سالہا سال تک باقی رکھتی ہے۔
...
\end{urdu}% finished writing urdu
\end{document}% document is finished
اس تمام مرحلے کے اختتام پر جو پی ڈی ایف فائل ہمیں ملے گی اس کی جھلک ملاحظہ فرمائیں۔ پورا پی ڈی ایف آپ آخر میں دیئے گئے لنک سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔
fb-ch-1.png


تمام شاعر حضرات یا شاعر ی کے دلدادہ افراد bidipoem پیکج کی traditionalpoem انوائارنمینٹ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی غزلوں اور نظموں کی تدوین بھی بہت سہل طریقے سے کر سکتے ہیں۔ مثلاً آپ اس سادہ سے کوڈ کو استعمال کر تے ہوئے
کوڈ:
\begin{traditionalpoem}
وہ بتوں نے ڈالے ہیں وسوسے کہ دلوں سے خوفِ خدا گیا & وہ پڑی ہیں روز قیامتیں کہ خیالِ روزِ جزا گیا\\
جو نفس تھا خارِگلو بنا، جو اٹھے تو ہاتھ لہو ہوئے& وہ نشاطِ آہ سحر گئی وہ وقارِ دستِ دعا گیا\\
نہ وہ رنگ فصلِ بہار کا، نہ روش وہ ابرِ بہار کی &  جس ادا سے یار تھے آشنا وہ مزاجِ بادِ صبا گیا \\
جو طلب پہ عہدِ وفا کیا، تو وہ آبروئے وفا گئی &  سرِ عام جب ہوئے مدّعی تو ثوابِ صدق و صفا گیا \\
ابھی بادباں کو تہہ رکھو ابھی مضطرب ہے رخِ ہوا \\ کسی راستے میں ہے منتظر وہ سکوں جو آکے چلا گیا\\
\end{traditionalpoem}
جو پی ڈی ایف فائل حاصل کرسکتے ہیں اس کا پیش منظر ملاحظہ کیجیے ۔
faf-g.png


دراصل لاٹیک ( زیٹک) ایک مکمل سافٹ وئیر ہے اور یہاں پر میں نے اس کی صرف چند چیدہ چیدہ خصوصیات کا ذکر کیا ہے ۔ اس کے متعلق مکمل تفصیلات تو آپ مختلف آن لائن ڈاکومنٹیشنز اور دوسرے ذرائع سے ہی حاصل کرسکتے ہیں۔ لیکن اس سلسلے میں اگر آپ کچھ پوچھنا چاہیں تو میں جواب دینے کی اپنے تئیں پوری کوشش کروں گا۔

سافٹ وئیر۔
لاٹیک میں اردو لکھنے کے لیے آپ کو ایک سادہ ٹیکسٹ ایڈیٹر کی ضرورت ہو گی جو کہ اردو کو سپورٹ کرتا ہو اور جس میں syntax coloring (ضروری نہیں) کی سہولت بھی موجود ہو مثلاً جیسے لینکس میں gedit وغیرہ ۔ اس کے علاوہ آپ کے سسٹم پر texlive یا (ونڈوز کے لیے )miktex کا جدید ترین ورژن بھی انسٹال ہونا چاہیے۔ میں نے یہ تمام ڈاکومنٹس اوبنٹو پر texlive 2012 ورژن استعمال کرتے ہوئے تیار کیے ہیں۔ مگر امید ہے miktex کو استعمال کرتے ہوئے ونڈوز پر بھی اسی سہولت کے ساتھ آپ دستاویزات تیار کرسکتے ہیں کیونکہ میرے پاس ونڈوز آپریٹنگ سسٹم نہیں ہے اس لیے میں اپنے ذاتی تجربے کے متعلق بتانے سے قاصر ہوں۔ (برائے معلومات) اس کے علاوہ میں نے یہاں پر html2latex سوفٹ وئیر کا استعمال بھی کیا ہے۔

مزید براں یہ کہ آپ کو ڈاکومنٹ لکھتے ہوئے دونوں اردو اور انگریزی کی بورڈز کی ضرورت پڑھے گی اس لیے بہتر ہو گا اگر آپ کی بورڈز کی تبدیلی کے لیے پہلے سے ہی کوئی شرٹ کٹ مختص کرلیں۔ اس کے علاوہ دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں لکھائی سے جو جنجھلاہٹ پیدا ہوتی اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ لاٹیک کی کمانڈز کو ایک علیحدہ لائن پر لکھیں ۔


کوڈ۔
آپ تمام کے تمام ڈاکومنٹس اور لاٹیک کوڈ یہاں سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔

کریڈٹس۔
لاٹیک کو اردو دستاویزات کی تیاری کے لیے استعمال کرنے کے متعلق تو میں کافی دنوں سے سوچ رہا تھا لیکن اس دھاگے کو لکھنے کی تحریک مجھے اردو لائبریری پراجیکٹ اور ابن سعید اور نبیل بھائی سے گفتگو سے ملی ۔ جبکہ لاٹیک میں اردو لکھنے کے متعلق بہت ساری معلومات اور مواد میں نے اس بہت ہی معلوماتی ویب پیج سے حاصل اور کاپی کیا ہے۔
 
مدیر کی آخری تدوین:
اس خوبصورت تحریر کا بے حد شکریہ۔ اس موضوع پر مزید گفتگو ہونی چاہئے کیوں کہ اس سے اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کو بھی کافی مدد ملے گی۔ ہم ذرا مصروف ہیں، تھوڑی سی فراغت نصیب ہو تو اس بابت کچھ عرض کریں گے ان شاء اللہ۔ :)
 

سبط الحسین

لائبریرین
اس خوبصورت تحریر کا بے حد شکریہ۔ اس موضوع پر مزید گفتگو ہونی چاہئے کیوں کہ اس سے اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کو بھی کافی مدد ملے گی۔ ہم ذرا مصروف ہیں، تھوڑی سی فراغت نصیب ہو تو اس بابت کچھ عرض کریں گے ان شاء اللہ۔ :)
جی ضرور ، انشااللہ
 

نبیل

تکنیکی معاون
پہلے تو میں سبط الحسین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس موضوع پر اتنی معلوماتی تحریر پوسٹ کی۔ میں نے اس مرتبہ کی فورم کی سالگرہ پر اسی موضوع پر لکھنے کا سوچا ہوا تھا لیکن مصروفیت کے باعث مناسب تحقیق نہیں کر پایا تھا اور میرے تجربات کے نتائج بھی ابھی تک زیادہ حوصلہ افزا نہیں تھے، لیکن سبط الحسین نے میری مشکل آسان کر دی ہے۔ میں نے اوبنٹو پر xetex کا استعمال کرتے ہوئے اردو ٹائپ سیٹنگ کے کچھ تجربا ت کیے تھے۔ جلد ہی ان کے بارے میں لکھوں گا۔
 

Selahudin Munawar

محفلین
السلام علیکم ماشاء اللہ بہت خوبصورت تجربہ بیان فرمایا ہے ۔ میں ابھی اس کا تجربہ کرنے لگا ہوں امید ہے سمجھ بھی گیا ہوں گا ۔:lol:
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم ، سبط بھائی آپ مزید علمی و معلوماتی تحاریر بھی شیئر کیجیے پلیز، آپ کے لکھنے کا انداز بہت رواں اور آسان ہے ۔
 

سبط الحسین

لائبریرین
السلام علیکم ، سبط بھائی آپ مزید علمی و معلوماتی تحاریر بھی شیئر کیجیے پلیز، آپ کے لکھنے کا انداز بہت رواں اور آسان ہے ۔
بہت شکریہ حوصلہ افزائی کا۔ جی آپی ضرور میں کوشش کروں گا اپنی علمی استطاعت کے حساب سے وقتا فوقتاً کچھ نہ کچھ شئیر کرتا رہوں۔
 
ہم لینکس مشین پر عموماً میک فائل کی مدد سے کمانڈ لائن سے لاٹیک کمپائل کیا کرتے تھے۔ لیکن کچھ عرصہ قبل ایک سادہ سا لاٹیک ایڈیٹر گمی ہاتھ لگا، تب سے اسے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ایڈیٹر کئی فنکشنالیٹیز کے لئے ٹیک لائو اور دیگر کئی پیکیجیز پر تکیہ کرتا ہے۔ سننے میں آیا ہے کہ اس کا ونڈوز انسٹالر بھی دستیاب کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم لاٹیک لیب نام سے ایک عدد آن لائن لاٹیک ایڈیٹر بھی استعمال کر چکے ہیں جسے گوگل ڈاکس کے ساتھ انٹگریٹ کیا گیا ہے۔ :)
 
وکیپیڈیا پر لاٹیک ایڈیٹرز کا موازنہ دیکھ رہے تھے تو پایا کہ جی ایڈیٹ کے لئے ایک عدد پلگ ان دستیاب ہے۔ فی الحال یہ پلگ ان جی ایڈٹ کے تازہ نسخے کے ساتھ کام نہیں کر رہا۔ اگر کام کرنے لگا تو شاید ہم گمی کو دعا سلام کر کے رخصت کر دیں کیوں کہ زیادہ تر پروگرامنگ جی ایڈٹ میں ہی کرتے ہیں تو اسی کانٹیکسٹ میں رہ کر کام کرنا زیادہ سہل ہوگا۔ :) :) :)
 

سبط الحسین

لائبریرین
وکیپیڈیا پر لاٹیک ایڈیٹرز کا موازنہ دیکھ رہے تھے تو پایا کہ جی ایڈیٹ کے لئے ایک عدد پلگ ان دستیاب ہے۔ فی الحال یہ پلگ ان جی ایڈٹ کے تازہ نسخے کے ساتھ کام نہیں کر رہا۔ اگر کام کرنے لگا تو شاید ہم گمی کو دعا سلام کر کے رخصت کر دیں کیوں کہ زیادہ تر پروگرامنگ جی ایڈٹ میں ہی کرتے ہیں تو اسی کانٹیکسٹ میں رہ کر کام کرنا زیادہ سہل ہوگا۔ :) :) :)
خیر میں تو زیادہ تر لاٹیک کے لیے کیل (kile) کا استعمال کرتا ہوں جو کہ کافی اچھا ایڈیٹر ہے حالانکہ یہ یونی کوڈ کو سپورٹ کرتا ہے مگر اردو کے الفاظ صحیح طرح نہیں دکھاتا ۔اس کے علاوہ بسا اوقات جی ایڈیٹ سے بھی واسطہ پڑتا رہتا ہے کیونکہ میں جی ایڈیٹ کا پرانا ورژن استعمال کر رہا ہوں اس لیے میرے پاس لاٹیک کا پلگ ان انسٹالڈ ہے ۔
 

نایاب

لائبریرین
ڈاونلوڈ کر کے انسٹال تو کر لیا ۔ لیکن خدا گواہ کہ ذرہ بھر سمجھ نہیں آئی
کہ کہاں لکھنا ہے ۔ کیسے لکھنا ہے ۔ اور مین ونڈو پر اوپر کی جانب ٹولز اتنے ہیں کہ
سمجھ آتے آتے پتلی گلی سے نکل جاتی ہے ۔
کاش کوئی محترم دوست اس بارے اک مفصل ٹیوٹوریل لکھ دے ۔
تاکہ مجھ جیسے انگلش سے نابلد بھی اسے استعمال کر سکیں ۔
جزاک اللہ خیراء
 

عمار عاصی

محفلین
بہت خوب۔ اس قدر تکنیکی مضمون کو بے حد سہل انداز سے پیش کیا ہے۔

آپ کا دیا گیا کوڈ ونڈوز میں مکٹیک کے ذریعے آزمایا ہے اور نتیجہ بہترین۔ جو حضرات لاٹیک سے واقف نہیں ان کے لیے ونڈوز پر سیٹ اپ کا آسان طریقہ ذیل میں بیان کر رہا ہوں

سب سے پہلے اس ربط سے مکٹیک کا انسٹالر (Basic MiKTeX 2.9 Installer) ڈاؤنلوڈ کر لیں۔ انسٹالر کا سائز 159mb ہے۔

انسٹالر کو چلائیں اور جب ذیل کی سکرین آئے تو Install Missing packages on the fly کے لیے Yes کی آپشن منتخب کر لیں۔ اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ جب آپ اپنے لاٹیک کوڈ میں کوئی نیا پیکج استعمال کرنا چاہیں گے تو کمپائل کرتے وقت وہ پیکج خود ہی ڈاؤنلوڈ ہو جائے گا۔
vzvJw.jpg


انسٹالیشن مکمل ہو جانے پر سٹارٹ مینیو میں Miktex 2.9 نام کا نیا فولڈر بن جائے گا۔ اس فولڈر میں TeXworks نامی پروگرام کو چلالیں۔ TeXworks دراصل ایک سادہ لاٹیک ایڈیٹر ہے جو مکٹیک کے ساتھ ہی انسٹال ہو جاتا ہے۔

اب ٹیک ورکس میں آپ لاٹیک کی سورس فائل کھول لیں۔ ذیل کی تصویر میں، میں نے سبط بھائی کی فراہم کردہ فائلوں میں سے adhori-baat-2.tex نام کی فائل کھول رکھی ہے۔ اس کوڈ کو کمپائل کرنے سے پہلے ایک بات کا خیال رکھنا ہو گا کہ جو فونٹس آپ اپنی ڈاکومنٹس میں استعمال کرنا چاہ رہے میں وہ آپ کے سسٹم میں پہلے سے انسٹال ہوں ورنہ کمپائل کرنے وقت ایرر آئیں گے۔ لہذا اگر ضرورت ہو تو کوڈ میں استعمال شدہ فونٹ کے نام تبدیل کر دیں۔
1m2iA.jpg


آخری مرحلہ فائل کو کمپائل کرنے کا ہے۔ اس کے لے ٹول بار میں جو بائیں طرف ایک ڈراپ ڈاؤن باکس ہے، اس میں XeLaTeX کا ٹول منتخب کر لیں۔
3JKLL.jpg


اور پھر اس کے بائیں طرف سبز رنگ کے آئکن پر کلک کر دیں۔ کمپائلیشن شروع ہو جائے گی اور کچھ ہی دیر میں پی ڈی ایف فائل تیار ہو کر آپ کے سامنے ہو گی۔
 

نایاب

لائبریرین
محترم عمار عاصی بھائی
بہت توجہ اور اتنے آسان انداز میں سمجھانے پر
جزاک اللہ خیراء
میں نے محترم سبط الحسین بھائی کی پوسٹ پڑھ کو جو پروگرام ڈاونلوڈ کیا تھا ۔
وہ تو کچھ ایسے نظر آتا ہے ۔۔۔۔
اور مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اس میں کیسے لکھوں ۔
گر توجہ مل جائے تو
جزاک اللہ خیراء
l1.png



l2.png

l3.png
 

عمار عاصی

محفلین
نایاب بھائی، آپ نے جو پروگرام ڈاؤنلوڈ کیا ہے یہ ایک کافی پیچیدہ لاٹیک ایڈیٹر ہے، اس کی فی الحال آپ کو ضرورت نہیں پڑے گی۔ آپ کو صرف MikTeX ڈاؤنلوڈ کرنا ہے جس کا ربط میں نے اپنی پچھلی پوسٹ میں دیا اور سبط بھائی نے بھی وہی ربط دیا تھا۔ اسے ڈاونلوڈ کر کے اوپر دیے گئے طریقے پر عمل کریں۔ اس میں کسی مسئلے کا سامنا ہو تو یہاں ذکر کریں، ان شاء اللہ مدد کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔
 

راقم

محفلین
لگتا ہے احباب کسی اچھی چیز کی بات کر رہے ہیں جو اردو کی ترقی میں معاون ہو گی۔
میں صرف دعا ہی کر سکتا ہوں کہ اللہ آپ کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔
آمین
 

گرائیں

محفلین
او لا تو سبط الحسین صاحب کا شکریہ کہ ان کی دی گئی فائلوں کی بدولت میں اب تک کوئی چالیس کے قریب صفحات اردو میں لاٹیک میں لکھ چکا ہوں۔ بس ایک جگہ مسئلہ آ رہا ہے اور اسی مسئلے کے حل کی خاطر یہاں رجوع کیا ہے۔
ایک اردو مضمون کے دوران اگر کوئی انگریزی اقتباس آ جائے تو وہ سارے کا سارا رائٹ ٹو لیفٹ ہوتا ہے۔ مثلا دس از آ کیٹ کچھ اس طرح لکھا جاتا ہے کیٹ آ از دس۔ سٹیک ایکسچینج اور اس قسم کی دوسری ویب سائٹس پر تحقیق کی تو کوئی خاص حل نہیں ملا۔ یا شائد میں موزوں الفاظ لکھ کر تلاش نہیں کر پارہا تھا۔
کیا اس معمے کا حل نکل سکتا ہے؟
 
Top