نبیل بھائی کی بورڈ لے آؤٹ جب بنایا تھا تب کوئی نام ذہن میں نہیں آ رہا تھا تو تب یہی نام رکھ دیا۔ ویسے بھی تب میں اس فیلڈ میں نیا تھا اور بس اپنی ضرورت کے لئے بنایا تھا۔ لگے ہاتھوں کی بورڈ لے آؤٹ پر بھی بات کر لیتے ہیں۔ ویسے اردو پاک سائن کی بورڈ لے آؤٹ باقی فونیٹک کی بورڈ لے آؤٹ جیسا ہی ہے۔ بس اس میں کچھ اضافی حرف جیسے عربی کی ہ،ۃ،ک اور ی (ه، ة، ك اور ي) وغیرہ، قرآن کے رموزِ اوقاف شامل ہونے کے ساتھ ساتھ شروع اور آخر والی واوین (”“) بھی شامل کی ہوئی ہیں۔ اس بارے میں مزید تفصیل ذیل کی تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔ جن حروف کے ساتھ چھوٹا سا ”ع“ لکھا ہے اس کا مطلب ہے کہ یہ عربی کے حروف ہیں اور جن کے ساتھ ”ر“ ہے اس کا مطلب ہے کہ یہ رموزِ اوقاف ہیں۔
اگر چاہیں تو اس کا نام بدلا بھی جا سکتا ہے۔ میرا مطلب یہ ہے کہ دیگر کسی کی بورڈ لے آؤٹ میں اس کی بورڈ کی طرح مزید حرف شامل کیے جا سکتے ہیں۔۔۔
رہی بات انسٹالر کی تو میں نے اپنے انسٹالر کا نام ”اردو محفل انسٹالر“ سوچا ہوا ہے۔ مزید نام کے معاملے میں مشورے کا انتظار رہے گا۔ اس کے علاوہ انسٹالر کئی ایک سسٹمز جن پر ونڈوز ایکس پی ہے، ٹیسٹ کیا ہے۔ ٹیسٹ کرتے ہوئے ایسے سسٹمز کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں کچھ ایسے تھے کہ ان پر ونڈوز انسٹال ہونے کے بعد سے لے کر ٹیسٹنگ تک اردو یا دیگر کوئی زبان شامل نہ کی گئی ہو، مزید ایک دو ایسے سسٹمز پر ٹیسٹ کیا ہے جن پر پہلے کوئی زبان شامل ہوئی ہو۔ یعنی ہر طریقہ سے ٹیسٹ کیا ہے۔
مزید ان انسٹال فیچر بھی مہیا کیا ہے۔ ان انسٹال میں ایک چھوٹا سا مسئلہ یہ آ رہا ہے کہ ان انسٹال کرتے ہوئے ایک سہولت رکھی ہے کہ اگر کوئی یہ انسٹالر انسٹال کرنے پہلے لینگوئج بار استعمال کر رہا تھا تو لینگوئج بار ختم نہ ہو لیکن کسی ایسے سسٹم پر جہاں پہلے لینگوئج بار استعمال نہیں ہو رہی تھی اس پر ان انسٹال کرنے پر لینگوئج بار کی ہیلپ ظاہر ہوتی رہتی ہے جو کہ رائیٹ کلک کر ختم کی جا سکتی ہے۔ یوں تو یہ کوئی مسئلہ نہیں لیکن میں اس کو بھی ختم کرنا چاہ رہا تھا۔
اس کے علاوہ جو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹالر میں رکھا ہے وہ خودکار طریقہ سے شامل ہو رہا ہے یعنی اسے ریجنل سیٹنگز میں جا کر شامل کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہاں بھی خودبخود شامل ہو جاتا ہے اور ساتھ ساتھ لینگوئج بار بھی خود کار طریقہ سے ظاہر ہو رہی ہے۔ انسٹال کرنے کی حد تک تو مکمل ٹھیک ہے بس ان انسٹال کا چھوٹا سا مسئلہ تھا جو اوپر تفصیل سے لکھ دیا ہے۔
قرآنی فونٹ کے حوالے سے آپ کی بات درست ہے لیکن میں چاہ رہا تھا کہ کوئی معیاری قرآنی فونٹ شامل ہو جاتا تو کافی بہتر رہتا۔ دیکھتے ہیں باقی دوست اس بارے میں کیا مشورہ دیتے ہیں۔
usp10.dll فائل کے بارے میں تحقیق کریں تو ضرور بتائیے گا تاکہ اس کے نئے ورژن والی فائل شامل کی جا سکے۔ جہاں تک مجھے یاد ہے کسی دوست نے میرا خیال ہے قیصرانی بھائی نے اس کو رپلیس کرنے کے بارے میں کہیں بتایا تھا۔ تب تو مجھے اس کی کچھ سمجھ نہیں آئی تھی۔ خیر اس دھاگے کی تلاش کرنی پڑے گی۔