اردو محفل کی زین فورو 1.3.3 نسخے پر اپگریڈ

آج اعلان کے مطابق چند گھنٹے قبل اردو محفل کو زین فورو کے تازہ ترین مستحکم نسخے 1.3.3 پر اپگریڈ کر دیا گیا ہے۔ پچھلی اپگریڈ تقریباً چھ ماہ قبل عمل میں آئی تھی جو کہ زین فورو کے 1.2.4 نسخے پر کی گئی تھی۔ اس دوران ہم نے زین فورو کے چند نسخوں پر دانستہ اپگریڈ سے گریز برتا۔ لیکن اب محفل کی سالگرہ کی آمد آمد ہے، لہٰذا امید ہے کہ احباب کو اس موقع پر یہ تبدیلی خوشگوار محسوس ہوگی۔ بظاہر بہت زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو نہیں ملیں گی لیکن جو قابل ذکر تبدیلیاں رو نما ہوئی ہیں ان کا مختصر بیان درج ذیل ہے: :) :) :)
  • بین الموضوعات و بین الصفحات اقتباسات: ایک ساتھ کئی مراسلوں کا اقتباس لینے کے لیے زین فورو کے اس نسخے میں بہت ہی عمدہ نظام شامل کیا گیا ہے۔ فورم کی ہر لڑی کے ہر مراسلے کے نیچے "جواب" کے ساتھ "اقتباس" کا ربط نظر آئے گا، اس کے ما قبل مثبت کا نشان ہوگا۔ اس ربط پر کلک کرنے سے متعلقہ مراسلہ ایک نہ نظر آنے والی عارضی اقتباسات کی فہرست میں شامل ہو جائے گا اور ساتھ ہی مثبت کا نشان منفی میں تبدیل ہو جائے گا جو اس بات کا غماز ہوگا کہ اس ربط پر دوبارہ کلک کرنے سے متعلقہ مراسلہ اقتباسات کی عارضی فہرست سے خارج ہو جائے گا۔ یوں ایک یا زائد مراسلوں کو اقتباسات کی عارضی فہرست میں شامل کیا جا سکے گا، خواہ وہ ایک ہی صفحہ پر موجود ہوں، ایک ہی لڑی کے مختلف صفحات پر موجود ہوں یا پھر مختلف لڑیوں کے مراسلے ہوں۔ اگر اقتباسات کی عارضی فہرست میں ایک بھی اقتباس موجود ہے تو جواب لکھنے والے خانے کے نیچے اقتباسات شامل کرنے کا بٹن نمودار ہوگا۔ اس پر کلک کرنے سے ایک خانہ نمودار ہوگا جہاں ان اقتباسات کو اوپر نیچے کر کے ان کی ترتیب کو تبدیل کیا جا سکے گا اور غیر ضروری اقتباسات کو خارج بھی کیا جا سکے گا۔ بعد ازاں یہ تمام اقتباسات جواب کے خانے میں شامل ہو جائیں گے جہاں ہر ایک کی ذیل میں جواب لکھنے کی جگہ موجود ہوگی۔ :) :) :)
  • اسمائلیز کی زمرہ بندی: جو احباب محفل کا رچ ٹیکسٹ ایڈیٹر استعمال کرتے ہیں اب ان کے پاس تمام اسمائلیز ایک ساتھ نظر آنے کے بجائے مختلف زمروں میں نظر آئیں گی، جس کے باعث تلاش میں سہولت ہوگی۔ ابتدا میں محض چار زمرے ترتیب دیے گئے ہیں لیکن ابھی انھیں زیادہ بہتر انداز میں مرتب کرنے نیز ان میں اضافہ کرنے کا ارادہ ہے۔ ساتھ ہی نہ کے برابر استعمال ہونے والی اسمائلیز کو غیر فعال بھی کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ رچ ٹیکسٹ ایڈیٹر کی سہولت ہے، اس کے بر عکس فی الوقت سادہ ایڈیٹر میں اسمائلیز کی تعداد بہت ہی مختصر ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت رہتی ہے۔ :) :) :)
  • سرگوشی: محفل میں سرگوشیاں کرنے کا نظام شامل کیا گیا ہے جس کے تحت کہی گئی باتیں تب تک مخفی رہیں گی جب تک صارف ان کی دانستہ نمائش نہ کرے۔ یہ خصوصیت "اسپوائلر" کے نام سے جانی جاتی ہے اور عموماً سینما اور ٹی وی سے متعلق فورموں میں بکثرت استعمال ہوتی ہے تا کہ لوگوں کے تبصرے پڑھ کر غیر دانستہ طور پر کسی سسپنس مووی یا سیریل کا راز نہ فاش ہو جائے۔ چونکہ محفل میں اس قسم کے موضوعات زیر بحث نہیں آتے اس لیے ہم نے اس خصوصیت کا استعمال سرگوشیوں کے لیے کرنے کا فیصلہ کیا اور یوں اس کا ترجمہ "بھانڈا پھوڑ" کے بجائے "سرگوشی" کر دیا۔ :) :) :)
    پہلے راز کی بات لکھیں اور اس کو منتخب کر لیں، پھر ایڈیٹر کے ٹول بار میں "داخل کریں۔۔۔" والا بٹن دبائیں اور نمودار ہونے والے خانے میں چاہیں تو سرگوشی کا اشارہ دے دیں ورنہ خالی چھوڑ دیں۔۔۔ :) :) :)
  • ایڈیٹر ٹول بار کی ترتیب: ایڈیٹر کے ٹول بار میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں مثلاً فارمیٹنگ ختم کرنے والا بٹن اب دوسری جانب رچ ٹیکسٹ ایڈیٹر سے سادہ ایڈیٹر میں تبدیلی کرنے والے بٹن سے جا لگا ہے۔ قلم زد، اقتباس، اور کوڈ کے بٹن اب ایک اضافی بٹن "داخل کریں۔۔۔" کی ذیل میں آ گئے ہیں، نیز ساتھ ہی ان میں سرگوشی کا اضافہ ہوا ہے۔ جن بٹنوں کے ساتھ ذیلی بٹنوں کی فہرس موجود ہے ان کے ساتھ اب آئکن شامل کر دیے گئے ہیں۔ :) :) :)
  • کسٹم بی بی کوڈ: پہلے یہ سہولت موجود نہ ہونے کے باعث ایڈ آن کی مدد سے کچھ کام لیے جا رہے تھے جن کی ضرورت اب باقی نہ رہی۔ جلدی ہی عربی، انگریزی، اور پشتو وغیرہ کے لیے بی بی کوڈ شامل کر دیے جائیں گے نیز متعلقہ اسٹائل بھی، تاکہ ان زبانوں میں لکھے ہوئے متن اردو فونٹ اور رخ کے تابع نہ ہوں اور انھیں درست انداز میں دیکھا جا سکے۔ ان اضافوں کے بعد ایڈیٹر کے ٹول بار میں ان کے بٹن نمودار ہوں گے۔ :) :) :)
  • سوشل نیٹورک سے دخول: ابھی تک محفل میں محض فیس بک کے اکاؤنٹ سے الحاق ممکن تھا لیکن اب گوگل پلس اور ٹوئیٹر کی مدد سے بھی یہاں دخول ممکن ہوگا۔ گو کہ یہ خصوصیت فوری طور پر فعال نہیں کی گئی ہے لیکن متعلقہ ترتیبات کی تکمیل کے بعد یہ ممکن ہو سکے گا۔ :) :) :)
  • کوائف ناموں اور ان کے تبصروں میں ٹیگ کی سہولت: ابھی تک @ کے نشان کے بعد نام لکھ کر متعلقہ احباب کو متوجہ کرنے کی سہولت محض فورم کے مراسلوں اور تبصروں میں موجود تھی جبکہ اب یہ سہولت کوائف ناموں اور ان میں کیے گئے تبصروں میں بھی دستیاب ہے۔ :) :) :)
  • آج کی سالگرہیں: اب اراکین کے صفحہ کے سائڈ بار میں ان محفلین کی فہرست عمومی طور پر دستیاب ہوگی جنھوں نے اس تاریخ کو اپنی سالگرہ کے طور پر عمومی نمائش کی اجازت دے رکھی ہوگی۔ یہ خصوصیت نئی نہیں ہے بلکہ پہلے بھی موجود تھی لیکن پچھلے اپگریڈ میں ایک نقص کے باعث محفلین اس سے محروم ہو گئے تھے، نیز اس کے چلتے یوم پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر متعلقہ محفلین کو نظر آنے والا بینر بھی نظروں سے اوجھل ہو گیا تھا جو کہ اب بحال ہو جائے گا۔ :) :) :)
  • ای ایکس آئی ایف روٹیشن: تصاویر کھینچتے ہوئے کیمرے اپنی اورئینٹیشن (یعنی لینڈ اسکیپ یا پورٹریٹ) کی معلومات تصویر کے میٹا ڈیٹا میں محفوظ کر دیتے ہیں۔ اگر تصویر دیکھنے والا سافٹوئیر اس معلومات کا درست استعمال نہ کرے تو تصاویر اور ان کے تھمب نیل درست سمت میں نظر نہیں آتے۔ زین فورو میں اب اس معلومات کو دیکھ کر تصاویر برتنے کی خصوصیت شامل کر دی گئی ہے۔ یہ خصوصیت صرف فائلیں منسلک کرنے کے وقت کام آتی ہے لہٰذا فوری طور پر محفلین کے لیے اس کا کوئی استعمال نہیں کیوں کہ بوجود منسلکات کی سہولت محفل میں محدود رکھی گئی ہے۔ :) :) :)
  • تصاویر اور روابط کی پراکسی: کراس سائٹ اسکرپٹنگ اٹیک، سرچ انجن آپٹیمائزیشن، اور خارجی ٹریفک کی لاگنگ کے تئیں اب ساری تصاویر اور سارے خارجی روابط محفل کی پراکسی سے ہو کر گزریں گے۔ بظاہر اس سے عام محفلین کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ :) :) :)
  • انتظامی و ادارتی آلات و خواص: نظامت و ادارت کے عمل کو سہل بنانے کی غرض سے کئی چھوٹی بڑی بہتریاں رو نما ہوئی ہیں جن کا بیان محفلین کے لیے غیر ضروری ہے لہٰذا اسے یہیں مختصر کرتے ہیں۔ :) :) :)
واضح رہے کہ یہاں فقط ان باتوں کا بیان درج کیا گیا ہے جو محفل کو زین فورو کے نئے نسخے پر اپگریڈ کے باعث فوری طور پر سامنے آئے ہیں۔ سالگرہ کے پیش نظر کی گئی یا مستقبل قریب میں کی جانے والی دیگر تبدیلیوں اور اضافوں کا بیان مناسب موقع پر کیا جاتا رہے گا۔ امید ہے کہ محفلین کا اس اپگریڈ کے حوالے سے رد عمل اچھا رہے گا نیز محفل کا استعمال زیادہ خوشگوار رہے گا۔ ابھی احباب کو اردو ایڈیٹر سمیت دیگر مسائل اور کئی مقامات پر تراجم کی خامیاں نظر آ سکتی ہیں جنھیں بر وقت منتظمین کے علم میں لائیں تاکہ ان کا سد باب کیا جا سکے۔ :) :) :)

اب جبکہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کا ہدف بھی مکمل پا چکا ہے اور محفل کو زین فورو کے نئے نسخے پر اپگریڈ بھی کر دیا گیا ہے، اس کے بعد کوئی سبب نہیں کہ ہر محفلین محفل کی سالگرہ کے لیے پوری تیاری نہ کرے۔ محفل محفلین کے دم سے ہے لہٰذا اس کی سالگرہ کے جشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہر چھوٹے بڑے منصوبے اور خیال کو پوری پذیرائی ملنی چاہیے۔ :) :) :)
 

نایاب

لائبریرین
ماشاءاللہ
اللہ کرے دن دونی رات چوگنی ترقی کرتے سدا سجی رہے یہ محفل اردو آمین
 

ساقی۔

محفلین
میں تو کہتا ہوں ایک دفعہ پھر اپ گریڈ کر دیں تا کہ مزید سہولیات دستیاب ہو جائیں:)
 

نوشاب

محفلین
نئی تبدیلیوں کی بہت بہت مبارک باد
لیکن فائلز(ویڈیواورتصاویر)اٹیچ کرنے کی ڈائریکٹ سہولت ابھی بھی شامل نہیں ہوئی ۔
مطلب ایک سال اور انتظار کرنا پڑے گا۔
 
نئی تبدیلیوں کی بہت بہت مبارک باد
لیکن فائلز(ویڈیواورتصاویر)اٹیچ کرنے کی ڈائریکٹ سہولت ابھی بھی شامل نہیں ہوئی ۔
مطلب ایک سال اور انتظار کرنا پڑے گا۔
اس کی سہولت سافٹوئیر میں ابتدا سے موجود ہے لیکن اس کو فعال نہیں کیا گیا کیوں کہ اس کا غیر مناسب استعمال شروع ہو جاتا ہے۔ نیز یہ کہ فائلیں اپلوڈ کرنے کی اجازت دی جائے تو ڈسک اسپیس بہت تیزی سے صرف ہوتی ہے۔ اور پھر بیک اپ سے لے کر مائگریشن اور اپگریڈ ہر عمل میں پیچیدگیاں بڑھتی چلی جاتی ہیں۔ :) :) :)
 

نوشاب

محفلین
آپ کی بات بجا
لیکن میں نے نوٹ کیا ہے
کہ کافی سارے دھاگوں میں بیرونی اٹیچ منٹس کے لنک مردہ ہو چکے ہیں
جس کی وجہ سے ان دھاگوں کا سارا مزا کرکرا ہو جاتا ہے اور بات سمجھنے والا تشنہ رہ جاتا ہے۔
 
1_11720_11236746741.gif

1_Flower_Garden_Dream__CHeshmack___12_.jpg

HAZAMAN-FAZALERABI.png
 
Top