اردو محفل کے نثر نگار:: ایس ایس ساگر

ایس ایس ساگر اردو محفل میں نسبتاً نئے ممبر ہیں لیکن خوبصورت انداز میں ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں افسانے لکھتے ہیں۔ ساگر بھائی نے ۱۶ فروری ۲۰۲۰ء کو اردو محفل میں شرکت کی اور تب سے چند مزے دار کہانیاں شریک محفل کرچکے ہیں۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔

اپنے تعارف میں ساگر بھائی نے اپنے بارے میں کچھ نہیں لکھا ہے۔ امید ہے کہ اپنے نام سے بنائی گئی اس لڑی میں ضرور اپنے بارے میں بتائیں گے۔

ان کے افسانوں اور دیگر تحریروں کے لنک درج ذیل ہیں۔

سیاہ گلاب از ایس ایس ساگرؔ | اردو محفل فورم (urduweb.org)
حسابِ عمر رفتہ | اردو محفل فورم (urduweb.org)
شرط از ایس ایس ساگرؔ | اردو محفل فورم (urduweb.org)
کبوتر بازی از ایس ایس ساگر | اردو محفل فورم (urduweb.org)
پہلوان جی از ایس ایس ساگرؔ | اردو محفل فورم (urduweb.org)
بے حسی۔بےبسی! از قلم ایس ایس ساگرؔ
 
آخری تدوین:

ایس ایس ساگر

لائبریرین
خلیل الرحمٰن سر! یہ آپ کا یقیناً بڑا پن اور آپ کی شفقت ہے کہ میرے جیسے بندے کو جو کسی اعدادو شمار میں نہیں اسے بھی یاد رکھتے ہیں۔ میرے نام کی تعارفی لڑی کھول کر آپ نے مجھ فقیر کو جو عزت بخشی ہے میں خود کو آپ کی محبت کا مقروض سمجھتا ہوں۔ اللہ آپ کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین۔
چونکہ یہ تعارف اردو محفل کے ایک نثر نگار کی حیثیت سے پیش کرنا ہے تو میں نے سوچا کہ یہاں کچھ ذکر اس بات کا کرتا چلوں کہ میرا ادبی شوق پروان کیسے چڑھا اور اردو محفل تک کا سفر کیسے طےہوا ۔درحقیقت میرا بچپن سےہی اردو ادب کےساتھ گہرا لگاؤ تھا۔اگرچہ میرےلکھنے کا سفربچپن سے بچپن تک ہی محدودرہا۔گزرے دنوں کو یاد کروں تو مجھے ماضی کی دھند کےاس پارکچھ ہیولے سے دکھائی دینے لگتے ہیں۔ گہری سوچ کے پردے پر عمررفتہ کے مدھم نقوش آہستہ آہستہ واضح ہوتے چلے جاتے ہیں۔ ذہن کی بلیک اینڈ وائٹ سکرین پر زندگی کے خوشنما رنگ بکھرنے لگتے ہیں۔ اچھلتے کودتے متحرک سائے مانوس سی شکلوں کا روپ دھار لیتے ہیں۔ میرے حافظے کی بنجر زمین سے ننھے منے گھروندے سر ابھارنے لگتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے خیال کی دنیا میں ایک چھوٹی سے بستی آباد ہونے لگتی ہے۔ اس بستی میں ایک گھر کےچھوٹے سے کمرے میں ایک معصوم سا بچہ دنیا و مافیہا سے بے خبرمطالعے میں گم دکھائی دیتا ہے۔ اس بچے کا چہرہ مجھے کچھ مانوس سا لگتا ہے۔ ذہن پر ذرا سازور دینے پر میں اسے پہچان لیتا ہوں۔ تب میرے اند رسے کوئی فرطِ مسرت سے چلا اٹھتا ہے۔میرا بچپن۔
میری حد درجہ حساس طبیعت ،تخیل پسندی اور کتابوں کی صحبت نے کم عمری میں ہی میرے اندر کہانیاں لکھنے کا شوق پیدا کر دیا تھا۔ مختلف مکتبہ فکر کے ادباء کی کتابیں پڑھنے سے میں افسانہ نگاری کے کچھ اسرارو رموز سے بخوبی واقف ہو چکا تھا۔ میری پہلی کہانی اخبار میں اس وقت چھپی تھی جب میں چوتھی جماعت میں پڑھتا تھا۔ میٹرک تک میں نے کافی کچھ لکھا اور بہت کچھ چھپا بھی۔ بچپن میں ۔۔۔میں ساگر کے قلمی نا م سے لکھتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ نام میں نے اردو محفل کے لیے بھی استعمال کیا۔اس نام سے میرا بچپن جُڑا ہے شاید اسی لیے مجھے اس نام سے پکارا جانا اور پہچانا جانا اچھا لگتا ہے۔ میرےلکھنے کا سفر کچھ ذاتی وجوہات کی بنا ء پرمیڑک کے بعد جاری نہ رہ سکا۔ لگ بھگ پچیس سال تک میں نے قلم کو ہاتھ تک نہیں لگایا اور کوئی بھی کہانی نہیں لکھی۔ بعد کی زندگی صرف اور صرف معاشی ضروریات کے پیش نظرپروفیشنل ایجوکیشن حاصل کرنے میں گزری۔ اس دوران میں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور درس و تدریس کے شعبے سے منسلک ہو گیا۔
فکر معاش ختم ہوئی توپھر سے لکھنے کا شوق جاگ اٹھا۔ پچیس سال کا طویل عرصہ بنا کچھ لکھے اور پڑھے گزر چکا تھا۔اند ر کہیں ایک ڈر جنم لے چکا تھا کہ اب کچھ لکھ پاؤں گا یا نہیں۔ پھر سوچا کہ پرندہ چاہے قفس میں رہے اپنی اڑان نہیں بھولتا، مچھلی کبھی تیرنا نہیں بھولتی۔ جو صلاحیت قدرت ایک دفعہ آپ کے اندر ودیعت کر دیتی ہے وہ کبھی ختم نہیں ہوتی۔ ہاں! صلاحیتوں کو اگر استعمال نہ کیا جائے تو وہ زنگ آلود ضرور ہو جاتی ہیں۔ یہ بھی سچ ہے کہ انسان اگر کچھ کرنے کا پکا اور مصمم ارادہ باندھ لے تو رب کریم کی ذات ِپاک اس کے لیے راستے کھول دیتی ہے۔
ایک روز اچانک سے انٹر نیٹ پر یونہی آوارہ گردی کرتے اردو محفل کا صفحہ کھل کر نظروں کے سامنے آ گیا۔ یوں لگا گویا کسی لق و دق صحرا میں ایک نخلستان دکھائی دے گیا ہو۔ شروع میں محفل کے اصول و ضوابط اور اس کے مزاج کو جاننے کے لیے سوچا اس پر کچھ پوسٹ کیا جائے۔ سو میں نے اپنی ایک پرانی تحریر (عنوان: کبوتربازی) اس پر پوسٹ کردی۔ یہ تحریر میں نے چھٹی جماعت میں لکھی تھی اور اس وقت ایک اخبار میں چھپی بھی تھی۔ محفل پر میری یہ پہلی تحریر تھی جیسا کہ میں نے لکھا بھی تھا۔ بعد میں کچھ دوسرے محفلین کی تحریریں دیکھ کر عقلِ سلیم میں یہ بات آئی کہ مجھے اس تحریر کے نیچے تاریخ لکھنی چاہیے تھی تا کہ محفلین میری نئی اور پرانی تحریروں کو الگ سے شنا خت کر سکیں۔ اس کے لیے معذرت چاہوں گا ( یہ غلطی غیر دانستگی میں سرزد ہوئی)۔ پہلی تحریر پر سب احبابِ محفل نے اتنا حوصلہ بڑھایا کہ میں نے پھر سے لکھنا شروع کیا اور یوں میرے شوق کے سفر کا نئے سرے سے آغاز ہو گیا۔ میں اس کے لیے سب احباب کا تہہ دل سے ممنون و شکر گزار ہوں اور آپ سب کی محبتوں کا مقروض ہوں۔ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا کہ میرا یہ سفرآپ کی رہنمائی میں جاری و ساری رہے اور میں اب لکھتا رہوں۔
 

شمشاد

لائبریرین
ایس ایس ساگر ماشاء اللہ بہت اچھا لکھتے ہیں۔ یہ اپنی تحریر سے قاری کو جکڑ لیتے ہیں اور جب تک ان کی تحریر ختم نہیں ہوتی، قاری کچھ اور کرنے کے قابل نہیں رہتا۔

ساگر بھائی اگر لکھنے لکھانے کے جراثیم 25 سالوں کے بعد سر اٹھا رہے ہیں تو ان پر جراثیم کُش دوا کا سپرے نہ کر دیجیے گا۔ ان کو ابھرنے دیں اور بھر پور ابھرنے دیں۔

اپنی تحریروں کو اردو محفل کی زینت بناتے رہیں۔
 

ایس ایس ساگر

لائبریرین
بہت نوازش شمشاد بھائی۔ اس حوصلہ افزائی کے لیے بہت شکر گزار ہوں۔ یقین مانیے اگر آپ جیسے بھائیوں کی محبت کا اسپرے ہوتا رہا تو یہ جراثیم کبھی ختم نہیں ہوں گے ان شاءاللہ بلکہ اور بھی تگڑے ہو جائیں گے۔:):):)
 

شمشاد

لائبریرین
بہت نوازش شمشاد بھائی۔ اس حوصلہ افزائی کے لیے بہت شکر گزار ہوں۔ یقین مانیے اگر آپ جیسے بھائیوں کی محبت کا اسپرے ہوتا رہا تو یہ جراثیم کبھی ختم نہیں ہوں گے ان شاءاللہ بلکہ اور بھی تگڑے ہو جائیں گے۔:):):)
ہم تو دل سے چاہتے ہیں کہ آپ لکھتے رہیں اور ہمیں آپ کی تحریریں پڑھنے کو ملتی رہیں۔
 

لاریب مرزا

محفلین
جناب ایس ایس ساگر صاحب کی تحاریر نظروں سے نہیں گزری ہیں. ان کے لنک یہاں موجود ہیں. ان شاء اللہ فرصت میں ضرور پڑھیں گے. :)
 

ایس ایس ساگر

لائبریرین
جناب ایس ایس ساگر صاحب کی تحاریر نظروں سے نہیں گزری ہیں. ان کے لنک یہاں موجود ہیں. ان شاء اللہ فرصت میں ضرور پڑھیں گے. :)
لاریب مرزا بہنا۔ جو کچھ بھی تھوڑا بہت لکھنے کی جسارت کی ہے وہ سب محفلین کی اصلاح اور رہنمائی کا مرہونِ منت ہے، سو مجھے بھی آپ کی قیمتی رائے کا انتظار رہے گا :)
 

جاسمن

لائبریرین
آپ کی یہ دوسری تحریر پڑھی ہے جو آپ نے اپنے تعارف کی غرض سے لکھی ہے۔ ماشاءاللہ آپ بہت اچھا لکھتے ہیں۔ زبان و بیان خوبصورت ہے۔
 

ایس ایس ساگر

لائبریرین
آپ کی یہ دوسری تحریر پڑھی ہے جو آپ نے اپنے تعارف کی غرض سے لکھی ہے۔ ماشاءاللہ آپ بہت اچھا لکھتے ہیں۔ زبان و بیان خوبصورت ہے
آپ کا بے حد شکریہ جاسمن بہنا۔ بڑی آرزو تھی کہ آپ میری کسی تحریر پر اپنی قیمتی رائے کا اظہار کریں۔ سو آج پوری ہوئی۔سپاس گزار ہوں۔ آپ کے پروفائل پر "پنجاب" لکھا دیکھ کر بہن سے اپنائیت کا احساس مزید گہرا ہو جاتا ہے کیونکہ میرا اپنا تعلق بھی پنجاب سے ہے۔ :)
 

سیما علی

لائبریرین
ساگر بھیا
بہت عمدہ لکھتے ہیں حساس و گداز دل رکھنے والے ساگر بھیا ۔۔پرودگار سے دعا ہے اللّہ سلامت رکھے !!!!!!!!
خط ان کا بہت خوب، عبارت بہت اچھی
اللہ کرے حُسنِ رقم اَور زیادہ۔۔۔۔۔۔۔
بہت ڈھیر ساری دعائیں ۔۔۔۔۔۔
 
آخری تدوین:

ایس ایس ساگر

لائبریرین

ایس ایس ساگر

لائبریرین
ساگر بھیا
بہت عمدہ لکھتے ہیں حساس و گداز دل رکھنے والے ساگر بھیا ۔۔پرودگار سے دعا ہے اللّہ سلامت رکھے !!!!!!!!
خط ان کا بہت خوب، عبارت بہت اچھی
اللہ کرے حُسنِ رقم اَور زیادہ۔۔۔۔۔۔۔
بہت ڈھیر ساری دعائیں ۔۔۔۔۔۔
آپ کی ذرہ نوازی ہے آپا۔ میں آپ کی محبتوں اور دعاؤں کا مقروض ہوں۔ اللہ آپ کو ہمیشہ اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے۔ آمین۔
 
Top