اردو ویب کی سکول، کالجز، یونیورسٹیز میں تشہیر

مہوش علی

لائبریرین
پچھلے دنوں چھٹیوں کی فراغت کے باعث میں نے بہت سارے تھریڈ شروع کر دیے ہیں۔

مسئلہ یہ ہے کہ میرے ذہن میں ابھی تک چند اہم مسائل موجود ہیں، جن کو آپ لوگوں کے نظر میں لانا اردو زبان کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ بعد میں پتا نہیں ٹائم ملے یا نہ ملے، یا پھر کہیں اپنی مصروفیات میں میں انہیں بھول ہی نہ جاؤں۔

اس لیے یہ نیا موضوع شروع کر رہی ہوں۔

نوٹ:
میرے ذہن میں اس وقت صرف چند الٹی سیدھی تجاویز آ رہی ہیں، جن میں سے شائد چند ایک کو پڑھ کر آپ کو ہنسی آ جائے۔ مگر طریقہ یہ ہے کہ آپ بھی ایسی چند ایک الٹی سیدھی تجاویز پیش کریں، اور آخر میں ان سے کام کی چیزیں باہر نکال لیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ماشاء اللہ سے اردو ویب اب اُس جگہ پہنچ چکا ہے جہاں یہ تجرباتی بنیادوں سے نکل کر اونچی اڑانیں اڑ سکتا ہے اور واقعی اردو کی ترقی میں انقلاب برپا کر سکتا ہے۔

اس کام کے لیے ہمیں شاید سینکڑوں کی تعداد میں رضاکار چاہیے ہوں گے۔ اور ہماری قوم میں اتنا پوٹینشل ہے کہ وہ سینکڑوں نہیں، بلکہ ہمیں ہزاروں کی تعداد میں رضاکار مہیا کر سکے۔

رضاکار حاصل کرنے کی سب سے بہترین جگہ پاکستان کے سکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں ہیں۔ اس مسئلہ پر ابتدائی کام محب کے ذمے ہے، جو ذاتی بنیادوں پر اردو ویب کو چند ایک یونیورسٹیز میں متعارف کروانے کی کوشش کریں گے۔

لیکن ابھی تک ہم نے اس بات پر دھیان نہیں دیا ہے کہ ہم اردو ویب کو کس طرح پروفیشنل طریقے سے دوسروں کو متعارف کروا سکتے ہیں۔ یہ پروفیشنل طریقہ ایسا ہونا چاہیے کہ دوسرے لوگوں پر فوراً یہ چیزیں عیاں ہو جائیں کہ:

1۔ اردو ویب کا قیام
2۔ مکمل طور پر آزاد مصدر ہونا
3۔ کون کون سے پروجیکٹز ہم نے مکمل کر لیے ہیں (اردو سوفٹ ویٹرز وغیرہ کے حوالے سے)
4۔ ہمارے مستقبل کے کون کون سے پروجیکٹز ہیں، اور اُن کی تکمیل کیسے ممکن ہے وغیرہ وغیرہ۔


ان تمام چیزوں کی تعارفی تفصیل پروفیشنل طریقے سے تیار کرنا ضروری ہے تاکہ محب جب یونیورسٹیز میں اردو ویب کو متعارف کروانے لگیں، تو وہ پوری طرح تیار ہوں۔

چلیں محب کے متعلق تو کہہ سکتے ہیں کہ وہ اردو ویب کو اچھی طرح جانتے ہیں اور اس لیے دوسروں کو اردو ویب صحیح طریقے سے متعارف کروا سکتے ہیں۔ لیکن محب تمام یونیورسٹیز میں اکیلے چکر نہیں لگائیں گے، بلکہ کچھ یونیورسٹیز میں اپنے دوستوں کو روانہ کریں گے، جو سٹوڈنٹز کے مختلف کلاسز میں جا جا کر انہیں اردو ویب متعارف کروائیں گے۔


چنانچہ، ایسا پروفیشنل تفصیلی تعارفی مینوئل ہونا بہت ضروری ہے جو کہ دوسروں کو Attract کر سکے۔


ایک پیج کے پمفلٹ

یہ بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے کہ جن جن کالجز میں اردو ویب کو متعارف کروایا جائے، وہاں ایک پیج کے پمفلٹ باٹیں جائیں۔

یا پھر یہ ایک پیج کے پمفلٹ کم از کم کالجز کے تین چار اشتہاراتی بورڈز وغیرہ پر لگا دیے جائیں۔


لہذا ایسا پروفیشنل ایک پیج کا پمفلٹ بھی تیار کر کے رکھیں، تاکہ محب خود بھی ان سے فائدہ اٹھا سکیں، اور ان کے دوست بھی دیگر کالجز میں ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔

میرا ذاتی خیال ہے کہ اس بنیادی تیاری کے بعد اگر محب اور ان کے دوست یونیورسٹیز کا رُخ کریں گے، تو اُن کو کامیابی ملنے کے زیادہ چانسز ہیں۔


یاد رہے، سکول اور کالجز میں اردو ویب کو متعارف کرواتے وقت سب سے اہم نکتہ اُن کے سامنے یہ پیش کریں کہ اردو ویب پر ہمارا ایک پروجیکٹ یہ ہے کہ تمام نصابی کورس ڈیجیٹائز کیا جائے۔ اور اسی سلسلے میں سٹوڈنٹز اپنے نوٹس ڈیجیٹائز کر کے ہمارے سائیٹ پر ہوسٹ کر سکتے ہیں۔ ۔۔۔۔ وغیرہ وغیرہ۔


میرے خیال میں اس طرح کا ایک تفصیلی تعارفی مینوئل ، اور ایک ایک صفحے کا پمفلٹ تیار کرنا مشکل کام نہیں ہے۔ مگر اس کے دوررس نتائج نکل سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سکول کالجز کے علاوہ ای میلز کے ذریعے بھی اردو ویب کے متعلق میسجز دوسروں تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ لیکن اس طرح کی میلنگ لسٹز کا مجھے کوئی خاص تجربہ نہیں ہے۔


آپ لوگوں کی تجاویز کی منتظر۔
 

زیک

مسافر
میرے خیال سے اس کام کے لئے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اردو ویب کا ہوم پیج ایک اچھے انداز میں بنائیں جہاں ہمارے مقاصد اور دوسری باتوں کا ذکر ہو۔ میں نے کچھ دن پہلے ہی اس بارے میں سوچا تھا اور کوشش ہے کہ اس ویک‌اینڈ پر اس پر کچھ کام کر لوں۔

میرا ارادہ مواد لکھنے کا ہے۔ مگر مجھے کسی کی مدد چاہیئے جو اسے خوبصورت اور valid html میں ڈھال دے۔
 
میں سوچ ہی رہا تھا کہ پوسٹ کروں کہ ہمیں ایک خوبصورت اور دلکش تعارفی مضمون چاہیے ہوگا اردو محفل کی ترویج کے لیے اور مہوش نے شاید میرے دل میں جھانک کر دیکھ لیا اور جو جو میرے ذہن میں تھا سب تفصیل سے پوسٹ کردیا۔ میں نے تقریبا سب جاننے والوں سے رابطہ کرنا شروع کردیا اور انشاءاللہ جلد ہی اس پر تفصیلی پوسٹ کروں گا۔ فی الحال پنجاب یونیورسٹی ، انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی ، ایف سی کالج اور ایوانِِ‌ عدل سے شروع کررہا ہوں۔ میں انتظار میں ہوں کہ مجھے پمفلٹ مل جائے اور میں اس پہنچا سکوں کالجز اور یونیورسٹی تک۔ میں منتظر رہوں گا مضمون کا اور ہم سب مل کر اسے بہتر بنالیں گے تاکہ جب میں اور کوئی بھی ترویج کرے تو اس کے پاس تحریری شکل میں مواد ہو۔
 

دوست

محفلین
بات تو مہوش کی ٹھیک ہے۔ مگر اس کے لیے پہلے اردو ویب کا اپنا ہوم پیج ذرا بمباسٹک قسم کا ہونا چاہیے۔
انٹر نیٹ پر اس کی تشہیر کے لیے دوسری مقبول عام اردو اور تصویری اردو ویب سائٹس کے ساتھ اس کا اشتہارات کا تبادلہ بہت بہتر ثابت ہوگا۔
apniisp.com
urupoint.com
pehchaan.com
یہ وہ ویب ساٹس ہیں‌ جہاں‌ ہزاروں کلکس روزانہ نہیں‌ تو ہفتہ وارانہ تو ہوتے ہیں۔
 
اس نیک کام کا آغاز کون کرے گا۔ اس کام کو جلد از جلد کرنے کی ضرورت ہے۔

آغاز کچھ ایسے ہو سکتا ہے

اردو کی پہلی مکمل یونیکوڈ سائٹ
اردو کی پہلی یونیکوڈ ڈیجیٹل لائبریری
اردو ایڈیٹر اور متفرق اردو سافٹ وئیر
شاعری نثر سیاست مذہب گپ شپ پر متعدد فورمز
آزادی اظہار کے لیے بہترین فورم
 

مہوش علی

لائبریرین
محب،

اگر آپ اردو ویب کو یونیورسٹیز یا سکولوں میں متعارف کروانا چاہ رہے ہیں تو اس بات کا حوالہ بھی دیجیئے گا کہ اردو ویب پر تمام نصابی کورس اور گائیڈز وغیرہ کو ڈیجیٹائز کرنے کا منصوبہ بھی ہے، جو اردو وکی کی Integration کے بعد شروع ہو جائے گا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
مجھے دراصل وقت نہیں مل رہا کہ میں اس موضوع پر تفصیل سے کچھ لکھ سکوں۔ میری تجویز یہ ہے کہ یہاں بھی کہانی والے کھیل کی طرح ہم کچھ لوگ مل کر ایک عبارت موزوں کر لیتے ہیں۔ اس کے بعد اسے ایم ایس ورڈ یا کسی اور پروگرام میں ایک بروشر کی فارمیٹ میں پی ڈی ایف کی شکل میں محفوظ کر لیں گے۔ میری مہوش علی ، شاکر، آصف اقبال اور محب علوی سے درخواست ہے کہ وہ اس کام میں میرے ساتھ شریک ہوں۔

لیجیے جناب میں آغاز کیے دیتا ہوں؛


اردو ویب اردو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو زبان کی ترویج کی خاطر خالصتاً رضاکارانہ بنیادوں پر کام کرنے کے لیے ایک کمیونٹی سائٹ ہے اور اپنے قیام کے کچھ ہی عرصے میں اردو زبان سے محبت رکھنے والے یہاں اردو کی ترویج کے لیے اکٹھے ہو گئے ہیں۔ اردو محفل فورم کو صحیح معنوں میں انٹرنیٹ پر پہلی یونیکوڈ اردو فورم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ محفل فورم اردو ویب پر اردو کی ترویج کے لیے تمام پراجیکٹس کا مرکز ہے۔

اردو ویب پر اس وقت رضاکارانہ کام کرنے والوں کی تعداد اگرچہ کم ہے لیکن وہ نہایت لگن اور جذبے کے ساتھ اپنے کام میں مشغول ہیں۔ ہمیں اپنے پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے بالخصوص طلباء سے کئی سطح پر تعاون درکار ہے۔

اردو ویب کو تکنیکی طور پر بہتر بنانے کے لیے ہم مسلسل کام کر رہے ہیں اور یہ کام زیادہ تر ویب ٹیکنالوجیز اور کونٹینٹ منیجمنٹ کی فیلڈ میں ہوتا ہے۔ اگر آپ ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہیں تو ہم اس سلسلے میں آپ کی رہنمائی کے لیے بھی تیار ہیں۔ یا اگر آپ کے ذہن میں اردو ویب میں بہتری لانے کے لیے کوئی تجویز ہو تو بھی ہم اس کا خیر مقدم کریں گے اور آپ کو کام کرنے کا مناسب ماحول مہیا کر دیں گے۔
 

الف عین

لائبریرین
نبیل۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ عام آدمی کو یونی کوڈ کے بارے میں کیا معلوم۔ بلکہ میں تو یہ بہتر سمجھتا ہوں کہ فورم کے ٹائٹل ٹیگ سے بھی یہ لفظ نکال دیا جائے۔ عام آدمی کو پہلے یہ بتایا جائے کہ اردو کی بہت سی سائٹس تصویروں کے ذریعے اردو پیش کرتی ہیں جس میں کئی پریشانیاں ہوتی ہیں اردو تحریر کی یہ پہلی ویب سائٹ ہے، اور پہلی محفل۔ کم از کم پمفلیٹ میں پہلا پیراگراف اردو تحریر کی اہمیت کا ہونا چاہئے، ورنہ لوگ کہیں گے کہ محفلیں تو بہت سی ہں۔ اس میں کیا خاص بات ہے؟
 

نبیل

تکنیکی معاون
اعجاز اختر صاحب، یہی تو میری درخواست ہے کہ آپ اس تحریر کی درستگی فرما دیں۔ اگر ہو سکے تو آپ خود ہی اردو کی اہمیت کے بارے میں کچھ پوسٹ‌ کردیں تاکہ اسے اس بروشر میں شامل کر لیا جائے۔
 

الف عین

لائبریرین
نبیل۔ ایک تحریر حاضر ہے جس میں کچھ تمھارے جملے بھی شامل ہیں۔ میں ذرا بات لمبی کرتا ہوں جیسا تم سب کو اندازہ ہوگا اس لئے ذرا یہ تحریر بھی طویل ہو گئی ہے، مناسب کانٹ چھانٹ کر لو:

اردو کو دورِ حاضر سے جوڑنے میں کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کا اہم رول ہے۔ بلکہ یہ کہنا حقیقت سے دور نہیں ہوگا کہ اردو کی ترویج و اشاعت کے لئے یہ ایک زیادہ بہتر قدم ہوگا۔ اگر چہ کئی ویب سائٹس اردو کی کہلاتی ہیں لیکن یہ محض تصویروں کی صورت ہیں۔ انگریزی کی طرح تحریروں کی شکل میں نہیں جس سے آپ انٹر نیٹ پر ’گوگل‘ یا اس قسم کے دوسرے تلاش کرنے والے انجنوں کے ذریعے کچھ تلاش کر سکیں یا مثلاً کسی غزل کا کوئی شعر پسند آنے پر اپنے ای میل یا مضمون میں نقل، کمپیوٹر کی زبان میں کاپی اور پیسٹ کر سکیں۔ تحریری اردو اس سلسلے میں جو یونیکوڈ کی تکنیک کا استعمال کرتی ہے اس نقص کو دور کرتی ہے۔
اب جب کہ آپ اپنے کمپیوٹر کو اردو کے قابل بنا سکتے ہیں اور کسی بھی سافٹ وئر میں اردو لکھ سکتے ہیں، ای میل اور چیٹ کر سکتے ہیں، عام پروگراموں جیسے ونڈوز کے نوٹ پیڈ اور مائکرو سافٹ ورڈ میں اردو لکھ سکتے ہیں اور ویب صفحات بنا سکتے ہیں، ان تصویری ویب سائٹس کی اہمیت پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔
ہمیں فخر ہے کہ اردو ویب ڈاٹ آرگ اس تحریری اردو کی شکل میں پہلی ویب سائٹ ہے جو پہلے ایک فورم یا محفل کی شکل میں شروع کی گئی ہے لیکن جلد ہی اس کے کینوس میں وسعت دی جائے گی۔ تکنیکی اور ادبی جریدے اور ایک برقی کتابوں کی لائبریری اسی ویب سائٹ کے تحت شروع کر دی گئی ہے جسے عنقریب اردو ویب پورٹل میں علیٰحدہ مقام دیا جائے گا۔
اردو محفل کا ایک اہم کارنامہ یہ ہے کہ اس میں پوسٹ کرنے کے لئے ایک آن لائن ایڈیٹر بھی موجود ہے جو صوتی طریقے سے کام کرتا ہے، تقریباً اسی طرح جیسا کہ اردو کا مشہور سافٹ وئیر ’ان پیج‘ کا فونیٹک کی بورڈ کام کرتا ہے۔ اس کلیدی تختے کے باعث اردو تحریر کرنا بے حد آسان ہو گیا ہے۔
اردو ویب پر اس وقت رضاکارانہ کام کرنے والوں کی تعداد اگرچہ کم ہے لیکن وہ نہایت لگن اور جذبے کے ساتھ اپنے کام میں مشغول ہیں۔ ہمیں اپنے پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے بالخصوص طلباء سے کئی سطح پر تعاون درکار ہے۔ ہماری اردو دوستوں سے درخواست ہے کہ اس محفل کی مفت رکنیت حاصل کریں۔
اردو ویب کو تکنیکی طور پر بہتر بنانے کے لیے ہم مسلسل کام کر رہے ہیں۔ اگر آپ ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہیں تو ہم اس سلسلے میں آپ کی رہنمائی کے لیے بھی تیار ہیں۔ یا اگر آپ کے ذہن میں اردو ویب میں بہتری لانے کے لیے کوئی تجویز ہو تو بھی ہم اس کا خیر مقدم کریں گے اور آپ کو کام کرنے کا مناسب ماحول مہیا کر دیں گے۔
 
خالصتا اشتہاری انداز میں ایک تحریر پیش خدمت ہے


کیا آپ کپمیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنا پڑھنا چاہتے ہیں (تصویری نہیں تحریری شکل میں) ؟
کیا آپ اردو سے دلچسپی رکھتے ہیں اور اردو کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں؟
کیا آپ اردو کا مستقبل جاننا چاہتے ہیں ؟
کیا آپ اردو کی بہترین کتابیں آن لائن پڑھنا چاہتے ہیں؟
کیا آپ مختلف کورسز کے نوٹس اور مضامین آن لائن پڑھنا چاہتے ہیں ؟
کیا غیر ملکی زبانیں اردو کے ذریعہ سیکھنا چاہتے ہیں؟
کیا آپ کو کمپیوٹر کے متعلق تکینکی مدد درکار ہے ؟
کیا آپ شاعری یا نثر کی تشہیر، اصلاح چاہتے ہیں؟
کیا آپ کو اردو غزلوں اور نظموں کو سمجھنے میں دقت پیش آتی ہے اور آپ آسان تشریح چاہتے ہیں؟
کیا آپ اردو کی ترقی کے لیے جاری بحثوں میں حصہ لے کر تجاویز دینا چاہتے ہیں ؟
کیا آپ چاہتے ہیں کہ کہ کوئی ایسا سوفٹ وئیر ہو جو انگریزی ٹیکسٹ اردو میں ترجمہ کردے ، صرف ایک کلک پر ؟
کیا آپ چاہتے ہیں کہ کوئی سافٹ وئیر بھی ہو جو اردو کو تحریری شکل میں سکین کر دے یعنی آپ سکین شدہ ٹیکسٹ کو تبدیل بھی سکیں؟
کیا آپ چاہتے ہیں کہ اردو کی جامع لغت ہو جس میں مترادفات، متضادات بھی ہوں، محاورے ، ضرب الامثال بھی ہوں اور وہ بالکل مفت بھی ہو ؟

اگر ان میں سے کسی بھی سوال کا جواب ہاں میں ہے تو پہلی فرصت میں اردو ویب فورم پر تشریف لائیں اور شمولیت اختیار کریں۔ ان سب سوالوں کا جامع ہی نہیں تسلی بخش جواب ماہرین سے کم سے کم وقت میں ملے گا۔ آپ کا اردو ویب پر بے چینی اور بے تابی سے انتظار کیا جا رہا ہے ، تو دیر کس بات کی ہے ابھی

www.urduweb.org/mehfil

پر آئیں اور اردو کی ترقی کے سفر کو ایک خواب سے حقیقت بنتے اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔‌
 
نہیں ہم سب خدا کے آدمی ہیں اور سائنس نے ابھی اتنی ترقی نہیں کی کہ مارکیٹنگ کے آدمی بنا سکے :lol:

ویسے میں کوشش کر تو رہا ہوں اور پوسٹ بھی مارکیٹنگ کی ضروریات کو سامنے رکھ کر کی ہے :wink:
 

مہوش علی

لائبریرین
مجھے پوائنٹز میں آرگومنٹز پیش کرنے کا طریقہ پسند آیا ہے۔ یہ بہتر اور بہت Appealing ہے۔
 

رضوان

محفلین
محب بھائی مجھے افسوس ہے کہ آپ سے تفصیلاً بات نہ ہو سکی۔
آپکا اور اعجاز صاحب کا پمفلٹ خاصا اطلاعاتی ہے لیکن پر کشش نہیں( پھر بھی نہ ہونے سے بہتر ہے اور انتہائی ضروری ہے ) ۔
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ جن احباب یا بچوں کو (بچے سائٹس میں وہ کچھ بھی دریافت کر لیتے ہیں جو باقی لوگ چھپانا چاہیں) سائٹ کا بتایا تو انہیں مطلوبہ مواد تک پہنچنے کے لیے دوبارہ رہنمائی درکار رہی۔ پہلے یہ معاملہ حل کریں کہ سائٹ یوزر فرینڈلی ہو۔ وقت کہیں بھاگا نہیں جا رہا میں تین دن کی غیر حاضری کے بعد آیا ہوں لیکن اس دوران اتنا کچھ سائٹ پر آچکا ہے کہ کافی وقت چاہیے وہی پڑھنے کے لیے۔
مہوش بہت عمدہ جارہی ہیں لیکن ان سے ایک استدعا ہے حوصلہ اور خاطر جمع رکھیں اسی طرح حوصلے اور کام بڑھاتی جائیں :D
ویب ڈیزائن سے ہمیں کافی مدد مل جائیگی اور صفحہ اول پر ہی اردو فونٹس اور وینڈو98 والوں کے لیے معلوماتی لنکس ہوں تو مدد دیں گے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
رضوان نے کہا:
محب بھائی مجھے افسوس ہے کہ آپ سے تفصیلاً بات نہ ہو سکی۔
آپکا اور اعجاز صاحب کا پمفلٹ خاصا اطلاعاتی ہے لیکن پر کشش نہیں( پھر بھی نہ ہونے سے بہتر ہے اور انتہائی ضروری ہے ) ۔
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ جن احباب یا بچوں کو (بچے سائٹس میں وہ کچھ بھی دریافت کر لیتے ہیں جو باقی لوگ چھپانا چاہیں) سائٹ کا بتایا تو انہیں مطلوبہ مواد تک پہنچنے کے لیے دوبارہ رہنمائی درکار رہی۔ پہلے یہ معاملہ حل کریں کہ سائٹ یوزر فرینڈلی ہو۔ وقت کہیں بھاگا نہیں جا رہا میں تین دن کی غیر حاضری کے بعد آیا ہوں لیکن اس دوران اتنا کچھ سائٹ پر آچکا ہے کہ کافی وقت چاہیے وہی پڑھنے کے لیے۔
مہوش بہت عمدہ جارہی ہیں لیکن ان سے ایک استدعا ہے حوصلہ اور خاطر جمع رکھیں اسی طرح حوصلے اور کام بڑھاتی جائیں :D
ویب ڈیزائن سے ہمیں کافی مدد مل جائیگی اور صفحہ اول پر ہی اردو فونٹس اور وینڈو98 والوں کے لیے معلوماتی لنکس ہوں تو مدد دیں گے۔

رضوان، یہ آپ کی ہمارے لیے نہایت مفید فیڈ بیک ہے۔ صفحہ اول پر اردو لینگویج اور فونٹ سیٹ اپ سے متعلقہ معلومات کا ربط کافی long overdue ہے، انشاءاللہ اسے جلد ہی مہیا کر دیں گے۔ سائٹ کو یوزر فرینڈلی بنانے کے سلسلے میں آپ جو بھی مزید مشورے دیں گے، ہم اس کے لیے مشکور ہوں گے۔ آپ یہ بتانا پسند کریں گے کہ آپ کے دوست احباب کو کونسا مواد ڈھونڈنے میں دقت پیش آئی؟
 

نبیل

تکنیکی معاون
میرے خیال میں اعجاز اختر صاحب اور محب علوی، دونوں کی تحاریر اچھی ہیں۔ محب کی تحریر کو تمہید اور اعجاز اختر صاحب کی تحریر کو تفصیل کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ میرا آئیڈیا یہ تھا کہ تین صفحوں کا فولڈ ہونے والا ایک بروشر تیار کیا جائے۔ اس کے لیے مجھے چیک کرنا پڑے گا کہ آیا ایم ایس ورڈ میں اس مقصد کے لیے کوئی ٹمپلیٹ موجود ہے یا نہیں۔ اگر ورڈ میں اس فارمیٹ پر کوئی ڈاکومنٹ تیار ہو جائے تو اس کی پی ڈی ایف بنا کر یہاں پوسٹ‌ کر دی جائے گی۔
 
اس طرح کے تین پرت والے ڈاکیومنٹ کےلئے ٹمپلٹس ایم ایس پبلشر میں البتہ موجود ہیں احباب ان سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
 

الف عین

لائبریرین
پہلے صفحے پر محب کا مواد دیا جائے اور اندرونی صفحے پر میری تحریر۔ اس میں کچھ اور بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اس وقت چل رہے کچھ پروجیکٹس کے بارے میں۔
یہ میرا ذاتی مشورہ ہے۔ احباب مزید رائیں دے سکتے ہیں۔
 
میں دوستوں کی رائے سے متفق ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ ہم سب مل کر اس میں بہتری ہو سکتی ہے اور ہم سب کا مل کر کام کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کام بہتر انداز میں کیا جاسکے۔
 
Top