اردو ٹوئٹر اور ہندوستان کے اردو صحافی و قلمکار

یہ خوش آئند بات ہے کہ ہند و پاک دونوں جگہ اردو سے متعلق نئے نئے موضوعات پر قلمکار حضرات خامہ فرسائی کر رہے ہیں ۔ابھی کل ہی مجھے ایک مضمون پڑھنے کا موقع ملا ۔پڑھتے ہی یہ خیال آیا کہ اسے اردو محفل میں شیر کیا جانا چاہئے ۔یہ مضمون جناب مکرم نیاز صاحب نے تحریر کیا ہے (جناب مکرم نیازآن لائن نیوز پورٹل "تعمیر نیوز" کے ایڈیٹر بھی ہیں ) اس موضوع سے متعلق اردو میں شاید پہلی کوشش ہے جو اردو تکنالوجی اور کمپوٹنگ کے کئی گوشوں کو وا کرتی ہے ۔یہ مضمون روزنامہ "متاعِ آخرت (کانپور، لکھنؤ)" میں شائع ہوا ہے۔
کچھ اہم اقتباسات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملاحظہ فرمائیں۔

ٹوئٹر پر اردو ۔۔۔ ہماری معلومات کے مطابق ٹوئٹر کے اردو ترجمہ کے لیے جو ٹیم تشکیل دی گئی تھی اس کی سربراہی کراچی کے اردو بلاگر فرحان دانش نے کی تھی۔ ہندوستان سے تعاون کرنے والوں میں منماڑ (مہارشٹرا) کے ڈاکٹر سیف قاضی (ہندوستان کے اولین سوشل نیٹ ورکنگ آن لائن اردو فورم 'بزم اردو' کے خالق) بھی شامل رہے۔

۔۔۔۔۔ اب تک کے عالمی منظرنامے کے مشاہدے کے مطابق اردو ٹوئٹر کے مشہور استعمال کنندگان کی ایک مختصر جھلک بعد از تحقیق کچھ یوں سامنے آتی ہے (قوسین میں ان کے ارسال شدہ فروری-2014 کے پہلے ہفتہ تک کے ٹوئٹس کی لگ بھگ تعداد درج ہے)۔
آفیشل اردو ٹوئٹر [400]، بی بی سی [9 ہزار] ، وائس آف امریکہ [27 ہزار]، العربیہ [16 ہزار] ، امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ [600] ، وزارت خارجہ برطانیہ [600]، اسلام ہاؤس سعودی عرب [700]، شفقنا شیعہ خبرنامہ [32 ہزار]، ڈاکٹر طاہر القادری [ساڑھے 4 ہزار]، شیخ عبد العزیز الطریفی سعودی عرب [750]، اخوان المسلمون [300]۔
اور پاکستان سے جیو نیوز [تقریباً 6 لاکھ] ، ڈان [13 ہزار] ، اکسپریس [33 ہزار] ، جماعت اسلامی [14 ہزار] ، سیاست پاکستان [23 ہزار] ، نیوز ٹرائب [26 ہزار]، آج نیوز [28 ہزار]، روزنامہ اردو [27 ہزار]، کرک نامہ [11 ہزار] معروف و مصروف نظر آتے ہیں۔
اسی طرح انفرادی سطح پر جو اردو داں خواتین و حضرات اردو رسم الخط میں ٹوئٹ کرتے ہیں ان کی غالب اکثریت کا تعلق پڑوسی ملک پاکستان سے ہے جن میں ۔۔۔ وکیل شعیب صفدر [8 ہزار]، ابوشامل فہد کہر [8 ہزار]، ڈفر [40 ہزار]، جعفر [50 ہزار]، محسن حجازی [81 ہزار]، عمر بنگش [30 ہزار]، زرقا پال [23 ہزار] اور دیگر بہت سے افراد شامل ہیں۔

۔۔۔۔۔ انفرادی سطح پر عمان میں مقیم بھوپال کی خاتون "رعنا صفوی" نے بھی ٹوئٹر پر رومن رسم خط کے ذریعے اردو شعر و شاعری کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ہی ایک ٹوئٹر ہیش ٹیگ بعنوان "شعر" [#shair] ایسا تخلیق کیا تھا جس نے ٹوئٹر کی دنیا میں trending کا درجہ بھی حاصل کیا۔ اس کی کچھ تفصیل انگریزی اخبارات میں شائع ہو چکی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹوئٹر پر رومن رسم خط کے ذریعے اردو شعر و شاعری کی پیشکش اور اس کے فروغ میں ہندوستان کی غیرمسلم برادری سب سے آگے نظر آتی ہے۔ جیسا کہ "بزم اردو سوشل نیٹ ورکنگ" کے خالق سیف قاضی [@Happysaif] اور ہندوستان ٹائمز کے نامہ نگار شمس عدنان علوی [@indscribe] نے اعتراف کیا ہے کہ صاف ستھرے نفیس شعری ذوق کے معاملے میں ٹوئٹر کے عام اردو داں صارفین کے بالمقابل اردو رسم الخط سے ناواقف غیر مسلم ہندوستانی سرفہرست نظر آتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔ پاکستان کے جیو نیوز کے تقریباً 6 لاکھ ٹوئٹس خودکار طریقے سے جنریٹ شدہ ٹوئٹس ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ جیو نیوز نے کسی بندے کو وقفہ وقفہ سے ٹوئٹ کرنے کی ملازمت دے رکھی ہو۔
نریندر مودی کے اردو ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اگر بغور مطالعہ کیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ وہ ہندی سے ترجمہ شدہ ہوتے ہیں۔ یعنی گوگل آن لائن ٹرانسلیٹ ٹول کے ذریعے۔ گوگل نے جن لاتعداد زبانوں میں ترجمے کی مفت سہولت فراہم کر رکھی ہے اس میں ہندی اور اردو بھی شامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندی سے اردو ترجمہ تقریباً 95 فیصد درست اور فصیح اردو کے ساتھ ہوتا ہے۔ جبکہ اردو سے ہندی ترجمہ کوئی 60 فیصد درست کہلایا جا سکتا ہے۔
عام ٹوئٹر اردو داں اگر اردو یونیکوڈ یا اردو کی-بورڈ کے استعمال سے ناواقف ہے تو وہ گوگل ٹرانس لیٹریٹ [ Google transliterate] ٹول کے ذریعے اپنی ٹوئٹ کو اردو رسم الخط میں پوسٹ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ گوگل ٹرانس لیٹریٹ رومن اردو الفاظ یا فقروں کو اردو رسم الخط میں منتقل کرنے کا فریضہ انجام دیتا ہے۔
یا کم از کم اردو داں ٹوئٹر استعمال کنندگان اگر اردو یونیکوڈ اخبارات میں موجود اپنی پسند کی خبروں یا مضامین کو ہی ٹوئٹ کر دیا کریں تو یہ عمل بھی ٹوئٹر پر اردو زبان کے فروغ میں مثبت اور کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ کیونکہ ان دنوں دنیا کے ہر زبان کی اکثر اہم خبریں ٹوئٹر پر ہی بریک ہوتی ہیں۔ ٹوئٹر سے متعلق اپنے ایک اردو مضمون میں پاکستانی صحافی سید اصغر جاوید شیرازی نے یہ بالکل بجا لکھا ہے کہ :
"ٹوئٹر پر آپ کوئی آئیڈیا پیش کریں اور دیگر صارفین آپ کے ہمخیال ہوں اور اسے پسند کریں تو دیکھتے ہی دیکھتے آپ کا آئیڈیا ایک تحریک کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ پھر یہ آپ کے آئیڈیا کی طاقت پر منحصر ہے کہ وہ کس کس کو اپنے ساتھ ملا کر کسی بڑی تبدیلی کا موجب بنتا ہے۔"
امید قوی ہے کہ قومی اردو کونسل (این سی پی یو ایل) نے موبائل میں اردو کی۔بورڈ کا جو حال میں اجرا کیا ہے ، یہ موبائل ایپ ہندوستان کے کونے کونے میں آسان تر دستیابی کے ذریعے اردو ٹوئٹر استعمال کنندگان کیلیے اردو میں ٹوئٹ کرنے کے سلسلے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

مکمل مضمون کے لئے یہاں کلک کریں ۔۔http://www.mataeakhirat.com/9_page.htm
 
Top