راشد اشرف، اللہ تعالی آپ کو آپ کی کاوشوں کے عوض جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔
اردو کتب ، خاص طور پر نایاب اور ناپید کتابوں کی سکیننگ اردو کی دنیا میں ایک نئے انقلاب کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ میری اس سلسلے میں چند گزارشات ہیں۔ میرے خیال میں ایکوپمنٹ پر کچھ خرچا کرکے سکیننگ کے پراسیس کی رفتار کافی بڑھائی جا سکتی ہے۔ آپ جس انداز میں سکیننگ کرنے کی مشقت کا ذکر کر رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غالبا آپ گھنٹوں سکینر کا کور کھول کر اور کتابوں کے صفحے پلٹ کر ان کے سکین ہونے کا انتظار کرتے رہے ہیں۔ پہلے تو میں آپ کے جذبے اور ہمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
آج کل ہر آفس میں ایک جدید فوٹو کاپی مشین موجود ہے جس میں ڈبل سائڈڈ فوٹو کاپی کے ساتھ سکیننگ کا فنکشن بھی دستیاب ہے۔ یعنی دل کڑا کرکے کتاب کی جلد کھولیں، صفحات کے بنڈل کو فوٹو کاپی مشین میں ڈالیں اور کچھ ہی دیر میں تمام کتاب سکین ہوجائے گی۔ نہ صرف یہ، بلکہ تمام صفحات کی ایک پی ڈی ایف بنا کر آپ کو ای میل کے ذریعے ارسال بھی کر دی جائے گی۔ بعد میں آپ دوبارہ جلد بند کر لیں یا کروا لیں۔
یہ کتاب کے صفحے پلٹے رہنے سے سینکڑوں گنا ایفیشنٹ رہے گا۔ اگر میں غلطی پر نہیں ہوں تو غالبا اردو ویب کے لائبریری پراجیکٹ کے سلسلے میں بھی کچھ سکیننگ اسی انداز میں کی گئی ہے۔ اس کے بارے میں بہتر تفصیل قیصرانی بتا سکتے تھے۔ بد قسمتی سے وہ آج کل غیر حاضر ہیں۔ جہاں تک ڈبل سائڈ سکینر یا فوٹو کاپی مشین کا تعلق ہے تو گوگل پر اس سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ میرے خیال میں ایسے ایکوپمنٹ پر لاگت پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے تک آ سکتی ہے۔ اگر سیکنڈ ہینڈ مشین مل جائے تو شاید قیمت کم بھی ہو سکتی ہے۔ اگر اس آئیڈیا کو قبولیت ملے تو اس کے لیے کراؤڈ سورسنگ کا آغاز بھی کیا جا سکتا ہے۔
یہاں میں اپنے چند خیالات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں کہ اردو کتب کی سکیننگ مستقبل پر کس طرح اثر انداز ہو سکتی ہے۔ پہلی وجہ میرے اندازے کے مطابق او سی آر یعنی تصویری متن سے اردو عبارت کی خود کار شناخت ہے۔ یہ اگرچہ فی الوقت ممکن نہیں ہے لیکن میرے خیال میں جلد یا بدیر ایسا ضرور ممکن ہو جائے گا۔ اور اگر یہ کام ہم نہیں کریں گے تو گوگل، ایپل یا مائیکروسوفٹ میں سے ہی کوئی ضرور کرے گا۔ اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ آئی ٹی کی کمپنیاں اردو سے محبت رکھتی ہیں، بلکہ مستقبل میں ڈیٹا کی اہمیت بڑھتی جائے گی اور گوگل ناؤ، سری اور کورٹینا جیسی سروسز انٹرنیٹ پر موجود ڈیٹا سے ہی اپنی ذہانت میں اضافہ کرتی رہیں گی۔ بہرحال، اردو او سی آر جب بھی ممکن ہوا، اس کے بعد اس تمام تصویری مواد سے عبارت اخذ کرنے کا کام شروع ہوگا جو کہ آپ اب محفوظ کر رہے ہیں۔ یہ کام آج بھی شروع ہو سکتا ہے اور اس میں وقت بھی لگ سکتا ہے۔ یعنی آپ اصل میں اگلی نسلوں پر احسان کرنے جا رہے ہیں۔
برادرم
ابن سعید ڈیجیٹل لائبریری کے میدان میں تحقیق کر رہے ہیں، ان کے رائے اس کے بارے میں جاننا چاہوں گا۔