اردو کمپیوٹنگ کے لئے مفید تقریر لکھیں

بلال

محفلین
ہماری زبان "اردو" آپ سے، آپ کی خوبصوت زندگی سے صرف تھوڑا سا وقت مانگتی ہے۔​
یہ دھاگہ"اردو " اردو کمپیوٹنگ کے لئے ایک مفید تقریر لکھنے کے لئے ہے۔ کوشش کریں کہ صرف موضوع پر ہی بات کی جائے۔ اپنی رائے، مشورے اور تبصرے سے" اردو" اور اردو کمپیوٹنگ کی خدمت کریں۔
مزید معلومات اس دھاگہ پر دیکھیں۔
شکریہ
والسلام
 

نبیل

تکنیکی معاون
بلال، اردو کمپیوٹنگ پر ایک پریزنٹیشن تیار کرنا میرا بھی پرانا آئیڈیا ہے۔ اس پر اکٹھے کام کیا جا سکتا ہے۔ میری تجویز ہے کہ پہلے اس پریزنٹیشن کی آؤٹ لائن تیار کر لی جائے جسے بعد میں ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی شکل دی جا سکتی ہے۔ اسی پریزنٹیشن اور اس کے نوٹس کو بنیاد بنا کر مختلف تعلیمی اداروں میں لیکچر دیا جا سکے گا۔ ذیل میں میں اس آؤٹ لائن کا کچھ حصہ پیش کر رہا ہوں۔ آپ اس میں اپنی جانب سے رد و بدل کر سکتے ہیں۔

اردو کمپیوٹنگ کا تعارف
-------------------------------------
۔ اردو کمپیوٹنگ کمپیوٹر پر اردو استعمال کرنے اور اردو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں تعلیم اور تحقیق کا نام ہے۔

اردو کمپیوٹنگ کا سفر
-------------------------------------
۔ پس منظر، تصویری اردو کی سائٹس، یونیکوڈ اردو کا اجراء
۔ بی بی سی اردو کی سائٹ کا آغاز
- اردو بلاگنگ
- اردو ویب، اردو محفل فورم

کمپیوٹر پر اردو لکھنا پڑھنا
----------------------------------------
- حاضرین سے سوال: آپ میں سے کتنے لوگ اپنے کمپیوٹر پر اردو کا استعمال کرتے ہیں؟
کیا آپ کو معلوم ہے کہ
اب ہر سوفٹویر میں اردو لکھنا ممکن ہے؟
اردو میں ای میل کرنا اور چیٹ کرنا ممکن ہے؟
انٹرنیٹ پر اردو میں سرچ کرنا ممکن ؟
اردو میں ویب سائٹ بنانا ممکن ہے؟
- کمپیوٹر پر اردو لکھنا
--آسان طریقہ: اردو ایڈیٹر کا استعمال
--قدرے لمبا طریقہ: آپریٹنگ سسٹم پر اردو کی سپورٹ انسٹال کرنا، اردو کی بورڈ انسٹال کرنا وغیرہ

اردو کمپیوٹنگ میں تحقیق کے میدان
-------------------------------------------------------
- فونٹ سازی
- کیریکٹر ریکگنیشن
- مشین ٹرانسلیشن
- اردو سپیچ سنتھسز
- اردو سپیچ ریکگنیشن
- اردو کونٹینٹ منیجمنٹ

دستیاب اوپن سورس اردو سوفٹویر
------------------------------------------------
- اردو ایڈیٹرز
- اردو فورم سوفٹویر
- اردو وکی سوفٹویر
- اردو کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹمز
- اردو فونٹس

اردو ٹائپوگرافی
----------------------------
- بی بی سی اردو کے باعث اردو نسخ ایشیا ٹائپ کی مقبولیت
- اوپن ٹائپ سٹینڈرڈ میں اردو کی سپورٹ
- نفیس فونٹس اور کرلپ کے دوسرے فونٹس
- القلم، الفارس، عطاری فونٹس
- قران فونٹس
- کیریکٹر بیسڈ نستعلیق فونٹس
- نوری نستعلیق فونٹس
- ۔۔۔

اردو کمپیوٹنگ کے نمایاں پلیٹ فارم
---------------------------------------------------
- کرلپ
- اردو وکی پیڈیا
- اردو ویب
۔ یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ
۔ یاہو پاک ٹائپ گروپ
۔۔۔
 

الف عین

لائبریرین
بلال، نبیل کی آؤٹ لائن میں اردو کمپیوٹنگ کے اہم پلیٹ فارم میں یاہو کا اردو کمپیوٹنگ گروپ بھی شامل کر لو۔
 

بلال

محفلین
نبیل بھائی بہت شکریہ کہ آپ نے اس معاملے میں میری رہنمائی فرمائی۔ آپ نے بہت زبردست آؤٹ لائن تیار کی ہے۔ اس پر بھی میں جلد ہی کام کروں گا۔ ویسے میں چاہتا تھا کہ ان لوگوں کو اس طرف لایا جائے جو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ تو استعمال کرتے ہیں لیکن کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو نہیں لکھتے یا پھر اگر لکھتے بھی ہیں تو تصویری اردو میں۔ میں چاہتا تھا کہ عام سکولوں اور کالجوں میں ہم یہ پیغام پہنچائیں تاکہ جو لوگ ابھی کمپیوٹر کی طرف آ رہے ہیں وہ اردو کے بارے میں جانیں، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھیں اور پڑھیں۔
باقی آپ کی بتائی ہوئی آؤٹ لائن کی مدد سے ایک بنیادی تحریر لکھی ہے جو مندرجہ بالا قسم کے لوگوں کے لئے ہے۔ آپ کی مکمل آؤٹ لائن پر بھی میں کام کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ہم کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طالب علموں کے لئے اردو کمپیوٹنگ پر لیکچر آپ کی آؤٹ لائن کی روشنی میں ہی تیار کر پائیں گے۔
 

بلال

محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
میں نے عام طالب علموں کے لئے اردو اور اردو کمپیوٹنگ پر ایک لیکچر تیار کیا ہے جو درج ذیل ہے۔ آپ لوگ بھی اس معاملے میں میری رہنمائی فرمائیں اور اس لیکچر کو آسان سے آسان اور مفید بنائیں۔
لیکچر
کوئی انسان کسی بھی بات کو زیادہ سے زیادہ آسانی سے صرف اور صرف اپنی مادری اور قومی زبان میں سمجھ سکتا ہے۔ آپ تاریخ اُٹھا کر دیکھ لیں دنیا میں جس کسی نے بھی ترقی کی ہے وہ اپنی مادری یا قومی زبان میں ہی کی ہے۔
اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور یہ وہ واحد زبان ہے جو مختلف زبانیں بولنے والے پاکستانیوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ ایک اٹوٹ رشتہ قائم کرتی ہے۔ اردو ہی وہ واحد زبان ہے جو آپ پاکستان میں کسی بھی جگہ بول سکتے ہیں۔ آزادی ملے ہوئے 62سال ہو رہے ہیں لیکن ہم آج بھی غلام ہیں اور سب سے بڑی غلامی یہ ہے کہ ہم اپنے اصل وجود، اپنی ثقافت اور اپنی زبان تک سے دور ہو رہے ہیں۔ اگر آج بھی سارا نظام تعلیم اردو میں کر دیا جائے تو آپ یقین کریں کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کا ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔ ایسا کرنے سے صرف چند سالوں میں آپ ایسے ایسے شاہکار دیکھیں گے کہ حیران ہو جائیں گے۔ اور تو اور دور دراز گاؤں سے ایسے ایسے نوجوان سامنے آئیں گے جو ایسے ایسے شاہکار پیش کریں گے کہ ہمیں یقین نہیں ہو گا کہ یہ پاکستان کے کسی ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہنے والا انسان ہے۔ ہمارے پڑھنے لکھنے والے نوجوان کی زندگی کا ایک بہت بڑا حصہ انگریزی یا دوسری زبانیں سیکھنے میں گزر جاتا ہے۔ اگر سب کچھ اردو میں ہو تو ہم اس نوجوان کا بہت قیمتی وقت بچا سکتے ہیں اور اسے کسی تعمیری کام پر لگا سکتے ہیں۔
آج سائنس بہت ترقی کر چکی ہے۔ سائنس کی باقی ایجادات کی طرح کمپیوٹر بھی ایک بہت بڑی ایجاد ہے۔ کمپیوٹر انسان کی زندگی میں بڑی حد تک داخل ہو چکا ہے۔روزمرہ کے بے شمار کام جو پہلے ہم ویسے ہی کرتے تھے لیکن آج وہ ہم کمپیوٹر پر کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر پہلے کسی معلومات کے لئے ہمیں مختلف لوگوں سے ملنا پڑتا تھا، لائبری میں جا کر مختلف کتب کو پڑھنا پڑتا تھا لیکن آج یہی کام کمپیوٹر کی مدد سے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوئے آپ تمام معلومات چند منٹوں میں حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آج بھی ہم کمپیوٹر سے دور رہے اور معلومات تک آسانی سے رسائی حاصل نہ کر پائے تو یقین جانئے ایک تو پہلے ہی ہم بہت پیچھے ہیں لیکن کمپیوٹر کا ٹھیک استعمال نہ کرنے سے ہم اور بھی پیچھے چلے جائیں گے۔

حاضرین سے سوال
اچھا یہاں یہ بتائیں کہ کون کون روزمرہ کے کئی کاموں کے لئے کمپیوٹر استعمال کرتا ہے؟
یہاں جن کا جواب ہاں میں ہو ان میں سے چند ایک سے پوچھا جائے کہ وہ کن کن مقاصد کے لئے کمپیوٹر کو استعمال کرتے ہیں؟

بہتر۔ جو لوگ کمپیوٹر استعمال نہیں کرتے یا جو لوگ استعمال تو کرتے ہیں لیکن صرف چیٹ یا ای میلز کے لئے ان کو یہاں یہ بتاتا چلوں کہ کمپیوٹر ایک ایسی مشین ہے جس کو آپ بے شمار تعمیری مقاصد کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ جیسے میں نے پہلے کہا کہ معلومات بڑی آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اپنی بات زیادہ سے زیادہ دوسرے لوگوں تک بڑی آسانی سے پہنچا سکتے ہیں۔ بے شمار معلومات کا ذخیرہ اپنے کمپیوٹر میں رکھ سکتے ہیں جسے ضرورت پڑنے پر فوری حاصل کر سکتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔
یہاں حاضرین سے سوال کئے جائیں اور ان کے جواب دیئے جائیں۔۔۔
اب آتے ہیں اردو کمپیوٹنگ کی طرف۔
سب سے پہلے یہ جان لیجئے کہ "اردو کمپیوٹنگ" کمپیوٹر پر اردو استعمال کرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اردو میں تعلیم اور تحقیق کا نام ہے۔ جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ ہماری ترقی کا راز ہماری قومی زبان کی ترقی میں پوشیدہ ہے۔اس لئے اب ہمیں اردو کمپیوٹنگ کی طرف بھی دیوانہ وار بڑھنا ہو گا۔
کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ کمپیوٹر پر صرف انگریزی ہی لکھی یا پڑھی جا سکتی ہے۔جبکہ ایسا نہیں! جہاں کمپیوٹر نے باقی میدانوں میں ترقی کی ہے وہاں آج کمپیوٹر پر اردو لکھنا پڑھنا بھی ممکن ہو گیا ہے اور وہ بھی بڑی آسانی سے۔
حاضرین سے سوال
آپ مجھے یہ بتائیں کہ آپ میں سے کتنے لوگ اپنے کمپیوٹر پر اردو کا استعمال کرتے ہیں۔
بہتر۔۔۔
کیا آپ کو معلوم ہے کہ
اب ہر سوفٹویر میں اردو لکھنا ممکن ہے؟
اردو میں ای میل اور چیٹ کرنا ممکن ہے؟
انٹرنیٹ پر اردو میں سرچ کرنا ممکن ؟
یعنی کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر جہاں بھی کچھ لکھا جاتا ہے وہاں اب اردوبھی لکھی جا سکتی ہے یعنی کسی فائل یا فولڈر تک کا نام بھی اردو میں رکھنا ممکن ہے۔
کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو کو یہاں تک لانے میں کچھ سہولیات آپریٹنگ سسٹم بنانے والوں نے دی اور بہت زیادہ سہولیات اردو سے محبت کرنے والے سافٹ ویئر انجینیئرز اور دیگر لوگوں نے مہیا کی ہیں۔
اگر ہم اردو کمپیوٹنگ کے سفر کو دیکھیں تو ہمارے ہاں کمپیوٹر آتے ہی اردو سے محبت کرنے والوں نے کمپیوٹر پر اردو لکھنے پڑھنے کے لئے کوششیں شروع کر دی تھیں۔ تب آپریٹنگ سسٹم اتنے جدید اور اس قابل نہیں تھے کہ ہر جگہ اردو لکھی جا سکے اس لئے اردو کے لئے خاص سافٹ ویئر بنائے گے۔ جس کی عام مثالیں صدف، شہکار اور ان پیج وغیرہ ہیں جن کی مدد سے کمپیوٹر پر اردو لکھنا ممکن ہوا۔ ان سافٹ ویئر کی اردو تحریر یا تو انہیں سافٹ ویئرز میں نظر آتی تھی یا پھر کسی ایک دو سافٹ ویئر میں کاپی پیسٹ ہو سکتی تھی لیکن ان سافٹ ویئرز کی اردو تحریر کو کمپیوٹر براہ راست سمجھ نہیں سکتا تھا۔
کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی ترقی کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کی مزید ضرورت محسوس ہوئی تو اردو والوں نے انہیں سافٹ ویئرز سے اردو تحریر کو تصویر میں تبدیل کر کے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ کیونکہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر انگریزی کی طرح براہ راست اردو لکھنا ممکن نہیں تھا۔ اس لئے تصویری اردو سے ہی کام چلایا جاتا۔ وقت کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر ٹیکنالوجی نے مزید ترقی کی۔ آپریٹنگ سسٹم میں دیگر زبانوں کی سپورٹ کے ساتھ ساتھ اردو کی سپورٹ بھی شامل کی گئی توانگریزی کی طرح کمپیوٹر پر براہ راست اردو لکھنا بھی ممکن ہو گیا۔ یوں عام لوگوں کے لئے ان پیج وغیرہ کا دور ختم ہوا اور کمپیوٹر کی اصل اردو متعارف ہوئی۔ کئی لوگوں تک یہ جدید ٹیکنالوجی کی بات پہنچی اور لوگوں نے تصویری اردو کو چھوڑ کر کمپیوٹر کی اصل اردو کو اپنایا۔ نئے نئے لوگ اس میدان میں آئے ، کئی اداروں نے اردو کمپیوٹنگ کے لئے کام کیا جن میں سر فہرست کرلپ(www.crulp.org)اور اردو وکی پیڈیا(ur.wikipedia.org) ہیں۔ کئی لوگوں نے اپنے طور پر اردو کمپیوٹنگ کے لئے کام کیا جن میں نمایا نام نبیل نقوی، زکریا اجمل اور ان کی پوری ٹیم ہے جنہوں نے اردو ویب(www.urduweb.org) کی بنیاد رکھ کر اردو کمپیوٹنگ کے میدان میں تحقیق کی راہ ہموار کی اس کے علاوہ ہندؤستان سے اعجاز عبید صاحب ہیں جنہوں نے یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ بنایا۔اس طرح مختلف اداروں اور لوگوں نے مل کر اردو کمپیوٹنگ کی ترقی کے لئے کام کیا اور آج اردو کمپیوٹنگ اس مقام پر ہے کہ آپ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر کسی بھی جگہ بڑی آسانی سے اردو لکھ سکتے ہیں۔ آپ گوگل اور دیگر ویب سائیٹس پر اردو میں تلاش کر سکتے ہیں۔آپ مکمل اردو میں اپنی ویب سائیٹ بنا سکتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔اسی وجہ سے آج روز بروز نئی سے نئی اردو ویب سائیٹ بن رہی ہیں۔ لوگ اردو میں اپنے بلاگ بنا رہے ہیں، ای میل اور چیٹ اردو میں کر رہے ہیں۔اسی بات کو دیکھتے ہوئے ہم بھی یہاں حاضر ہوئے ہیں تاکہ اردو کا یہ پیغام آپ تک بھی پہنچا سکیں کیونکہ ابھی بھی اردو کو اپنوں کی بہت ضرورت ہے۔ اردو آج بھی کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر آپ کا انتظار کر رہی ہے۔
رہی بات کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر ہر جگہ اردو کیسے لکھی جائے تو اس کے لئے ہم نے ایک کتابچہ تیار کیا ہے جو آپ کی اس معاملے میں مکمل رہنمائی کرے گا۔ اس کے علاوہ ہم نے ایک سی ڈی تیار کی ہے جس میں اردو اور کمپیوٹر کتابچہ، اردو کمپیوٹنگ کے متعلقہ سافٹ ویئرز، اردو فونٹس اور کمپیوٹر کے عام طور پر استعمال ہونے والے سافٹ ویئرز رکھے ہیں۔ جس سے ایک عام صارف کا بھی فائدہ ہو گا۔ یاد رہے اردو کی ترقی کے لئے ہم یہ سی ڈی مفت فراہم کر رہے ہیں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میں نے اپنی آؤٹ‌ لائن میں یاہو اردو کمپیوٹنگ اور یاہو پاک ٹائپ گروپ کے نام شامل کر لیے ہیں۔

بلال، میں آپ کی کاوشوں کی تعریف کرتا ہوں۔ آپ نے جو متن پیش کیا ہے وہ پڑھنے کے لیے ایک اچھا مضمون ضرور لگ رہا ہے لیکن ایک مؤثر تقریر کے لیے کچھ مختلف انداز میں تیاری کرنی ہوگی۔ بہتر ہوگا کہ آپ کسی مقرر سے اس سلسلے میں رہنمائی حاصل کر لیں۔ ایک دو مرتبہ آپ اس موضوع پر تقریر کر لیں تو آپ کو بھی اس کی مشق ہو جائے گی۔
 

بلال

محفلین
میں نے اپنی آؤٹ‌ لائن میں یاہو اردو کمپیوٹنگ اور یاہو پاک ٹائپ گروپ کے نام شامل کر لیے ہیں۔

بلال، میں آپ کی کاوشوں کی تعریف کرتا ہوں۔ آپ نے جو متن پیش کیا ہے وہ پڑھنے کے لیے ایک اچھا مضمون ضرور لگ رہا ہے لیکن ایک مؤثر تقریر کے لیے کچھ مختلف انداز میں تیاری کرنی ہوگی۔ بہتر ہوگا کہ آپ کسی مقرر سے اس سلسلے میں رہنمائی حاصل کر لیں۔ ایک دو مرتبہ آپ اس موضوع پر تقریر کر لیں تو آپ کو بھی اس کی مشق ہو جائے گی۔

شکریہ نبیل بھائی۔ اصل میں مجھے تقریر لکھنے کا کوئی اندازہ نہیں کہ کیسے لکھتے ہیں۔ اسی لئے اسے یہاں شیئر کیا ہے تاکہ باقی دوست بھی دیکھیں اور رہنمائی کریں۔ باقی میں مشق ضرور کروں گا اور انشاءاللہ جہاں تک مجھ سے ہو سکا میں یہ پیغام دوسروں تک ضرور پہنچاؤں گا۔انشاءاللہ۔۔۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
بلال، اچھی پریزنٹیشن کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ اس میں حاضرین کی دلچسپی آغاز سے اختتام تک باقی رہے۔ اگر آپ پریزینٹیشن یا لیکچر کے آغاز میں ہی حاضرین سے سوال پوچھ لیں تو اس طرح ان کے بھی کان کھڑے ہو جائیں گے۔ :) لیکچر کو اعداد و شمار یا تکنیکی تفصیل سے بوجھل کرنا بھی غیر ضروری ہوگا۔ لوگوں سے زیادہ سے زیادہ آسان فہم انداز میں اپنا پیغام پہنچانا چاہیے۔
 

الف عین

لائبریرین
مواد تو اچھا ہے بلال، پاکستانیوں کے لئے جہاں یہ تقریر دئے جانے کا پلان ہے۔ ویسے یہ یاد رہے کہ اردو محض پاکستان کی زبان نہیں ہے!!
لکچر کے طور پر اس کو کنورٹ کرنے کے لئے میرے خیال میں گوگل کی تلاش کا حوالہ بلکہ مثالیں شامل کریں۔ جیسا کہ میں نے اپنے مضمون میں شامل کیا ہے۔
 

بلال

محفلین
مواد تو اچھا ہے بلال، پاکستانیوں کے لئے جہاں یہ تقریر دئے جانے کا پلان ہے۔ ویسے یہ یاد رہے کہ اردو محض پاکستان کی زبان نہیں ہے!!
لکچر کے طور پر اس کو کنورٹ کرنے کے لئے میرے خیال میں گوگل کی تلاش کا حوالہ بلکہ مثالیں شامل کریں۔ جیسا کہ میں نے اپنے مضمون میں شامل کیا ہے۔

اعجاز انکل جی بالکل مجھے بلکہ سب کو یاد ہے کہ اردو محض پاکستان کی زبان نہیں ہے۔ دراصل میں یہ لیکچر پاکستانیوں کے لئے تیار کر رہا تھا اس لئے پاکستان کا نام لکھا ہے۔۔۔
باقی میں گوگل تلاش کا حوالہ اور مثالیں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ویسے اگر آپ اس کو دوبارہ لکھ دیں یا پھر یہاں کچھ مزید نقاط لکھ دیں تو میرے لئے بہت آسانی ہو گی۔۔۔
 
Top