اس محبوب کا صدقہ میری مان ہَوا----محمدشہزاد مجددی

آبی ٹوکول

محفلین
نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم
اس محبوب کا صدقہ میری مان ہَواکلام: مولانا محمدشہزاد مجددی

اس محبوب کا صدقہ میری مان ہَوا
تجھ پر نافذ ہے جس کا فرمان ہوا

طیبہ میں اک نعت ہدیہ لیتی جا
کردے مجھ پر اتنا تو احسان ہوا

کر معمور دل و جاں کو اس خوشبو سے
لا طیبہ سے کچھ عطر و لوبان ہوا

تو جالی کے اس جانب بھی جاتی ہے
جس جانب ہے مولیٰ کی برہان ہوا

میرے بھی ممدوح وہی ہیں تیرے بھی
یعنی احمد (صلی اللہ علیہ وسلم) ممدوح رحمٰن ہوا

تو محظوظ ہوئی ہے ان کی سانسوں سے
رب نے تجھ کو بخشی کیسی شان ہوا

تو بھی شامل تھی سرکار کی طینت میں
تجھ پہ فدا ہوجائے میری جان ہوا

تونے تو سرکار کے لب بھی چومے ہیں
میں تیری خوش بختی پر قربان ہوا

تونے حرا میں وہ منظر بھی دیکھا تھا
اترا تھا قرآن پہ جب قرآن ہوا

ساتھ رہی ہے اسرا و معراج میں تو
پائے ہیں کیا کیا روح و ریحان ہوا

تو گوش سرکار تلک پہنچاتی تھی
نعت پڑھا کرتے تھے جب حسّان ہوا

میں بھی تیرے ساتھ مدینے جا پہنچوں
ہے کوئی اس طرح کا امکان ہوا

آتی ہے شہزاد ریاض الجنّت سے
تازہ تر کرنے میرا ایمان ہوا
 

نایاب

لائبریرین
السلام علیکم
محترم آبی بھائی
سبحان اللہ
جزاک اللہ
محترم محمدشہزاد مجددی بہت ہی خوبصورت نعت ہے ۔
نایاب
 
Top