میں ااس کو بھول ہی گیا تھا کہ یہاں آ کر مجھے احباب کو جواب دینا ہے اور ان کی اس حقیر فقیر۔۔۔۔۔۔۔۔ سعود کی بات یاد آ گئی اس لئے قلم پر جبر کر لیا( پر رائے پر اپنی رائے دینی ہے۔ پہلے سوچا تھا کہ شاید اور لوگ بھی آئیں۔ لیکن جب شمشاد کا سلسلہ شروع ہوا اور یہ معلوم ہوا کہ یہ تو بس ’ایک ہفتے‘ کا ہی تائم باؤنڈ سلسلہ ہے تو ہفتہ گزرنے کے بعد اس ہفتے کے مہمان ک؎پر واجب ہے کہ وہ آ کر شکریہ ادا کرے۔
آج صبح سے یہی کام کر رہا تھا۔ اور اب یہ مواد تیار ہے:
////
***سعود۔
تمہارا نام تو پہلے پہل میں نے گنوم کے لئے ہی سنا تھا اور وہاں ہی کال کیا تھا تم کو۔
یہ دیکھو:
http://sourceforge.net/mailarchive/...917035829.29239.qmail@f5mail14.rediffmail.com
لیکن تم نے سنی ان سنی کر دی۔۔۔ اور گورا کے اس اعلان کو جب اردو محفل میں پوسٹ کیا تو تم کو اس کا لنک ملا۔ گورا سے کیا بات نہیں ہوئی تھی؟؟
تم نے جو مجھ سے سبق سیکھا ہے، اسے اچھی طرح یاد کر لینا۔ تھکنا حرام ہے، یاد رکھو تو کبھی وقت کی کمی محسوس نہیں ہوگی۔
تمہارا مشورہ تو ابھی برقی کتابوں کی سائٹ کے لئے بھی باقی ہے۔ تمہارے امتحانوں سے فراغت کا انتظار کر رہا ہوں۔
شکریہ نہیں، محض دعا تمیارے لئے کہ اللہ تم کو دونوں دنیاؤں کی ہر اچھی شے سے نوازے۔
*** تعبیر:
خوشی ہوئی کہ تم اتنی جلد ہی مجھے سمجھ گئی ہو اور پسند کرنے لگی ہو۔۔ مجھے محفل میں اکثر اپنے بچے ہی لگتے ہیں اور اسی وجہ سے میں فوراً "تم" پر اترآتا ہوں۔
یہی تمہارے سوال کا جواب بھی ہے کہ میں اتنا شفیق کیوں ہوں۔
سرحدوں کا سوال نہ اردو کے سلسلے میں آتا ہے اور نہ دین کے سلسلے میں۔ لیکن دوسرے معاملات میں میں کبھی دخل دینا تو در کنار، جھانکتا بھی نہیں کہ پاکستانی ہی کیا، میری ہندوستانی سیساست میں بھی کوئی دل چسپی نہیں۔ وہی جگر کا شعر
ان کا جو کام ہے وہ اہلِ سیاست جانیں
میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے۔
ہاں، کبھی کبھی دینی فورمس میں جاتا تھا، لیکن جب وہاں بھی بریلوی دیو بندی کی بحثیں ہونے لگیں تو اب وہاں بھی نہیں گھستا۔ بلکہ ابھی دو چار دن پہلے معلوم ہوا کہ درود و سلام والا تانا بانا جو ہے وہ محض درود و سلام بھیجنے کا ہے۔ میں سمجھ رہا تھا کہ اس کی افادیت اور ضرورت پر بحث ہو رہی ہے۔ لیکن اب بھی اس میں داخل نہیں ہوا ہوں۔ یوں ہی درود پڑھنا کیا کافی نہیں۔۔ غرض میں یہاں محض کمپیوٹنگ، اردو ادب اور کچھ دماغی کھیلوں کے زمروں میں پایا جاتا ہوں۔
الللہ سے دعا ہے کہ وہ تم کو اچھی صحت کے ساتھ لمبی عمر اور اچھے اعمال کی توفیق اور دونوں دنیاؤں کی ہر اچھی شے سے نوازے۔
***شاذیہ۔۔ بوچھی۔ محفل کی باجو اور تفسیر کی ننھی منی
تالی تو دونوں ہاتھ سے بجتی ہے۔ اگر تم فون نہیں کیا کرتیں تو ظاہر ہے کہ تمہاری آنٹی کو بھی کیا معلوم ہوتا کہ شاذیہ کون ہے یا بوچھی کون؟ تم ہی جو ہر ایک پر اپنی محبتیں لٹاتی رہتی ہو تو ظاہر ہے کہ محبتیں ملیں گی بھی۔۔۔ اللہ تم کو اور تمہیاری بچیوں کو اچھی صحت کے ساتھ لمبی عمر اور اچھے اعمال کی توفیق اور دونوں دنیاؤں کی نعمتوں سے نوازے۔
***سارہ خان
شکریہ میرے تئیں تمہارے خیالات کا ۔ تم کوبھی دعاؤں کے سوا کیا دے سکتا ہوں کہ اللہ اچھی صحت کے ساتھ لمبی عمر اور اچھے اعمال کی توفیق اور دونوں دنیاؤں کی ہر اچھی شے سے نوازے۔ سدا خوش رہو۔
*** محمد وارث
شکریہ تمہارے خیالات کا۔۔ میں بھی تم سے عروض سیکھ ہی رہا ہوں۔ جیسا کہ تم نے لکھا ہے کہ سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔
ہاں،تصویر میں نے اسی وجہ سے ہٹا دی یہاں جس وجہ سے اپنا نام بدلا تھا۔ تاکہ دفتر یا کہیں بھی یہ شک نہ کیا جا سکے کہ یہ شخص کسی دہشت گردی کی پاکستانی فورم سے تو متعلق نہیں؟؟
*** شگفتہ
شگف۔۔تمہاری باتیں تو دل چسپ ہیں ہی۔تمہارے میرے لئے جذبات کا شکریہ۔ اور تمہاری فرمائش؟؟ یوں بھی نہ جانے کتنے سال سے بانسری کو ہاتھ بھی نہیں لگایا ہے۔ بانسری بچ تو سکتی ہے (بانس چاہے نہ رہا ہو) تو لیکن کہاں اس کو ریکارڈ کرنے کا انتظام کیا جائے۔ دیکھتا ہوں کبھی ممکن ہوا تو۔۔
اب میری شکایت بھی سن لو۔۔۔ تم نے خود تو میرے کسی میل کا جواب آج تک نہیں دیا ہے۔ کوئی خاص وجہ؟
ٹائپو۔۔۔ بیٹا یہاں پوسٹ باکس میں اور وہ بھی فائر فاکس میں ایک تو فانٹ سائز چھوٹا نظر آتا ہے۔ دوسرے فائر فاکس میں کرسر کا حال وہی ہوتا ہے کہ "قدم رکھتا کہیں ہوں اور پڑتا کہیں ہے"۔ اب اتنا وقت کون ضائع کرے کہ اس کی پروف ریڈنگ بھی کی جائے۔ اسی وجہ سے میں حتی الامکان لائبریری کی کتب میں ٹائپنگ سے بچتا ہوں۔ گھر کے ذاتی لیپ ٹاپ میں کی بورڈ کو کافی پلا دی تھی ایک دن، تب سے اکسٹرنل کی بورڈ استعمال کر رہا ہوں۔ اسی کی بورڈ کو نئے سرکاری لیپ ٹاپ میں بھی استعمال کرتا ہوں۔ لیکن نہ جانے کیا بات ہے کہ اب بھی کبھی کبھی لگتا ہے کہ میں کچھ بھی تائپ کروں، کی بورڈ ہکلانے لگتا ہے، یعنی ایک ہی حرف دہراتا جاتا ہے۔ وہ اکسٹرنل کی بورڈ بھی بدل دیا۔ اور اگر چہ چار پانچ ماہ سے ایک نیا کی بورڈ استعمال میں ہے، لیکن ابھی سے اس کی ’بی‘ کی کنجی کام نہیں کر رہی۔ دفتر میں جو تائپ کرتا ہوں تو اغلاط نسبتاً کم ہوتی ہیں۔
کچھ اغلاط اس اوپن ایڈیٹر کی مختلف کنجیوں کی وجہ سے بھی ہو جاتی ہیں۔ فائر فاکس میں سکرپٹ ڈس ایبل کروں تو بہت سی ویب سائٹس کام نہیں کرتیں۔ اردو ویب کو میں نے ’نو سکرپٹ‘ میں اجازت دے رکھی ہے، اور فائر فاکس میں آن لائن اردو پیڈ استعمال کر سکتا ہوں لیکن اب تک بھی اس کا مکمل عادی نہیں ہو سکا ہوں۔ زیر زبر الگ اس کے الٹے ہیں جو نبیل نہ جانے اب تک کیوں ٹھیک نہیں کر سکے۔ ممکن ہے کہ اب درست کر دیں تو اردو ویب پر جنہوں نے اردو ٹائپ کرنا سیکھا ہے، ان کو مشکل ہو۔
***
ایم بلال
جذبات کا شکریہ نہیں، اس کےبدلے میں بھی دعائیں۔ ہاں میرے لئے جو دعائیں تم نے کی ہیں ان کا شکریہ۔ اللہ تعالیٰ تم کو دونوں دنیاؤں کی نعمتوں سے نوازے اور لمبی عمر اور با مقصد زندگی گزارنے کی تقفیق عطا کرے۔
*** شمشاد
مختصر رائے کیا، کافی بھر پور رائے دی ہے تم نے۔۔ بس ذرا مبالغہ ہو گیا ہے۔ میں کیا میری بساط کیا کہ میں ہندوستان میں اردو کے لئے کئی محاذوں پر تنہا لڑ سکوں؟ میرا خیال ہے کہ ہندوستان کی بہ نسبت پاکستان میں ہی ایسے لوگوں کی تعداد زیادہ ہوگی جو میرے نام سے واقف ہوں۔ مجھ کو تو لگتا ہے کہ ہندوستان میں اردو والے بھی اب تک واقف نہیں کہ کمپیوٹر پر اردو لکھی جا سکتی ہے سافٹ وئر کے بغیر جب کہ پاکستان میں ان دنوں اردو تحریر کافی عام ہو گئی ہے۔ پہلے کبھی کبھی کسی فورم کا لنک ملتا تھا تو وہاں ارکان کی دستخطوں میں خوب جگ مگ کرتی دستخطوں کی بلکہ اکثر اشعار کی جِف فائلیں نظر آتی تھیں۔ اور سارا مواد تصویروں یا رومن میں نظر آتا تھا۔ اب تو بہت سی فورمس پر اردو تحریر نظر آنے لگی ہے۔ وہ ’ہلا گلا ‘ہو یا ’بات سے بات‘۔ اور میرے خیال میں اس ترقی کے لئے کریڈٹ اردو محفل کو ہی جانا چاہئے کہ یہاں کے ارکان نے ہی دوسری فورموں میں بھی اردو تحریر کا جھنڈا گاڑا ہے۔ بہر حال بات میرے کنٹری بیوشن کی ہو رہی ہے، تو بس یہی کہ سکتا ہوں میں جو کچھ بن ہپڑتا ہے، کرتا رہتا ہوں۔ کتابوں کی سائٹ اور ’سمت‘ کا مقصد بھی یہی ہے کہ اردو ادب والے کم از کم اس طرف مائل ہوں۔
سعودی حضرات سے اکثر میں یہی درخواست کرتا ہوں کہ وہ حج و عمرہ کرتے ہپی رہتے ہوں گے تو بس میرے لئے ایک طواف کر لیا کریں اور میرے لئے وہاں ہی دعا مانگیں کہ آخرت میں بلند درجہ نہ سہی، یعنی اے سی سلیپر نہ سہی تو کم از کم تھرڈ کلاس میں بیٹھنے کی سیٹ تو مل ہی جائے۔
***زھرا علوی
میری بیٹی سے رشک کرنے کی ضرورت۔۔۔۔ تم بھی محفل کی بیٹیوں میں شامل ہو بیٹا۔
دعاؤں کا خاص طور پر شکریہ جن کا میں ہمیشہ سے محتاج ہوں اور رہوں گا کہ دعاؤں کی کوئی حد نہیں ہوتی۔
*** عنبریں
اچھی لگی تمہاری رائے بھی۔ جیسا محفل کا ایک لاڈلا فرزوق لکھتا تھا نا اپنی دستخط میں کہ ’میں ایسا ہی ہوں‘۔ وہی میں بھی کہوں گا۔
تم اس زمانے میں آئیں جب میں نے بوجوہ اپنا اصل نام اعجاز اختر کی آئ ڈی ہٹا کر اعجاز عبید کی مختصر شکل الف عین رکھ لی تھی اور اپنی تصویر بھی ہٹا دی تھی۔ اس لئے تم کو ذرا سمجھنے میں دقت ہوئی ہوگی کہ الف عین کون ہیں، اور اعجاز انکل اور اعجاز بھائ (شمشاد اور کچھ پرانے دوستوں کے لئے) کون۔ بلکہ تم لوگوں میں سے جب کوئی مجھے الف عین صاحب یا الف عین انکل کہتا ہے تو اب بھی عجیب سا لگتا ہے۔
دعاؤں کا شکریہ بھی۔ اور ہمیشہ ہی دعاؤں میں مجھے شامل کرو تو بہتر ہے۔
*** راجا
تم تو یوں ہپی اپنا استاد مانتے ہو۔ در اصل میری سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ مجھے کہیں بھی کوئ غلطی برداشت نہیں ہوتی۔ راستہ چلتے بھی نظر پڑے گی تو فورا! کہیں کسی غلطی پر ہی نظر پڑے گی کہ اس بورڈ پر یہ سپیلنگ لکھی ہے۔ یا اخبار میں اس کو اس طرح لکھا ہے۔ اور منہ پھٹ تو ہوں ہی اپنے والد کی طرح۔ ان کا شعر تھا
ڈھونڈھنے پر بھی مل نہ سکے گا
صادق جیسا انساں مونہہ پھٹ
لگی لپٹی کبھی نہیں رکھتا۔ اور اسی باعث کبھی کسی کی شاعری پر کچھ اعتراض کیا تو برا بھلا بھی سننے کو ملا ہے۔ یہ دوسری بات ہے کہ بعد میں وہ لوگ بھی میرے ’مریدوں‘ میں شانل ہو گئے ہوں۔
او ہو۔۔ اس پر اب گور کر رہا ہوں کہ تم کو میرا رابطی چاہئے۔ ابھی ذ پ کرتا ہوں۔ البتہ تعارف؟؟ یہ تو انٹر ویو کے مختلف سلسلوں میں دیکھ ہی سکتے ہو۔
*** فرخ (سخنور)
عروض میں تو میں خود نون غنہ ہوں۔ سچی بات تو یہی ہے۔ بحر کا یہ علم تو بحر ذخار ہے۔ میں تو محض پریکٹل عروض کا جانکار ہوں۔ تقطیع کر سکتا ہوں اور موٹے موٹے اصولوں سے واقفیت ہے۔ اس لئے وارث سے ہی بہت کچھ سیکھا ہے۔ )اور وہ بھی بغور نہیں پڑھا ہے اس لئے بھول بھی گیا ہوں۔ ہاں ضرورت پڑنے پر پھر دیکھ تو سکتا ہوں نا۔۔ سرسری طور پر پڑھ کر گزر جاتا ہوں عروض کی تفصیل کے پیغامات بھی۔ )لیکن اپنے والد مرحوم کو اصلاح کرتے، اور ان اصلاحوں سے مجھ کو باخبر رکھنے کی عادت کی وجہ سے ذہن کچھ ایسا بن گیا ہے کہ کچھ گڑبڑ ہو تو فوراً اس طرف خیال جاتا ہے۔
لیکن اس سے میں متفق نہیں کہ "۔ انکی پسندیدہ عادت کہ محفل کے تقریبا" ہر دھاگے پر موجود نظر آتے ہیں جو ان کی شخصیت کے گوناں گوں ہونے کی دلیل ہے –"
میں محض دخل در نامعقولات کرتا ہوں کچھ جگہوں پر ہی۔ جس میں کھیلوں کا زمرہ بھی شامل ہے۔
ٹائپوز کے بارے میں شگفتہ کو جو لکھا ہے، وہی تمہارے لئے بھی۔
*** ابو شامل
میں دینی موضوعات میں دلچسپی رکھتے ہوئے بھی ان سلسلوں میں داخل نہیں ہوتا کہ کیوں خواہ مخواہ مسلکی بحث کی جائے۔ ویسے میرے مسلک سے تو سبھی واقف ہو ہی چکے ہوں گے۔۔ میرا پیغام محبت ہے۔۔۔۔۔۔ ہاں، جہاں بات کسی دینی کتاب کی آ جائے تو بات دوسری ہے، بلکہ وہ بات پہلی بن جاتی ہے۔ وہ کتاب چاہے کسی مسلک کی ہو۔۔ اب تک بھی میری برقی کتابوں کی سائٹ پر محض کنز الایمان اور عرفان القرآن ہی ہیں، یہی اس کا ثبوت ہے کہ دینی کتب میں میں کسی مسلک کے ساتھ معاندانہ یا ترجیحانہ رویہ نہیں رکھتا۔ اسی لئے تم سے گفتگو بھی ہوئی تو محض ان ہی معاملوں پر۔
اکثر لوگ یہ محسوس کر کے مجھے غلط بھی سمجھتے ہیں کہ میں ہر وقت ہندوستان ہندوستان کرتا رہتا ہوں۔ یہ محض وطن پرستی نہیں ہے۔ بس میں ذرا وہاں احباب کو روکنا چاہتا ہوں جہاں لوگ اردو کو پاکستانی زبان کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ تن فوراً خیال آتا ہے کہ ان پر روک لگائی جائے اور بتایا جائے کہ اردو پر پاکستان کی اجارہ داری نہیں ہے۔ زبانیں سرحدوں میں محیط نہیں ہوتیں۔ اور کیوں کہ محفل کے ارکان دو چار کو چھوڑ کر سب پاکستانی ہیں، اور وہ لوگ بھی جو چاہے سعودی، خلیجی، یا مغربی ممالک کے شہری ہو چکے ہوں، خود کو اب بھی پاکستانی کہتے اور سمجھتے ہیں۔ اس لئے مجھے بار بار یہ یاد دلانا پڑتا ہے کہ رکو دوستو۔۔۔ مجھے کیوں چھوڑ دے رہے ہو۔ اردو کے ساتھ تو میں بھی ہوں، لیکن پاکستان کے ساتھ میں نہیں۔۔۔ کیا اردو لینکس محض پاکستان لینکس تھا۔۔۔ ہاں اگر اس کا نام ہی پاک لینکس کیا جاتا تو مجھے اعتراض نہیں ہوتا۔ دیکھو پاک نستعکلیق فانٹ کو میں نے کتابوں اور’سمت‘ کی سائٹس کا ڈیفالٹ فانٹ بنا رکھا ہے، اس کے نام میں ’پاک ‘ ہونے پر بھی۔۔۔
تمہاری میزبانی کی آفر کا ضرور خیال رکھوں گا، دعا کرو کہ کبھی پاکستان آنا ہو سکے۔