محمد وارث
لائبریرین
وہ کون سی بحریں ہیں جن کے ابتدائی رکن میں تبدیلی کی جاسکتی ہے اور کون سی تبدیلی واقع ہوتی ہے؟
عام طور پر مزاحف بحروں میں دو طرح سے پہلے رکن میں کچھ تبدیلی کی جاتی ہے۔
اول - مزاحف بحروں کے پہلے سالم رکن کو مخبون رکن سے بدل دینا، جیسے
بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع - اسکے افاعیل فاعلاتن فعلاتن فعلاتن فعلن ہیں لیکن پہلے رکن یعنی فاعلاتن کو مخبون رکن فعلاتن سے بدل کر وزن فعلاتن فعلاتن فعلاتن فعلن بھی ہو جاتا ہے۔
اسی طرح بحر رمل مسدس مخبون محذوف مقطوع اسکے افاعیل فاعلاتن فعلاتن فعلن ہیں لیکن فعلاتن فعلاتن فعلن بھی جائز ہے۔
اسی طرح بحر خفیف مخبون محذوف مقطوع افاعیل فاعلاتن مفاعلن فعلن سے فعلاتن مفاعلن فعلن ہو سکتے ہیں۔
ان مثالوں سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ عام طور پر فاعلاتن کو فعلاتن بنایا جاتا ہے، لیکن یاد رہے کہ رمل مثمن محذوف فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن اور رمل مسدس محذوف فاعلاتن فاعلاتن فاعلن میں اس تبدیلی کی اجازت نہیں ہے۔
دوسری قسم میں تسکین اوسط زحاف کی مدد سے پہلے رکن میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
جیسے بحر کامل متفاعلن متفاعلن متفاعلن متفاعلن میں پہلے رکن بلکہ کسی بھی رکن کو مستفعلن کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح بحر ہزج مسدس اخرب مقبوض محذوف - مفعول مفاعلن فعولن میں تسکین اوسط سے مفعولن فاعلن فعولن وزن کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح بحر ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن کو بدل کر مفعولن مفعول مفاعیل فعولن کیا جا سکتا ہے۔
ان تمام بحور کی امثال آپ میرے بلاگ پر دیکھ سکتے ہیں۔