نبیل
تکنیکی معاون
لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی وڈیرہ سیاست اپنا اصل چہرہ دکھا رہی ہے۔ چیف جسٹس کی بحالی اور جنرل مشرف کی صدارتی انتخاب میں نااہلیت کے مقدمے کی پیروی کرتے ہوئے اعتزاز احسن ملک میں ایک اہم سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہے تھے۔ اس کا اظہار جنگ کے کالم نویس آغا مسعود حسین نے بے نظیر کے لیے لمحہ فکریہ کے عنوان سے کالم میں بھی کیا تھا۔ اور جیسا متوقع تھا، بے نظیر نے ایک مرتبہ پھر ثبوت دیا ہے کہ پیپلز پارٹی محض بھٹو خاندان کی جاگیر ہے اور اس میں کسی جمہوری قوت کی جگہ موجود نہیں ہے۔ جیو ٹی وی پر تجزیہ نگار کامران خان نے اخبارات کے ذرائع سے بتایا کہ بے نظیر نے اعتزاز احسن کی جیل میں خبر پرسی نہیں کی اور نہ ہی انہیں بار کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ پاکستان کے بدقسمت عوام کی قسمت میں بس وڈیروں، پیروں، ڈکیتوں کے لیے بحالی جمہوریت کی تحریکیں چلانا رہ گیا ہے۔ بے چارے کارکن ماریں کھاتے ہیں اور اپنے خون کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور لیڈر ان کی کمر پر پاؤں رکھ کر مسند اقتدار پر بیٹھ جاتے ہیں۔