الشفاء
لائبریرین
اللہ عزوجل ہمارے ہاں کیوں نہیں آتا؟
-
محترم اشفاق احمد صاحب نے ایک دفعہ کسی بابے سے پوچھا تھا کہ میں اللہ سبحانہ وتعالٰی کا دوست بننا اور اس سے ملنا چاہتا ہوں تو اس کا آسان طریقہ بتائیں تو بابا جی نے کہا تھا کہ چونکہ ہماری استطاعت نہیں ہے کہ ہم خود اس تک پہنچ پائیں تو آسان طریقہ یہ ہے کہ اس کو اپنے ہاں بلا لو۔کیونکہ جب اس کا بندہ اس کو بلاتا ہے تو وہ ضرور آتا ہے۔۔۔
جی ہاں اس میں کوئی شک نہیں کہ جب ہم اللہ عزوجل کو بلائیں گے تو وہ ضرور آتا ہے کیونکہ اس کا وعدہ ہے کہ جب میرا بندہ ایک بالشت میرے قریب آتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کے قریب جاتا ہوں اور وہ اگر چل کر میری طرف آتا ہے تو میں دوڑ کر اس کی طرف جاتا ہوں۔۔۔ جی ہاں میرا مہربان رب ایسا ہی کریم ہے کہ بندے کواپنے رب سے ملنے کا جتنا شوق ہوتا ہے۔ اللہ عزوجل کو اس سے زیادہ شوق اپنے اس بندے سے ملاقات کا ہوتا ہے۔۔۔
لیکن
ہم تو ہروقت اللہ عزوجل کو پکارتے رہتے ہیں ، اس سے دعائیں کرتے ہیں ، اس کی عبادت کرتے ہیں اس کے نام کی تسبیحیں جپتے ہیں۔ لیکن پھر بھی وہ ہمارے ہاں کیوں نہیں آتا؟۔۔۔
کیا ہم نے کبھی سوچا کہ ہمارے پکارنے کے باوجود اللہ سبحانہ وتعالٰی ہمارے ہاں کیوں نہیں آتا؟؟؟ نہیں سوچا نا۔۔۔ تو چلیں آج سوچتے ہیں کہ وہ کیوں نہیں آتا ۔۔۔شائد کہ آپ مجھ سے عبرت حاصل کریں۔
ایک دفعہ ہم نے اللہ سبحانہ وتعالٰی کو پکارا۔ تو میرے رب نے کمال مہربانی سے میرے ہاں آنے کا وعدہ کر لیا۔ تو ہم اس کی تیاریوں میں لگ گئے۔ اس بات کی اتنی خوشی تھی کہ زمین پر پاؤں نہیں ٹکتے تھے۔ خیال آیا کہ سب سے پہلے گھر کی تزئین و آرائش کی جائے۔ نئے صوفے اور نیا فرنیچر لا کر پورے گھر بلکہ پورے محلے کو آراستہ کر دیا جائے۔ کہ رب العزت کی آمد آمد ہے۔۔۔ لیکن ایک صدا آئی۔۔۔ اللہ اکبر ، اللہ اکبر۔۔۔ تو خیال آیا کہ میرا رب تو بہت بڑا اور عظیم ہے وہ تو رب السماوات والارض ہے۔ وہ بھلا میرے اس گھر میں کیسے آ سکتا ہے۔ میرا یہ گھر تو اس قابل نہیں کہ خالق ارض و سماوات کا مسکن بن سکے۔۔ ۔ پھر پوری دنیا پر نظر دوڑائی تو کسی بھی جگہ کو اس جل شانہ کے مسکن کے قابل نہ پایا۔ کہ یہ زمین و آسمان تو اس کی پیش کردہ ایک امانت کا بوجھ نہیں اٹھا سکے تھے۔ تو رب ذوالجلال کے جلووں کی تاب کہاں لا سکتے ہیں۔۔۔تو پھر اس کو کہاں بلایا جائے اور کہاں اس سے ملاقات کی جائے؟؟؟۔ اچانک خیال آیا کہ کسی ایسے اللہ والے سے پوچھتے ہیں کہ جس کے ہاں وہ آتا رہتا ہے۔شائد وہ بتا دیں کہ اُس منبع رعنائی و جمال سے کہاں ملاقات ہو سکتی ہے۔۔۔تو بس ہم اس جستجو میں نکل پڑے۔۔۔ اللہ والوں سے تحقیق پر پتہ چلا کہ ہمارے گھر اور یہ زمین و آسمان اس قابل نہیں کہ یہ اپنے خالق کو اپنے اندر سما سکیں ۔۔۔ وہ سبحانہ وتعالٰی تو اپنے بندے کے دل میں جلوہ فرما ہوتا ہے۔۔۔ اور ہمارے قلب کو ہی اس نے وسعت و گہرائی عطا فرما کر اپنا مسکن بننے کی عزت بخشی ہے۔۔۔پھر ہمیں اس مصرعے کی سمجھ آئی کہ
-
دل دریا سمندروں ڈونگھے ، کون دلاں دیاں جانے ہو۔۔۔
یہ بات جان کر تو ہم اور بھی خوش ہو گئے کہ چلو جمال و جلال خداوندی کو اپنے دل کی زینت بناتے ہیں اور اسی قلب کو اس وحدہ لا شریک کا مسکن بنا لیتے ہیں اور پھر جب چاہیں گے اس کے جمال سے اپنی آنکھیں ٹھنڈی کر لیا کریں گے۔کہ بقول شاعر۔۔۔
-
دل کے آئینے میں ہے تصویر یار
جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی۔
جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی۔
-
اسی خوشی میں ہم نے اپنے دل کی طرف توجہ کی تو دل پرنظر پڑتے ہی ہماری چیخ نکل گئی۔۔۔ یہاں تو ماحول ہی دوسرا تھا۔۔۔ ہر جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔۔۔ کہیں پر حسد کی آگ بھڑک رہی تھی اور کہیں پر غیبت کا خون بکھرا پڑا تھا۔۔۔ایک طرف تکبر کی ڈھیری سے سڑانڈ اٹھ رہی تھی تو دوسری طرف جھوٹ کی بو سے سارا ماحول تعفن کا شکار تھا۔ غصے اور نفس کی شہوتوں نے وہ زخم لگائے ہوئے تھے کہ جن سے پیپ بہہ رہی تھی۔ بد خلقی کے خونی پنجے قلب کی گہرائی تک اتر چکے تھے۔ ریاء اور نمود ونمائش کے بتوں نے اپنی جاہ و حشمت کے بڑے بڑے بینرز لگار رکھے تھے۔ گناہوں کی کالک نے پورے قلب کو اندھیر نگری بنا دیا تھا۔اور محبت کا خانہ تو دنیا کی محبت سے ایسا بھرا ہوا تھا کہ وہ اس سے باہر چھلک رہی تھی۔ اب اس میں کسی اور کی محبت کے لئے جگہ ہی نہ بچی تھی۔ ہم نے فوراً اپنی نظر دل سے ہٹا لی کہ مزید کچھ دیکھنے کا یارا نہ رہا تھا۔۔۔ اب ہمیں سمجھ آ رہا تھا کہ اللہ عزوجل ہمارے ہاں کیوں نہیں آتا۔۔۔ اس دنیا میں اس کا مسکن تو صرف ہمارا قلب تھا۔ جس کو ہم نے پوری طرح بگاڑ کے رکھ دیا تھا ۔ اورقلب کی بیماریوں نے اس کو اتنا کمزور اور کریہہ شکل کر دیا تھا کہ یہاں ہماری اپنی نظر جانے کو تیار نہ تھی تو وہ ملک القدوس کیسے اس ناپاک جگہ پر جلوہ فرما ہوتا۔۔۔
۔
اب ہم قلب کی ان بیماریوں سے چھٹکارا پانے کی ترکیبیں کر رہے ہیں۔ لیکن یہ بیماریاں ایسے ناسور ہیں کہ بغیر میجر سرجری کے ان کو نکال کر پھینکنا ممکن نظر نہیں آتا۔ اور اس کے لئے سخت مجاہدہ چاہیئے۔ آپ سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ عزوجل ان بیماریوں کو ہم سے دور فرما کر ہمارے قلب کو قلب سلیم بنا دے۔۔۔
-
اگر آپ کا قلب ان بیماریوں سے محفوظ ہے تو آپ اس دنیا کے خوش قسمت ترین انسان ہیں کہ کسی
بھی وقت رب کائنات آپ کا مہمان بن سکتا ہے۔۔۔
-
جزاکم اللہ خیراً کثیرا۔۔۔