کانگريس کے پہلے مسلم رکن کيتھ ايليسن کی حلف برداری کی تقريب کے حوالے سے کچھ باتيں جو آپ کے ليے دلچسپی کا باعث ہوں گی۔
کيتھ ايليسن نے اپنی حلف برداری کی تقريب سے پہلے يہ درخواست کی تھی کہ وہ بائبل کی بجائے قرآن پاک پر حلف اٹھانا چاہتے ہيں۔ صرف يہی نہيں بلکہ انھوں نے حلف اٹھانے کے ليے قرآن پاک کے اس ناياب نسخے کا انتخاب کيا جو امريکہ کے تيسرے صدر تھامس جيفرسن کی ذاتی لائيبريری کا حصہ تھا۔ قرآن پاک کا يہ نسخہ 1764 ميں لندن سے دو جلدوں ميں شائع ہوا تھا۔ اس وقت قرآن پاک کا يہ نادر نسخہ کانگريس کی لائيبريری کا حصہ ہے۔ کانگريس لائيبريری کے ناياب کتابوں کے انچارج مارک ڈی مینيونيشن کے مطابق قرآن پاک کے اس نسخے کی حفاظت کے ليے 1919 ميں چمڑے کی خاص جلد تيار کی گئ۔ تھامس جيفرسن نے قرآن پاک کا يہ نسخہ 1815 ميں حاصل کيا تھا اور يہ انکی ذاتی لائيبريری کا حصہ رہا۔ تھامس جيفرسن کی لائيبريری ميں مجموعی طور پر 6400 کتابيں تھيں۔ 1812 کی جنگ ميں جب برطانوی فوجيوں کے ہاتھوں کانگريس لائيبريری راکھ کا ڈھير بن گئ تو اس کی ازسرنو تعمير کے ليے تھامس جيفرسن نے 24 ہزار ڈالرز کے علاوہ جن ناياب کتابوں کا عطيہ ديا اس ميں قرآن پاک کا يہ نادر نسخہ بھی شامل تھا۔
منی سوٹا سے تعلق رکھنے والے کيتھ ايليسن ڈی ٹروائٹ ميں پيدا ہوئے اور انھوں نے کالج کے زمانے ميں اسلام قبول کيا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے حلف برداری کی تقريب کے ليے تھامس جيفرسن کے ذاتی قرآن پاک کے نسخے کا انتخاب اس ليے کيا کيونکہ وہ لوگوں کو يہ باور کروانا چاہتے تھے کہ امريکہ کے آئين کی تشکيل کے ليے جن متعدد ذرائع سے رہنمائ حاصل کی گئ اس ميں قرآن پاک بھی شامل تھا۔
اگرچہ کا نگريس لائيبريری کی عمارت کيپيٹل کی عمارت کے کافی قريب ہے ليکن اس کے باوجود لائيبريری کے اہلکاروں نے قرآن پاک کی حفاظت اور اسے گرد وغبار کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے ليے لکڑی کے ايک چوکور ڈبے کا انتظام کيا اور اسے ہاتھوں کے نشانات سے بچانے کے ليے سبز رنگ کے ايک خاص کپڑے کا انتظام کيا گيا۔ اس کے بعد قرآن پاک کے اس نادر نسخے کو زير زمين سرنگوں کے ذريعے سيکورٹی کے انتظامات کے ساتھ حلف برادری کی تقريب ميں منتقل کيا گيا۔
دلچسپ بات يہ ہے کہ کيتھ ايليسن کی والدہ کليڈا ايليسن عيسائ ہيں اور باقاعدگی سے روزانہ چرچ جاتی ہيں۔ جب ان سے اپنے بيٹے کے قرآن پاک پر حلف لينے کے فيصلے پر رائے دينے کے ليے کہا گيا تو ان کا جواب يہ تھا
"مجھے بہت خوشی ہے کہ ميرے بيٹے نے قرآن پاک پر حلف ليا ہے۔ اس بات سے بہت لوگوں کو يہ جان لينا چاہيے کہ امريکہ ميں مذہب کی مکمل آزادی ہے اور مختلف تہذيبوں کا امتزاج ہی امريکی معاشرے کا حسن ہے"۔
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
digitaloutreach@state.gov
http://usinfo.state.gov