نیرنگ خیال

لائبریرین
آنڈا چوری کیا، وہ بھی ابلا ہوا۔
بچپن میں ہم عجیب و غریب کہانیاں پڑھا کرتے تھے۔ کھانے کی چوری ،دال کی چوری۔۔۔ چور فاختہ۔۔۔ چورمینا۔۔۔ انگوٹھی کی چوری۔۔۔۔ الغرض ہر چیز کی چوری اور ہر طرح کا چور میسر تھا۔ لیکن ان ادباء کے امیر الخیال دماغوں میں کبھی نہ آئی تو انڈے کی چوری نہ آئی۔ اور نہ آیا تو انڈہ چور نہ آیا۔ صدیوں ادب متلاشی رہا۔۔۔۔ کسی ایسے ذہن رسا کا۔۔۔ جس کی کہانی ایک انڈہ چور کے گرد گھومتی ہو۔۔۔۔ لیکن نہ تو انڈہ چوری ہوا۔۔۔۔ اور نہ انڈر چور ہی وجود میں آیا۔ یا پھر یوں کہیے کہ آج تک کوئی انڈہ چور پکڑا نہیں گیا۔ سو یہ جرم خانہ غیب میں تو موجود تھا۔ مگر ارض انسانی پر اس کا اعتراف کرنے والا کوئی نہ تھا۔ کہ ایسے میں ایک جھونکا ہوا کا آیا۔ انڈہ چوری کی کہانی ساتھ لایا۔ ماضی کے دریچوں سے۔۔۔ لڑکپن کے باغیچوں سے۔۔۔ اور یہ ادب کا یہ تشنہ پہلو سیراب ہوا۔ تو آج بچوں ہم آپ کو ایک انڈہ چور ۔۔۔۔ نہیں نہیں۔۔۔ ایک انڈہ چورنی کی کہانی سناتے ہیں۔۔۔۔

کہتے ہیں کہ کسی ملک پر ایک نواب حکومت کرتا تھا۔ آج کے نوابوں کی طرح نہ تھا۔ جسے سب کہتے ہیں تو بڑا نواب ایں۔ بلکہ سچ مچ کا نواب تھا۔ اسی نواب کی راجدھانی میں ایک بوئے نایاب، گل کمیاب ۔۔۔ یعنی یاسمین کی جگہ جاسمن کا ظہو رہوا۔ پوت کے پاؤں پالنے میں نظر آجاتے ہیں سو ان کے پاؤں پالنے میں نظر نہیں آئے۔ اور ایک مدت تک ان کے سیدھے اور الٹے ہونے کے متعلق گھر کےافراد خاموش رہے۔ لیکن جیسا کہ ہر کہانی میں ہوتا آیا ہے کہ پھر وہ بچہ بڑا ہونے لگا۔ یہ بھی بڑی ہونے لگیں۔ لیکن بچپن سے ہی طبیعت میں ایک کچھ کر گزرنے کی تمنا موجود تھی۔ لڑکپن میں چند سہیلیوں کو جو آپس میں اپنے من گھڑت قصے سناتے سنا کہ کیسے سوئی کی نوک سے کپڑے پر یونان کا نقشہ بنا دیا۔ کیسے اون کی سلائی سے ابا کے مفلر سے گڑیا کی چادر بنا ڈالی۔ تو دل ہی دل میں اپنے قصے سنانے کا بھی شوق پیدا ہوگیا۔ کہ کسی دن میں بھی کچھ ایسا سناؤں کہ سبھی کے لب سل جائیں۔ جل بھن کر کوئلہ ہوجائیں۔ وغیرہ وغیرہ۔۔۔۔ سردیوں کے سرد موسم میں انہیں سوچوں میں ابلتی چلی جا رہی تھیں کہ گلی میں آواز سنائی دی۔ گرم انڈے۔۔۔۔ گرم انڈے۔۔۔۔۔

آنکھیں چمک اٹھیں۔۔۔ دل کی رفتار پر قابو پانا مشکل ہوگیا تھا۔۔۔ قصے کہانیاں بہت زیادہ پڑھنے کی وجہ سے معلوم تھا کہ انڈے کی چوری تو آج تک نک ویلوٹ نے بھی نہیں کی۔ آہا۔۔۔۔ اس خیال کا آنا تھا کہ چوری کے تمام منصوبے ذہن میں ترتیب پانے لگے۔ کیسے نک ویلوٹ نے ساز کی آواز چوری کی۔ تمام جزئیات کو سوچتے احساس ہوا کام ایسا مشکل نہیں۔ اور میرے جیسی ذہین و فطین کے تو بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔۔۔۔ سو اس لڑکے کو روکا۔ اور کہا۔۔۔ ادھر آؤ۔۔۔ انڈہ کتنے کا بیچ رہے ہو۔۔۔۔ وہ بیچارہ بھاگا بھاگا ان کے پاس آیا۔ انڈے کے دام بتائے۔ ادھر انہوں نے اپنے منصوبے کے مطابق اس کو بھاؤ بتانے پر بے بھاؤ کی سنائیں۔۔۔ کہ زم زم میں ابالا ہے۔ اتنا مہنگا انڈہ ۔۔۔ اور یہ انڈے اتنے چھوٹے چھوٹے۔۔۔۔ مجھے تویہ فاختہ کے انڈے لگ رہے ہیں۔۔۔ وہ بیچارہ رزق کمانے کو۔۔۔ حیلے بہانے کرنے لگا۔ نہیں ۔۔۔۔ بالکل اصیل مرغی کے انڈے ہیں۔ بھلا فاختاؤں کے انڈے اتنی تعداد میں کیسے مل سکتے ہیں۔ اس کی چرب زبانی سے تنگ آ کر سب انڈوں کا معائنہ کیا کہ پیسے دینے ہیں تو دیکھ کر بڑا انڈہ لیا جائے گا۔ اور اسی دیکھ بھال میں ایک انڈہ کھسکا لیا۔ جو آستین سے ہوتا ہوا شال کے اندر غائب ہوگیا۔ واللہ ایسی صفائی تو شعبدہ بازوں کے ہاں بھی نہیں تھیں۔انڈے والے کو بھگانے کے بعد جنابہ ہواؤں میں اڑتی جاتی تھیں کہ اب تو اگلی کئی نسلوں تک کو سنانے کو ایک قصہ ہاتھ آگیا ہے۔۔۔ اور قصہ بھی اصل۔۔۔۔ من گھڑت نہیں۔۔۔۔ اور تو اور ۔۔۔ ادب کی کہانیوں میں ایک نئے چور کا اضافہ ہو چکا تھا۔

نیرنگ خیال
22 نومبر 2023
 
آخری تدوین:

سیما علی

لائبریرین
مجھے تویہ فاختہ کے انڈے لگ رہے ہیں۔۔۔ وہ بیچارہ رزق کمانے کو۔۔۔ حیلے بہانے کرنے لگا۔ نہیں ۔۔۔۔ بالکل اصیل مرغی کے انڈے ہیں۔ بھلا فاختاؤں کے انڈے اتنی تعداد میں کیسے مل سکتے ہیں۔ اس کی چرب زبانی سے تنگ آ کر سب انڈوں کا معائنہ کیا کہ پیسے دینے ہیں تو دیکھ کر بڑا انڈہ لیا جائے گا۔ اور اسی دیکھ بھال میں ایک انڈہ کھسکا لیا۔ جو آستین سے ہوتا ہوا شال کے اندر غائب ہوگیا۔ واللہ ایسی صفائی تو شعبدہ بازوں کے ہاں بھی نہیں تھیں۔انڈے والے کو بھگانے کے بعد جنابہ ہواؤں میں اڑتی جاتی تھیں کہ اب تو اگلی کئی نسلوں تک کو سنانے کو ایک قصہ ہاتھ آگیا ہے۔۔۔ اور قصہ بھی اصل۔۔۔۔ من گھڑت نہیں۔۔۔۔ اور تو اور ۔۔۔ ادب کی کہانیوں میں ایک نئے چور کا اضافہ ہو چکا تھا۔

نیرنگ خیال
22 نومبر 2023
زبردست زبردست زبردست۔۔
کیا اعلیٰ روداد ہے ۔۔جناب ابلے انڈے کی چوری کی ۔۔۔اور بات تو سچ بھی ۔۔۔
ڈھیروں داد و تحسین چوری کا آنکھوں دیکھا حال اس دلاویز اندازمیں تحریر کرنے پر ۔۔۔
جیتے رہیے ۔شاد و آباد رہیے آمین۔
 

محمداحمد

لائبریرین
😂😂😂

بہت مزیدار نین بھائی!

پہلے جب ہم نک ویلوٹ کی چوریوں سے بیزار ہونے لگتے توپھر نکے کی چوریاں پڑھنے لگتے، جہاں گلوریا کے بجائے نکے کی نصف بہتر گوریا ہوا کرتی تھی۔ :)

آپ کی اس تحریر میں بھی وہی کھٹی میٹھی باتیں ہیں۔ :)
 

زیک

مسافر
آج سے انہیں سارقہ البیض کے لقب سے پکارا جائے۔ اگر پسند نہیں تو دزد تخم مرغ بھی کہا جا سکتا ہے۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
زبردست زبردست زبردست۔۔
کیا اعلیٰ روداد ہے ۔۔جناب ابلے انڈے کی چوری کی ۔۔۔اور بات تو سچ بھی ۔۔۔
ڈھیروں داد و تحسین چوری کا آنکھوں دیکھا حال اس دلاویز اندازمیں تحریر کرنے پر ۔۔۔
جیتے رہیے ۔شاد و آباد رہیے آمین۔
شکریہ آپا۔۔۔ بس ایسے بیٹھے بٹھائے انڈہ چوری کی روداد لکھنی پڑ گئی۔۔۔ تفصیلات بھی نہیں دی تھیں جاسمن صاحبہ نے۔۔۔۔ ہوہوہوہوہو
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
😂😂😂

بہت مزیدار نین بھائی!

پہلے جب ہم نک ویلوٹ کی چوریوں سے بیزار ہونے لگتے توپھر نکے کی چوریاں پڑھنے لگتے، جہاں گلوریا کے بجائے نکے کی نصف بہتر گوریا ہوا کرتی تھی۔ :)

آپ کی اس تحریر میں بھی وہی کھٹی میٹھی باتیں ہیں۔ :)
ہوہوہوہوہو۔۔۔ یہ گلوریا اور گوریا والی بھی ایک رہی۔۔۔ ویسے مجھے یہ نکے کی چوریاں یاد آ بھی رہی ہیں اور نہیں بھی۔۔۔۔ نک ویلوٹ تو میرا پسندیدہ ہے۔۔۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
زبردست پہ ڈھیروں زبریں۔
آپ واقعی پر کا کوا بنانے میں پروفیسر ہیں۔ :)
پر کا کوا
رائی کا پہاڑ
اونٹ اور پہاڑ
وغیرہ وغیرہ۔۔۔ جو بھی کہیں۔۔۔۔ لیکن آپ انڈہ چوری کا احوال تحریر کر دیتی تو ہم ایسی شوخی سے باز رہتے۔
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
اس کی چرب زبانی سے تنگ آ کر سب انڈوں کا معائنہ کیا کہ پیسے دینے ہیں تو دیکھ کر بڑا انڈہ لیا جائے گا۔ اور اسی دیکھ بھال میں ایک انڈہ کھسکا لیا۔ جو آستین سے ہوتا ہوا شال کے اندر غائب ہوگیا
مجرمہ کا اقبالی بیان درکار ہے اور وہ مشکلات بھی جو ایک انڈا چوری کرنے کے دوران پیش آئیں۔ کیا معلوم مہنگائی کے اس دور میں کسے ایسی ضرورت پڑ جائے۔
نیز یہ بھی کہ اگر انڈا ابلا ہوا نہ ہو تو کیا احتیاطی تدابیر اپنائی جا سکتی ہیں۔
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین

علی وقار

محفلین
ذرا نین کے دیے گئے ٹیگز پر دھیان دیجیے۔

انڈہ، انڈہ چور، جاسمن۔

یعنی کہ

نین بھائی کا بس نہیں چل رہا ہے کہ سی این این پر بھی بریکنگ نیوز چلوا دی جائے۔ :)

یہ الگ بات کہ لکھا خوب ہے، ہمیشہ کی طرح جاندار، پُر لطف اور چبھتی ہوئی نوکیلی تحریر جو نیرنگ خیال کا خاصا ہے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
ذرا نین کے دیے گئے ٹیگز پر دھیان دیجیے۔

انڈہ، انڈہ چور، جاسمن۔

یعنی کہ

نین بھائی کا بس نہیں چل رہا ہے کہ سی این این پر بھی بریکنگ نیوز چلوا دی جائے۔ :)

یہ الگ بات کہ لکھا خوب ہے، ہمیشہ کی طرح جاندار، پُر لطف اور چبھتی ہوئی نوکیلی تحریر جو نیرنگ خیال کا خاصا ہے۔

سمجھ نہیں آیا کہ باقی احباب نے متفق کا بٹن کس بات پر دبایا اور میں اگر پر مزاح کی ریٹنگ دوں تو اسے لوگ تبصرے کے دوسرے حصے سے نہ جوڑ دیں۔ :)
 

محمداحمد

لائبریرین
کون سمجھے گا صرف ایک گواہی پر ہمیں نردوش۔۔۔ سارے کانٹوں کا بوجھ ہمارے ہی دوش ڈالا جائے گا۔ حالانکہ آج کل تو ہم بہہہہہہہہہت ہی خاموش سے ہوئے بیٹھے ہیں ۔ :silent3:
حمایت پر ایسا دکھی تبصرہ؟

خدا نخواستہ مخالفت پر مبنی تبصرہ ہوتا تو نہ جانے آپ کا کیا حال ہوتا۔ :)
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
حمایت پر ایسا دکھی تبصرہ؟

خدا نخواستہ مخالفت پر مبنی تبصرہ ہوتا تو نہ جانے آپ کا کیا حال ہوتا۔ :)
تبھی تو کھل کر دل کی بھڑاس نکالنے کا موقع ملتا احمد بھیا۔
اصل میں ہمیشہ سبھی کو مخالف سمت میں کھڑے پایا ہے تو اس حمایت پر ہکا بکا ہوتے ہوتے دکھی سے ہو گئے۔ :mad3:
 

جاسمن

لائبریرین
تبھی تو کھل کر دل کی بھڑاس نکالنے کا موقع ملتا احمد بھیا۔
اصل میں ہمیشہ سبھی کو مخالف سمت میں کھڑے پایا ہے تو اس حمایت پر ہکا بکا ہوتے ہوتے دکھی سے ہو گئے۔ :mad3:
لوگوں کو ہکا بکا ہوتے دیکھنا ایک پُرلطف مشاہدہ ہے۔ :)
 
Top