فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کے زیر اہتمام تین روزہ
بین الاقوامی کانفرنس میں تعلیم کے مستقبل کا جائزہ
اسلام آباد ( ۲۳ جولائی، ۲۰۱۶ء)__ پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک نے اکیسویں صدی میں تعلیم کے مستقبل کا جائزہ لینے کے لئے ایک تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح آج ایک مقامی ہوٹل میں کیا۔ امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں کے دو سو سے زائد سابق شرکاء پورے پاکستان اور جنوبی ایشیاء سے اس کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد میں جمع ہوئے ہیں، جس کا انعقاد اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ اور پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
ورکشاپس، پینل مباحثوں، کلیدی تقاریر اور مقامی آبادیوں کی خدمت کی سرگرمیوں کے باضابطہ آغاز کے لئے کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین اور یونیورسٹی آف کراچی کے پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر عطاء الرحمن اور ایچ ای سی کے چیئرپرسن ڈاکٹر مختار احمد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں اساتذہ، منتظمین، پالیسی ساز، سماجی کارکنان اور ترقیاتی کارکنان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تعلیمی ماہرین نے اپنے تجربات اور علم کا تبادلہ کرنے کے لئے شرکت کی، جس سے انہیں اپنے مقامی لوگوں کی بہتر خدمات کرنے میں مدد ملے گی۔
کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ تدریس کے شعبے سے وابستہ ہونے کی حیثیت سے آپ نوجوان پاکستانیوں کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء سے کہا کہ چاہے آپ ایک استاد ہوں، منتظم ہوں، قانون ساز ہوں یا ترقیاتی کارکن ہوں، آپ کی خدمات پاکستان کے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ آپ کے عزم اور آپ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے ۲۰۱۵ء میں قائم کردہ امریکہ۔ پاکستان نالج کوریڈورکے تحت جس سے تحقیق، جدت اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی تبادلہ کو فروغ ملے گا، تعلیمی تعاون کو وسعت دینے کے لئے صدر اوبامہ اور وزیر اعظم نواز شریف کےعزم کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے فلبرائیٹ پروگرام کے ذریعے ۱۲۵ کی تعداد تک پی ایچ ڈیز کے لئے فنڈز کی فراہمی کے لئے ۲۵ ملین ڈالر کے حکومت پاکستان کے عزم کو بھی سراہا۔
امریکہ پاکستانی شہریوں کے لئے تبادلہ پروگراموں میں ہر سال تقریباً ۴۰ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرتا ہے اور تعلیمی و پیشہ ورانہ پروگراموں میں شرکت کے لئے ہر سال ۱۳۰۰سے زائد پاکستانیوں کو امریکہ بھیجتا ہے۔ پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک ایسے طلبہ اور پیشہ ورانہ افراد کا ایلومنائی نیٹ ورک ہے ،جنہوں نے امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کی۔ پاکستان بھر میں ۱۹ ہزار سے زائد ایلومنائی کے ساتھ پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کا شمار دنیا کے بڑے ایلومنائی نیٹ ورکس میں ہوتا ہے۔
پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک پاکستان بھر میں باقاعدگی کے ساتھ سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے، جن میں خدمات کے منصوبے، قائدانہ تربیت، گول میز مباحثے اور مقامی آبادیوں کی خدمت کی سرگرمیاں شامل ہیں۔
پاکستان۔ یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک اور کانفرنس کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔
http://www.facebook.com/pakalumni
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
www.state.gov
https://twitter.com/USDOSDOT_Urdu
http://www.facebook.com/USDOTUrdu
https://www.instagram.com/doturdu/
https://www.flickr.com/photos/usdoturdu/