کاشفی

محفلین
اُردو غزل
(ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی)

سوز و ساز عشق کا اظہار ہے اُردو غزل
انبساط و کیف سے سرشار ہے اُردو غزل

ترجمان کوچہ و بازار ہے اُردو غزل
مظہر رنج و غم و آزار ہے اُردو غزل

ہے "حدیث دلبری" بھی اور تفسیر حیات
سربسر گنجینہء افکار ہے اُردو غزل

درحقیقت ہے یہ "اُردو شاعری کی آبرو"
خوشنما گلدستہء اشعار ہے اُردو غزل

آبیاری جس کی کی خونِ جگر سے میر نے
شاعری کا وہ حسیں گلزار ہے اُردو غزل

میر کا سوز دروں غالب کا حسن فکر و فن
داغ کی شیرینی گفتار ہے اُردو غزل

ذوق و مومن فانی و حسرت شفیق و شہریار
ساحر و مجروح کی شہکار ہے اُردو غزل

جلوہ گر اقبال کا ہے جس میں‌ آفاقی پیام
وہ سراپا مطلع انوار ہے اُردو غزل

اس میں مضمر ہے پیام امن و صلح و آشتی
امن عالم کی علمبردار ہے اُردو غزل

عصر حاضر کے مسائل کا ہے اس میں تذکرہ
غمگسار بیکس و نادار ہے اُردو غزل

رزمگاہ زیست میں جور و تعدی کے خلاف
کر رہی اپنا ادا کردار ہے اُردو غزل

دوستوں کی ہے یہ اپنے صدق دل سے خیر خواہ
دشمنوں سے برسرِ پیکار ہے اُردو غزل

جس میں ہیں رحمت الٰہی برق کی رعنائیاں
روشنی کا وہ حسیں مینار ہے اُردو غزل

تابش احمد علی برقی ہے اس میں‌ ضوفشاں
گنج معنی کا در شہوار ہے اُردو غزل
 

الف عین

لائبریرین
احمد علی صاحب نے تو پھر شکل ہی نہیں دکھائی۔ ان کو ای میل کر کے متوجہ کرتا ہوں اس دھاگے پر۔
 

ملائکہ

محفلین
غزل کا تو کوئی عنوان نہیں ہوتا پھر "اردو غزل" کو عنوان کی طرح کیوں لکھا ہے؟؟؟ یا میں غلط ہوں:idontknow: :idontknow:


ویسے غزل بہت اچھی ہے:)
 

الف عین

لائبریرین
کل برقی صاحب کا فون آیا تھا ای میل کے جواب میں۔ نہ معلوم کیوں وہ لاگ ان کرنے کے باوجود پہوسٹ نہیں کر پا رہے ہیں۔ کم از کم شکرئے کا بٹن تو دبا سکتے تھے۔ ابھی خیال آیا کہ شاید وہ یہ پیڈ سمجھ نہیں پائے، اور ونڈوز کا اردو کی بورڈ لے کر لکھنا چاہ رہے تھے۔
 
Top