ایجنڈا برائے سوشل میڈیا دوران رمضان (از قلم نیرنگ خیال)

نیرنگ خیال

لائبریرین
ضروری اعلان:
اگر آپ اس کو کوئی منطقی ایجنڈا سمجھ کر پڑھ رہے ہیں تو آپ صریحا غلطی پر ہیں۔ اگر آپ اس کے بعد کوئی سخت تبصرہ فرمانا چاہتے ہیں تو بھی آپ غلطی پر ہیں۔ یہ ایک بےتکی سی تحریر ہے جو کہ ابھی ابھی معرض وجود میں آئی ہے۔ یقینی طور پر بےتکی اور منتشر ہوگی۔ لیکن سردست اس کو اصل اور اصیل حالت میں ہی اہل محفل کی نذر کر رہا ہوں۔ بعد میں تدوین کرتا رہوں گا۔ اگر اس ایجنڈے میں کوئی ترمیم مقصود ہوئی۔

ایجنڈا برائے سوشل میڈیا دوران رمضان​

رمضان کریم کی آمد ہو چکی ہے۔ بازاروں میں رونق ہے۔ لوگ کھجوریں اور کپڑے خرید رہے ہیں۔ کسی بڑے شاپنگ مال میں کھڑے ہو کر "سیلفی" بھی لے رہے ہیں کہ روزے کی خریداری کرتے ہوئے۔ الحمداللہ۔

الحمداللہ کے بغیر جملہ ادھورا ہے۔ اس سے ایک نیکی کا "ٹچ" آجاتا ہے۔ مجھے یہ سب بہت اچھا لگ رہا ہے۔ میں بہت خوش ہوں۔ اس بار میں نے بھی سوچا ہے کہ صبح فجر کے وقت مسجد کے باہر سیلفی لوں گا۔ عنوان دوں گا۔ اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوں میں۔ نہیں۔ یہ عنوان ٹھیک نہیں۔ یہ عنوان کیسا رہے گا۔ "اس کو کیا جانیں یہ دو رکعت کے امام"۔ واہ واہ۔ اقبال کی جے ہو۔ نہیں، یہ عنوان بھی ٹھیک نہیں۔ اس سے خود پرستی کی بو آتی ہے۔ تکبر اور میں۔ معاذاللہ۔ یہ خیال اگر میرے ذہن میں آگیا ہے تو کسی او رکے ذہن میں بھی آسکتا ہے۔ یہ عنوان نہیں رکھوں گا۔ اچھا کوئی اور سوچتا ہوں۔ پہلے دن سیلفی نہیں لینی۔ دوسرے تیسرے دن جب نمازیوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوگی۔ تب تصویر لوں گا۔ تاکہ پتا چلے اس منافق دنیا کو۔ ہم چند دن کے بیوپاری نہیں۔ پورا مہینہ ہی نماز چلائیں گے۔ ہاں عنوان آگیا ذہن میں۔ "ادھی لعنت دنیا تے، تے ادھی دنیا داراں ہو" واہ۔۔ دل اپنے اس عنوان پر جھوم اٹھا۔ یہ تو روحانیت اور تصوف کو بھی "ٹچ" کر رہا ہے۔ کیسا زبردست عنوان ہے۔ بس فائنل

اب باقی معاملات کی طرف بھی توجہ کروں۔ رمضان میں شاعری کیسی ہونی چاہیے۔ صرف مسلمان شعرا کی شاعری ہی ہونی چاہیے۔ ہاں یہ یہ یہ مسلک کا بھی نہ ہو۔ صرف صوفیانہ شاعری پر توجہ دوں تو؟ موضوعات اسلامی رہیں تو بہتر ہے۔ گوگل! اسلامی شاعری میں کیا کیا آتا ہے؟
حمد، نعت، منقبت، نوحے وغیرہ وغیرہ۔ نوحے تو محرم میں سنوں گا نا۔ یہ منقبت کیا ہوتی ہے۔ اس کو تلاش کرتا ہوں۔ نئی چیز ہوئی تو بلے بلے۔ اچھا تمہید کیسے باندھوں۔؟ ہاں!

ماہ مبارک کے مقدس دنوں میں آپ کے لیے ایک خوبصورت کلام لیکر حاضر ہوا ہوں۔ جس سے روح جھوم اٹھے گی۔ طبیعت شاداب ہوجائے گی۔ اور روزے کی ساری پیاس مٹ جائے گی۔ اللہ اللہ۔ واہ واہ۔۔۔ کیا ابتدائی سطر لکھی ہے۔ اس کے بعد تو کلام میں دم نہ بھی ہوا مارکیٹ میں "ہٹ" جائے گا۔ ہوہوہوہوہوہو

ہاں سب سے ضروری چیز۔ نماز کے اوقات میں سوشل میڈیا استعمال نہیں کرنا۔ مبادا کوئی سمجھے یہ نماز نہیں پڑھ رہا۔ ویسے میں کہہ دوں گا ہماری مسجد میں جلدی ہوجاتی ہے۔ تم ادھر کیا کر رہے ہو۔ ہاں جوابات تو سوچ کر رکھنے چاہیے نا۔ اچھا۔ اور سوچو! کیا کیا بات ہو سکتی ہے۔ نہیں ابھی میرے ذہن میں کچھ نہیں آرہا۔ اچھا فی البدیہہ دیکھیں گے۔تراویح کی تو خیر ہے۔ شکر ہے اس وقت میں اپنی ملازمت پر ہوتا ہوں۔ ورنہ تو ایک یا دو کیفیت ناموں خاطر۔۔۔ لاحول ولا قوۃ الا باللہ۔ اللہ سب کو ریاکاری سے محفوظ رکھے۔

اچھا قرآن پڑھتے ہوئے بھی ایک تصویر ہونی چاہیے۔ پر خود تو ایسی نمود سے نفرت ہے۔ خاندان کے کسی فرد کو ایسے بین السطور ترغیب دوں گا۔ ہو سکتا ہے وہ خود ہی ایسی کوئی تصویر کھینچ لیں۔ امی ابو ساتھ بھی ایک تصویر تو ہونی چاہیے۔ افطاری کی تصویر نہیں لگاؤں گا۔ اس سے نمائش کی بو آتی ہے۔ کیا بندہ شوہدوں کی طرح سب کو بتائے کیا کیا کھایا ہے۔ یہ بھی کوئی کہنے کی بات ہوتی ہے۔ ویسے کبھی باتوں میں یا تبصروں میں بات ہوجائےتو الگ بات ہے۔ لیکن ایک بات تو طے ہے کہ کسی بھی خریداری پر جا کر میں وہاں کی تصاویر نہیں لگاؤں گا۔ ورنہ باقیوں اور مجھ میں فرق کیا رہے گا۔

اللہ ہم سب کو اس رمضان نیک کام کرنے اور دوسروں کو ان کی ترغیب دینے کی توفیق دے۔ آمین

خود کلامی از نیرنگ خیال
16 مئی 2018
 
آپ نے تو میرا کام آسان کر دیا۔
اس میں دن کے مشکل اوقات کو سوشل میڈیا پر مثبت انداز سے گزارنے کا طریقہ نہیں بتایا آپ نے۔
 
محمداحمد

لائبریرین
بہت اعلیٰ نین بھائی!

یہ آپ نے خود ہی لکھا ہے نا؟ اس لئے پوچھ رہا ہوں کہ میری پچھلے سال کی ڈائری کھو گئی تھی جو باوجود تلاش کے ملی نہیں۔ :)
 
محمداحمد

لائبریرین
تفنن برطرف!

بہت اعلیٰ تحریر ہے ۔ اُمید ہے کہ یہ یاد دہانی ہمیں ریاکاری سے بچاتی رہے گی۔

جیتے رہیے۔ :)
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
بہت اعلیٰ نین بھائی!

یہ آپ نے خود ہی لکھا ہے نا؟ اس لئے پوچھ رہا ہوں کہ میری پچھلے سال کی ڈائری کھو گئی تھی جو باوجود تلاش کے ملی نہیں۔ :)
جی وہ ڈائری ایک ملی ہے مجھے۔ اس میں سے کچھ صفحات ٹائپ کرکے یہاں لگانے کا سوچ رہا تھا۔ اس وجہ سے چپ تھا کہ اگر لکھا کہ یہ احمد بھائی کی یادداشتیں ہیں۔ تو کوئی میرا یقین نہیں کرے گا۔
آپ کے اعترافی بیان کے بعد اب وہ صفحات یہاں شائع کرنا ممکن ہو جائیں گے۔ اس کے لیے تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
نہ نہ نہ۔۔۔ ہن نئیں۔۔۔ ہوہوہوہوہوہو

بہت اعلیٰ تحریر ہے ۔ اُمید ہے کہ یہ یاد دہانی ہمیں ریاکاری سے بچاتی رہے گی۔
بہت محبت احمد بھائی آپ کی۔ آپ کا ہی حوصلہ ہے آپ اس میں سے بھی اخلاقی سبق نکال لیتے ہیں۔

آمین۔
 
محمداحمد

لائبریرین
جی وہ ڈائری ایک ملی ہے مجھے۔ اس میں سے کچھ صفحات ٹائپ کرکے یہاں لگانے کا سوچ رہا تھا۔ اس وجہ سے چپ تھا کہ اگر لکھا کہ یہ احمد بھائی کی یادداشتیں ہیں۔ تو کوئی میرا یقین نہیں کرے گا۔
آپ کے اعترافی بیان کے بعد اب وہ صفحات یہاں شائع کرنا ممکن ہو جائیں گے۔ اس کے لیے تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔

نہی ی ی ی ی ی ی ی ی ی ی ی ی ی ں ں ں !!!!!!!!!!!!!!!!!!! :notlistening:
 
آپ کی اسی سبق آموز تحریر سے ایک اہم کام تو یہ مل گیا ہے کہ فیس بک پر جہاں کوئی دکھاوا کرتا نظر آئے، اس کو کمنٹ میں نصیحت کرنی ہے، باز نہ آئے تو اس کی پوسٹ اپنی پروفائل سے شئر کر کے لوگوں کو اس فتنہ سے آگاہ کرنا ہے، کہ کیسے لوگ اپنی عبادت ضائع کرتے ہیں اور ہماری نصیحت کے باوجود عبرت نہیں پکڑتے۔
اور یہ شاعر ذرا نعت کے علاوہ کچھ لکھیں تو سہی۔ پتہ نہیں کیسے روزہ میں شاعری کر لیتے ہیں، ہم سے روزہ کے علاوہ بھی مشکل سے ہوتی ہے۔

بہت شکریہ نین بھائی۔ آنکھیں کھول دی ہیں آپ نے۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
آپ کی اسی سبق آموز تحریر سے ایک اہم کام تو یہ مل گیا ہے کہ فیس بک پر جہاں کوئی دکھاوا کرتا نظر آئے، اس کو کمنٹ میں نصیحت کرنی ہے
بالکل غلط۔ اس کو نصیحت نہیں کرنی۔ بلکہ اپنی وال پر پوسٹ لگانی ہے کہ لوگ یہ کام کر کے تشہیر کر رہے ہیں۔ جبکہ ہم یہ سب کچھ کر چکے ہیں مگر مجال ہے جو کوئی ایسی ویسی پوسٹ لگائی ہو۔

ز نہ آئے تو اس کی پوسٹ اپنی پروفائل سے شئر کر کے لوگوں کو اس فتنہ سے آگاہ کرنا ہے، کہ کیسے لوگ اپنی عبادت ضائع کرتے ہیں اور ہماری نصیحت کے باوجود عبرت نہیں پکڑتے۔
میں آپ کی زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔۔۔ افسوس بےشمار سخن ہائے گفتنی۔۔۔۔

اور یہ شاعر ذرا نعت کے علاوہ کچھ لکھیں تو سہی۔ پتہ نہیں کیسے روزہ میں شاعری کر لیتے ہیں، ہم سے روزہ کے علاوہ بھی مشکل سے ہوتی ہے۔
بقول احمد بھائی، ان کا ڈوپ ٹیسٹ ہونا چاہیے۔۔۔

بہت شکریہ نین بھائی۔ آنکھیں کھول دی ہیں آپ نے۔
چائے، کافی اور گیان کے بعد اب آنکھیں کھولنے کے لیے پیش خدمت ہیں نین بھائی۔۔۔ :eyerolling::noxxx:
 
سابقہ تجربات کی بنیاد پر تحریر پڑھنے سے قبل ہی ہم نے زبردست کی درجہ بندی ثبت کر دی تھی لیکن، پڑھنے کے بعد شدید مایوسی ہوئی کہ اس میں وہ بات نہیں جو عموماً نیرنگی تحاریر کا خاصہ ہے۔ اس میں ابھی ادھ پکے چاول کا سا تاثر موجود ہے اور کئی مقامات پر ایسا لگ رہا ہے جیسے مزاح پیدا کرنے کے لیے زبردستی زور لگایا جا رہا ہو۔ لہٰذا، تمام احباب نوازی کو بالائے طاق رکھ کر ہم نے یہ مشکل فیصلہ لیا ہے کہ زبردست کی درجہ بندی فوری طور پر واپس لے رہے ہیں، البتہ پر مزاح کی درجہ بندی ابھی زیر غور ہے۔ :) :) :)
 
ایماندارانہ رائے پر دل سے شکرگزار ہوں۔ محبت آپ کی سعود بھائی۔۔۔ :redheart:
 
Top