مفتی لا ابالی سے انٹرویو !
سوال !
جناب مختصر الفاظ میں بیان کر دیجئے کہ دیوبندی اور بریلوی مکاتبِ فکر میں کیا اختلاف ھے اور کس بات پر وہ متفق ھیں ؟
جی بریلوی کھانے سے پہلے دعا کرتے ھیں اور دیوبندی کھانے کے بعد ! کھانے پر دونوں کا اتفاق ھے !
میں نے اتنا مختصر جواب بھی نہیں مانگا تھا ! کچھ مزید روشنی ڈالیئے !
جی دیوبندی دفنانے سے پہلے دعا کرتے ھیں اور بریلوی دفنانے کے بعد ! دفنانے پر دونوں کا اتفاق ھے !
حضرت ھم بڑی دور سے انٹرویو کرنے آئے ھیں مگر آپ ھمیں آپا زبیدہ کے ٹوٹکوں کا طرح جھٹ پٹ فارغ کرتے چلے جا رھے ھیں ،،
آپ کس اخبار کی طرف سے آئے ھیں ؟
جی ھم اخبار کی طرف سے نہیں بلکہ اپنی ویب سائٹ " ٹھنڈا ٹھار ڈاٹ کوم ،، کی طرف سے آئے ھیں !
یہ کیا نام ھے جی ؟
یہ اسلامی نام ھے جناب !
پھر تو ڈاؤلینس بھی اسلامی نام ھی ھو گا ؟
پتہ نہیں ،، ھم نے چونکہ یہ نام انڈین ویب سائٹ ،، تہلکہ ڈاٹ کوم کی مخالفت میں رکھا تھا ،،اس لئے اس کو اسلامی نام کہتے ھیں،،دیکھیں ناں جب ھم نے انڈیا کے مقابلے میں ایک ملک لیا تو وہ اسلامی ملک ھو گیا ،، اگرچہ اس میں ھر کام اسلام کے خلاف ھو رھا ھے،،گھر سے لے کر پارلیمنٹ تک !
مساجد کی تقسیم میں دونوں کا کتنا ھاتھ ھے ؟
جتنا ملک کی بربادی میں آمریت کا ھاتھ ھے !
میرا مطلب تھا وہ اختلافات جو مساجد تک تقسیم کرا دیں اور ایک دوسرے کا داخلہ اللہ کے گھر میں حرام کردیا جائے ،، کوئی اتنے معمولی بھی نہیں ھو سکتے جتنے آپ ظاھر کر رھے ھیں ؟
دیکھیں بندہ ھیضے سے بھی مر سکتا ھے ،، اب بندہ مرنے کی وجہ سے ھیضے کو کینسر یا ایڈز جیسا ناقابلِ علاج مرض تو نہیں کہا جا سکتا !
چلیں ھم سیدھا سیدھا سوال کر لیتے ھیں ، کیا دیوبندی ، بریلوی اختلاف قابلِ علاج ھے ؟ یعنی دونوں میں اتحاد کی کوئی صورت موجود ھے ؟؟
جی ھے بھی اور نہیں بھی !
یہ آپ مولوی لوگوں نے قسم کھا رکھی ھے کہ سیدھی بات نہیں کرنی ؟ ھم سمجھتے تھے کہ صحافی لوگ بات کی جلیبی بناتے ھیں مگر آپ تو کمال کرتے ھیں ،، ھے بھی اور نہیں بھی ؟؟
جی ھے اس صورت میں کہ " بریلوی دیوبند کے اکابر کو غوث اور قطب مان لیں ،، یا دیوبندی اپنے اکابر پر کی گئ تنقید کو تسلیم کر لیں اور انہیں معصوم عن الخطا سمجھنا چھوڑ دیں ،،،
اور نہیں اس صورت میں کہ " یہ دونوں باتیں ھونی والی نہیں ھیں،، بریلوی دیوبند کے چار اکابر کو مسلمان تک سمجھنا ،، اپنا نکاح ٹوٹنے کی رسم سمجھتے ھیں،، اور اپنا گھر کس کو پیارا نہیں ھوتا ؟ جبکہ دیوبندی صحابہ سے تو غلطی کا صدور تسلیم کرتے ھیں ،،مگر اپنے اکابر کے بارے میں ایسا گمان بھی نکاح ٹوٹنے کی رسم سمجھتے ھیں ،،یوں دونوں اپنے اپنے نکاح بچا رھے ھیں !!
دیکھیں ھمارا نام ٹھنڈا ٹھار ڈاٹ کام تھا ،،مگر آپکی صحبت میں تھوڑا ھی وقت گزرا ھے اور آپ ھمیں " تتا توا ڈاٹ کام "بنا رھے ھیں ! آپ کے نزدیک سارا مسئلہ ھی چند اکابر پر الزام اور ان الزامات پر رد عمل کا ھے ؟ جب کہ ھم تو یہ موڈ بنا کر آئے تھے کہ شرک پر بات ھو گی،، سارا جھگڑا دیوبندیوں کی توحید اور بریلویوں کے شرک کا ھے ؟
دیکھیں جی جو کچھ بریلوی نبئ کریم ﷺ کے بارے میں مان کر مشرک مشہور ھیں ،، اس سے زیادہ دیوبندی اپنے بزرگوں کے بارے میں مان کر بھی مؤحد ھیں ،، ھے ناں تعجب کی بات ؟ نبی پاک ﷺ کے معجزات سے زیادہ کرامات اکابر دیوبند کی ھیں ،، اور مرنے کے بعد تو دیوبندی اکابر انت ھی مچا دیتے ھیں بقول دیوبندی پیروں کے ،، ولی اللہ جب بدن میں ھوتا ھے تو تلوار میان میں ھوتی ھے ،، جبکہ مرنے کے بعد تلوار میان سے نکل آتی ھے !
شرک ورک کا کوئی جھگڑا نہیں ،، دونوں مردے کو زندہ مانتے ھیں اور صاحبِ قبر سے فیض کے حصول کو تسلیم کرتے ھیں ،، ایک دیوبندی قطب کے اختیارات بھی بریلوی قطب جتنے ھی ھوتے ھیں،، بلکہ ان سب کے قطب و غوث بھی ایک ھیں،، سلاسل اور شجرہائے طیبہ بھی ایک ھیں،، دیوبندی پیر کا شجرہ طیبہ دیکھ لیں تو وھی شیخ مجدد الف ثانی والے پل کے اوپر سے دونوں فریق ھاتھوں میں ھاتھ ڈالے گزر کر جاتے ھیں ، وھاں کوئی فساد و عناد نہیں ،،سارا فساد اللہ کے گھر میں مچا رکھا ھے دونوں نے ، تصوف پر دونوں کا اتفاق ھے !
یہ مرشد تو شیئر کر لیتے ھیں ،، اللہ کا گھر شیئر کرتے ھوئے ان کو موت پڑتی ھے !
حضرت بات کچھ گرم ھو گئ ھے ،،گرما گرم چائے کا دور ھو جائے ،، جس کے بعد وحدت الوجود پہ دونوں فریقوں کے موقف کا جائزہ لیا جائے گا ،،کہیں جائیے کا مت " ملتے ھیں ایک شارٹ بریک کے بعد ""