عبدالرزاق قادری
معطل
مکرمی ! ضلع سیالکوٹ کی سابقہ تحصیل شکرگڑھ (اب ضلع نارووال) کے ایک شاعر سید صادق حسین ایڈووکیٹ اپنی زندگی اور مرنے کے بعد بھی اس ناانصافی کا شکار رہے کہ اُن کا درج ذیل مشہور شعر ہمیشہ علامہ محمد اقبالؒ کے نام سے منسوب کر دیا جاتا ہے ....
تندی¿ بادِ مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب
یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لئے
سید صادق حسین کی شاعری کی ایک مختصر سی کتاب ”برگ سبز“ کے نام سے 1977ءمیں شائع ہوئی تھی۔ 80 صفحات کی اس کتاب کے صفحہ 64 پر درج بالا شعر دیکھا جا سکتا ہے۔ کتاب کا انتساب بھی سید صادق حسین نے ان اصحاب کے نام کیا ہے جنہوں نے شاہ صاحب کا یہی واحد مشہور شہر چھین کر علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے اسم گرامی سے منسوب کر دیا ہے۔ چلتے چلتے مولانا ظفر علی خاں کے دو اشعار کا بھی ذکر ہو جائے جو انتہائی پڑھے لکھے حضرات بھی غلطی سے علامہ اقبالؒ کو سونپ دیتے ہیں ....
نور خدا ہے کفر کی حرکت پہ خندہ زن
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا
فضائے بدر پیدا کر فرشتے تیری نصرت کو
اتر سکتے ہیں گردوں سے قطار اندر قطار اب بھی
بشکریہ نوائے وقت محمد آصف بھلی