اے برقِ حسن تیرا ادنیٰ یہ شعبدہ تھا - فقیر اللہ میرٹھی 'شوق'

حسان خان

لائبریرین
اے برقِ حسن تیرا ادنیٰ یہ شعبدہ تھا
موسیٰ پڑے تھے غش میں اور طور جل رہا تھا
خود رفتگی نے ہم کو دنیا سے کھو دیا تھا
اُس کی تلاش کیسی اپنا کسے پتا تھا
جب دل ملے ہوئے تھے الفت میں بھی مزا تھا
وہ مجھ کو ڈھونڈتے تھے میں ان کو ڈھونڈتا تھا
تیری تلاش مجھ کو لے آئی میرے دل تک
دیر و حرم میں تجھ کو بیکار ڈھونڈتا تھا
بسمل کے دل کی حسرت کن سختیوں سے نکلی
خنجر تھا کند اُس کا اور ہاتھ کانپتا تھا
منصور اور انا الحق، پھر دار کی سزا بھی
قصہ وہ اور ہی تھا کچھ اور ماجرا تھا
معشوق میہماں ہو عاشق کا غیر ممکن
سامان یہ مہیا قسمت نے کر دیا تھا
ٹھکرا نہ میری تربت، اِترا کے چلنے والے
تیری ہی طرح میں بھی، اک بندۂ خدا تھا
کیا کیف اس کو ہوتا دنیا کے میکدے میں
جو بادۂ ازل سے سرشار ہو چکا تھا
اے جذبۂ تصور اللہ رے تیری قدرت
قربِ بہم کا باعث، کوسوں کا فاصلہ تھا
اے شوق میری اس کی یکرنگیاں نہ پوچھو
یہ جان لو، دوئی کا پردہ اٹھا ہوا تھا
(فقیر اللہ میرٹھی 'شوق')
 

طارق شاہ

محفلین
اے شوق، میری اُس کی یک رنگیاں نہ پُوچھو
یہ جان لو، دُوئی کا پردہ اُٹھا ہوا تھا
سبحان اللہ!​
بہت خوب صاحب! کیا ہی خوبصورت غزل عنایات کی ہے آپ نے​
بہت تشکّر اور بہت سی داد آپ کے ذوق خوب پر​
نجانے کہاں سے یہ لطف پارے آپ ہم سب کی نذر کرتے ہیں،​
آپ کے انتخاب کا جواب نہیں​
بہت خوش رہیں صاحب ، اور لکھتے رہیں​
 

نایاب

لائبریرین
بہت اعلی انتخاب
منصور اور انا الحق، پھر دار کی سزا بھی
قصہ وہ اور ہی تھا کچھ اور ماجرا تھا
 
Top