برائے اصلاح و تنقید (غزل27)

امان زرگر

محفلین
مفارقت میں بھی قربتوں کی مٹھاس ہو کر
یہ درد رہتا ہے زندگی کی اساس ہو کر

سبھی درندہ صفت شناور جو کشت و خوں کے
دیارِ ہستی میں رہتے ہیں خوش لباس ہو کر

اثر سے جس کے وہ دشت میں آسمان اترا
تھا نوکِ مژگاں پہ اشک جاں التماس ہو کر

کبھی تو سورج بھی مطلعِ شب سے آن نکلے
مرے جگر کے دریدہ دامن کی آس ہو کر

چٹکنے والے ہیں غنچۂ گل اے بادِ سحری!
یوں صحنِ گلشن میں مت چلو تم اداس ہو کر
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
یہ نئی بات معلوم ہوئی کہ درندے خون میں تیرنے کا شوق بھی رکھتے ہیں۔ سحری کا تلفظ غلط باندھا گیا ہے۔ باقی اشعار میں مفہوم کے اعتبار سے احباب کیا کہتے ہیں؟
 

عاطف ملک

محفلین
ماشااللہ امان بھائی!
اچھی غزل ہے۔
چند باتیں بطورِ ذاتی رائے!
یہ درد رہتا ہے زندگی کی اساس ہو کر
"یہ درد" سے بیانیہ مبہم سا لگ رہا ہے مجھے۔
کونسا درد ہے جو مفارقت میں قربت کی مٹھاس ہے؟
سبھی درندہ صفت شناور جو کشت و خوں کے
دیارِ ہستی میں رہتے ہیں خوش لباس ہو کر
خون میں نہانا عموماً مقتول کیلیے استعمال ہوتا ہے جہاں تک میرا علم ہے۔
اثر سے جس کے وہ دشت میں آسمان اترا
تھا نوکِ مژگاں پہ اشک جاں التماس ہو کر
پہلے مصرع میں "وہ" عجیب لگا
اور اشکِ جاں کی ترکیب کے متعلق شک ہے۔
(اشک ایک طبعی چیز ہے اور جان غیر طبعی.
جگر،دل یا چشم شاید بہتر لگے)
کبھی تو سورج بھی مطلعِ شب سے آن نکلے
مرے جگر کے دریدہ دامن کی آس ہو کر
بہت اچھا۔
لیکن طلوع سحر کا مقابلہ اندھیرے سے کیا جاتا ہے عموماً۔
چٹکنے والے ہیں غنچۂ گل اے بادِ سحری!
یوں صحنِ گلشن میں مت چلو تم اداس ہو کر
چٹخنا مراد ہے یا چٹکنا ہی؟
کلیوں اور پھولوں کا چٹخنا پڑھا ہے،چٹکنا سے واقف نہیں ہوں.
اگر مناسب سمجھیں تو ان باتوں کو دیکھ لیں ورنہ ذاتی رائے سمجھ کر بلا تکلف رد کر سکتے ہیں :)
 
آخری تدوین:

امان زرگر

محفلین
ماشااللہ امان بھائی!
اچھی غزل ہے۔
چند باتیں بطورِ ذاتی رائے!

"یہ درد" سے بیانیہ مبہم سا لگ رہا یے مجھے۔
کونسا درد ہے جو مفارقت میں قربت کی مٹھاس ہے؟

خون میں نہانا عموماً مقتول کیلیے استعمال ہوتا ہے جہاں تک میرا علم ہے۔

پہلے مصرع میں "وہ" عجیب لگا
اور اشکِ جاں کی ترکیب کے متعلق شک ہے۔
(اشک ایک طبعی چیز ہے اور جان غیر طبعی.
جگر،دل یا چشم شاید بہتر لگے)

بہت اچھا۔
لیکن طلوع سحر کا مقابلہ اندھیرے سے کیا جاتا ہے عموماً۔

چٹخنا مراد ہے یا چٹکنا ہی؟
کلیوں اور پھولوں کا چٹخنا پڑھا ہے،چٹکنا سے واقف نہیں ہوں.
اگر مناسب سمجھیں تو ان باتوں کو دیکھ لیں ورنہ ذاتی رائے سمجھ کر بلا تکلف رد کر سکتے ہیں :)
بہت شکریہ آپ کی آراء بجا ہے جس پر شکر گزار ہوں. رہنمائی کے مطابق بہتر کرتا ہوں
 

امان زرگر

محفلین
اساتذہ اور احباب کی جانب سے رہنمائی اور اصلاح کے بعد مکمل غزل پیشِ خدمت ہے۔
امید ہے پسند آئے گی۔

مفارقت میں بھی قربتوں کی مٹھاس ہو کر
رہے ترا درد زندگی کی اساس ہو کر

سبھی درندہ صفت تمنائی کشت و خوں کے
دیارِ ہستی میں رہتے ہیں خوش لباس ہو کر

اثر سے اس کے ہی دشت میں آسمان اترا
تھا نوکِ مژگاں پہ اشکِ دل التماس ہو کر

کبھی تو سورج بھی مطلعِ شب سے آن نکلے
ملول رت میں مرے جگر کی اک آس ہو کر

چٹخنے والے ہیں غنچۂ گل نسیمِ خوش رو!
یوں صحنِ گلشن میں مت چلو تم اداس ہو کر

سر الف عین
بھائی عاطف ملک
سر محمد ریحان قریشی
 
آخری تدوین:
Top