اسپین: دہشتگردی، جعلسازی، ٹیکس فراڈ کا الزام، گیارہ پاکستانی گرفتار
میڈرڈ- اسپین نے دہشتگردی اور پاسپورٹ میں جعل سازی کے الزام میں گیارہ پاکستانیوں سمیت تیرہ افراد گرفتار کر لئے۔ ہسپانوی پولیس نے دہشتگردی اور پاسپورٹ میں جعل سازی میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے بارسلونا اور ویلنسیا میں چھاپے مارے اور تیرہ افراد گرفتار کر لئے۔ گرفتار شدگان میں گیارہ کا تعلق پاکستان، ایک کا بھارت اور ایک کا نائیجریا سے ہے۔ ان افراد پر منشیات اور انسانوں کی اسمگلنگ اور جعلی پاسپورٹ بنانے کا الزام ہے۔ گرفتار شدگان کے رواطب بیلجیم، برطانیہ، فرانس، جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور تھائی لینڈ سے بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان سے دہشگردوں کے نیٹ ورک سے روابط کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے گرفتار شدگان سے جعلی پاسپورٹ اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان، موبائل فون اور کمپیوٹر کا سامان بھی برآمد کیا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی پولیس نے ٹیکس فراڈ میں ملوث ہونے کے الزام میں چھ پاکستانی گرفتار کئے تھے۔
اس خبر کا ربط
اور بی بی سی کے مطابق:
Friday, 06 June, 2008, 13:51 GMT 18:51 PST
دہشتگردی کا الزام، پاکستانی گرفتار
ہالینڈ میں حکام کے مطابق پولیس نے جمعہ کو اس چھبیس سالہ پاکستانی کو گرفتار کر لیا ہے جو کہ سپین میں دہشتگردی کے الزامات کے تحت مطلوب ہے۔ایمسٹرڈم پراسکیوشن کے ترجمان فرینک وٹیمینا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’عقیل الرحمان عباسی کو ہسپانوی حکام کی درخواست پر امیگریشن حکام نے حراست میں لیا تھا اور وہیں سے ان کو باقاعدہ گرفتار کیا گیا ہے ‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہسپانوی حکام نے عقیل کی گرفتاری کے یورپی وارنٹ جاری کیے تھے اور ان پر ایک دہشتگرد تنظیم کے رکن ہونے اور دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام لگایا گیا ہے‘۔ ترجمان کے مطابق عقیل عباسی جمعہ کو استغاثہ سے ملیں گے اور اگر وہ سپین منتقلی پر راضی ہوئے تو انہیں سپین بھیجنے میں دس دن لگیں گے اور اگر وہ نہ مانے تو ہسپانوی حکام کی درخواست ایک جج کے سامنے پیش کی جائے گی جو اس پر دو ماہ کے اندر فیصلہ دے گا۔ عقیل الرحمان عباسی ان گیارہ افراد میں شامل ہیں جن پر سپین کی ایک عدالت میں جمعرات کو دہشتگرد گروپ کے رکن ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ان افراد میں سے آٹھ پر دھماکہ خیز مواد رکھنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ ان افراد پر جن میں سے دس پاکستانی اور ایک بھارتی ہے، بارسلونا کے ٹرین نظام پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا گیا ہے۔عقیل کو مارچ کے مہینے میں بھی ولندیزی حکام نے حراست میں لیا تھا تاہم عدم ثبوت کی بناء پر انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ جس کے بعد امیگریشن حکام نے انہیں ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم ہونے کے الزام میں پکڑ لیا تھا۔ عقیل عباسی کے علاوہ دیگر دس افراد کو اس برس جنوری میں بارسلونا میں پولیس کے ان چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جن میں پولیس حکام کے مطابق بم بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا تھا۔
اس خبر کا ربط: