فاتح
لائبریرین
بزمِ دشمن میں نہ کھلنا گلِ تر کی صورت
جاؤ بجلی کی طرح آؤ نظر کی صورت
نہ مٹانے سے مٹی فتنہ و شر کی صورت
نظر آتی نہیں اب کوئی گذر کی صورت
سوچ لے پہلے ہی تو نفع و ضرر کی صورت
نامہ بر تجھ کو بھلا دیں گے وہ گھر کی صورت
کیا خبر کیا ہوئی فریاد و اثر کی صورت
کہ ادھر کب نظر آتی ہے ادھر کی صورت
بگڑی شوریدہ سری سے مرے گھر کی صورت
وہی دیوار کی صورت ہے جو در کی صورت
چھپ کے بیٹھے ہو اگر مجھ سے چلو یونہی سہی
میں بھی اٹھنے کا نہیں پردۂ در کی صورت
اس کو دیکھے کوئی محفل میں، یہ کس کی طاقت
ہر بشر دیکھنے لگتا ہے بشر کی صورت
بارِ تشبیہ سے دہرے وہ ہوئے جاتے ہیں
کیوں رگِ جاں سے ملائی تھی کمر کی صورت
نامہ بر جان کے میں اس کے قدم لیتا ہوں
جب بنا کر کوئی آتا ہے سفر کی صورت
نہیں معشوق کوئی حسن و ادا سے خالی
اس پہ صورت بھی مرے رشکِ قمر کی صورت
اے جنوں! خاکِ بیاباں کو بیاباں سمجھوں
میری آنکھوں میں ابھی پھرتی ہے گھر کی صورت
ان کے جانے کا وہ صدمہ، وہ مری تنہائی
اور روتی ہوئی وہ شمعِ سحر کی صورت
رشک آئینے سے کیا، وہم تو اس بات کا ہے
تیرے دل میں نہ پھرے آئینہ گر کی صورت
خط میں لکھا تھا کہ آتا ہے کلیجا منہ کو
اب دکھائیں انہیں کس منہ سے جگر کی صورت
وصف حورانِ بہشتی کے سنے، اے واعظ!
سب سے اچھی ہے جو اچھی ہے بشر کی صورت
لبِ پاں خوردہ کی شوخی پہ نہ اترا ظالم
ملتی جلتی ہے مرے زخمِ جگر کی صورت
خواب راحت سے جو اٹھے ہیں وہ کلمہ پڑھتے
نظر آئی ہے کسی پاک نظر کی صورت
آج آنکھیں نہیں یا میں نہیں، دیکھو تو غضب
کہ دکھائی ہے مجھے غیر کے گھر کی صورت
آئے تھے گھر میں مرے آگ ببولا بن کر
ٹھنڈے ٹھنڈے وہ گئے بادِ سحر کی صورت
ہاتھ آنکھوں پہ شبِ وصل عبث رکھتے ہو
میری صورت نہ سہی، دیکھو سحر کی صورت
آپ نے کی ہیں عبث شرم سے نیچی آنکھیں
چبھ گئی یہ بھی ادا دل میں نظر کی صورت
دل سے نکلے تو پھرے خانہ خرابوں کی طرح
تم نے برسوں کبھی دیکھی نہیں گھر کی صورت
منتظر ہجر میں ہم، وصل میں مشتاق ہو تم
نظر آتی نہیں دونوں کی سحر کی صورت
در و دیوار کا جلوہ نہیں دیکھا جاتا
ان کے آتے ہی بدل جاتی ہے گھر کی صورت
کوئی دم کوئی گھڑی کل نہیں پڑتی دل کو
میں بیاں کس سے کروں آٹھ پہر کی صورت
لیے جاتا ہے ہمیں جوشِ جنوں صحرا کو
دیکھتے جاتے ہیں منہ پھیر کے گھر کی صورت
حضرتِ داغؔ تو شاعر ہیں، ہوا باندھتے ہیں
نہ دعا کی کوئی صورت، نہ اثر کی صورت
نواب مرزا خان داغؔ دہلوی کے مجموعۂ کلام "مہتابِ داغ" سے انتخاب