برادرم محمد وارث کا خوبصورت ادبی بلاگ کسی ستائش کا محتاج نہیں۔
لیکن کیا وہ اس انگریزی کمیونٹی سے اردو ادب کے ایک بلاگ کے لئے ستائش وصول کرنا چاہیں گے؟ جج صاحبان کون لوگ ہیں ؟ کیا ان میں سے کوئی اردو ادب کا ذوق یا کم سے کم کچھ واقفیت ہی رکھتا ہے؟
شکریہ عثمان صاحب۔
اس سلسلے میں برادرم محمود مغل صاحب کی باتوں سے مجھے مکمل اتفاق ہے۔
بات نہ تو ستائش کی ہے، کہ اس سے میرے سر پر کون سے سینگ اُگ آئیں گے اور نہ ہی کوئی سرخاب کے پر لگ جائیں گے اور نہ صلے کی کہ بخوبی جانتا ہوں کہ مآلِ عشق و عاشقی کیا ہے۔
اور نہ ہی مجھے نام نہاد انگریزی کمیونٹی سے کوئی پُرخاش ہے اور ہو بھی کیوں، وہ ہمارا کیا بگاڑ رہے ہیں، آخر وہ بھی اس ملک سے کوئی نہ کوئی نسبت رکھتے ہیں اور بہت اچھا کرتے ہیں کہ انگریزی میں لکھتے ہیں، اگر ان میں سے کوئی اردو میں بھی لکھنا شروع ہو جائے تو یہ اس کا اایک اچھا کام ہوگا، لیکن یہ کسی پر فرض تو نہیں ہے بھائی کہ وہ اردو ہی میں لکھے۔
اور ذرا اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر کہیے، اردو بلاگنگ کا معیار کیا ہے؟ کوئی معیار ہے بھی یا نہیں؟ اب میں منہ کھولوں گا تو انگریزی محاروے کے مطابق اپنے ہی گندے کپڑے سرِ بازار دھونے کیلیے رکھ دؤں گا لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ اردو بلاگنگ کیسی ہے معدودے چند بلاگز کے، تمام کے تمام اردو بلاگز سوختنی ہیں، ٹھٹہ، ہزلیات، فخش، گھٹیا سیاست بازی اور روایتی مذہب بازی اسکے سوا اور کیا ہے؟ اور شاید میرا اپنا بلاگ بھی ایسا ہی ہے، کام نہ کاج کا دشمن اناج کا
اور پھر نام نہاد اردو کمیونٹی کی جس کی تعداد انگلیوں کے دونوں پوروں پر گنی جا سکتی ہے وہ اس سلسلے میں کیا کرتی ہے، ظاہر ہے کچھ بھی نہیں سوائے لڑنے جھگڑنے کے اور ایک دوسرے پر طنز و طعنے کے تیر چلانے کے۔
اب رہا مسئلہ وہاں پر حاضری دینے کا تو اس میں کیا برائی ہے؟ کیا جو نہیں جانتے ان کو نہ بتایا جائے کہ اردو میں بھی کچھ نہ کچھ اچھا کام ہو رہا ہے کہ دم سادھے بیٹھے رہیں۔ سو مجھے تو اس میں کچھ برائی نظر نہیں آتی کہ کچھ مزید لوگوں تک اردو کا پیغام پہنچایا جائے، کچھ مزید لوگوں کو بتایا جائے کہ اردو میں بھی بلاگ اور اچھے اور معیاری بلاگز بن سکتے ہیں۔
اوپر اردو بلاگز اور اردو بلاگنگ کے متعلق میں نے جو کچھ لکھا وہ واقعی حقیت ہے، لیکن اس حقیقت کے باوجود میری اردو سے محبت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں نے جب اپنا بلاگ لکھنے کا فیصلہ کیا تھا تو ایک عرصے تک سوچتا رہا تھا کہ انگریزی میں شروع کروں یا اردو میں اور پھر بعد میں بھی جب میرے اردو بلاگ کو کئی ایک چرکے لگے تو میں تائب ہونے کے بارے میں سوچتا رہا لیکن ہر بار یہی سوچ کر کہ نہیں اردو کو بھی لوگوں تک پہنچنا چاہیئے، اردو ہی میں لکھتا رہا اور یقین مانیے یہی واحد مقصد تھا جس کے تحت میں نے اپنا بلاگ وہاں دے دیا۔
یہ ایوراڈز ایک اچھا اور مستحسن کام ہے اسکے باوجود یہ ایوارڈ کوئی اتنا بڑا اور اہم نہیں ہے کہ اس پر اصولی اور بنیادی قسم کے سوال اٹھائے جائیں، لیکن کیا صرف اس بات کو بنیاد بنا کر کہ اس کو منقعد کرنے والے انگریزی میں بلاگنگ کرتے ہیں، اردو کی ترویج و اشاعت سے ہی دستبردار ہوا جائے؟