بلیک فارسٹ کا علاقہ جرمنی کے جنوب مغرب میں گھنے جنگلوں اور پہاڑوں سے پُر تقریبا 6000 مربع کلو میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس علاقے کی خاص بات اس کا بے پناہ فطری حسن ہے۔ ٹرپ کی پلاننگ میں اسے آخری تین دنوں کی جگہ دی تھی۔ تاریخی مقامات، جدید عمارات اور بے شمار شہر دیکھ لینے کے بعد، اب کچھ دن فطرت کی جمال آفرینیوں سے لطف اندوز ہونے کا ارادہ تھا۔
اس لیے شہری زندگی کی گہما گہمی اور ہوٹلوں سے بچتے ہوئے ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہائش کا انتظام کیا تھا۔ گاؤں کی آبادی دو ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ جرمن زبان میں گاؤں کا نام ہرزٹال ہے، جس کا لفظی مطلب "دل کی وادی" ہے۔ یہ نام اس گاؤں کو اس کے ارد گرد موجود جنگلات کی مخصوص شکل کے باعث دیا گیا ہے۔ فضا سے یہ وادی دل کی شکل ہی کی نظر آتی ہے۔
ذیل کی تصویر گوگل میپ سے لی گئی ہے۔