بلکل تو بالکل مت لکھیں

محمداحمد

لائبریرین

بلکل تو بالکل مت لکھیں​

حامد محمود راجا
facebook_post_image_1607870655.jpg

اردو کے مظلوم الفاظ کی فہرست میں سے ایک لفظ بالکل بھی ہے جسے بڑھے لکھے اور عربی داں بھی بلکل لکھ رہے ہیں حالاں کہ بلکل غلط اور بالکل درست ہے۔ یہ دراصل تین الفاظ(ب+ال +کل) کا مجموعہ ہے ،اس کا معنی ہے:سب، تمام ،کمال، ہوبہو، پوری طرح سے، اچھی طرح۔ جیسے: آپ تو ہم کو بالکل بھول گئے‘ یہ لڑکا بالکل اپنے باپ کی صورت کا ہے۔ اس نوعیت کے دیگر الفاظ بھی مروج و مستعمل ہیں ۔چند الفاظ معنی کے ساتھ درج ہیں تاکہ املائی اغلاط سے بچا جاسکے ۔

بالآخر (ب+ال +آخر): سبب تدبیریں کر چکنے کے بعد، تھک کر۔جیسے دوسال تک بہت فکریں کیں، کہیں کرایہ پر اچھا گھر نہ ملا، بالآخر یہی طے کیا کہ اپنا ذاتی مکان بنانا چاہیے۔

بالاتفاق: (ب+ال +اتفاق): بغیر اختلاف کے، رضا مندی سے، سب کی مرضی سے، مل کر، اک زبان ہو کر۔جیسے: آج کمیٹی میں یہ معاملہ بالاتفاق طے ہو گیا۔

بالجبر(ب+ال +جبر): ظلم، زبردستی کرنا، جبریہ، زبردستی۔جیسے: وہ خوشی سے جانا نہیں چاہتے تو آپ کیا بالجبر لے جائیں گے۔

بالعموم (ب+ال +عموم): عام طور سے۔

بالفرض والامکان (ب+ال +فرض) اگر ۔مان لینے سے۔ مان کر۔ تسلیم کر کے۔ قبول کر کے۔ بغرض استدلال ۔ تسلیم کرنے کے بعد۔

بالمشافہ (ب+ال +مشافہ۔ تلفظ: بل مشافہ): روبروبات کہنا، دوبدو، روبرو۔ آمنے سامنے۔

بالواسطہ (ب +ال+واسطہ) : وسیلے سے، ذریعے سے۔

بالمقابل (ب+ال +مقابل): روبر و ہونا، آمنے سامنے، رو برو، موجودگی میں۔جیسے: بالمقابل ڈاک خانہ۔

بالتفصیل (ب+ال +تفصیل): کھول کر بیان کرنا، الگ الگ، واضح طور پر، تفصیل وار، مفصل طور سے۔جیسے ابن الوقت میں ہے : ” یورپ آپ کا وطن ٹھہر،اوہاں کے حالات سے تو آپ بالتفصیل واقف ہیں۔

بشکریہ ڈیلی پاکستان
 
آخری تدوین:

محمداحمد

لائبریرین
محفل پر تو لوگ اس قسم کی غلطیاں نہیں کرتے۔ لیکن عام لوگوں میں اس لفظ کا غلط لکھنا کافی عام ہوتا جا رہا ہے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
بالخصوص جو دودھ والے آج کل ایک کلو دودھ پر آدھا کلو دودھ مفت دے رہے ہیں ۔ وہ "بلکل" مفت ہی دے رہے ہیں۔ :)
 

محمداحمد

لائبریرین
دودھ والے تو ہماری اپنی تازہ بھینس کا ’’پے وَر‘‘ دودھ بھی بلکل سہی لکھتے ہیں!!!
ہاہاہاہا!

دودھ والے تو چلیں بادشاہ لوگ ہوتے ہیں۔

لیکن یہ پینافلیکس پر ڈیزائن بنا کر دینے والوں کو تو خیال رکھنا چاہیے ۔
 

سید عاطف علی

لائبریرین
لگے ہاتھوں یہ بھی بتلائیے کہ آدھ کلو لکھنا درست ہے یا آدھا کلو یا دونوں طرح سے لکھا جا سکتا ہے۔
آدھا کلو لکھا جائے گا۔ آدھ کلو تو صرف بولنے میں آتا ہے اور آپ کسی کی بولی ہوئی بات مکالمے کی شکل میں کوٹ کر رہے ہیں تو بعینہ آدھ کلو لکھیں گے ۔
 

سید عمران

محفلین
آدھا کلو لکھا جائے گا۔ آدھ کلو تو صرف بولنے میں آتا ہے اور آپ کسی کی بولی ہوئی بات مکالمے کی شکل میں کوٹ کر رہے ہیں تو بعینہ آدھ کلو لکھیں گے ۔
پہلے آدھ کلو اور آدھا کلو کا لفڑا کم نہیں تھا جو آپ نے ’’بعینہ آدھ کلو‘‘ کا پنگا بھی مول لیا!!!
 
Top