بندوق اور ڈنڈے سے شریعت مسلط نہیں کی جاسکتی ، دہشت گردوں کے بعد کرپٹ حکمرانوں کا نمبر آئے گا : الطاف

بندوق اور ڈنڈے سے شریعت مسلط نہیں کی جاسکتی ، دہشت گردوں کے بعد کرپٹ حکمرانوں کا نمبر آئے گا : الطاف حسین

06 جولائی 2014 (20:13)

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بندوق اور ڈنڈے کے زور پرملک میں شریعت مسلط نہیں کی جاسکتی ،پاکستان میں اسلامی نظام چاہنے والے جمہوری طریقے سے جدوجہد کریں، دہشت گردوں کے بعد کرپٹ حکمرانوں اور وڈیروں کا نمبر آئے گا ۔الطاف حسین نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے ، پہلے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گاپھر کرپٹ حکمرانوں ، جاگیرداروں اور ڈیروں کا احتساب ہو گا۔ ملک لوٹنے والوں سے دو دو ہاتھ کریں گے، ملکی دولت غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے والوں کو بھی وہاں بجھوادیا جائے گا، لوٹی گئی دولت قومی تحویل میں لی جائے گی،ایم کیو ایم کے قائد نے جلسے میں شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگ ایسے ٹھیک نہیں ہوں گے ، شیخ رشید کے ہاتھ میں کلاشنکوف دے دوں گا کہ ان کو ختم کر دیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک میں ایسانظام لائے گی جہاں رشوت خوری ، کمیشن لینا ، ناجائز اثاثے بنانا اور قرضے معاف کرانا حقیقی طور پر غیر قانونی اور غیر آئینی ہوگا ۔ملک میں یکسا ں نظام تعلیم نافذ کیا جائے گا ، غریب کو انصاف فراہم کیا جائے گا، غریب کی پہنچ سپریم کورٹ تک ہوگی ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پر مقدمہ چلانا ہے تو ضرور چلائیں لیکن ان کا ساتھ دینے والوں کو بھی شامل کیا جائے ، آرٹیکل 6صرف ایک شق نہیں بلکہ اس میں اے ، بی اور سی بھی ہوتا ہے ،مشرف کو ضرور پھانسی د ی جائے لیکن ساتھیوں کو بھی سزا ملنی چاہئے ۔ مشرف کے ساتھ والا گھر خالی کراکر وہاں جنرل کیانی کو بند کیا جائے ۔الطاف حسین نے کراچی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقد ہ جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افراد ایک پیج پر ہیں ، ملک بھر سے دہشت گردوں کا صفایا کر کے دم لیں گے ،دہشت گردوں کی وجہ سے آئی ڈی پیز اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔آج ایم کیو ایم نے افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے لئے عظیم الشان جلسے کا اہتمام کیا ہے ،پوری قوم پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، فوج اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کہ ایک ایک فرد ان کے ساتھ ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے ، جلسے کی کامیابی کی مبارک باد پاک فوج کو دینا چاہتاہوں اور مسلح افواج کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں ، ایم کیو ایم پاک فوج کو غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتی ہے ، فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے عوام کا سمندر آپ کے ساتھ ہے ، جوانوں کو سلوٹ پیش کرتاہوں ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے خطاب کے دوران کھڑے ہو کر پاک فوج کو سلام پیش کیا ، جلسے کے شرکابھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور جناح گراﺅنڈ پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ۔

http://dailypakistan.com.pk/karachi/06-Jul-2014/120183
 
Top