گرافکس تصاویر ری‌سائز کریں (آسان) - Image Resizer Powertoy Clone 3.0

اسد

محفلین
ہم عام طور پر ڈیجیٹل کیمرے (یا موبائل فون) سے تصاویر کھینچتے ہیں اور ان تصاویر کو انٹرنیٹ پر شیئر کرتےہیں۔ یہ تصاویر عام طور پر کمپیوٹر سکرین (ریزولوشن) سے بڑے سائز کی ہوتی ہیں اور ان کا فائل سائز بھی بہت بڑا ہوتا ہے۔ ان تصاویر کو اپلوڈ کرنے سے پہلے کم ریزولوشن اور چھوٹے سائز میں تبدیل کرنا بہتر ہوتا ہے تاکہ ہم ان تصاویر کو جلد اپلوڈ کر سکیں اور دوسرے لوگ اپنے براؤزر میں ان تصاویر کو جلدی ڈاؤنلوڈ کر سکیں۔ بے شمار گرافکس پروگرام اور یوٹیلیٹیز اس مقصد کے لئے استعمال ہو سکتے ہیں، لیکن بہت سے لوگوں کو ان پروگرامز میں موجود لاتعداد اوپشنز کو سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے۔ عام لوگوں کے لئے ایک سادہ سی یوٹیلیٹی بہتر ثابت ہو گی جس میں صرف تصاویر کو ری‌سائز کیا جا سکتا ہو۔

ونڈوز ایکس پی کے لئے امیج ری‌سائزر نامی پاور ٹوائے دستیاب تھا جسے انسٹال کرنے کے بعد رائٹ کلک سے تصاویر ری‌سائز کی جا سکتی تھیں۔ ایسا پاور ٹوائے ونڈوز وسٹا یا ونڈوز 7 کے لئے دستیاب نہیں۔ مائکروسوفٹ کے برائس لیمسن (Brice Lambson) نے جدید ونڈوز کے لئے امیج ری‌سائزر پاور ٹوائے کا کلون بنایا ہے۔ ابھی اس میں چند اور فیچر شامل کرنے ہیں اس لئے برائس اسے پری‌ویو کہتے ہیں، لیکن یہ عام استعمال کے لئے کافی ہے۔ یہ پاور ٹوائے ونڈوز ایکس پی، وسٹا اور 7 کے 32 بِٹ اور 64 بِٹ ورژنز پر کام کرتا ہے۔

سوفٹ‌پیڈیا کے اس صفحے سے Image Resizer Powertoy Clone 3.0 Preview 3 ڈاؤنلوڈ کر کے انسٹال کر لیں۔ انسٹال ہونے کے بعد ونڈوز ایکسپلورر میں تصاویر کی فائلوں پر رائٹ کلک کرنے سے کونٹیکسٹ مینو میں ری‌سائز کی اوپشن شامل ہو جاتی ہے۔

ری‌سائز کرنے کا طریقہ:
میں یہاں فرض کر رہا ہوں کہ اس طریقے سے صرف بڑی تصاویر کو چھوٹے سائز میں تبدیل کرنا مقصود ہے۔
جن تصاویر کو ری‌سائز کرنا ہو انہیں ونڈوز ایکسپلورر میں سلیکٹ کر کے ان پر رائٹ کلک کریں اور نمودار ہونے والے کونٹیکسٹ مینو میں 'Resize pictures' پر کلک کریں۔
irPT-01.png

امیج ری‌سائزر کی ونڈو نمودار ہو گی، اس میں ڈیفالٹ اوپشنز کے ساتھ اپنا مطلوبہ سائز چن کر 'Resize' کے بٹن پر کلک کریں۔ میں نے اس مثال میں Medium سائز چنا ہے۔ اوپشنز میں 'Ignore picture rotations' منتخب ہے اس لئے 1366x768 کا مطلب ہے کہ تصویر کی لمبی سمت زیادہ سے زیادہ 1366 پکسل طویل ہو گی اور چھوٹی سمت زیادہ سے زیادہ 768 پکسل طویل ہو گی۔ عام ڈیجیٹل کیمروں کی تصاویر اس سیٹنگ پر 1024x768 پکسل یا 768x1024 پکسل میں ری‌سائز ہوں گی۔
irPT-02.png

امیج ری‌سائزر کی پروگریس ونڈو نمودار ہو گی۔
irPT-03.png

عمل مکمل ہونے پر ری‌سائز شدہ تصاویر بھی ایکسپلورر ونڈو میں ظاہر ہو جائیں گی۔ ان فائلوں کے ناموں کے آخر میں منتخب شدہ سائز کے مطابق (Small), (Medium), (Large), (Mobile) یا (Custom) شامل ہو جائے گا، تاکہ اصل تصاویر سے علیحدہ پہچانی جا سکیں۔
irPT-04.png

مثال کے لئے میں ایک مرتبہ پھر ان تصاویر کو ری‌سائز کروں گا۔
irPT-05.png

لیکن اس مرتبہ Small سائز چنا ہے۔ 'Resize' کے بٹن پر کلک کیا۔
irPT-06.png

عمل مکمل ہونے پر ری‌سائز شدہ (Small) تصاویر بھی ایکسپلورر ونڈو میں ظاہر ہو گئیں۔
irPT-07.png

اس اگلی تصویر میں ان تمام تصاویر کے تھمب‌نیل نظر آرہے ہیں، جن کی مدد سے میں کچھ مزید معلومات فراہم کروں گا۔
irPT-08.png

بائیں طرف والی تصاویر اصل ہیں، جب کہ درمیان والی میڈیم سائز کی اور دائیں طرف والی سمال سائز کی ہیں۔
پہلی دونوں اصل تصاویر چھوٹے سائز کی تھیں اور ری سائز ہونے پر بڑی ہو گئیں، کیونکہ اوپشنز میں 'Only shrink pictures' منتخب نہیں تھا۔ جب کہ تیسری اور چوتھی تصاویر کا سائز مختصر ہو گیا۔
اگر تیسری اور چوتھی درمیانی (medium) تصاویر کو دیکھیں تو لینڈسکیپ تصویر 1024x768پکسل کی ہے جب کہ پورٹریٹ تصویر 768x1024 پکسل کی ہے۔ اور چھوٹی (small) تصاویر کو دیکھیں تو لینڈسکیپ تصویر 640x480 پکسل کی ہے جب کہ پورٹریٹ تصویر 480x640 پکسل کی ہے۔

عام طور پر انٹر‌نیٹ پر یہی دونوں سائز استعمال ہوتے ہیں، چھوٹے سائز کی تصاویر سوشل نیٹ‌ورکنگ سائٹس پر استعمال ہوتی ہیں اور درمیانے سائز کی تصاویر فورمز اور عام ویب سائٹس پر استعمال ہوتی ہیں۔
 
Top